Month: May 2021

  • این اے 249 ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری، پی پی کے سوا تمام جماعتوں کا بائیکاٹ

    کراچی(اے ایف بی) شہر قائد میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 249 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے، تاہم پیپلز پارٹی کے سوا تمام جماعتوں نے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کی دوبارہ گنتی کا معاملہ متنازع ہو گیا ہے، ووٹوں کے بوروں پر سے سیل غائب، فارم 45 بھی نہیں دیے گئے، پیپلز پارٹی کے سوا ن لیگ سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے گنتی کے عمل کاابائیکاٹ کر دیا۔

    پی ایس پی کے رہنما حفیظ الدین نے کہا ہے کہ ووٹوں کے بوروں پر سیل مہر ہی نہیں تھی، اس لیے ہم ری کاؤنٹنگ کا بائیکاٹ کرتے ہیں، دریں اثنا تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں نے بھی دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کر دیا۔پی ٹی آئی کے امیدوار امجد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہم نے درخواست دی کہ فارم 45 اور 46 نہیں ملے، جب فارم ہی نہیں ملے تو کس طرح ری کاؤنٹنگ میں بیٹھیں، 2 تھیلے ہمارے سامنے لا کر رکھے گئے لیکن کسی پر بھی سیل نہیں تھی، عوام کے ووٹوں پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔امجد آفریدی نے کہا ہم نے درخواست کی ہے کہ فرانزک کرایا جائے، 29 اپریل کا الیکشن تاریخ کا بدترین الیکشن ہے، 17 ہزار ووٹرز جنھوں نے 2018 میں ووٹ کاسٹ کیا تھا انھیں منتقل کر دیاگیا، میرے اور بھائی کے خاندان میں بھی ووٹوں کو تبدیل کیا گیا، سندھ حکومت نے ووٹرز کو یہاں سے ٹرانسفر کیا ہے، اسی طرح 10 ہزار سے زائد بوگس ووٹ بھی ڈالا گیا، ہمارا مطالبہ ہے 2018 کی ووٹر لسٹوں پر دوبارہ ری پولنگ کرائی جائے۔

    ن لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل نے کہا ہمیں جو فارم 45 ملے تھے اس میں 165 پر دستخط نہیں تھے، غیر استعمال شدہ بیلٹ گنے جاتے ہیں جو نہیں گنے گئے، جو ٹھپے لگتے ہیں وہ غیر استعمال شدہ بیلٹ پر لگتے ہیں، جب پول ہو چکا تھا تو ہم نے کہا ایک بار دوبارہ گن لو آرام سے، لیکن ہماری بات نہیں مانی گئی، پہلے باکس کی سیل نہ تھی کسی نے پوچھا تو کہنے لگے گر گئی ہوگی۔انھوں نے کہا کتنے بیلٹ پیپر آئے اور کتنے استعمال ہوئے، اس کا ریکارڈ نہیں دیا جا رہا، جو بیلٹ پیپر استعمال نہیں ہوئے اس کا ریکارڈ بھی ہم نے مانگا ہے، آر او نے کہا ہے فارم 46 نہیں دیں گے جو قانون کی خلاف ورزی ہے، ہم دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔

  • کالعدم تحریک لبیک کی نظرثانی درخواست سننے کے لئے 3 نام تجویز

     اسلام آباد(اے ایف بی) وزارت داخلہ نے کالعدم تحریک لبیک کی نظرثانی کی درخواست سننے والی کمیٹی کے لئے 3 نام تجویز کر دئیے۔وزارت داخلہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی پابندی پر نظر ثانی درخواست سننے کے لئے کمیٹی کے قیام کی سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی ہے، کمیٹی کی تشکیل کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔

    وزارت داخلہ نے کمیٹی کے لئے تین نام تجویز کئے ہیں،  کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ محمد ایوب چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری داخلہ محمد رمضان اور وزارت قانون کے جوائنٹ سیکرٹری خرم شہزاد مغل کمیٹی شامل ہیں۔  کمیٹی کابینہ کی منظوری کے بعد ٹی ایل پی کی اپیل پر نظر ثانی کا آغاز کرے گی۔واضح رہے کہ احتجاجی مظاہروں کے بعد گزشتہ ماہ وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا تھا۔

    تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دیئے جانے کے فیصلے کے خلاف سیکرٹری داخلہ کے پاس نظر ثانی کی اپیل دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ تحریک لبیک الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے جس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، اس پر عائد کردہ پابندی بلاجواز ہے جسے ختم کیا جائے۔

  • الیکشن کمیشن کا این اے 249 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم

    اسلام آباد(اے ایف بی ) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے مسلم لیگ (ن) کی درخواست منظور کرلی۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے این اے 249 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کے لیے (ن) لیگ کے مفتاح اسماعیل کی درخواست پر سماعت کی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد این اے 249 کراچی میں دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کرلی گئی۔ الیکشن کمیشن نے اہنے حکم میں کہا کہ این اے 249 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی 6 مئی کو صبح 9 بجے ہوگی۔دوران سماعت مفتاح اسماعیل کے وکیل سلمان اکرم راجا نے موقف اختیار کیا کہ بڑی تعداد میں پریزائیڈنگ افسران کی جانب سے فارم 45 پر دستخط نہیں کیے گئے، 167 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 پر دستخط موجود نہیں تھے، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو فارم 46 بھی جاری نہیں کیے گئے، پریذائیڈنگ افسران دستخط شدہ فارم 45 اور 46 پولنگ ایجنٹس کوفراہم کرنے کے پابند ہیں، تصدیق شدہ فارم 45 اور 46 نہ ہونے سے پورا الیکشن مشکوک ہوگیا۔

    (ن) لیگ کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے این اے 249 میں بے ضابطگیوں پرتحقیقات کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ 180 پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کے بعد جو کارروائی ہوئی وہ قانون کے مطابق نہیں تھی، حلقے میں ووٹوں کی صرف دوبارہ گنتی کافی نہیں الیکشن کمیشن کو مداخلت کرنا ہوگی، الیکشن کمیشن کے پاس آرٹیکل 218 کے تحت وسیع اختیارات ہیں، درخواست سے آگے بڑھ کر حلقے میں دوبارہ پولنگ کی استدعا کررہا ہوں، این اے 249 ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہمارا پہلا مطالبہ ہے، اگر مطمئن نہ ہوئے تو ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے آگے بھی مطالبہ کر سکتے ہیں، دوبارہ انتخابات کیلئے باضابطہ درخواست بھی دائر کروں گا۔

    ممبر پنجاب الطاف قریشی نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی درخواست دوبارہ گنتی کی تھی، دوبارہ پولنگ کی درخواست آئے گی تب دیکھیں گے۔(ن) لیگ کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد پیپلز پارٹی کے لطیف کھوسہ نے اپنے دلائل دیئے، انہوں نے کہا کہ پولنگ کے دوران (ن) لیگ نے کسی فورم پر کوئی شکایت نہیں کی، صرف یہ کہنا کافی نہیں کہ بے ضابطگیاں ہوئی ہیں، نشاندہی کرنا ہوتی ہے کہ کہاں کیا بے ضابطگی ہوئی ہے، ریٹرننگ افسر دوبارہ گنتی کی درخواست منظورکرنے کا پابند نہیں۔

  • عید پر 9 چھٹیوں کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

    لاہور(اے ایف بی ) پنجاب حکومت نے عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان،عید کی چھٹیاں دس سے پندرہ مئی تک ہوں گی۔ ملازمین ہفتہ اوراتوار کی چھٹی ملا کر 9چھٹیاں انجوائے کریں گے، نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے عید پر دس مئی سے پندرہ مئی تک چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،عملی طورپر 8 مئی سے 16 مئی تک چھٹی ہوگی۔ 8 مئی کی ہفتہ اتوار کی چھٹی شامل کرنے کے بعد عید پر نو چھٹیاں ہوں گی۔

    قبل ازیں این سی او سی کی سفارش پر اور وزیراعظم پاکستان کی اجازت سے وزارت داخلہ نے عید کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، ترجمان وزارت داخلہ کا کہناہے کہ عید کے لئے 10مئی سے 15مئی تک عید کی چھٹیاں ہوں گی، عید کی ایس او پیز پہلے ہی جاری کی چکی ہیں ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں لاک ڈاؤن توسیع کی گئی جس کے باعث رواں سال عیدالفطر بھی سادگی کے ساتھ منائی جائے گی،

  • بچے کی پیدائش پرکھلاڑیوں کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی پالیسی جاری

    لاہور(اے ایف بی ) پی سی بی نے بچے کی پیدائش پر کھلاڑیوں کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی پالیسی جاری کردی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بچوں کی پیدائش پر کھلاڑیوں کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی پالیسی جاری کردی ہے۔ پیشہ ور کھلاڑیوں کے لیے جاری کردہ اس پالیسی کا اطلاق ویمنز اور مینز دونوں کرکٹرز پر ہوگا، جو بالترتیب حمل کے دوران اور بچے کی پیدائش کے وقت اس پالیسی سے مستفید ہوسکیں گے۔

    خواتین کرکٹرز چاہیں گی تو اپنی زچگی کی چھٹی کے شروع ہونے سے لے کر بچے کی پیدائش تک وہ اپنے لیے نان پلیئنگ رول اختیارکرسکیں گی۔ اس موقع پر خواتین کھلاڑی تنخواہ کے ساتھ 12 ماہ کی چھٹی اور کنٹریکٹ کی معیاد میں ایک سالہ توسیع کی حقدار بھی ہوں گی۔زچگی کی چھٹی کے اختتام پر مذکورہ ویمن کرکٹر کو دوبارہ کرکٹ کی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا۔ پوسٹ چائلڈ ری ہیب پروگرام کے سلسلے میں بھی انہیں مناسب طبی معاونت فراہم کی جائے گی۔

    اسی طرح، اگر کسی خاتون کرکٹر کو کرکٹ کی کسی سرگرمی کے سلسلے میں سفر کرنا پڑتا ہے تو اسے اپنے نوزائیدہ بچے کی دیکھ بھال کے لیے من پسند فرد کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس سلسلے میں تمام اخراجات پی سی بی اور مذکورہ خاتون کرکٹر برابر تقسیم کریں گے۔وہ مینز کرکٹرجو کسی بچے کے والد بنتے ہیں تو وہ بھی مکمل تنخواہ کے ساتھ 30 دن تک چھٹی لینے کے حقدار ہوں گے تاہم انہیں یہ چھٹی اپنے بچے کی پیدائش کے 56 روز کے اندر حاصل کرنی ہوگی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہر موقع پر اپنے کرکٹرز کا خیال رکھنا پی سی بی کا فرض ہے، لہٰذا مناسب ہے کہ ہمارے پاس اپنے کھلاڑیوں کے لیے والدین سے متعلق ایک دوستانہ پالیسی موجود ہو تاکہ ہمارے کھلاڑیوں کو زندگی کے اہم مرحلےمیں مکمل معاونت حاصل ہو اور اس دوران وہ اپنے کیریئر کے حوالے سے بے فکر رہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین کھلاڑیوں کے لئے اس پالیسی کا موجود ہونا اور بھی اہم تھا، خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ہماری خواتین کرکٹرز نے تو عالمی سطح پر ہمارے لئے بہت سے اعزاز حاصل کیے ہیں۔

  • شہریوں کی سہولت کیلئے واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف

    امریکہ (اے ایف بی )واٹس ایپ نے نیا فیچر متعارف کرا دیا جس کے ذریعےاب واٹس ایپ پرویڈیوز اور تصاویر کو بڑے فارمیٹ میں دیکھنا ممکن ہو سکے گا۔ فیچرکا مقصد تصاویر کو کھول کے دیکھنے کے بجائے پوری تصویر چیٹ کے اندر ہی نظر آئے گی اور تصویر کو کلک کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔نیا فیچر واٹس ایپ ویڈیوز کو بھی ایسے ہی دکھائےگا، ایپ میں تصاویر اور ویڈیوز پہلے سے زیادہ بڑی ہونے سے کوئی بھی نامکمل تصویر نہیں دیکھ سکےگا۔

    ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے وائس میسج کے جدید فیچر پر بھی کام شروع کر دیا ہے جس کے تحت صارف اب کسی بھی شخص کو وائس نوٹ بھیجنے سے قبل سن سکے گا۔اس سےقبل واٹس ایپ میں ایسا کوئی آپشن موجود نہیں تھا اور صارف کو آڈیو میسج بھیجنے کے بعد اگر تبدیلی درکار ہوتی تو بھیجے گئے میسج کو ڈیلیٹ کرنا پڑتا تھا۔

    واٹس ایپ میں میسج بھیجنے کے آئیکن کے بعد ریویو کا آپشن موجود ہوگا جس کو استعمال کرتے ہوئے صارف اپنے میسج کا دوبارہ جائزہ لے سکتا ہے اور اگر وہ آڈیو مناسب نہیں یا اس میں کچھ تبدیلی کرنی ہو تو باآسانی اسے کینسل کرکے دوسرا میسج ریکارڈ کر سکے گا

  • پاکستان میں 40 سال سے زائدعمر کے شہریوں کی کورونا ویکسینیشن کا آغاز



    اسلام آباد(اے ایف بی)معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاہے کہ پاکستان میں آج سے 40سال سے زائدعمرکے شہریوں کی کورونا ویکسینیشن کا آغاز ہورہا ہے،  اس سال ہمارا ہدف 7کروڑ لوگوں کو ویکسین لگانے کا ہے۔40سال سےزائدعمرکے شہریوں کی ویکسین شروع ہورہی ہے ، حکومت نےویکسینیشن کاعمل مربوط حکمت عملی کیساتھ شروع کیاہے۔ ویکسین بنانےوالی کمپنی سے گزشتہ سال سے بات چیت چل رہی تھی، اب تک 3کروڑ ڈوزز کی ڈیل سائن کرچکے ہیں، 100 ملین کے قریب افراد کو ویکسین لگ سکتی ہے، باقی 18سال سے کم ہیں۔

     معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین بنانےوالی عالمی کمپنیوں کو بھی مشکلات کاسامناہے، دنیاکےامیرترین ممالک کو بھی اپنی ویکسینیشن ڈرائیو کو سلو کرنا پڑا ہے ، سنگل ڈوز چینی ویکسین کین سائنو کی فلنگ پاکستان میں شروع ہونیوالی ہے۔


     ہمارا 7کروڑ لوگوں کو اس سال ویکسین لگانے کا ہدف ہے ، ویکسین خریدنے اور لگانے کی حکمت عملی اب تک کامیاب رہی ہے، جون تک ہم 19ملین ڈوزز حاصل کرلیں گے۔ویکسین بنانےوالے بہت سے ممالک نےایکسپورٹ پر پابندی لگارکھی ہے، یہ کہنا بےبنیاد ہے کہ حکومت ویکسین صرف عطیات کی مد میں لےرہی ہے۔ویکسین بہت اہم ہے مگر وبا میں رکاوٹ ایس اوپیز پرعملدرآمد سے ہے، پاکستان میں ابتک 25لاکھ لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

  • بھارت؛3 ریاستوں کی ودھان اسمبلی کے انتخابات میں مودی کو دھچکا

    نئی دہلی(اے ایف بی) بھارت کی 5 ریاستوں مغربی بنگال، تامل ناڈو، کیرالا، آسام اور پڈوچیری کے ودھان اسمبلی کے انتخابات میں مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو 3 ریاستوں میں شکست کا سامنا ہے جب کہ دو ریاستوں میں انتخابی اتحاد کے باعث بہ مشکل سبقت حاصل کرسکی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 5 ریاستوں کی قانون ساز اسمبلی (ودھان) کے لیے ہونے والے الیکشن کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی جماعت ترنمول کانگریس، تامل ناڈو میں درا ویدیئن پروگریسیو فیڈریشن، کیرالہ میں لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ جب کہ آسام اور پڈوچیری میں بی جے پی کی سربراہی میں قائم انتخانی اتحاد ’نیشنل ڈیموکریٹک الائنس‘ نے میدان مار لیا ہے۔

    سب سے اہم اہمیت کا حامل الیکشن مغربی بنگال کا تھا جہاں 292 نشستوں میں 185 پر وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی جماعت ترنمول کانگریس نے کامیابی حاصل کرکے مودی کو شکست کی دھول چٹادی۔ بی جے پی 104 نشستیں جیت کر دوسرے نمبر پر رہی۔ اس ریاست میں انتخابی مہم کے دوران جھڑپوں میں ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔دوسرا بڑا انتخابی معرکہ تامل ناڈو میں ہوا جہاں 234 میں سے 138 نشستوں پر ’’ڈی ایم کے‘‘ نے فتح کے جھنڈے گاڑ دیئے جب کہ اپوزیشن جماعت نے 92 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ اس ریاست میں بی جے پی نہ ہونے کے برابر ہے۔

    اسی طرح کیرالہ میں 140 نشستوں کے لیے مقابلہ تھا جو بائیں بازو کی جماعت لیفٹ ڈیموکریٹک فیڈریشن نے 81 نشستیں جیت کر اپنے نام کرلیا۔ یونائیٹڈ ڈیموکریٹک پارٹی کو 50 نشستیں مل سکیں۔ یہاں بی جے پی کے 30 سے زائد سیاسی جماعتوں کے انتخابی اتحاد کو صرف 3 نشستیں مل سکیں آسام میں بی جے پی کے انتخابی اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس نے 77 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جب کہ یونائیٹڈ پروگریسیو الائنس نے 48 سیٹیں اپنے نام کیں اسی طرح پڈوچیری میں 30 میں 17 نشستیں مودی کے اتحاد اور 11 یونائٹڈ پروگریسیو الائنس نے حاصل کیں۔۔

  • بشیرمیمن کا یوٹرن ،وزیر اعظم سے ملاقات میں کسی خاص مقدمے پر گفتگو نہیں ہوئی

    اسلام آباد:(اے ایف بی) سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے مجھے کسی خاص مقدمے کے بارے میں نہیں کہا تھا۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بشیر میمن نے کہا کہ وزیراعظم سے دو سے تین منٹ کی ملاقات ہوئی جس میں کسی خاص مقدمے پر گفتگو نہیں ہوئی تھی، وزیراعظم صاحب نے میری تعریف کی اور کہا کہ تم یہ کام کرسکتے ہو کیونکہ تم باہمت ہو پروفیشنل ہو جاؤ اور یہ کام اچھی طرح کرو۔ اس دوران کسی خاص کیس پر بات نہیں ہوئی تھی، ان کا کہنا تھا کہ وہ جوڈیشل کمیشن بنانے کی بات کر رہے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن میں سچ اور جھوٹ ثابت ہو جائے گا۔ وزیر اعظم ہاؤس میں جانے اور آنے والے ہر شخص کا ریکارڈ ہوتا ہے۔

    دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم کی ذات پر الزام لگائیں۔ ہیڈلائنز بنائیں اور بعد میں آرام سے یو ٹرن لے لیں۔ اس حوالے سے ٹی وی چینل سے کہو تو میڈیا کی آزادی کو خطرہ ہو جاتا ہے اور اگر مہمان سے پوچھو تو سیاسی انتقام کا نعرہ لگا دیا جاتا ہے ، یہ سلسلہ بند ہونا ہو گا۔

    علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ بشیر میمن نے اپنے الزام واپس لے لئے ہیں۔ شکر ہے میمن صاحب کو اپنی غلطی کا اندازہ ہو گیا۔ٹویٹر پر ایک بیان میں انہوں نے کہا پچھلے کئی دنوں سے بشیر میمن جھوٹ بول رہے تھے۔ جیسے ہی ان کی ملوں کا حساب دینا پڑا تو خود ہی تھوک کر چاٹ لیا۔ اپنے الزام واپس لئے۔ وزیراعظم عمران خان پر پہلے بھی بہت لوگ حملہ آور ہوئے لیکن خان کا اللہ پر ایمان ہے خان محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا سچا عاشق ہے اور اللہ ہی خان کی حفاظت کرتا ہے

  • پنجاب میں مزدوروں کی کم سے کم اجرت 20 ہزار روپے مقرر

    لاہور (اے ایف بی) پنجاب میں مزدوروں کی کم سے کم اجرت20ہزارروپے مقرر کردی گئی ، حکومت آئندہ بھی مزدوروں کیلئےتاریخ سازاقدامات کرےگی، 7.25ارب سےٹیلنٹ اسکالرشپ ،شادی ،اموات پرگرانٹ دی جا رہی ہے جبکہ لاہور،ملتان،ننکانہ صاحب میں مزدوروں میں 1296 فلیٹس الاٹ کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے یوم مزدور کے موقع پر ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ یکم مئی محنت کش طبقےکی خدمات کا دن ہے، حکومت پسماندہ اور محنت کش طبقےکی فلاح و بہبودکیلئےکوشاں ہے، اسپتالوں میں مزدوروں، انکےاہلخانہ کو سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

    ،عثمان بزدار کا کہنا تھا کہانھوں نے کہا کہ کوروناکےپیش نظرمحنت کشوں کادن سادگی سےمنارہےہیں، وطن عزیزہم سےگھروں میں رہنےکاتقاضاکرتاہے، محنت کش ہمارےہیروہیں جورزق حلال کماکرمعیشت مضبوط کرتےہیں۔ 1886کو شکاگومیں محنت کشوں نے حقوق کیلئےلازوال قربانیاں دیں، یہ دن جبرواستبدادکےخلاف شکاگوکےشہداکی جدوجہدیاددلاتا ہے، دین اسلام محنت کش کی عظمت اورفلاح وبہبودکادرس دیتاہے۔انھوں نے مزید کہا کہ نیا پاکستان محنت کشوں اورمزدوروں کاپاکستان ہے، ماضی میں محنت کشوں کووعدوں پرٹرخایاگیا، سابق ادوارمیں مزدوروں کی فلاح کیلئےعملی اقدامات نہیں کئے گئے۔