Month: October 2021

  • پنجاب سے 900 من چینی کی غیر قانونی طور پر کوئٹہ منتقلی کی کوشش ناکام

    لاہور (اے ایف بی) محکمہ خوراک نے رحیم یار خان سے 900 من چینی غیر قانونی طور پر کوئٹہ منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔پنجاب حکومت کا شوگر کی اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ محکمہ خوراک نے جے ڈی ڈبلیو شوگر مل یونٹ 1 رحیم یار خان سے 900 من چینی غیر قانونی طور پر کوئٹہ منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    اسپیشل برانچ کی رپورٹ پرمحکمہ خوراک نے پولیس کے ہمراہ کارروائی کی اور ٹرک نمبر TKK-686 کو چاچڑاں شریف کے قریب ٹول پلازہ پر قبضے میں لیا گیا جس کے ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تاختانی بائی پاس کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے گرفتار ڈرائیور اسماعیل سے تفتیش جاری ہے۔دوسری جانب جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کا اس خبر پر ردعمل سامنے آگیا۔ ترجمان JDW شوگر ملز کے مطابق اس حوالے سے گمراہ کن اور من گھڑت خبریں چلائی جا رہی ہیں، شوگر ملز کا کام چینی فروخت کرنا ہے۔

    ترجمان کے مطابق خریدار چینی کہاں لے جاتا ہے یہ اس کا ذاتی فعل ہے جس کے لیے وہ خود ذمہ دار ہے۔ ہمارے خلاف 1 سال قبل بھی گمراہ کن پراپیگینڈہ کیا گیا جس کی ہماری جانب سے وضاحت کر دی گئی تھی۔ آج دوبارہ اسی معاملے پر گمراہ کن و من گھڑت خبریں چلائی جا رہی ہیں۔

  • عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی ختم

    ریاض (اے ایف بی)سعودی حکومت نے کورونا پابندیوں میں نرمی کردی،اب شہری عوامی مقامات پر بغیر ماسک کے گھوم پھر سکیں گے۔مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی ﷺ میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے عائد کی گئی سماجی فاصلے کی پابندیاں بھی ہٹا دی گئیں،سعودی حکومت کے اعلان کے مطابق کورونا ویکسین کی مکمل خوراک لگوانے والے مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں حاضری دے سکیں گے تاہم نمازیوں اور زائرین کو پورے وقت ماسک پہننا ہوگا، الحرمین الشریفین انتظامیہ نے سماجی فاصلے کے لیےلگائی گئی علامتیں ہٹا دی ہیں،خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم علیہ السلام کے گرد لگائے گئے بیریئر بھی ہٹا دیئے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مسجد حرام میں عبادت کرنے والوں کو ’اعتمرنا‘ اور ’توکلنا‘ میں سے کسی ایک ایپلی کیشن کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کرانی ہو گی تاکہ وہ ایک ہی وقت میں موجود ہ تعداد ہوتے ہوئے عمرہ ادا کر سکیں۔مسجد نبوی میں بھی انہی شرائط کے ساتھ مکمل گنجائش میں عبادت کی اجازت دے دی گئی ہے۔دوسری جانب سعودی حکام نے عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی ختم کردی ہے، کورونا کی مکمل ویکسینیشن کروانے والے افراد ریسٹورنٹس اور سنیما ہالز جاسکیں گے اور انہیں پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کی بھی اجازت ہوگی ،اس کے علاوہ تمام شادی ہالز بھی کھول دیئے گئے ہیں اوراب مہمانوں کی تعداد کی بھی کوئی قید نہیں ہو گی۔

  • بھارت کی مرحوم سید علی گیلانی کےخاندان کیخلاف انتقامی کارروائیاں

    سرینگر(اے ایف بی) بھارت نے مرحوم سید علی گیلانی کےخاندان کیخلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردیں۔ مرحوم حریت رہنما کے نواسے انیس الاسلام کو سرکاری ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔بھارت نے مرحوم سید علی گیلانی کےخاندان کیخلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردیں۔مرحوم حریت رہنما کے نواسے انیس الاسلام کو سرکاری ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انیس الاسلام بین الاقوامی کنونشن سنٹر سرینگرمیں ریسرچ آفیسرتھے۔ ان کو ریاست کی نام نہاد سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے نوکری سے نکالا گیا۔

    دوسری جانب قابض انتظامیہ نے ضلع ڈوڈہ کے علاقے کتھاوا سے تعلق رکھنے والے ایک استاد فاروق احمد بٹ کو بھی تحریک آزادی کی حمایت کرنے پربرطرف کردیا ہے۔ واضح رہے مقبوضہ کشمیر کی پولیس نے مرحوم حریت رہنما سید علی گیلانی کی میت کو پاکستانی پرچم سے ڈھکنے اور بھارت مخالف نعرے بازی پر ان کے اہلِ خانہ کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ معروف کشمیری حریت رہنما اور جدوجہد آزادی کشمیر کے اہم ستون سید علی گیلانی یکم ستمبر 92 سال کی عمر میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے حیدرپورہ میں اپنی رہائش گاہ پر طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ سید علی گیلانی کے اہلِخانہ کے مطابق پولیس نے ان کی میت چھین کر خاموشی سے تدفین کردی۔

  • پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے فی لیٹر کا اضافہ

    اسلام آباد(اے ایف بی) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے 44 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کردیا۔وزارت خزانہ نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے 44 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کردیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 31 اکتوبر تک ہوگا۔نوٹی فکیشن کے مطابق آج سے پیٹرول 10 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 137روپے 79 پیسے فی لیٹر ملے گا۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12روپے 44 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 84 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، مٹی کے تیل کی قیمت 10روپے 95 پیسے اضافے کے بعد 110 روپے 26 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    اس طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 122.04 روپے سے بڑھ کر 134.48 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 99.51 روپے سے بڑھ کر 108.35 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے۔یاد رہے کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت 5روپے 90پیسے فی لیٹر تک بڑھانےکی تجویز کی گئی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی جس کے بعد بجلی کی قیمت میں ایک روپے 68 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔

  • رحمت اللعالمین اتھارٹی کاآرڈیننس جاری، وزیراعظم پیٹرن ان چیف ہوں گے

    اسلام آباد(اے ایف بی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا ہے، جس کے تحت وزیراعظم رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے پیٹرن ان چیف ہوں گے۔آرڈیننس کے مطابق رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی چیئرمین اور 6 ممبران پر مشتمل ہوگی

    اتھارٹی کے چیئرمین کا تقرر وزیراعظم کریں گے، اتھارٹی انصاف اور فلاحی ریاست کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے اقدامات کرے گی، اتھارٹی نوجوانوں کی کردار سازی کے لئے سیرت نبوی ﷺ اور احادیث پر تحقیق کرے گی۔ اس کے علاوہ اتھارٹی سیرت نبوی ﷺ کو نصاب کا حصہ بنانے کے لئے متعلقہ ماہرین سے بھی مشاورت کرے گی۔

  • عمران خان آئین کے بجائے جادو ٹونے سے ملک چلا رہے ہیں، مریم نواز

    اسلام آباد(اے ایف بی) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی کرسی پر قابض عمران کان جادو ٹونے سے 22 کروڑ عوام کا ملک چلا رہے ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا تھا کہ نیب نے میری ضمانت کینسل کرانےکے درخواست دی ہے، درخواست پڑھنے پر مجھے لگا کہ بچے ڈررہےہیں، میں اپنے اس محسن کو نیب میں دیکھنا چاہتی ہوں جس نے میرے خلاف درخواست دی اور کہا کہ مریم ایسے عدالت آتی ایسے جاتی ایسے کھاتی پیتی ہیں، ایسے درخواست دینے والے سپرانٹیلی جنٹ کو22 توپوں کی سلامی ملنی چاہئے۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ سچ کو کچھ دیرتک طاقت سے دبا توسکتے ایک روز سامنے آنا ہوتا ہے، میں جعلی کیسز اور گرفتاری سے نہیں ڈرتی، آپ مجھے گرفتار کریں تاکہ دنیا کو پتہ چلے آپ سچ سے کتنا ڈرتے ہیں۔لیگی رہنما نے کہا کہ ایک منتخب وزیر اعظم کو آئین جو حق دیتا ہے اس میں کوئی دو رائے نہیں، لیکن عمران خان نہ آئینی، نہ ہی قانونی اور نہ منتخب وزیر اعظم ہیں، بلکہ قابض وزیراعظم ہیں، وہ جادو ٹونے سے 22 کروڑعوام کا ملک چلارہے ہیں، وزیراعظم آئین کی بجائے جادو ٹونہ اور حساب کتاب سے ملک چلا رہے ہیں، جب ملک کی اہم تقرریاں جادوٹونے اور جنات کرتے ہوں تو پھر اس ملک کےاداروں کا تماشا ہی بنے گا، سمجھ نہیں آتا کہ اگر ان کا جنتر منتر کامیاب ہے تو عوام کی بھلائی کیلئے استعمال کیوں نہیں ہوتا، جنترمنترسےآٹاپٹرول ادویات سستی کیوں نہیں ہوتیں، وہ صرف اہم تقرریوں کیلئے کیوں استعمال ہوتا ہے، کیوں کہ نئی تقرری ملک کا نہیں اپنی ذات کو بچانے کا مسئلہ ہے۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج آپ کو ووٹ کو عزت دو یاد آگئی ہے تو میں آپ کو بتا دوں کہ آپ کو نواز شریف بننے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے، کیوں کہ شیر کی کھال پہننے سے کوئی شیر نہیں بن جاتا، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے کیلئے آپکو جیلیں برداشت کرنی اور اٹک قلعہ میں جانا پڑتا ہے، عمران خان سے پوچھنا چاہتی ہوں ان کا سیاسی تشخص اور پہچان کیا ہے، ان کا سیاسی تعرف منتخب حکومت کیخلاف سازش کرنا، 126 دن کا دھرنا دینا اور عوام کا مینڈیٹ چھیننا ہے، ان کا جمہوریت اور جمہوری جدوجہد سے کوئی واسطہ نہیں، آپ کوعوام کے ووٹ کو کچلنے کا جواب دینا ہوگا، پاکستان کو تاریخی قرضوں کے بوجھ تلے دبانے کاجواب دینا پڑے گا۔

  • پنجاب پرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا بل منظور

    لاہور(اے ایف بی)پنجاب حکومت کا پرائیویٹ سکولوں کو قابو میں رکھنے کا فیصلہ، پنجاب پرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا بل منظوری کیلئے کابینہ کو ارسال، بل میں فیسوں میں اضافےکو کنٹرول اور اساتذہ کی جاب سکیورٹی کی شق بھی شامل کی گئی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت پرائیویٹ سکولوں کو قابو میں لانے کی تیاریاں مکمل کرچکی ہے۔

    صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس نے بھی کہا تھا کہ وہ اب پرائیویٹ سکولوں کیلئے پنجاب پرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لا رہے ہیں۔ اتھارتی کے قیام سے قبل محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے محکمہ قانون کیساتھ ملکر بل تیار کیا ہے۔ جسے اب کابینہ کو منظوری کیلئے ارسال کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق بل میں براہ راست ریگولیٹری اتھارٹی نجی سکولوں کو کنٹرول کرے گی۔ پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے فیسوں میں اضافے کو بھی منظم طریقے سے کنٹرول کیا جائے گا۔ جبکہ اتھارٹی پرائیویٹ سکولوں میں والدین سے فیس کےعلاوہ اضافی چارجز کو بھی کنٹرول کرے گی۔ ذرائع کے مطابق مجوزہ بل میں اتھارٹی کو پرائیویٹ سکولوں کیخلاف کارروائی کا مکمل اختیار ہوگا۔اتھارٹی خلاف ورزی پر پرائیویٹ سکول کیخلاف قانونی کارروائی کرسکے گی۔ پرائیویٹ سکولوں میں اساتذہ کے تحفظ کیلئے بھی بل میں شق شامل ہے۔

  • پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں 1400 کشمیریوں کی گرفتاری کی شدید مذمت

    اسلام آباد (اے ایف بی) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں 1400 کشمیریوں کی گرفتاری پر مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے دنیا کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 1400 کشمیریوں کی گرفتاری پر مذمت کرتے ہیں ، یہ گرفتاریاں ریاستی دہشت گردی اور بنیادی انسانی حقوق پامالی کی بڑی مثال ہے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ محاصرے ،گھیراؤ اور سرچ آپریشن عالمی برادری کے لیے خطرے کا باعث ہیں، گزشتہ ماہ بھارتی فوج کے جنگی جرائم کےناقابل تردید شواہد پرمبنی ڈوزیئرجمع کرائے۔بھارت کو تسلیم کرنا چاہیے کہ کارروائیوں کے ذریعے تحریک کو دبایا نہیں جا سکتا اور نہ ہی بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے دنیا کو گمراہ کیا جا سکتا۔

    خیال رہے گذشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 900 سے زائد کشمیری نوجوانوں کو گرفتارکیا تھا۔ نوجوانوں کو مجاہدین کے ساتھ رابطوں کے جعلی الزامات لگا کر گرفتار کیا گیا ، تاہم بھارتی فوج نے تصدیق کرتے ہوئے 700 نوجوانوں کی گرفتاری ظاہر کی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں کریک ڈاؤن کشمیری پنڈت کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد شروع ہوا۔

  • گریٹراقبال پارک کیس : عائشہ اکرم اور ریمبو کی تہلکہ خیز آڈیو ٹیپ سامنے آگئی

    لاہور(اے ایف بی) گریٹراقبال پارک کیس میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور ریمبو کی تہلکہ خیز آڈیو ٹیپ منظر عام پر آگئی،ملزم ریمبو نے کال فون کی گفتگو کی تصدیق کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق گریٹراقبال پارک کیس میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور اس کے ساتھی ریمبو کی تہلکہ خیز آڈیو ٹیپ سامنے آگئی ، آڈیو ٹیپ میں دونوں کے مابین جیل میں شناخت ہونے والے ملزمان سے رقم لینے کی گفتگو کی گئی ہے۔

    ٹیلی فون کال میں دونوں کے درمیان25سیکنڈزکی گفتگوہوئی، جس میں ریمبو نے عائشہ سے سوال کیا مجرم 6ہیں یا7؟ جس پر عائشہ نے جواب دیا کہ 6 مجرم ہیں۔ریمبو کا کہنا تھا کہ فی مجرم کتنےپیسے لیےجائیں زیادہ ترغریب ہیں تو عائشہ نے کہا مشکل سے انہوں نے پانچ پانچ لاکھ دینا ہے۔آڈیو ٹیپ کے حوالے سے ڈی آئی جی انویسٹیگیشن شارق جمال کا کہنا ہے کہ کال کاجائزہ لےرہےہیں ریمبوکافون قبضےمیں لےلیا، ملزم ریمبو نے کال فون کی گفتگو کی تصدیق کی ہے۔شارق جمال کا کہنا تھا کہ کال کواس کیس کاحصہ بنارہےہیں، ریمبو4روزکےجسمانی ریمانڈپرہے، جس سے کافی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

  • ڈاکٹرعبدالقدیر کو مکمل سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک

    اسلام آباد(اے ایف بی) فیصل مسجد میں ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خواہش کے مطابق ان کی نماز جنازہ اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ادا کی گئی۔ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، نماز جنازہ کے دوران بارش بھی ہوتی رہی۔نماز جنازہ میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی,۔ وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر قدیر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بیان جاری کیا کہ پاکستانی عوام کے لئے ڈاکٹر قدیر قومی ہیرو تھے، ملک کو ایٹمی ریاست بنانے پر قوم ان سے محبت کرتی ہے، انہوں نے ہمیں ایک جارح ایٹمی پڑوسی سے تحفظ فراہم کیا، ڈاکٹر قدیر کو ایچ ایٹ اسلام آباد کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

    ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر قدیر کے اہل خانہ ایچ ایٹ قبرستان میں تدفین چاہتے ہیں، لیکن مرحوم کی خواہش تھی کہ ان کی نماز جنازہ فیصل مسجد میں پڑھائی جائے اور فیصل مسجد کے احاطے میں تدفین ہوا، ان کی خواہش کو مد نظر رکھتے ہوئے محسن پاکستان کی نماز جنازہ فیصل مسجد اسلام آباد میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی اقتدا میں ادا کردی گئی، جب کہ ان کے جسد خاکی کو تدفین کے لئے ایچ ایٹ قبرستان روانہ کردیا گیا ہے، ایچ ایٹ قبرستان میں جنازہ گاہ بیس سال قبل ڈاکٹر عبدالقدیر نے اپنی جیب سے بیس لاکھ روپے خرچ کرکے عطیہ کے طور پر تعمیر کروائی تھی، انہیں ایچ ایٹ کے قبرستان میں سپرد خان کرنے کا فیصلہ ان کے اہلخانہ کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔