اسلام آباد(اے ایف بی)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن(این سی او سی) نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو 23 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ آج کے این سی او سی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بیماری کے رجحان کے پیش نظر 17 مئی تک بند کئے گئے تعلیمی ادارے اب 23 مئی 2021 تک بند رہیں گے،ٹویٹر پر مزید بتایا گیا کہ فیصلے پر نظرثانی 18 مئی 2021 کو کی جائے گی،اس سے قبل تعلیمی اداروں کو 17 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
وزیر قانون راجہ بشارت کا کہناتھا کہ این سی او سی کے مطابق کورونا وباء کے حوالے سے آئندہ 15 سے 20 دن انتہائی اہم ہیں۔,اسی خدشے کے پیش نظر آج سے 16 مئی تک مکمل لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا گیا ہے,اس دوران ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ کورونا کو ہرانا ہے یابھارت جیسی صورتحال پیدا کرنی ہے،تمام شہری ذمہ داری کا احساس کریں،خود کو اوردوسروں کو کورونا سے محفوظ رکھیں،یاد رکھیں اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو سب کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔














