Month: May 2021

  • نائیجیریا میں مسلح افراد کا اسلامی اسکول پر حملہ، 100 سے زائد بچے اغوا

    نیامے(اے ایف بی) نائیجریا میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے اسلامی بورڈنگ اسکول پر دھاوا بول دیا اور 100 سے زائد بچوں کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجریا میں ایک بورڈنگ اسکول میں داخل ہوکر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جب کہ حملہ آور سو سے زائد بچوں کو اغوا کرکے لے گئے۔

    تاحال اغوا ہونے والے بچوں کی تعداد نہیں بتائی گئی ہے۔ اس حوالے سے نائیجریا کے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسکول میں حملے کے وقت 200 بچے رہائش پذیر تھے۔ اغوا ہونے والے بچوں کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔اسکول کے عملے کے ایک رکن نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ حملہ آور 100 سے زائد بچوں کو اغوا کرکے لے گئے تھے تاہم بعد میں 4 سے 12 سال کے کمزور بچوں کو رہا کردیا گیا تھا۔

    اسی طرح ایک عینی شاہد نے رائٹرز کو بتایا کہ 20 سے 25 موٹر سائیکل سوار حملہ آور جدید اسلحے سے لیس تھے جو 150 بچوں کو اغوا کرکے لے گئے جب کہ اسکول میں 300 سے زائد بچے موجود تھے۔واضح رہے کہ نائیجریا میں مسلح گروہ کی جانب سے تاوان کے لیے اسکول کے بچوں کا اغوا معمول کی بات بن چکی ہے، دسمبر سے تاحال 700 بچوں کو اغوا کیا جا چکا ہے۔ چند روز قبل ہی ایک اسکول سے اغوا ہونے والے 14 بچوں کو 40 دن بعد رہائی ملی ہے۔

  • ٹیچرزاورایجوکیشن اسٹاف کیلئے الگ ویکسینیشن سینٹر بنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد(اے ایف بی) ملک بھر میں ٹیچرز اور ایجوکیشن اسٹاف کی ویکسینیشن میں تیزی کے لیے اہم فیصلہ ہوا ہے جس کے تحت ان کے لیے الگ ویکسینیشن سینٹرز بنائے جائیں گے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے اساتذہ کی ویکسینیشن سے متعلق فیصلے کی منظوری دے دی۔ ٹیچرز اور ایجوکیشن اسٹاف کیلئے ویکسینیشن سینٹر ہر تحصیل میں قائم ہوگا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ تحصیل ویکسینیشن سینٹر ٹیچرز اور ایجوکیشن اسٹاف کیلئے مخصوص ہوگا، ملک بھر کے ویکسینیشن سینٹرز میں اساتذہ کے لیے کاؤنٹر مختص کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔ الگ کاؤنٹر کا مقصد ٹیچرز اور ایجوکیشن اسٹاف کو سہولت فراہم کرنا ہے، الگ کاؤنٹر سے کم وقت میں زیادہ ٹیچرز کی ویکسی نیشن یقینی بنانا ہے۔

    اس حوالے سے ذرایع نے مزید بتایا کہ 18سال سے زائد عمر ٹیچرز اور ایجوکیشن اسٹاف کو واک ان سہولت دی گئی ہے، ٹیچرز کو واک ان کی سہولت ملنے پر ویکسینیشن سینٹرز پر رش بڑھ گیا۔ٹیچرز اور ایجوکیشن اسٹاف کو واک ان ویکسی نیشن کی سہولت29مئی سے ملی۔ این سی او سی نے5جون تک ٹیچرز کی ویکسی نیشن مکمل کرنےکی ہدایت کی ہے۔

  • کورونا ویکسین سے 2 سال بعد موت کی افواہ پر وزارت صحت کا اہم بیان

    اسلام آباد (اے ایف بی) پاکستانی وزارت صحت کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے والے افراد کی دو سال میں موت کی خبروں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کوئی سائنسی تحقیق یہ ثابت نہیں کرتی کہ ویکسین لگوانے سے دو سال بعد موت واقع ہو سکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزارت صحت پاکستان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویکسین لگوانے سے دو سال میں موت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ویکسین تحقیق اور ٹیسٹنگ کے مراحل سے گزر کر عام عوام تک پہنچتی ہیں اور کوئی سائنسی تحقیق یہ ثابت نہیں کرتی کے ویکسین لگوانے سے دو سال بعد موت واقعہ ہو سکتی ہے۔

    تمام ویکسین تحقیق اور ٹیسٹنگ کے مراحل سے گزر کر عام عوام تک پہنچتی ہیں۔ اور کوئی سائنسی تحقیق یہ ثابت نہیں کرتی کے ویکسین لگوانے سے دو سال بعد موت واقعہ ہو سکتی ہےخیال رہے گزشتہ دنوں ایک غلط خبر اور فرانس کے نوبل انعام یافتہ سائنس داں کے کرونا ویکسین سے متعلق دعوؤں نے دنیا بھر میں خاص طور پر اُن لوگوں کو خوف زدہ کردیا جو ویکسینیشن کروا چکے ہیں۔

    فرانسیسی سائنس داں لک مونٹاگنیئر (Luc Montagnier) سے منسوب کردہ من گھڑت خبر میں سب سے پریشان کُن اور افراتفری پھیلانے والی بات ویکسین لگوانے کے دو سال کے اندر موت واقع ہوجانے کی تھی۔دنیا بھر میں سائنس دانوں نے اس من گھڑت خبر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مونٹاگنیئر کی مختصر دورانیے کی ویڈیو میں بیان کردہ مفروضے درست نہیں ہیں۔ یہ بات کہ ویکسین لگوانے والے دو سال کے اندر موت کا شکار ہوسکتے ہیں، ان سے غلط منسوب کی گئی ہے اور مکمل طور پر غلط ہے۔

  • مظفرآباد میں مسافر وین کھائی میں گرنے سے11 افراد جاں بحق

    مظفرآباد(اے ایف بی) ضامن آباد میں مسافر وین خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ راولپنڈی سے چکوٹھی آنے والی مسافر وین کوہالہ کے قریب ضامن آباد کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 9 افراد موقع پر جاں بحق جب کہ 16 افراد زخمی ہوئے۔

    پولیس کے مطابق حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق افراد میں سے 3 کی لاشیں عباس انسٹیویٹ آف میڈیکل سائنسز اور 6 لاشیں سی ایم ایچ منتقل کیں جب کہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا۔ جہاں مزید 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا ضامن آباد حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار ,وزیراعظم آزادکشمیر نے حادثے کی وجوہات محرکات جاننے کے لیے فوری رپورٹ طلب کرلی حادثے کے زخمیوں کو بہتری طبی امداد فراہم کی جاے اور میتوں کو آبائی علاقے تک پہنچایا جائے وزیراعظم کی ہدایت ,قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں

  • پہلی سے آٹھویں جماعت تک امتحانات سے متعلق اہم خبر

    لاہور(اے ایف بی) سکولوں میں پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحان سات جون سے لینے کی تجویر زیر غور،امتحانات کاسلسلہ پچیس جون تک جاری رہے گا، نتائج کا اعلان 30 جون کو کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق لاہورسمیت صوبہ بھر کے سرکاری ونجی سکولوں میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک امتحانات  سات جون سے لینے کی تجویر زیر غور ہے۔سکولوں میں 25 جون تک امتحانات مکمل کرلیے جائیں گے جبکہ بچوں کے نتائج 30 جون کو جاری کیے جائیں گے۔سکولوں میں امتحانات لینے کی اجازت آئندہ این سی او سی کے اجلاس میں لی جائے گی۔واضح رہے کہ این سی او سی کا آئندہ اجلاس 3 جون کو متوقع ہے۔

    دوسری جانب محکمہ ہائر ایجوکیشن نے امتحانات کا شیڈول فائنل کرلیا، 26 جون سے بارہویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہوگا۔ کورونا وباء کے پیش نظر جہاں تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہیں وہیں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے 40 لاکھ طلبا کے امتحانات بھی التوا کا شکار تھے، محکمہ ہائر ایجوکیشن نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کا شیڈول فائنل کرلیا، پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز 26 جون سے بارہویں جماعت کے امتحانات منعقد کریں گے۔

  • پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کو حتمی شکل دیدی

    لاہور(اے ایف بی) پنجاب حکومت نے صوبے میں نئے بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی۔سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل نے کہا کہ پنجاب میں نئے بلدیاتی انتخابات اس سال کے آخر تک نومبر یا دسمبر میں کرائے جائیں گے، لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس 2021ء کو حتمی منظوری کے لیے پنجاب اسمبلی بھجوا دیا ہے جو جلد منظور ہو جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 11 میٹروپولیٹن کارپوریشنز بنائی گئی ہیں، میونسپل کارپوریشنز کی تعداد 11 سے بڑھا کر 15 کر دی، پہلے تحصیل کونسلز کا وجود نہیں تھا، اب 136 تحصیل کونسلز بھی بنا دی ہیں جب کہ ضلع کونسلز ختم کر دی گئی ہیں، میونسپل کمیٹیوں کی تعداد 182 سے کم کرکے 133 کردی، 64 ٹاؤن کمیٹیاں، 3 ہزار 468 ویلج کونسلز جب کہ 2 ہزار 466 نیبر ہڈ کونسلز بھی بنائی گئی ہیں۔

    سیکرٹری بلدیات کا کہنا تھا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے لارڈ میئر کے انتخاب کا طریقہ تبدیل کر دیا گیا ہے، آئندہ لارڈ میئر کو ایوان نہیں، ضلع کے عوام منتخب کریں گے، نئے نظام میں بلدیاتی اداروں کے بیلٹ پیپرز کی تعداد بھی کم کر دی ہے، ٹاؤن کمیٹیوں سے میٹروپولیٹن کارپوریشنز تک جماعتی انتخابات ہوں گے جب کہ ویلج کونسلز اور نیبرہڈ کونسلز کے انتخابات غیر جماعتی ہوں گے

  • 19 سال سے زائد عمرکے شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن کا فیصلہ

    اسلام آباد(اے ایف بی) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ 19 سال سے زیادہ عمرکے شہری کل سے کورونا ویکسین کے لئے رجسٹریشن کرائیں۔وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمرنے ٹوئٹ میں کہا کہ کل سے کورونا ویکسین کیلئے پوری قوم کی رجسٹریشن شروع ہوجائے گی۔اسدعمرنے کہا کہ این سی اوسی اجلاس میں 19 سال سے اوپرکے شہریوں کی کورونا ویکسینیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد 19 سال سے زیادہ عمر کے شہری کل سے کورونا ویکسین کے لئے رجسٹریشن کرائیں

    ۔ گذشتہ روز اسد عمر نے بتایا تھا کہ پہلی دفعہ ایک دن میں ڈھائی لاکھ سےزائدافرادکی ویکسی نیشن کی گئی، اس دوران 2لاکھ 67 ہزار 953 لوگوں کو ویکسین لگائی گئی۔رجسٹرڈلوگوں سےدرخواست ہے جلدویکسی نیشن کیلئےسینٹرجائیں، جن کودوسری ویکسین لگنی ہے وہ ضرور بر وقت ویکسی نیشن کے لئے جائی

  • ’پاک ویک‘ کے نام سے پاکستانی کووڈ ویکسین تیار

    اسلام آباد(اے ایف بی) پاکستان نے ’پاک ویک‘ کے نام سے پاکستان کی پہلی ویکسین تیار کرلی ہے جو کورونا وائرس کے خلاف تاثیر رکھتی ہے۔ ویکسین کی تیاری میں چینی کمپنی کین سائنو بایو سے مدد لی گئی ہے۔ اس ضمن میں ویکسین سازی کے تمام معیارات پر سختی سے عمل کیا گیا ہے اور کوالٹی کنٹرول کو برقرار رکھا گیا ہے۔مقامی طور پر ویکسین کی تیاری سے کووڈ 19 کو قابو پانے کے لیے پاکستان کو دیگر ممالک پر انحصار سے نجات مل مسکے گی۔

    اس سال فروری میں چین کی جانب سے عطیہ کردہ ویکسین کے بعد ملک بھر میں ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔ اس ضمن میں پہلے صحت سے وابستہ ڈاکٹر اور دیگر عملے کو ویکسین لگائی گئ تھیں جس کے بعد بزرگ شہریوں اور اب 300 سال سے زائد درمیانی عمر کے پاکستانیوں کی ویکیسینیشن جاری ہے۔ محتاط ’ این آئی ایچ (نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ) واراس کی لیڈرشپ اس ضمن میں مبارکباد کی مستحق ہے کہ انہوں نے اکسیر انداز میں کین سائنو بایو انکارپوریٹڈ، چین کی مدد سے کین سائنو ویکسین بنائی ہے،‘ وزیرِاعظم کے خصوصی معاون برائے صحت، ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنی ٹویٹ میں کہا۔ ندازے کے مطابق اب تک ملک میں 50 لاکھ افراد ویکسین لگواچکے ہیں۔

    ڈاکٹر فیصل کے مطابق ویکسین نے تمام سخت معیارات اور ٹیسٹ کے مراحل کو پاس کرلیا ہے جو ویکسین سپلائی لائن کی مسلسل فراہمی میں ایک اہم سنگِ میل بھی ہے۔وزارتِ صحت کے ایک افسر کے مطابق ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے معاہدے کی رو سے این آئی ایچ ہر ماہ ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں تیار کرے گا ۔ اس ضمن میں پہلی کھیپ ماہِ رواں کے آخر تک دستیاب ہوسکے گی۔اس ضمن میں ماہرین کو خاص تربیت فراہم کی گئی ہے جو این آئی ایچ کے پلانٹ میں کین سائنو ویکسین کی کھیپ تیار کریں گے۔

  • حکومت کا بغیر امتحان طلبا کو پروموٹ نہ کرنے فیصلہ

    اسلام آباد(اے ایف بی)حکومت نے ایس او پیز کے تحت ہر صورت امتحانات لینے کا فیصلہ کرلیا۔وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا، جس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے، اجلاس میں گرمیوں کی چھٹیاں مزید کم کرنے، تمام کلاسز کے امتحانات ایس او پیز کے تحت کروانے اور جون میں بورڈ امتحانات لینے کی تجاویز زیرغور آئیں۔

    اجلاس میں باہم مشورے سے حکومت نے فیصلہ کیا کہ رواں سال بغیر امتحان کسی طالب علم کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا، بلکہ تمام کلاسز کے امتحانات ہر صورت ہوں گے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پہلے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات ہوں گے، دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات جون کے تیسرے ہفتے میں لیے جائیں گے۔ رزلٹ میں تاخیر ہونے کی صورت میں جامعات پروویژنل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر داخلے دیں گی۔ موسم گرما کی تعطیلات کم ہوں گی جس کا فیصلہ صوبے کریں گے۔

  • ملک کے مختلف حصوں میں تعلیمی سرگرمیاں اور سیاحت بحال


     
     اسلام آباد(اے ایف بی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی ہدایات اور اعلان کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں تعلیمی اور سیاحتی سرگرمیاں مرحلہ وار بحال ہوگئی ہیں۔این سی او سی کے اعلانات کی روشنی میں پنجاب کے16 ، خیبر پختونخوا کے 21 اور بلوچستان میں کوئٹہ کے علاوہ تمام اضلاع میں تعلیمی اور سیاحتی سرگرمیاں ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرنے کی شرط پر بحال ہوگئی ہیں تاہم اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور سندھ بھر میں بدستور پابندیاں عائد ہیں۔

    19 مئی کو این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا کیسز کا جائزہ لینے کے بعد 5 فیصد سے کم مثبت شرح کے حامل اضلاع میں 24 مئی سے آؤٹ ڈور ریسٹورنٹس اور تعلیمی اداروں سمیت دیگر شعبوں کو مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا تھا۔این سی او سی کے اعلان کے تحت جن اضلاع میں کوویڈ مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے کم ہوگی وہاں آج سے تعلیمی ادارے مشروط کھول دیے گئے ہیں، آؤٹ ڈور ریسٹورنٹس رات 12بجے تک جب کہ کھانا ساتھ لے جانے کی سہولت 24 گھنٹے دستیاب ہوگی، سیاحت کا شعبہ کووڈ ایس او پیز کی مکمل پاسداری کے ساتھ کھول دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب 27 مئی کو جائزہ لینے کے بعد یکم جون سے کھلے مقامات میں شادی کی تقریبات کی اجازت ہوگی تاہم شرکا کی تعداد 150 تک محدود ہوگی، جو تعلیمی ادارے 24 مئی کو نہیں کھلے ہوں وہ بھی 7 جون کو کھلیں گے، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے تمام امتحانات 20 جون کے بعد منعقد ہوں گے۔این سی او سی نے ہوٹلوں کے اندر کھانے سمیت کھیل، میلے، ثقافتی، موسیقی اور دیگر پروگراموں پر پابندی برقرار رکھی ہے۔ تمام مزارات، سینما گھر ، پارکس اور انڈور جم بھی بدستور بند رہیں گے تاہم ایس او پیز پر سختی کے ساتھ ٹریکس پر واکنگ اور جوگنگ کی اجازت ہوگی۔