Month: June 2021

  • گورنرپنجاب کی اوورسیزپاکستانیوں کیلئے اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کی تجویز


    لاہور :(اے ایف بی )گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور نے اوورسیزپاکستانیوں کیلئےاسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کی تجویز دے دی اور کہا ہم چاہتےہیں آئندہ عام انتخابات کی شفافیات پرکوئی بھی انگلی نہ اٹھاسکے۔تفصیلات کے مطابق گورنرپنجاب چوہدری محمدسرورسےپارٹی رکن ندیم افضل چن سمیت پارٹی وفودکی ملاقاتیں ہوئیں ، ملاقاتوں میں گورنرپنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کی تجویز دے دی۔

    چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان کو پہلی مرتبہ عمران خان جیسا مخلص اور ایماندار لیڈر ملاہے، وزیر اعظم ہمیشہ ملک و قوم کےمفادمیں سخت فیصلے کرتے ہیں، سیاسی مخالفین جتنی مر ضی اے پی سیزبلا لیں الیکشن وقت پرہی ہوں گے۔گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سمیت کوئی طاقت وزیر اعظم کودباوؤمیں نہیں لاسکتی، انتخابی اصلاحات پراپوزیشن کومیں نہ مانوں کی ضدچھوڑدینی چاہیے،ہم چاہتےہیں آئندہ عام انتخابات کی شفافیات پرکوئی بھی انگلی نہ اٹھا سکے ۔آج سیاسی مخالفین کےسواہر کوئی ملکی معاشی ترقی کااعتراف کررہا ہے لیکن اپوزیشن کااوورسیزپاکستانیوں کوووٹ کاحق دینےکی مخالف کرنا جمہوریت کی نفی ہے۔

  • سرکاری سکولوں میں تعینات اساتذہ کیلئے بڑی خوشخبری

    لاہور(اے ایف بی) سرکاری سکولوں میں تعینات اساتذہ کی رولز میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ایم اے ایجوکیشن کی ڈگری رکھنے والے اساتذہ پر بی ایڈ یا ایم ایڈ ڈگری کرنے کی شرط ختم کر دی گئی، کوالیفیکیشن ایکوالینس کمیٹی نے شرط ختم کرنے کی سفارش کی تھی۔ اس حوالے سے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے محکمہ سکولز کو مراسلہ جاری کر دیا۔محکمہ سکولز ایجوکیشن بی ایڈ یا ایم ایڈ کی شرط ختم کرنے کیلئے سروس رولز میں ترامیم کی سمری ارسال کرے گا۔

    واضح رہے کہ قبل ازیں پارٹ ٹائم سرکاری سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کو اعزازی تنخواہ دینے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔تحریک انصاف کے ” آفٹر نون سکول” پروگرام میں اساتذہ کو 18 سے 20 ہزار روپے تک کا اعزازیہ دینے کی منظوری دے دی گئی تھی۔

    اس پروگرام کے تحت پڑھانے والے اساتذہ کو الگ سے اعزازی تنخواہ دینے کی منظوری دی گئی ۔مڈل سکول کے ہیڈ کو 18اور ٹیچر کو 15 ہزار روپے اعزازی تنخواہ ملے گی ۔ہائی سکول کے ہیڈ کو 20 ہزار اور ٹیچر کو 18 ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا ۔نان ٹیچنگ سٹاف کو ماہانہ 7 ہزار روپے کا اعزازیہ دینے کی منظوری دی گئی ۔پارٹ ٹائم سکول پروگرام میں اساتذہ کے لیے مجموعی طور پر 12 ارب روپے کا فنڈ منظور کیا گیا تھا

  • کورونا ویکسین کی قلت؛ پنجاب اور سندھ میں ویکسینیشن سینٹر ایک روز کے لیے بند

    لاہور / اسلام آباد / کراچی / اسلام آباد(اے ایف بی ) کورونا ویکسین کی قلت کے باعث پنجاب اور سندھ میں ویکسینیشن سینٹر ایک روز کے لیے بند کردیئے گئے ہیں۔ ملک میں کورونا ویکسی نیشن کے باعث لاہور سمیت پنجاب بھر میں قائم خصوصی ویکسی نیشن سینٹرز اور اسپتالوں میں کورونا ویکسین کا ذخیرہ ختم ہوگیا ہے، جس کے باعث ایک روز کے لیے ویکسی نیشن کا عمل روک دیا گیا ہے۔ لاہور کے ایکسپو سینٹر میں بیرون ملک جانے والے شہریوں کو ویکسین کے لیے ایک ہفتے بعد آنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

    سندھ حکومت کی ٹاسک فورس نے بھی گزشتہ روز اجلاس میں ہی صوبے بھر کے ویکسی نیشن سینٹر ایک روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ روسی ویکسین ’اسپوتنک وی‘ جون کے آخری ہفتے میں آجائے گی، اس کے علاوہ 21 جون کو سائینو ویک کی 15 لاکھ خوراکیں، 23 جون کو کینسائینو کی 7 لاکھ اور پاک ویک کی 4 لاکھ خوراکیں صوبے کو مل جائیں گی۔ اسلام آباد میں بھی ویکسین لگوانے کے لیے آنے والے شہریوں کو واپس بھیجا جانے لگا ہے۔

    دوسری جانب این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ دو دنوں سے ملک کے بڑے ویکسینیشن سینٹرز میں ویکسین کی قلت کی خبریں آ رہی ہیں۔ 15 لاکھ ویکسین کی کھیپ آج پہنچ رہی ہے جبکہ اگلے 10 روز میں ملک میں مزید 50 لاکھ کورونا ویکسین کی خوراکیں پہنچ جائیں گی۔اسد عمر نے کہا کہ 12 سے 18 جون کے دوران ملک بھر میں 23 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگائی گئی، اس طرح یومیہ تین لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی گئی۔ اگلے ہفتے پاکستان میں کورونا ویکسینیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہوگا۔

  • لاہور میں اپنی ذمہ داری پر کورونا ویکسین لگوانے کے حلف نامے لیے جانے لگے

    لاہور(اے ایف بی )ایکسپو سنٹر لاہور میں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں سے ویکسین لگوانے کے لیے حلف نامے پر دستخط کی شرط لگادی گئی۔ویکسین سنٹر کے عملے نے ہر شخص سے انگریزی میں حلف نامہ لینا شروع کردیا جس کے مطابق اگر کسی بھی شخص کو ویکسین سے ری ایکشن ہوا تو اس کا ذمہ دار وہ خود ہوگا طبی عملہ، محکمہ صحت اور حکومت نہیں ہوگی۔ یہ حلف نامہ 40 سال اور اس سے کم عمر افراد سے لیا جارہا ہے۔ جو لوگ پڑھے لکھے نہیں ان سے دستخط کی بجائے حلف نامے پر انگوٹھے لگوائے جارہے ہیں۔

    ویکسین لگوانے افراد نے اس حلف نامے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس ویکسین کے مضر اثرات ہیں تو پہلے بتانا چاہیے تھا اور تشہیر کرنی چاہیے تھی۔ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق ایکسپو سنٹر اب شام 6 بجے کی بجائے رات 8 بجے تک کھلا رہے گا۔ ڈرائیو تھرو پر آج بھی ویکسینیشن کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا تھا کہ ہر شخص اپنی ذمہ داری پر کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائے، ہر ویکسین کے مختلف سائیڈ ایفیکٹس ہوتے ہیں۔

  • انٹر کے طلبا کو بھی وسیلہ تعلیم پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد(اے ایف بی )حکومت نے وسیلہ تعلیم پروگرام میں گیارہویں اور بارہویں کے کے طلبا کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی حکومت نے گیارہویں اور بارہویں کے طلبہ و طالبات کو بھی وسیلہ تعلیم پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اور احساس اسٹیرنگ کمیٹی نے ہائیر سکینڈری طلبہ و طالبات کو پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائیر سکینڈری طلبہ و طالبات کو پروگرام میں شامل کرنے کی حتمی منظوری احساس بورڈ دے گا، احساس بورڈ کا اجلاس 24 جون کو طلب کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پروگرام میں شمولیت سے فرسٹ ایئر و سکینڈ ایئر کے طلبہ کو سہ ماہی بنیادوں پر 3500 روپے وظیفہ دیاجائے گا، جب کہ گیارہویں اور بارہویں کی طالبات کو سہ ماہی بنیاد پر 4000 روپے وظیفہ دیا جائے گا، وسیلہ تعلیم پروگرام میں ہائیر سکینڈری ایجوکیشن کی شمولیت کیلئے پانچ ارب روپے مختص ہوں گے۔

  • حکومتی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین ایک دوسرے پر پھٹ پڑے

    اسلام آباد(اے ایف بی ) حکومتی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین آپس میں الجھ پڑے جب کہ اتحادی جماعت کے اراکین کی بھی حکومتی ارکان سے تلخ کلامی ہوئی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل حکومتی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس کی وزیراعظم عمران خان کے بجائے وزیردفاع پرویز خٹک نے کی، جب کہ اجلاس میں پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان شریک ہوئے۔اجلاس میں گزشتہ دنوں قومی اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی اور بجٹ بحث اور حکمت عملی پر مشاورت کی گئی، ایوان کی کاروائی کو بہتر بنانے کے حوالے سے حکمت عملی طے ہوئی، اپوزیشن کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بھی بات چیت ہوئی جب کہ رواں اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے احتجاج پر حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری اور تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی اعوان کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔ شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ ہمیں اتنا ہنگامہ نہیں کرنا چاہیئے تھا، جب کہ علی اعوان کا کہنا تھا کہ مخالفین ہماری خواتین کو گالی دیں اور زخمی کریں تو کیا ہم خاموش رہیں۔ اجلاس میں شریک شاہد خٹک کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تنقید ضرور سنیں گے لیکن توہین برداشت نہیں کریں گے۔اجلاس میں بعض ارکان نے رائے دی کہ بجٹ اجلاس کے دوران جارحانہ حکمت عملی کے بجائے مفاہمتی پالیسی اپنائی جائے، بجٹ پاس کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے، افہام و تفہیم کے ساتھ چلنا چاہئیے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پی ٹی آئی اور اتحادی ارکان کے درمیان بھی تلخ کلامی ہوئی، رکن قومی اسمبلی اسلم خان کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں کا رویہ منافقانہ ہے۔ جس کے جواب میں رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ ہر بات میں اتحادی جماعتوں کو ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے، اگر اتحادیوں سے اتنا ہی مسلئہ ہے تو کھل کر بتائیں۔اجلاس میں رکن اسمبلی فہیم خان بھی اپنی نشست پر کھڑے ہو گئے اور کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے ہماری حکومت کے بارے میں نازیبا زبان آپ سب نے سنی۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ہمیں تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ فہیم خان نے کہا کہ جو الفاظ استعمال کیے گئے اس پر کوئی غیرت مند خاموش نہیں رہ سکتا۔

  • تحریک انصاف کے ایم پی اے بلال اصغر وڑایچ کی گریجویشن ڈگری بوگس قرار

    لاہور(اے ایف بی )جامعہ پنجاب نے تحریک انصاف کےوزیریوتھ افیئرزبلال اصغروڑایچ کی گریجویشن ڈگری بوگس قراردے دی اور کہا بلال اصغروڑائچ نے جامعہ پنجاب کوجھوٹی معلومات فراہم کرکےدھوکہ دیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے وزیریوتھ افیئرزبلال اصغروڑایچ کی جعلی ڈگری کے معاملے پر جامعہ پنجاب نے رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں جامعہ پنجاب نےایم پی اےبلال اصغروڑائچ کی گریجویشن ڈگری بوگس قرار دی ، عدالتی حکم پرجامعہ پنجاب کی جانب سے5صفات پرمشتمل رپورٹ جمع کروا دی گئی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جامعہ پنجاب کی ڈسپلنری اورڈگری کمیٹی نےتمام پہلوؤں کاجائزہ لیا، ایم پی اےبلال اصغروڑائچ قصور وارقرارپائےہیں ، ان کی گریجویشن کی ڈگری ختم کی جاتی ہے۔رپورٹ کے مطابق بلال اصغروڑائچ نےجامعہ پنجاب کوجھوٹی معلومات فراہم کرکےدھوکہ دیا، فیصل آبادانٹرمیڈیٹ بورڈکی رپورٹ کیمطابق انٹرمیڈیٹ کی ڈگری جعلی ہے، 1996میں بلال اصغروڑایچ کوانٹرمیڈیٹ کارزلٹ کارڈہی جاری نہیں کیاگیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ بلال اصغروڑائچ نے انٹرمیڈیٹ 1995میں پاس ہونےکارزلٹ کارڈجمع کروایا، رزلٹ 1995کانہیں بلکہ 1996کی سپلیمنٹری امتحانات کا رزلٹ ہے ، 1996میں انٹرمیڈیٹ پاس کرنےوالا1997میں جامعہ پنجاب نے کہا جعلی ڈگری کی بناپرگریجویشن کےامتحان دیناخلاف ضابطہ ہے، کمیٹی نےموقف سننے کیلیے8مرتبہ بلال اصغر کوطلبی کانوٹس کیا مگرپیش نہ ہوئے۔گریجویشن امتحان کااہل نہیں۔

  • سکولوں میں کورونا کیسسز بڑھنے کا خدشہ

    لاہور(اے ایف بی ) سکولوں میں کورونا ٹیسٹ روک دیئے گئے، 31 مئی کے بعد پنجاب کے کسی ایک سکول میں بھی اساتذہ و بچوں کے کرونا ٹیسٹ نہ ہوسکے جس کے باعث سکولوں میں کورونا کیسسز کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر 31 مئی کو پنجاب بھر کے سکولوں کو نہم دہم کیلئے کھول دیا گیا تھا۔ذرائع کیمطابق کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر سکولوں میں اساتذہ و طلباء کے کورونا ٹیسٹ نہیں کروائے جارہے جبکہ کورونا کی دوسری اور تیسری لہر کے بعد سکولوں میں ٹیسٹ روزانہ کی بنیاد پر کیے جاتے تھے۔

    اساتذہ کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ نہ ہونے سے سکولوں میں کورونا کی صورتحال کا پتہ نہیں لگ رہا جس کے باعث سکولوں میں کرونا کیسسز کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔واضح رہے کہ ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں میں نمایاں کمی ہو گئی ہے تاہم اموات کا سلسلہ مکمل طور پر تھما نہیں۔ شہر میں کورونا وائرس میں مبتلا 11 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے 274 مریض داخل ہیں،

    کورونا وائرس میں مبتلا 70 مریضوں کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے جو وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔ ملکی مجموعی صورتحال کی بات کریں تو موذی وبا کورونا وائرس کے سبب ملک بھرمیں مزید59 افراد انتقال کر گئے جبکہ کورونا مریضوں کے838 نئےکیسز سامنے آئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.39فیصد ہوگئی ہے۔

  • حریم شاہ نے اپنی حریف کوایک کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا؟

    لاہور(اے ایف بی) ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ نے حریف عائشہ ناز کو لیگل نوٹس بھجوا دیا۔ حریم شاہ کی جانب سےعائشہ ناز کو بے بنیاد مقدمہ واپس لینے اور ایک کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا نوٹس بھجوا دیا گیا۔ حریم شاہ نے ملتان سے اپنے کونسل ریحان خالد جوئیہ کے توسط سے لیگل نوٹس بھجوایا ہے۔

    عائشہ ناز کے خلاف تھانہ گولڑہ شریف میں مقدمہ نمبر 164/21 زیر دفعہ 452،506 اور 354 ت پ 20 مارچ 2021 کو درج کرایا، عائشہ ناز اپنے ایک ساتھی بہادر شاہ آفریدی کے ہمراہ حریم شاہ کے گھر میں زبردستی گھس آئی تھی ، ملزم نے حریم شاہ کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا اور بری طرح زدو کوب کیا تھا، شور پر اہل علاقہ اکھٹے ہوگئے جنہیں دیکھ کر ملزمان موقع سے رفو چکر ہو گئے۔

    مقدمہ کا دفاع کرنے کے لیے عائشہ ناز نے تھانہ ٹیکسلا میں ایف آئی آر نمبر 447/21 زیر دفعہ 406 (20) اپریل 2021 کو درج کرائی، وکیل ریحان خالد کا موقف ہے کہ اسلام آباد کے ایک پراپرٹی ڈیلر سفیان ابراہیم کو حریم شاہ نے متعارف کرایا، عائشہ ناز کا مقدمہ میں موقف ہے کہ حریم شاہ کے کہنے پر 15 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی، عائشہ ناز نےمقدمہ میں الزام لگایا ہے کہ ملزم رقم واپس کرنے سے انکاری اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔

  • انٹر اور میٹرک امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جاری

    لاہور(اے ایف بی ) تعلیمی بورڈ نے دہم اور بارہویں کی ڈیٹ شیٹ جاری کردی۔ تعلیمی بورڈ نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحان کا شیڈول تیار کرلیا، بارہویں جماعت کے امتحان کا آغاز 10 جولائی سے ہوگا۔ دہم جماعت کے امتحان کا آغاز 29 جولائی سے ہوگا، گیارہویں کے امتحان 12 اگست اور نہم کے 28 اگست شروع ہوں گے، نتائج کا اعلان پیپر ختم ہونے کے 75 دنوں بعد کیا جائے گا۔

    انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کا پہلا پیپر 10 جولائی کوسائیکالوجی کا ہوگا، 12 کو کیمسٹری، 13 کو سوکس ،14 کو ایجوکیشن کا پیپر ہوگا۔15جولائی کو پنجابی ، 16 کو سوکس اور17 اسلامیات کا پیپر ہوگا، 19 جولائی اکنامکس اور 27 کو بیالوجی اور حساب کا پیپر ہوگا۔ میٹرک کا پہلا پیپر 29 جولائی کو عربی کا ہوگا، 30 جولائی کو کیمسٹری،31 کو سوکس کا پیپر ہوگا۔ 2اگست کو ایجوکیشن اور 3 اگست کو حساب کا پیپر ہوگا، 9 اگست کو آخری پیپر حساب اور کمپیوٹر سائنس کا ہوگا۔ڈیٹ شیٹ کا حتمی فیصلہ پی بی سی سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔