Month: March 2022

  • جوہری ہتھیار استعمال کرنے سے دریغ نہیں کریں گے؛روس

    ماسکو(اے ایف بی)روس نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس کے وجود کو خطرہ لاحق ہوا تو جوہری ہتھیار استعمال کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان کریملن نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی سے متعلق ہمارے اصول متعین اورپبلک ہیں اور جوہری ہتھیار متعین اصولوں کے تحت استعمال کریں گے۔دوسری جانب امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے اس حوالے سے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کا ممکنہ استعمال تباہ کن ہو سکتا ہے۔جان کربی نے کہا کہ کسی ذمہ دارجوہری ملک کو اس طرح کامظاہرہ نہیں کرنا چاہیے

  • سکولوں میں نیا داخلہ لینے والے بچوں کیلئے بری خبر

    لاہور(ویب ڈیسک) مختلف سرکاری سکولوں میں نئے داخل ہونے والے ہزاروںطالبعلم کتابوں سے محروم، سوا لاکھ کتابوں کی فوری ضرورت ،سٹوڈنٹس بازار سے کتابیں خریدنے پر مجبور ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق سکولوں میں نئے داخل ہونے والے بیشتر طالب علموں کیلئے مختلف جماعتوں کی کتابیں ہی موجود نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق پرائمری سکولوں میں نرسری ،پریپ ،پہلی، دوسری، چوتھی اور پانچویں جماعت کی بیشر کتابیں شارٹ ہیں۔ایلیمنٹری سکولوں میں چھٹی ،ساتویں اور آٹھویں جماعت کے نئے نصاب کی تاحال دستیابی بھی ممکن نہ بنائی جاسکی۔اس کے علاوہ ہائی سکولوں میں بھی نہم ودہم کی کمپیوٹر، کیمسٹری ، میتھ اور بائیو کی کتابیں دستیاب نہیں ہیں۔سکولوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کو کتابوں کی ڈیمانڈ بھجوا دی ہے۔دوسری جانب ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اینرولمنٹ بڑھنے کی وجہ سے سکولوں میں کتابوں کی کمی ہوئی ہے۔ ہم نے ڈیمانڈ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کو بھجوادی ہے

  • آج ملک بھر میں یوم پاکستان منا یا جائے گا

    اسلام آباد(اے ایف بی)آج ملک بھر میں یوم پاکستان منایا جائے گا۔ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی سالگرہ کا سال ہونے کی وجہ سے 82 واں یوم پاکستان اور پریڈ منفرد و خاص اہمیت کی حامل ہے۔یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈ کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں تینوں مسلح افواج حصہ لیں گی ۔اس سال کی ایک خاص بات جدید ترین جے 10 جنگی طیاروں کا فلائی پاسٹ ہے جس کے ساتھ ساتھ ایوی ایشن فلائی پاسٹ بھی ہو گا۔ ایس ایس جی کے کمانڈوز فری فال کا مظاہرہ پیش کریں گے۔ اسی طرح جے 10 جنگی طیارے حال ہی میں پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے کا حصہ بنے ہیں۔ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔علاوہ ازیں دوست ممالک کے دستے بھی پریڈ کا حصہ ہونگے۔ او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کو بھی یوم پاکستان پریڈ میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔

  • سکول ایجوکیشن کااساتذہ کیخلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ

    لاہور(اے ایف بی)سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نےسنگل نیشنل کریکولم پر ٹریننگ حاصل نہ کرنے والے اساتذہ کیخلاف کاروائی کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ایس این سی ٹریننگ کرنے والے اساتذہ سے سرٹیفکیٹ مانگ لیا۔اب سکول انفرمیشن سسٹم سے اساتذہ اپنے ٹریننگ سرٹیفیکیٹ ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔ 95 فیصد سے کم حاضری والے اساتذہ بھی اپنا سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ ٹریننگ نہ لینے والے اساتذہ کو فیس ٹو فیس لاہور میں ٹریننگ کرنا پڑے گی ۔ سکول ایجوکیشن ڈیپاٹمنٹ کے مطابق تمام اساتذہ کیلئے یکم اگست سے ایس این سی پر ٹریننگ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

  • الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم سمیت 5 وزرا پر جرمانہ عائد کردیا

    اسلام آبا(اے ایف بی )الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وزیر اعظم سمیت 5 دیگر وزرا پر الیکشن کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عوامی جلسے سے خطاب کرنے پر 50،50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔الیکشن کمیشن کے ترجمان ہارون شنواری کا کہنا ہے کہ 16 مارچ کو الیکشن کمیشن کے انتباہ کے باوجود وادی سوات میں عوامی جلسے سے خطاب کرنے پر سوات کے ضلعی مانیٹرنگ افسر نے وزیر اعظم عمران خان سمیت وفاقی و صوبائی وزرا پر جرمانہ عائد کیا ہے۔وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید اور صوبائی وزرا ڈاکٹر امجد علی محب اللہ پر بھی جرمانہ کیا گیا ہے۔وزیر اعظم کی جانب سے الیکشن کمیشن کے منع کرنے باوجود بھی ریلی نکالی گئی تھی۔حکومت کی جانب سے سرکاری عہدیداران اور منتخب نمائندوں پر سے پابندی ہٹاتے ہوئے گزشتہ ماہ جاری کردہ متنازعہ ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ 2017 کے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے انہیں انتخابی مہم چلانے اورحلقوں کا دورہ کی اجازت دی گئی تھی۔قبل ازیں، حکومت الیکشن کمیشن کے نوٹس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر چکی ہے۔دریں اثنا، مانسہرہ کے مانیٹرنگ افسر کی جانب سےوزیر اعظم کو نوٹس جاری کیا گیا جس میں 25 مارچ کو مانسہرہ جلسے سے خطاب کرنے سے منع کیا گیا ہے۔،

  • منحرف اراکین سے متعلق صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر

    اسلام آباد(اے ایف بی) اٹارنی جنرل آف پاکستان نے صدر مملکت کی منظوری کے بعد آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کر دیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 186کے تحت سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔صدر مملکت عارف علوی نے وزیرِ اعظم کے مشورے پرسپریم کورٹ کی رائے مانگی، ریفرنس کچھ ممبران پارلیمنٹ کے انحراف کی خبروں، موجودہ حالات کے پیش نظر فائل کیا گیا ہے۔صدارتی ریفرنس میں آرٹیکل 63 کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ سے 4 سوالوں کا جواب مانگا گیا ہے۔کیا پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے سے نہیں روکا جا سکتا؟ پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ شمار نہیں ہو گا، کیا ایسا ووٹ ڈالنے والا تاحیات ناناہل ہوگا؟،کیا منحرف ارکان کا ووٹ گنتی میں شمار ہو گا؟،پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے والا رکن صادق اور امین نہیں رہے گا تو کیا ایسا ممبر تاحیات نااہل ہو گا؟،فلور کراسنگ یا ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے مزید کیا اقدامات ہو سکتے ہیں؟۔ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صدارتی ریفرنس میں صدر کی نمائندگی میں کر رہا ہوں، ریفرنس میں منحرف ممبران سے متعلق سوالات ہیں۔خالد جاوید خان نے بتایا کہ بنیادی سوال یہ ہے کیا منحرف اراکین تاحیات نااہل ہوں گے؟ منحرف اراکین کے ووٹ کی کیا وقعت ہوگی؟ منحرف اراکین کا ووٹ گنتی میں شامل ہوگا یا نہیں یہ دیکھنا ہے۔ سپریم کورٹ نے سیاسی جماعتوں کے لیڈرز کو وکلا کے ذریعے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔واضح رہے کہ ہارس ٹریڈنگ کیخلاف آرٹیکل 63اے کی تشریح کیلئے آج سپریم کورٹ میں پیش کیے جانے والے ریفرنس کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے جس کے اہم نکات سامنے آ گئے ہیں۔صدارتی ریفرنس میں سپریم کورٹ سے 4 سوالوں کا جواب مانگا گیا ہے، ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 63 اے کی کونسی تشریح قابلِ قبول ہے؟ کیا پارٹی پالیسی کیخلاف ووٹ دینے سے نہیں روکا جا سکتا؟ریفرنس کے مسودہ میں کہا گیا ہے کہ پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ شمار نہیں ہوگا، کیا ایسا ووٹ ڈالنے والا تاحیات نااہل ہوگا؟ کیا منحرف ارکان کا ووٹ شمار ہوگا یا گنتی میں شمار نہیں ہوگا؟مسودہ میں سوال ہے کہ پارٹی پالیسی کیخلاف ووٹ دینے والا رکن صادق اور امین نہیں رہے گا تو کیا ایسا ممبر تاحیات نااہل ہوگا؟ فلور کراسنگ یا ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے مزید کیا اقدامات ہو سکتے ہیں؟ریفرنس کے مسودہ میں آرٹیکل 63اے میں نااہلی کی مدت کا تعین نہیں کیا گیا۔

  • ڈالر کی قیمت میں اضافہ ، تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

    کراچی (اے ایف بی) انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز 63 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز ڈالر کی قیمت میں 63 پیسے اضافہ ہوا جس کےبعد ڈالر 181.20 روپے کی سطح پر ٹریڈ ہو رہا ہے

  • نامور بھارتی اداکارہ خطرناک کار حادثے میں ہلاک

    ممبئی(اے ایف بی)جنوبی بھارت کی تامل فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ گایتری المعروف ڈولی ڈی کروز 26 سال کی عمر میں خطرناک ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ڈولی ہولی منانے کے بعد دوست کے ہمراہ گھر لوٹ رہی تھیں کہ رفتار تیز ہونے کے باعث گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی جس سے گاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرائی اور الٹ گئی۔اداکارہ کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں ڈولی کی دوست 38 سالہ خاتون نے بھی موقع پر ہی دم توڑ دیا۔گایتری کا اصل نام ڈولی ڈی کروز تھا، انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل ’جلسا رائیڈو‘ اور انسٹاگرام پر اپنی پوسٹس کے ذریعے شہرت حاصل کی۔بعد ازاں انہیں ویب سیریز ’میڈم سر میڈم انتھے‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے کا موقع ملا جس سے ان کی پذیرائی میں اضافہ ہوا

  • مکان کی چھت گرنے سے باپ اپنے 2 کمسن بچوں سمیت جاں بحق

    سوات (اے ایف بی) مردان میں مکان کی چھت گرنے سے باپ اپنے 2 کمسن بچوں سمیت جاں بحق ہوگیا، ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے تینوں لاشوں کو ملبے سے نکال لیا ۔مردان کے علاقہ طورو سواڑیان کے قریب فقیر آباد میں لیاقت نامی شخص کے کچے مکان کی شہتیر اچانک ٹوٹ گئی جس سے کمرے کی چھت گر گئی، کمرے میں موجود لیاقت اپنی 5 سالہ بیٹی اور 3 سالہ بیٹے سمیت ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے، ریسکیو اہلکاروں اور مقامی افراد نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے تینوں لاشوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کردیا۔جاں بحق ہونے والا لیاقت چار بچوں کا باپ تھا، حادثے سے 8 سالہ بیٹا اور 6 سالہ بیٹی معجزانہ طور پر بچ گئ

  • تحریک عدم اعتماد پر جوڑ توڑ کا فائنل راؤنڈ شروع

    اسلام آباد(اے ایف بی) متحدہ اپوزیشن کی قیادت ق لیگ، ایم کیو ایم اور باپ پارٹی کے ساتھ روابط تیز کردیئے۔ اسپیکر اسد قیصر کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کیے جانے کے بعد تحریک عدم اعتماد پر جوڑ توڑ کا فائنل راونڈ شروع ہوگیا ہے، اور متحدہ اپوزیشن کی قیادت کی جانب سے حکومتی اتحادی جماعتوں ق لیگ، ایم کیو ایم اور باپ کے ساتھ رابطے تیز کردیئے گئے ہیں، اور اتحادیوں کے مطالبات تسلیم کرنے میں حتمی پیش رفت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتیں اگر متحدہ اپوزیشن کے ساتھ کھڑی ہوئیں تو 25 مارچ کے بعد ان کے وزراء مستعفی ہو جائیں گے، اور انہیں اپوزیشن کا ساتھ دینے کی صورت میں مستقبل کی حکومت میں موجودہ سے زیادہ شیئر ملنے کا قوی امکان ہے۔دوسری جانب تحریک عدم اعتماد کی نمبر گیم میں بھی تبدیلی ہورہی ہے، حکومت اور اپوزیشن کی گنتی میں جمع تفریق کا عمل جاری ہے، اس سارے معاملے میں ترین گروپ اور ق لیگ کی اہمیت بڑھ گئی ہے، دونوں جماعتوں کی قیادت اور رہنماؤں کے متحدہ اپوزیشن کے ساتھ روزانہ رابطے ہو رہے ہیں، اور دونوں جماعتوں کا واضح جھکاؤ اپوزیشن کی جانب ہے، تاہم ترین گروپ نے حکومت کیلئے اب بھی مشروط دروازے کھول رکھے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اگر وزیر اعلی پنجاب کی تبدیلی پر رضامند ہوتے ہیں تو ترین گروپ کے چند صوبائی ارکان حکومتی صفوں میں واپس جا سکتے ہیں، تاہم ترین گروپ کے تمام ارکان ہر نوعیت کے حتمی فیصلے کا اختیار جہانگیر ترین کو دے چکے ہیں اور سب جہانگیر ترین کے اعلان کے منتظر ہیں۔