Month: July 2021

  • بس چلے تو نور مقدم کے قاتل کو گولی مار دوں، شیخ رشید

    راولپنڈی(اے ایف بی ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ شرید احمد نے کہا کہ میرا بس چلے نور مقدم قتل کے ملزم کو گولی مار دوں۔راوالپنڈی میں تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انتخابات اپنے وقت پر 2023 میں ہوں گے، سیاست دان ہمیشہ ایسی باتیں کرتے ہیں کے 8 ماہ میں الیکشن ہونے ہیں۔ انہیں سمجھ آنی چاہیے پی ٹی آئی بہتر پوزیشن میں آرہی ہے، مستقبل میں سندھ میں بھی حکومت بنائیں گے۔ میں نے بہت پہلے کہا تھا کہ (ن) سے (ش) نکلے گی ۔ آزاد کشمیر انتخابات میں بھی کہہ دیا تھا کہ پیپلز پارٹی دوسرے جب کہ (ن) لیگ تیسرے نمبر پر ہوگی اور ویسا ہی ہوا۔ آزاد کشمیر کا وزیر اعظم کون ہوگا یہ وزیر اعظم عمران خان کو ہی پتہ ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی نے جن ٹیکسیوں میں سفر کیا ان کے ڈرائیوروں کو چھوڑ دیا گیا ہے، یہ سب بے گناہ ہیں اور یہ کل 6 لوگ تھے، اسلام آباد حساس شہر ہے، خطرات ہیں لیکن موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ لال حویلی کے قریب فائرنگ سے گھبرانے والے نہیں ،مجھ پر بھی حملے ہوئے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ نور مقدم کیس کے ملزمان کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے،میرا بس چلے نور مقدم قتل کے ملزم کو گولی مار دوں۔

    سندھ میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ سندھ میں لاک ڈاؤن کرکے صوبائی حکومت اپنا نقصان خود کرے گی، انہیں وزیر اعظم کے اسمارٹ لال ڈاؤن کی نقل کرنی چاہیے۔اس سے قبل تقریب سے خطاب کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ عنقریب آپ اچھی اچھی خبریں سنیں گے، حکومت کے آخری دو سال صرف غریبوں کے لئے کام کروں گا، لئی ایکسپریس بن گئی تو سیاست سے ریٹائر ہوجاؤں گا۔

  • راولپنڈی کے 7 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کانفاذ

    راولپنڈی(اے ایف بی )پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں بتدریج تیزی اور مثبت کیسوں کی شرح 12فیصد تک پہنچنے پر راولپنڈی کے 7 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کافیصلہ کیا ہے جو آج (بروزہفتہ)سے نافذالعمل ہو کر6اگست تک جاری رہے گا اس ضمن میں پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے

    نوٹیفکیشن نمبر SO(G)/P&SHD/4-7/2020میں کہا گیا ہے گزشتہ2ہفتے سے پنجاب میں کورونا کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو صحت عامہ کے لئے انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے جس کے لئے فوری حفاظتی اقدامات کی سخت ضرورت ہے اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد ضلع راولپنڈی میں 6 اگست تک کنٹرولڈآمدورفت کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت عمر بلاک فیز8،گلی نمبر16ڈھوک کھبہ نزد کمیٹی چوک،گلی نمبر19آریہ محلہ،گلی نمبر16نیو گلزار قائد،گلی نمبر1بنکر کالونی نزد عسکری 14،گلی نمبر5کے آر ایل اورگلی نمبر3نیو لالہ زار2واہ کینٹ کے علاقوں میں بڑے شاپنگ مالز،مارکیٹیں،تجارتی مراکز،سرکاری و نجی دفاتر اور ریستوران بند رہیں گے

    ،تمام مذہبی،ثقافتی اور نجی اجتماعات پر پابندی ہو گی،ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بند رکھی جائے گی البتہ نجی گاڑیوں پر محدود آمدورفت کی اجازت ہو گی ڈیپارٹمنٹل سٹور ادویات اور گروسری کے علاوہ تمام سیکشن بند رکھیں گے،جہاں گاہکوں کو محدود تعداد میں داخلے کی اجازت ہو گی،سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وضع کردہ ایس او پیز اور پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا نوٹیفکیشن کے مطابق فارمیسیاں، میڈیکل سٹور،ویکسینیشن سینٹر،ہسپتال اور کلینک،پٹرول پمپ، کریانہ وگروسری سٹور،گوشت و مرغی کی دکانیں،دودھ، دہی پھل،سبزی کی دکانیں کوریئر سروس اور یوٹیلیٹی سروس کے ادارے 24گھنٹے کھلے رہ سکتے ہیں۔

  • پاکستان اور چین نے افغان طالبان کو الٹی میٹم دیدیا

    اسلام آباد (اے ایف بی ) پاکستان اور چین نے مشترکہ طور پر افغان طالبان کو الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ مشرقی ترکستان اسلامی تحریک (ای ٹی آئی ایم) ، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر تمام دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مکمل طور پر ختم کریں جن سے دونوں ممالک اور خطے کو براہ راست خطرات لاحق ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق افغان طالبان کو یہ پیغام 14 جولائی کو داسو میں دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں پہنچایا گیا جس میں داسو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے نو چینی ہلاک ہوئے تھے.

    ذرائع کے مطابق پاکستان آ کر داسو واقعے کی تحقیقات کرنے والی چینی ٹیم کو یہ شواہد ملے تھے کہ مشرقی ترکستان اسلامی تحریک نے یہ حملہ تحریک طالبان پاکستان کی مدد سے کیا تھا، جس میں کچھ ’’دشمن ایجنسیوں‘‘ کے بھی ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔افغان طالبان جنہوں نے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کے بعد سے افغانستان میں تیزی سے پیش قدمی کی ہے،

    واضح الفاظ میں بتایا گیا کہ انہیں نہ صرف ان دہشت گردوں کی تنظیموں سے واضح طور پر تعلقات ختم کرنا ہوں گے بلکہ انہیں اپنے زیر کنٹرول علاقوں سے بھی نکالنا ہو گا۔پاکستان نے چین سے درخواست کی کہ وہ افغان طالبان کو پاکستان اور چین مخالف دہشت گرد گروپوں سے رابطوں پر اپنے خدشات سے براہ راست آگاہ کرے،افغان طالبان کو آگاہ کر دیا گیا کہ ان کے عدم تعاون کی صورت میں ان کے اقتدار کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

  • اسلام آباد کے تعلیمی ادارے کھولنے کا نوٹیفیکیشن جاری

    اسلام آباد (اے ایف بی ) وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔وفاقی وزارت تعلیم نے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تعلیمی ادارے 2 اگست سے کھول دئیے جائیں گے، تعلیمی اداروں کے اسٹاف کیلئے کورونا ویکسینشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

    وزارت تعلیم نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، ویکسینیشن کے بغیر اسٹاف کو متعلقہ ادارے میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا، ضلعی انتظامیہ اچانک کسی بھی تعلیمی ادارے کا دورہ کر سکتی ہے، پرائیویٹ تعلیمی ادارے اپنے اسٹاف کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔

  • الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو شوکاز جاری کر دیا

    اسلام آباد (اے ایف بی )الیکشن کمیشن نے انٹراپارٹی الیکشن نہ کرانے پر وزیراعظم عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا، الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان سے 14 دن کے اندر جواب طلب کر لیا ہے،دوسری طرف پنجاب حکومت کا مارچ 2022ء میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا۔ انٹراپارٹی الیکشن نہ کروانے پر الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے اور الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان سے 14 دن کے اندر جواب طلب کر لیا ہے

    ،عمران خان کو بطور چئیرمین پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر کیوں نہ پارٹی کا انتخابی نشان واپس لے لیا جائے۔ذرائع الیکشن کمیشن کاکہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے تحت تمام سیاسی جماعتیں مقررہ وقت پرانٹراپارٹی انتخابات کرانے کی پابند ہیں، اور پی ٹی آئی نے 13جون 2021 کو انٹرا پارٹی الیکشن کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کرنا تھی، جو تاحال جمع نہیں کرائی گئیں۔

  • تعلیمی ادارے کب کھلیں گے؟ فیصلہ ہو گیا

    اسلام آباد (اے ایف بی ) این سی او سی کا اجلاس بغیر کسی نتیجہ کے ختم وزرا کی عدم دستیابی کے سبب اجلاس صرف پندرہ منٹ ہی جاری رہا۔تفصیلات کے مطابق تعلیمی ادارے کھولنے یا بند کرنے سے متعلق این سی او سی کا اجلاس وزراء کی عدم دستیابی کے سبب بغیر کسی نتیجہ ختم ہو گیا۔ قبل ازیں سکول کھولنے سے متعلق این سی او سی کے اجلاس کے لئے 18جولائی کی تاریخ دی گئی تھی اجلاس میں وزرائے تعلیم بذریعہ ویڈیولنک شرکت کرنا تھی سکول 15اگست سےکھلیں گےیایکم ستمبر سے تا ہم اس حوالے سے این سی او سی کا اجلاس بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہو گیا

    ۔ ذرائع کے مطابق اب تمام صوبے کورونا کی صورتحال کا خود ہی جائزہ لیں گے اور امتحانات لینے یا چھٹیاں بڑھانے سے متعلق از خود فیصلہ کریں گے۔ یعنی این سی او سی کا اجلاس نتیجہ خیز نہ ہونے پر صوبائی حکومتیں سابقہ فیصلوں پر قائم ہیں۔ذرائع کے مطابق،پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے 2 اگست سے ہی کھلیں گے،کورونا کیسز بڑھنے پر بچوں کو ہفتے میں ایک یا دو روز کے لئے سکول بلایا جا سکتا ہے جبکہ بورڈ امتحانات بھی شیڈول کیمطابق لیے جائیں گے۔

  • سکولوں میں ناظرہ قرآن کی تعلیم لازمی قرار

    لاہور(اے ایف بی )سکولوں میں ناظرہ قرآن کی تعلیم لازمی کر دی گئی، نوٹیفکیشن کا اطلاق نئے تعلیمی سیشن2021سے ہو گا۔تفصیلات کے مطابق پہلی سے پانچویں جماعت تک بچوں کو قرآن مجید کی تلاوت کروائی جائے گی، چھٹی سے آٹھویں جماعت کے بچوں کو ترجمہ کے ساتھ آیات پڑھائی جائیں گی، اساتذہ ہفتہ میں3 روز پرائمری سکول کے بچوں کو ناظرہ قرآن پڑھائیں گے۔

    نہم سے بارہویں جماعت کے بچوں کی ہفتے میں4 کلاسز ہوں گی۔ ناظرہ قرآن کے ضروری مضامین کے علاوہ 50نمبر ہوں گے، نہم سےبارہویں جماعت کے بچوں کوبھی ناظرہ قرآن ترجمہ کے ساتھ پڑھایا جائےگا۔واضح رہے کہ نوٹیفکیشن کا اطلاق سرکاری ونجی سکولز دونوں پر عائد ہو گا۔

  • جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے نام پر لوٹ مار، نیب راولپنڈی نے بڑی کامیابی حاصل کرلی

    راولپنڈی (اے ایف بی) قومی احتساب بیورو (نیب ) نے جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیز کیس میں 1 ارب 8 کروڑ 29لاکھ روپے سے زائد کی پلی بارگین منظور کرلی، گلشن رحمان زون فور کے نام پر دھوکہ دہی سے رقم لی گئی تھی۔تفصیلات کے مطابق جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے نام پر لوٹ مار کے معاملے پر نیب راولپنڈی کو بڑی کامیابی مل گئی ، میسرزایکوریٹ بلڈرز اینڈ کنسٹرکٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کی پلی بارگین منظور کرلی گئی۔نیب نے 1ارب 8 کروڑ 29لاکھ روپے سے زائد کی پلی بارگین منظور کی، ملزمان میں جنید اصغر ،بازید اصغر،محمد نعیم خان ،محمد فاروق انصاری شامل ہیں، گلشن رحمان زون فور کے نام پر دھوکہ دہی سے رقم لی گئی تھی۔

    نیب راولپنڈی کے تفتیشی افسر نے درخواست احتساب عدالت میں جمع کرادی ، جس میں کہا ہے کہ ملزمان کے خلاف 2011میں بدعنوانی کا ریفرنس دائر کیا گیا، ملزمان کے ذمےواجب الادا رقم 1ارب روپے سے زائد تھی۔نیب راولپنڈی میں 4ہزارسے زائد کلیم کی ویری فکیشن کا مرحلہ جاری ہے، اس حوالے سے اعلامیہ میں کہا گیا کہ نیب راولپنڈی کی سوسائٹیز کے نام پر دھوکہ دہی مقدمے میں تاریخی ریکوری کی اور فراڈ مقدمات میں یہ سب سے بڑی ریکوری ہے۔نیب راولپنڈی کا کہنا تھا کہ برآمد رقم متاثرین کو اسکروٹنی کے بعد واپس کی جا رہی ہے، ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ نے پلی بارگین کیلئےدرخواست دائر کی ،ملزم نے پرنٹ،الیکٹرانک میڈیا پر غیر قانونی سوسائٹی کی تشہیر کی جبکہ ملزمان نےہاؤسنگ سوسائٹی کےاین اوسی کیلئےاپلائی نہیں کیاتھا

    ۔ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی نے کہا کہ نیب راولپنڈی لوٹی رقم قومی خزانےمیں جمع کرانے کیلئےپرعزم ہے، عوام بغیراین اوسی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سرمایہ کاری سے باز رہیں۔عرفان منگی کا کہنا تھا کہ جعلی سوسائٹیز کے نام پر لوگوں کومحنت کی کمائی سےمحروم کیاجاتاہے، شہری سوسائٹیز میں سرمایہ کاری سے قبل محتاط رہیں ، نیب کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ، افسران میگا کیسز کو جلد منطقی انجام تک پہنچائیں۔

  • آزاد کشمیر انتخابات؛ سیاسی جماعتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے صف بندی

    مظفر آباد(اے ایف بی) آزاد کشمیر اسمبلی کی 45 عمومی نشستوں پر انتخابات کے بعد اب سیاسی جماعتوں نے مخصوص نشستوں کے لیے صف بندی کرنا شروع کردی ہے۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی 53 ارکان پر مشتمل ہوتی ہے، جن میں سے 45 عمومی نشستیں ہیں جن پر براہ راست پولنگ ہوتی ہے۔ ایوان میں خواتین کے لیے 5 جب کہ علماء و مشائخ، ٹیکنو کریٹ اور اوورسیز کشمیریوں کی ایک ایک نشست ہے۔

    عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 25 نشستیں حاصل کرکے میدان مارلیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے 11 اور مسلم لیگ (ن) نے 6 نشستیں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس نے بھی ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسین بیک وقت 2 نشستوں پر کامیاب ہوں گے، حلف برداری سے پہلے انہیں ایک نشست چھوڑنی ہوگی ، اس طرح ایوان میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی 11 کے بجائے 10 ارکان پر مشتمل ہوگی۔

    خواتین کی 5 نشستوں پر انتخاب کے لئے 9،9 ارکان اسمبلی کے پینل بنیں گے، عددی اعتبار سے پی ٹی آئی خواتین کی 3 جب کہ پیپلز پارٹی کم از کم ایک نشست پر کامیاب ہوجائے گی، خواتین کی ایک نشست پر اگر پیپلز پارٹی، (ن) لیگ، مسلم کانفرنس اور جے کے پی پی اتفاق کر لیں تو ایک سیٹ جیت سکتی ہیں۔اسمبلی میں علماء و مشائخ،ٹیکنو کریٹ اور اوورسیز کشمیریوں کی ایک ایک نشست ہے، جن پر پورا ایوان ووٹ دے گا، اس بات کا قوی امکان ہے کہ عددی اکثریت کی بنیاد پر تحریک انصاف تینوں نشستیں بھی جیت لے گی۔

  • آّزاد کشمیرانتخابات؛ مختلف مقامات پر سیاسی کارکنوں میں تصادم، 2 افراد جاں بحق

    مظفر آباد( اے ایف بی)آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوران مختلف مقامات پر سیاسی کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے، پولنگ کے درمیان مختلف مقامات پر سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم بھی ہوا ہے۔کوٹلی میں حلقہ ایل اے 12 میں پولنگ اسٹیشن میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے زبانی تلخ کلامی نے خونی تصادم کی شکل اختیار کرلی، جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    باغ میں حلقہ ایل اے 15 ہاڑی گہل پدر محمد علی پولنگ اسٹیشن پر پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے کارکن گتھم گتھا ہوگئے ، دونوں جانب سے لاٹھیوں کا بھی آزادانہ استعمال کیا گیا،جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔ پرتشدد کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے وہاں تعینات ایف سی اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔مظفرآباد میں حلقہ ایل اے 3 کے پولنگ اسٹیشن 25 اور 26 میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان وقفے وقفے سے ہونے والی ہاتھا پائی کے باعث پولنگ کا عمل متاثر ہوا۔ پولنگ اسٹیشن میں تناؤ کو دیکھتے ہوئے پولیس کی مزید نفری تعینات کردی گئی۔

    ہٹیاں بالا میں جسکول پولنگ اسٹیشن پر بھی (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارکن آمنے سامنے آگئے اور ایک سیاسی جماعت کی جانب سے پولنگ بند کرانے کی کوشش کی گئی، حلقہ ایل اے 27 کے کوپرا گلی پولنگ اسٹیشن میں دو گروپوں کے مابین جھگڑا ہوگیا جس پر پولنگ کا عمل کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔پشاور میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 45 کے لیے قائم پولنگ اسٹیشن پر بدنظمی کی وجہ سے پولنگ روک دی گئی، پولیس نے پی ٹی آئی کے 2 اور آزاد امیدوار کے 6 کارکنان کو گرفتار کرلیا، حالات کنٹرول کرنے کے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کردیا گیا۔کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایم میں قائم پولنگ اسٹیشن کا ماحول بھی کشیدہ ہے، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کارکنان وقفے وقفے سے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کررہے ہیں۔