Author: irfantv1

  • کالعدم ٹی ایل پی کا معاملہ: وفاقی وزرا نے بڑا مطالبہ کردیا

    اسلام آباد (اے ایف بی) کالعدم ٹی ایل پی سےپابندی ہٹانےکا معاملہ ایک بار پھر کھٹائی میں پڑگیا ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے تاحال سمری کی منظوری نہ دی جاسکی، اہم وفاقی وزرا نےمعاملے پر کھلی بحث کرانےکامطالبہ کردیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض وزرا کی رائے ہے کہ معاملےپر وفاقی کابینہ اجلاس میں بحث ہونی چاہیے، یہی وجہ ہے کہ بعض وفاقی وزرا نے سمری پردستخط نہیں کیے، سمری کی منظوری کےلیے14وزرا کے دستخط درکار ہیں۔

    جس پر وزارتِ داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ وزارت قانون کو پابندی ختم کرنے اور نام سے کالعدم ہٹانے سے متعلق خط وفاقی کابینہ اجلاس میں رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کے بعد وفاقی کابینہ سے بھی منظوری لی جائے گی، خط آئندہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں رکھا جائےگا یا سرکولیشن کے ذریعے کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ کالعدم لکھنے کی سفارش ابتدائی طور پر منظور کرکے کالعدم ختم کرانے سے متعلق وفاقی کابینہ کی منظوری لینے کی ہدایت کی تھی۔ وزارت قانون نےحکومت پنجاب کی سفارشات کی منظوری دے دی اور پابندی اٹھانے کی حمایت بھی کی ہے۔

  • راولپنڈی اسلام آباد میں 11 روز بعد معمولات زندگی بحال

    اسلام آباد:(اے ایف بی)حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان نئے معاہدے کے بعد جڑواں شہروں میں 11 روز بعد معمولات زندگی بحال ہوگئے۔حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان کامیاب مزاکرات کے بعد دیگر شہروں کی طرح اسلام آباد اور راولپنڈی میں معمولات زندگی مکمل بحال ہوچکے ہیں، فیض آباد انٹرچینج کو 10 روز بعد ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

    مری روڈ پر قائم تمام تعلیمی ادارے، بینک اور کاروباری مراکز آج معمول کے مطابق کھلے ہیں، مظاہرین کو روکنے کے لیے مری روڈ پر لگائی گی تمام رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں، مری روڈ کو مریڑ چوک سے فیض آباد انٹرچینج تک کھول دیا گیا، مری روڈ کی تمام رابطہ سڑکوں پر بھی ٹریفک رواں دواں ہے، میٹرو بس سروس اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی بحال ہے۔میٹرو بس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رحمان آباد اسٹیشن پولیس کی موجودگی کے باعث بند ہے، باقی تمام اسٹیشنز مسافروں کے لیے کھلے ہیں۔

    دوسری جانب جی ٹی روڈ جہلم سے وزیرآباد تک بند ہے، نیشنل ہائی ویز پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ پر کل تک ٹریفک بحال ہوجائے گی

  • حکومت اورٹی ایل پی میں معاہدہ طے پا گیا،

    اسلام آباد(اے ایف بی) معروف عالم دین اور رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان میں معاہدہ طے پا گیا ہے ۔اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر مملکت علی محمد خان، کالعدم ٹی ایل پی کی مجلس شوری کے رکن علامہ غلام عباس فیضی اور مفتی محمد عمیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ کمیٹی کو اختیارات دینے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں، فریقین کے درمیان اتفاق رائے سے معاہدہ طے پا چکا ہے، یہ معاہدہ کسی کی فتح یا شکست نہیں بلکہ یہ پاکستان ، اسلام اور انسانی جانوں کی حرمت کی فتح ہے، یہ مذاکرات سنجیدہ ماحول میں ہوئے۔

    مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے مصالحت کا ر کے فرائض انجام دیئے، مذاکرات کے لیے ہم نے12، 13گھنٹے محنت کی، معاہدہ کسی جبر اور تناؤ کے ماحول میں نہیں ہوا، فریقین نے حکمت اور تدبر کا مظاہرہ کیا،تناؤکی فضا میں جذبات کو قابو میں رکھنا خوش آئند ہے۔ معاہدے کی تفصیلات مناسب وقت پر سامنے آئیں گی، آئندہ ہفتے معاہدے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ معاہدے کے نتیجے میں ایک اسٹیرنگ کمیٹی بنا دی گئی ہے، کمیٹی کی سربراہی علی محمد خان کریں گے، کمیٹی آج سے کام شروع کرے گی۔

  • بلدیاتی انتخابات؛ پی ٹی آئی کا امیدواروں کے چناؤ کیلیے مشاورت شروع

    پشاور(اے ایف بی) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد حکومتی جماعت تحریک انصاف متحرک ہوگئی ہے اور 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے امیدواروں کے چناؤ کے لیے مشاورت شروع کردی گئی ہے جبکہ خواہشمند امیدواروں نے بھی پارٹی ٹکٹ کے لیے تگ و دو شروع کردی ہے۔پی ٹی آئی کے کارکن بھی ٹکٹ کے حصول کے لیے کوششیں کررہے ہیں لیکن پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے امیدواروں کے چناو میں مشکلات کا سامنا ہے ایک ایک نشست کے لیے کئی امیدوار میدان میں ہیں اسی لیے ابھی تک امیدواروں پر مشاورت کا عمل جاری ہے۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بلدیاتی شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے، 19 دسمبر کو خیبرپخونخوا کے 17 اضلاع میں پہلے مرحلے کے انتخابات ہورہے ہیں، حکومتی جماعت تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات کے لیے متحرک ہوگئی ہے، قومی صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی سطح پر انتخابی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں، ارکان اسمبلی بھی بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے متحرک ہوگئے ہیں، حلقوں کی سطح پر اجلاس کیے جارہے ہیں، نیبرہوڈ ، ویلج کونسل اور تحصیل کونسل کے امیدواروں کے چناو کے لیے مشاورت کی جارہی ہے۔

  • آریان خان جیل سے رہا ہوگئے

    ممبئی(اے ایف بی) منشیات کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان جیل سے رہا ہوگئے۔منشیات کیس میں گرفتار آریان خان تقریباً 3 ہفتے تک آرتھر روڈ جیل میں قید رہنے کے بعد بالآخر ضمانت پررہا ہوگئے۔ شاہ رخ خان بیٹے کو لینے جیل پہنچے۔ آریان تقریباً 26 دن بعد والد سے ملے۔شاہ رخ خان کے گھر ’’منت‘‘ کے باہر مداحوں کی بڑی تعدادآریان کے انتظار میں موجود ہے۔ اس کے علاوہ ’’منت‘‘ کو آریان خان کی واپسی کی خوشی میں سجایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ آریان خان گزشتہ روز اس لیے جیل سے باہر نہیں آسکے تھے کیونکہ ان کے ضمانت کے کاغذات کو جیل حکام تک پہنچنے میں تاخیر ہوگئی تھی۔ جیل کے سپریٹنڈنٹ نتن ویچال نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ہم کسی کے ساتھ خصوصی سلوک نہیں کریں گے۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ ضمانت کے کاغذات وصول کرنے کا وقت ساڑھے پانچ بجے تھا جو گزر چکا ہے۔ لہذا آریان کو آج رہا نہیں کیا جائے گا۔ آج صبح ساڑھے 5 بجےجیل حکام نے آریان کے ضمانتی کاغذات وصول کرنے کے بعد انہیں جیل سے رہا کردیا۔

    شاہ رخ خان کی دوست اور بزنس پارٹنر جوہی چاولہ نے آریان خان کی جیل سے رہائی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ممبئی ہائی کورٹ کی طرف سے ضمانت کی شرائط کی وضاحت کے بعد اداکارہ جوہی چاؤلہ جمعہ کو این ڈی پی ایس کی خصوصی عدالت پہنچیں اور ایک لاکھ کے بونڈ (ضمانتی مچلکوں) پر دستخط کیے۔

    نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے 2 اکتوبر کو ممبئی سے گووا جانے والے ایک بحری جہاز پر چھاپہ مارکر منشیات برآمد کی تھی۔ اس جہاز پر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی موجود تھے جنہیں پوچھ تاچھ کے بعد چھاپے کے اگلے روز یعنی 3 اکتوبر کو گرفتار کیا گیاتھا۔ آریان خان ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں تقریباً 26 روز تک قید رہے۔ بعد ازاں بومبے ہائی کورٹ نے 28 اکتوبر کو آریان کو ضمانت پر رہا کردیا۔

  • جنوبی افریقا نے دلچسپ مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دیدی

    دبئی (اے ایف بی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں جنوبی افریقا نے دلچسپ مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دے دی۔ دبئی میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکا کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 142 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور جنوبی افریقا نے مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل حاصل کیا۔جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کاک 12، ریزا ہینڈرکس 11، وان ڈار ڈاسن 16 اور ایڈن مارکرم 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم کپتان ڈمبا باؤما نے 46 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ڈیوڈ ملر نے 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

    سری لنکا کی جانب سے ہسرنگا ڈی سلوا نے 3 اور دشمنتھا چمیرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل جنوبی افریقا نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کچھ خاص انداز میں نہ ہوسکا، اوپنر کوشل پریریا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جب ون ڈاؤن آنے والے اسالانکا صرف 21 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ایک ساتھ تین وکٹیں گرنے کے بعد جنوبی افریقا کی مظبوط بولن لائن کے خلاف سری لنکا کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ کھڑٓ ہوسکا، صرف اوپنر نسانکا نے 72 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 142 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

  • کالعدم جماعت کا مارچ؛راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی شہروں کا زمینی راستہ بدستور منقطع

    راولپنڈی(اے ایف بی) کالعدم تنظیم کی ریلے کے باعث راولپنڈی سمیت کئی شہروں کا آپس میں زمینی رابطہ 10 روز سے منقطع ہے۔ کالعدم تنظیم کے لاہور سے اسلام آباد جانے والے مارچ کے شرکا اس وقت وزیر آباد میں موجود ہیں، مارچ کے شرکاء کو روکنے کے لیے دریائے چناب کے پل پر رکاوٹیں کھڑی اور اطراف میں خندقیں کھودی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ وزیرآباد سے دیگر شہروں کو جانے والے راستے بھی بند ہیں۔ اسلام آباد کا لاہور سے براستہ جی ٹی روڈ زمینی رابطہ گزشتہ 10 دن سے معطل ہے۔راولپنڈی میں کیے گئے حفاظتی انتظامات نے شہریوں کا جینا محال کردیا ہے، مری روڈ مسلسل چار روز سے بند ہے

    ، انتظامیہ نے جگہ جگہ کنٹینرز کھڑے کرکے سڑک ٹریفک کے لئے بند کررکھی ہے۔ جس کی وجہ سے ادارے، دفاتر، بینک اور تجارتی مراکز مکمل بند ہیں، ملحقہ علاقوں میں بسنے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، میٹرو بس اور پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے سے شہری پیدل چلنے پر مجبور ہیں، مری روڈ کی بندش سے تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔مظاہرین سے نمٹنے کی تیاری میں انتظامیہ نے سرکاری اسپتالوں کو جانے والے راستے بھی سیل کررکھے ہیں جس سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، غلہ منڈی، سبزی منڈی اور فروٹ منڈی میں اشیاء خوردونوش کی سپلائی معطل ہے۔

  • کالعدم‌ تنظیم کااحتجاج،پنجاب کے8 اضلاع میں رینجرزتعینات کردی گئی

    لاہور(اے ایف بی) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ کے 8اضلاع میں رینجرز تعینات کر دی، اضلاع میں لاہور، راولپنڈی، جہلم،شیخوپورہ، گوجرانوالہ ، چکوال، گجرات اور فیصل آباد شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نےصوبہ کے 8اضلاع میں رینجرزتعینات کر دی ، ذرائع محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ رینجرز کے دستے 60 دن کے لیے تعینات کیے گیے ہیں۔

    رینجرزکے دستے لاہور، راولپنڈی،جہلم،شیخوپورہ، گوجرانوالہ ، چکوال،گجرات، فیصل آباد میں تعینات کئے گئے ہیں۔اس سے قبل پنجاب حکومت نے رینجرزکےرولزآف انگیجمنٹ طے کردیئے تھے، ذرائع کا کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ رینجرزکی تعیناتی کرے گی، رینجرز اور پولیس کو کم سے کم اسلحہ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ذرائع نے بتایا تھا کہ پولیس کو رینجرز کی ہدایات کے مطابق کام کرنا ہوگا، پولیس اوررینجرزکے پاس انسداد دہشت گردی کے اختیارات ہوں گے ، حملے کی صورت میں مقامی کمانڈاسلحےکےاستعمال کی اجازت دےسکتا ہے۔

  • مذہبی جماعت کا دھرنا: کونسی سڑکیں کھلی کونسی بند؟

    اسلام آباد (اے ایف بی)کالعدم ٹی ایل پی کی اسلام آباد آمد سے قبل ہی راستے دوبارہ بند کردیے گئے ۔ ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا ۔رپورٹ کے مطابق کالعدم مذہبی و سیاسی جماعت تحریک لبیک پاکستان نے وفاقی حکومت سے مذاکرات میں ناکامی کا دعویٰ کرتے ہوئے بدھ کو ایک بار پھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا آغاز کر دیا ہے۔ کالعدم ٹی ایل پی کی اسلام آباد آمد سے قبل ہی راستے دوبارہ بند کردیے گئے ۔ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا ۔ٹریفک پلان کے مطابق ریڈ زون ایکسپریس چوک سے داخلی اور خارجی راستے پر ٹریفک کے لئے بند کر دیے گئے ۔ دونوں اطراف کے لیے ڈایئورشن لگا دی گئی ۔ متبادل راستے کے طور پر مارگلہ روڈ ، ایوب چوک، نادرا چوک اور ڈھوکری چوک استعمال کریں۔ مری روڈ ، فیض الاسلام سٹاپ پر ، فیض آباد سے آنے اور جانے کے لیے ٹریفک کے لئے بند دونوں اطراف کے لیے ڈائیورشن لگا کر متبادل راستے دئیے گئے ہیں۔

    اسلام آباد سے مری روڈ راولپنڈی جانے والے شہری اسلام آباد ہائی وے استعمال کریں۔ راول ڈیم چوک سے فیض آباد کی طرف دونوں اطراف کی ٹریفک کے لئے بند ۔ متبادل راستے کے طور پر راول ڈیم چوک سے اسلام آباد ہائی وے جانے کے لئے لہتراڑ روڈ بذریعہ پارک روڈ استعمال کریں۔ ٹریفک پولیس اور آئی جے پی روڈ جانے والے نائنتھ ایونیو بذریعہ سری نگر ہائی وے استعمال کریں آئی جے پی روڈ پر نائنتھ ایونیو سگنل سے بجانب فیض آباد دونوں اطراف کی ٹریفک کے لئے ڈائیورشن ہے۔ متبادل راستے کے طور پر نائنتھ ایونیو استعمال کریں۔ آئی جے پی روڈ پر نائنتھ ایونیو سگنل سے بجانب سٹیڈیم روڈ دونوں اطراف کی ٹریفک کے لئے ڈائیورشن ہے۔ متبادل راستے کے طور پر پشاور روڈ یا اسلام آباد ہائی وے استعمال کریں۔ اسلام آباد ہائی وے سے آئی جے پی روڈ کے لئے ڈائیورشن ہے۔ شہری متبادل راستے کے طور پر اسلام آباد ہائی وے استعمال کریں۔

  • نیپرا نے بجلی 2 روپے 51 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد(اے ایف بی) نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 51 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں ستمبر کے لیے بجلی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2روپے 66 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے سے متعلق سینٹرل پاورپرچیز ایجنسی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت نیپرا حکام نے بتایا کہ ستمبر میں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 2 ارب 7 کروڑ روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑا، ستمبر میں ایل این جی کی طلب 950 اور فراہمی 660 ایم ایم سی ایف ڈی تھی، ایل این جی کی قلت سے ایک ارب 10 کروڑ روپے سے زائد کا بوجھ پڑا۔

    دوران سماعت چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ گیس کے مقابلے میں فرنس آئل زیادہ استعمال کیوں ہوا؟ سی پی پی اے ایل این جی خریدنے والوں کو بروقت پیش گوئی کیوں نہیں کرتا، اس بات کا تعین کرلیا جائے کہ سستا ایندھن کونسا ہے اور طلب دی جائے۔وائس چیئرمین نیپرا نے کہا کہ پچھلے 8، 10 ماہ سے آر ایل این کے مسائل آرہے ہیں، فیول کے حوالے سے بروقت پلاننگ کیوں نہیں کی گئی آپ کی طلب 950 اور سوئی گیس کو 800 ایم ایم سی ایف ڈی ملتی ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ طلب کو نہیں دیکھا گیا، اسکا مطلب صارفین کو کیپسٹی پیمنٹس کی ادائیگی کرتے رہنا پڑے گا۔

    نیپرا حکام کے استفسار پر ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن نے کہا کہ ستمبر میں بجلی کی طلب 7 فیصد بڑھی ہے، ایل این جی کی فراہمی میں رکاوٹیں ہیں، جب تک نئے ٹرمینلز نہیں بنتے ایل این جی کی فراہمی میں رکاوٹیں رہیں گی، پاور ڈویژن نے جنوری تک چار ماہ کی ایل این جی کی طلب دے دی ہے اس کے علاوہ فروری تک بجلی پیداوار کے لئے فرنس آئل کی ڈیمانڈ بھی دے دی ہے۔نیپرا حکام نے کہا کہ ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے مطابق 2 روپے 51 پیسے بنتا ہے، اگست میں ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ ایف سی اے کی مد میں چارج کیا گیا تھا، ستمبر میں اگست کی نسبت ایف سی اے کی مد میں 56 پیسے زیادہ چارج ہو سکتے ہیں۔