Month: May 2021

  • چیئرمین احستاب بیورو نے رنگ روڈ منصوبے کی تحقیقات کا حکم دے دیا

    اسلام آباد(اے ایف بی) احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال نے رنگ روڈ راولپنڈی منصوبہ میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی بد عنوانی،بے ضابطگیوں اور غیر قانونی لینڈ ایکوزیشن کا نوٹس لیتے ہوئے نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ رنگ روڈ راولپنڈی منصوبہ کی تحقیقات بلا امتیاز،میرٹ اور شفاف انداز میں قانون کے مطابق کی جا ئیں جس میں مذکورہ منصوبہ کے تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کا جائے تاکہ ان کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے۔

    چئیرمین نیب نے کہاکہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے۔ نیب احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر سختی سے قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے پاس بد عنوان عناصر کے خلاف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ،فیک بینک اکاؤنٹس، آمد ن سے زائد اثاثے، اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے ذریعے قوم کے اربوں روپے لوٹنے والوں کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

    نیب نے گزشتہ تین سال میں بد عنوان عناصر سے 490ارب روپے جبکہ اپنے قیام سے اب تک 790ارب روپے بلاواسطہ اور بالواسطہ بر آمد کیے جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔چئیرمین نیب نے کہاکہ نیب کا تعلق کسی پارٹی،گروپ اور فرد سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔نیب ملک اور قوم کی دولت لوٹنے والے بد عنوان عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پر عزم ہے۔

  • رشوت لیکر لوگوں کو ویکسین لگانے کا انکشاف

    لاہور(اے ایف بی ) لاہور کے سرکاری اسپتال میں عوام کو پیسے کے عوض کرونا ویکسین لگانے والے محکمہ صحت کے عملے کے خلاف بڑی کارروائی کردی گئی ہے۔محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لاہور میں ویکسین سینٹرز میں پیسےلیکر ویکسین لگانےکی حقیقت سامنےآگئی ہے، محکمہ صحت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اٹھارہ ملازمین کو معطل کردیا ہے اور ان کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق واقعہ پی کےایل آئی میں پیش آیا تھا، جہاں ملازمین پیسے لیکر عوام کو ویکسین لگارہےتھے، معطل کئے گئے ملازمین لوگوں سے پیسے لیکر انہیں قطاروں سےبچاتےتھے۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق پیسےلیک رویکسین لگانے والےملازمین کو شوکاز بھی جاری کئےتھے بعد ازاں انکوائری میں الزام ثابت ہونےپر تمام ملازمین کومعطل کیا گیا۔معطل ہونیوالوں میں نواز جوہن، سجاد علی، محمد تنویر، بابر علی، کرامت علی، امجد علی، تیمور فیاض، محمد یوسف، فقیر حسین ودیگربھی شامل ہیں ، معطل ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں رپورٹ کریں۔

  • ملک میں 9 روز سے جاری لاک ڈاؤن ختم،کاروبار زندگی بحال


    اسلام آباد / کراچی(اے ایف بی) ملک میں کورونا وبا کو روکنے کے لیے گزشتہ 9 روز سے جاری لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا۔تمام مارکیٹیں، شاپنگ مال اور تجارتی مراکز کھل گئے جبکہ ٹرانسپورٹ اڈے بھی بحال ہونے سے رونقیں بحال ہوگئی ہیں۔ بازاروں مارکیٹوں میں چہل پہل بھی شروع ہوگئی۔لاک ڈاؤن کے باعث ملک کی رونقیں پھیکی پڑ چکی تھیں اور عید کے تینوں دن بھی سناٹا تھا۔ تاہم اب لاک ڈاؤن ختم ہونے سے تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں تجارتی مراکز شاپنگ مال کھل گئے ہیں۔

    دکانداروں نے آج خوشی خوشی مارکیٹیں کھولیں۔ ٹرانسپورٹ اڈے کھلنے سے مسافروں کی مختلف شہروں میں بھی آمد و رفت شروع ہوگئی۔ لاک ڈاؤن میں نرمی سے رات 8 بجے دکانیں بند کرنا ہوں گی جبکہ تفریحی مقامات،پارکس، تعلیمی ادارے ،شادی ہال، مارکیز، چڑیا گھر، وائلڈ لائف پارک اورسیاحتی مقامات تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ ہوٹل اور ریسٹورنٹس پر صرف ٹیک اوے کی سہولت میسر ہوگی۔پولیس کا بازاروں میں گشت بھی جاری ہے اور پولیس گاڑیوں سے ماسک پہننے کے اعلانات بھی کئے جارہے ہیں۔ کاروباری مراکز پر ماسک کا استعمال لازمی ہے اور خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔

  • پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن کی نئی تفصیلات، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد(اے ایف بی )پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن کی نئی تفصیلات سامنے آگئیں۔ محکمہ صحت پنجاب کاجاری ‏نوٹیفکیشن 30 مئی تک نافذ العمل رہےگا۔سیکرٹری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری اوقات رات 8بجےتک ہوں ‏گے، تمام میڈیکل سروسز، فارمیسیز، ویکسی نیشن سینٹرز24گھنٹےکھلے رہیں گے۔پٹرول پمپ، تندور، ڈیری شاپس، فوڈڈلیوری سروس کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی، کورئیر اینڈپوسٹل ‏سروسز، بجلی، گیس، انٹرنیٹ، سیلولر کمپنیزکھلے رہیں گے۔

    تمام انڈور اور آؤٹ ڈور ریسٹورنٹس پر مکمل پابندی عائد ہوگی صرف ٹیک آوےکی اجازت ہوگی، ‏جس ضلع میں شرح 8 فیصدسے زیادہ ہوگی وہاں تقریبات اور مزارات بند ہوں گے۔ان اضلاع میں بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ ، جھنگ، ‏قصور،خانیوال، لاہور، لیہ، میانوالی، مظفرگڑھ، اوکاڑہ، پاکپتن، راجن پور، راولپنڈی، رحیم یار خان، ‏سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے شامل ہیں۔

    پنجاب بھر میں تمام تفریحی پارکس بند، جاگنگ ٹریکس کھلےرہیں گے، تمام سینما ہالز اور تھیٹر ‏بدستور بند رہیں گے، اسپورٹس، ثقافتی تہواراوراجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی۔دفاتر کو 50 فیصداسٹاف کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہو گی جب کہ ٹرانسپورٹ کو 50 فیصد ‏گنجائش کے ساتھ چلنے کی اجازت ہو گی، صعنت اورزراعت کےشعبےکو استثنی حاصل ہو گا۔

  • گمشدہ یا چوری ہونے والا موبائل ،پی ٹی اے نے صارفین کی بڑی مشکل آسان کر دی

    اسلام آباد(اے ایف بی ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے گمشدہ یا چھینے جانے والے فون کو بلاک کروانے کا طریقہ کار متعارف کروایا گیا ہے۔ موبائل فون گم جانے کی صورت میں صارف کو سب سے زیادہ جس چیز کی فکر ہوتی ہے وہ موبائل میں موجود ڈیٹا ہوتا ہے، اگر بروقت فون کو بلاک یا رپورٹ نا کروایا جائے تو کوئی بھی اس کا غلط استعمال کر کے آپ کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔اسی ضمن میں پی ٹی اے نے آن لائن طریقہ صارفین کو بتایا ہے جس کے تحت گھر بیٹھے اپنی شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔

    دی نیو لاسٹ اینڈ اسٹولن ڈیوائس سسٹم کے تحت آپ شکایت کر سکتے ہیں، پی ٹی اے کی شکایت کی ویب سائٹ پر جائیں اور دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔ آپ کو اپنی کچھ بنیادی تفصیلات بتانا ہوں گی جیسا کہ نام، پتہ، ای میل اور شناختی کارڈ نمبر وغیرہ۔ گمشدہ فون کی تفصیلات بھی بتانا ہوں گی۔ درخواست دائر کروانے کے بعد آپ کو ریفرنس نمبر دیا جائے گا جس کے بعد 24 گھنٹے کے اندر اندر فون بلاک کر دیا جائے گا۔دوسری جانب اگر آپ کا فون مل جاتا ہے تو اسی ویب سائٹ پر جاکر آپ ان بلاک کے آپشن کا انتخاب کر کے فون ان بلاک کر سکتے ہیں

  • این سی او سی کا کل سے ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا اعلان

    اسلام آباد)اے ایف بی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پبلک ٹرانسپورٹ کو کل سے بحال کرنے کا اعلان کردیا۔وفاقی وزیر اسد عمر، لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان کی زیرصدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی شرکت کی جبکہ صوبائی چیف سیکریٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔فورم نے عید تعطیلات کے دوران ایس او پیز کے نفاذ کا جائزہ لیا اطمینان کا اظہار کیا۔ فورم نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں خصوصاً ملک بھر میں عوام کی طرف سے تعاون کو سراہا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام بین الصوبائی ، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو پہلے دی گئی تاریخ 17 مئی کے بجائے 16 مئی 2021 ء سے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ ریلوے 70 فیصد کے ساتھ اپنے آپریشن کو برقرار رکھے گا جب کہ 17 مئی سے تمام دفاتر، بازار اور دکانیں کھل جائیں گی جنہیں رات 8 بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی جبکہ دفاتر میں پچاس فیصد عملے کے ساتھ عمومی اوقات کار دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔

  • رنگ روڈ اسکینڈل، وزیراعلیٰ پنجاب کا ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا حکم

    راولپنڈی (اے ایف بی)راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ پنجاب حکومت کو موصول ہو گئی ہے جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ذمہ داران کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیا ہے راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل سامنے آنے پر کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کی گئی جس کے سربراہ کمشنر گلزار شاہ کے دستخط کے ساتھ رپورٹ حکومت کو بھیج دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے رپورٹ کو پبلک کرنے کی منظوری دی اور سفارشات پر من و عن عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔رپورٹ میں سابق کمشنر راولپنڈی محمد محمود اور لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر وسیم علی تابش کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے اور دونوں کا کیس نیب بھجوانے کی سفارشات پیش کی گئی ہیں، دونوں افسران پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی لینڈ ایکوزیشن پر 2 ارب 30 کروڑ ارب روپے تقسیم کیے، اتنی بڑی رقم کی ادائیگی اٹک لوپ کے رینٹ سینڈیکیٹ کو فائدہ پہنچانے کے لیے کی گئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وسیم علی تابش نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ضلع اٹک میں 2 ارب سے زائد کی رقم خرچ کی، سفارشات میں کہا گیا ہے کہ رینٹل سینڈیکیٹ میں ملوث تمام لوگوں کے خلاف تحقیقات کی جائیں جس میں تحقیقات کرنے سے استفادہ اٹھانے والے بے نامی حصہ دار بھی سامنے آسکتے ہیں۔رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ کمشنر محمد محمود کے بھائی کا ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کے ساتھ تعلق کا انکشاف ہوا ہے، سابق کمشنر نے اپنے بھائی کو فائدہ پہنچانے کے لیے یا اس کے ذریعے بے نامی طریقے سے خود کو فائدہ پہنچانے کے لیے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

    رپورٹ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ پر بھی بے ضابطگیوں کے الزامات لگائے گئے ہیں، اس کے علاوہ ممبر پی اینڈ ڈی فرخ نوید کو عہدے سے ہٹانے اور ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ایف بی آر اور ایف آئی اے کو 12 مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز اور پراپرٹیز کے حوالے سے چھان بین، ہاؤسنگ سوسائٹیز میں موجودہ یا ریٹائرڈ افسران کے بے نامی حصہ دار ہونے کے حوالے سے تحقیقات کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔رپورٹ میں ڈپٹی کمشنر اٹک، ڈی سی راولپنڈی، اے ڈی سی آر راولپنڈی، اے سی راولپنڈی صدر اور فتح جنگ اور چیف آفیسر فتح جنگ تحصیل کونسل کو ان کی مجرمانہ غفلت اور خاموشی پر عہدوں سے فوری ہٹانے کا کہا گیا ہے۔ایف آئی اے کا سائبر ونگ غیر منظور شدہ سوسائٹیز کی آن لائن اور دیگر تشہیر اور نووا سٹی کی جانب سے منظور شدہ ایریا سے زائد سیلز کے حوالے سے تحقیقات کرے۔

  • غزہ: اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 119 ہوگئی

    غزہ(اے ایف بی) پر امن رہنے کے تمام عالمی مطالبات کو نظر انداز کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے غزہ کی محصور پٹی کے مختلف علا قوں پر فضائی حملوں اور گولہ بارود برسانے کا سلسلہ جاری ہے۔برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز اور حماس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جمعہ کو پانچویں روز میں داخل ہوگیا ہے لیکن اس کے تھمنے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے۔

    فلسطینی طبی حکام کے مطابق اب تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 119 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں 31 بچے اور 19 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 830 تک پہنچ چکی ہے۔کئی روز سے جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے رات گئے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ حماس کے راکٹس کے جواب میں اسرائیلی حملے جاری ہیں اور کوئی زمینی کارروائی نہیں ہورہی بلکہ فوجی اسرائیلی علاقے میں سے ہی گولہ بارود برسا رہے ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیل کے مختلف علاقوں میں بھی عربوں اور یہودیوں کے درمیان بھی تصادم کا سلسلہ دیکھنے میں آیا جبکہ لبنان کی جانب سے میزائل بھی فائر ہوئے۔جمعہ کی رات غزہ میں آگ کا انتہائی بڑا گولا دیکھا گیا جس نے آسمان کو نارنجی رنگ میں بدل دیا جبکہ اسرائیل کی جانب اڑتے راکٹس بھی دیکھے گئے

  • فلسطین میں اسرائیلی دہشت گردی جاری،عید کے روز مزید 28 فلسطینی شہید

    غزہ / مقبوضہ بیت المقدس(اے اہف بی) غزہ سمیت مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی دہشت گردی جاری ہے اور عید کے روز مزید 28 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 84 ہوگئی۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ میں 6 منزلہ عمارت سمیت رہائشی عمارتوں پر بھی میزائل حملے کیے۔ جمعرات کی صبح جب فلسطینی شہری نماز عید کی ادائیگی کے لیے گھروں سے روانہ ہوئے تو آسمان پر صہیونی جنگی طیاروں کی گھن گرج سنائی دی اور سفاک دہشت گردوں نے نہتے لوگوں کو اپنے میزائلز کے نشانے پر رکھ لیا۔

    غزہ میں فلسطینی حکام کے مطابق اب تک 84 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں 17 بچے شامل ہیں جبکہ 480 افراد زخمی ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے اور شہدا کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ گھر اور عمارتیں تباہ ہونے سے ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔غزہ میں فلسطینی ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ شب حملوں میں زہریلی گیس بھی استعمال کیے جانے کا شبہ ہے، شہدا کے جسد خاکی سے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں جن کا معائنہ جاری ہے۔ اس کے باوجود آہوں اور سسکیوں میں سیکڑوں فلسطینیوں نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں نماز عید ادا کی۔

    ادھر حماس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر راکٹ حملے کیے جس کے نتیجے میں 6 یہودی ہلاک ہوگئے۔ اسرائیل کے اندر بھی مسلمانوں اور یہودیوں کے درمیان شدید کشیدگی ہے اور جگہ جگہ جھڑپیں ہوئیں جس کے بعد قابض فورسز نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 374 فلسطینی مسلمانوں کو گرفتار کرلیا جبکہ جھڑپوں میں درجنوں پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے

  • کورونا ویکسینیشن، 30 سال سے زائد عمر والوں کی رجسٹریشن شروع کرنے کااعلان

    اسلام آباد(اے ایف بی) حکومت نے 30 سال اور اس سے زائد عمر افراد کی ویکسینشین کیلئے 16 مئی سے رجسٹریشن کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی فراہمی میں بہتری آرہی ہے، اس لئے ہم ویکسینیشن کے اہل افراد کی کیٹگریز کو بڑھاتے جارہے ہیں، 30 سال اور اس سے زائد عمر افراد کی ویکسینیشن کے لئے 16 مئی سے رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر میں 40 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو رجسٹریشن کے بعد کورونا کی ویکسین لگائی جارہی تھی۔این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک میں 18 لاکھ 59 ہزار سے زائد افراد کو کورونا ویکسین کی ایک خوراک دی جاچکی ہے جب کہ 9 لاکھ 52 ہزار افراد کی مکمل ویکسینیشن ہوچکی ہے۔