Author: irfantv1

  • پاکستان میں اومی کرون کا خطرہ، محکمہ صحت پنجاب حکام کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت

    لاہور ( اے ایف بی) پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ اومی کرون کے پھیلنے کا خطرہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کا حکم جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اومی کرون سے بچاؤ سےمتعلق کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو اومی کرون سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے محکمہ صحت کے حکام کو ہمہ وقت چوکس رہنے کا حکم بھی دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بیرون ملک سےآنے والے مسافروں کی فول پروف اسکریننگ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی اقدامات ضروری ہیں، ویکسی نیشن کی دوسری خوراک اوربوسٹرڈوزیقینی بنائی جائے۔

    علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے بھر میں ویکسی نیشن مہم کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کے شہر کراچی میں عالمی وبا کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ اومی کرون کا مشتبہ کیس سامنے آیا تھا۔ جس کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اومیکرون کے خطرے کے پیش نظر کورونا ویکسینیشن سے متعلق سخت اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبوں کو ویکسینیشن کےاہداف کے حصول کی ہدایت کی تھی۔

    این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اومی کرون کے تناظر میں ویکسینیشن میں اضافہ ناگزیر ہے، اومی کرون کا پھیلاؤ روکنے کا واحد حل کورونا ویکسینیشن ہے۔ واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کا نیا ویرئینٹ اومی کرون دنیا کے درجنوں ممالک میں پھیل چکا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور اسے کورونا وائرس کی سب سے زیادہ خطرناک قسم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ کورونا وائرس کی یہ نئی قسم صرف 15 سیکنڈ میں منتقل ہو جاتی ہے۔

  • بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4 روپے 74 پیسے کا اضافہ

    اسلام آباد(اے ایف بی) نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4 روپے 74 پیسے کا اضافہ کردیا۔ نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی کی درخواست پر بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4 روپے 74 پیسے کا اضافہ کردیا ہے۔بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، بجلی کے صارفین سے اضافی بوجھ دسمبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔

    بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین پر 60 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا تاہم اس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے درخواست پر سماعت یکم دسمبر کو ہوئی تھی۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اکتوبر کے مہینے میں بجلی کی مخلوط ایندھن سے پیداوار کا نتیجہ ایندھن کی 44 ارب روپے اضافی لاگت کی صورت میں نکلا جب کہ 16 ارب روپے کا اضافہ بین الاقوامی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہوا۔

  • سیالکوٹ واقعہ پرعلما کرام کا جمعہ کو یوم مذمت منانے کا اعلان

    اسلام آباد(اے ایف بی) علما کرام کے وفد نے اسلام آباد میں سری لنکا کے ہائی کمشنرسے ملاقات کی اورسیالکوٹ واقعہ پراظہارتعزیت کیا۔ڈاکٹر قبلہ ایاز، علامہ تقی عثمانی، علامہ عارف واحدی، قاری حنیف جالندھری، علامہ امین شہیدی، عبدالخبیر آزاد،ابوالخیر زبیر، حامد سعید کاظمی اور علامہ ساجد میر سمیت دیگر علما کرام پرمشتمل وفد نے سیالکوٹ واقعے پر سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے ورکرما سے اظہار تعزیت کیا۔

    معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ سانحہ سیالکوٹ نے تمام مکاتب فکر سمیت پورےے ملک کو ہلا کررکھ دیا ہے۔ سری لنکا برادرملک ہے۔ توقع ہے اس واقعہ سے پاکستان اورسری لنکا کے تعلقات خراب نہیں ہوں گے۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایازکا کہنا تھا کہ سانحہ سیالکوٹ میں ملوث افراد کوسخت سے سخت سزا دی جائے گی۔قاری حنیف جالندھری نےواقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا علما کرام جمعہ 10دسمبر کو یوم مذمت منائیں گے۔ تمام مساجد اورامام بارگاہوں میں سانحہ سیالکوٹ کی مذمت کی جائیگی۔

    علامہ طاہراشرفی نے کہا کہ پاکستان کے تمام مکاتب فکرکے جید علما کرام نے سری لنکا کے ہائی کمشنرسے تعزیت کی ہے۔ سری لنکا کویقین دلاتا ہوں کہ ہم انصاف دلائیں گے۔حامد سعید کاظمی کا کہنا تھا کہ اس سانحہ پر غمگین ہیں۔سینیٹرپروفیسرساجد میر نے سیالکوٹ سانحے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔علامہ عارف واحدی نے کہا کہ یہ شدت پسندی پاکستان اوراسلام کے ساتھ دشمنی ہے۔سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے ورکرما کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان نے متعدد بار ضرورت میں ہماری مدد کی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کے لیے نئی مشکل

    اسلام آباد (اے ایف بی)پاکستان تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئی ہے۔ ایک غیر رسمی گفتگو میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صحافیوں کو بتایا کہ مطابق کمیشن نے ان کیمرا اجلاس جمعرات کو طلب کر لیا یے جس میں رپورٹ کھول کر اس کا جائزہ لیا جائے گا اس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ سلطان راجہ نے بتایا کہ سیل شدہ رپورٹ موصول ہو چکی ہے اور جمعرات کو اس کا جائزہ لیا گا۔پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن اکبر ایس بابر نے 2014 میں پارٹی فنڈز میں بے ضابطگیوں کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی۔

    فان فنڈنگ کیس کیا ہے؟
    اکبر ایس بابر نے الزام عائد کیا کہ 2 آف شور کمپنیوں کے ذریعے لاکھوں ڈالرز پی ٹی آئی کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے اور تحریک انصاف نے یہ بینک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے خفیہ رکھے۔اس کے بعد تحریک انصاف نےپارٹی فنڈز کی چھان بین سے متعلق الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر دیا۔تقریبا ایک سال بعد الیکشن کمیشن نے 8 اکتوبر 2015 کو تحریک انصاف کے اعتراض مسترد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا کہ الیکشن کمیشن کو پارٹی فنڈز کی چھان بین کرنے کا اختیار ہے۔ ایک ماہ بعد پی ٹی آئی نے اس فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

    17 فروری 2017 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست مسترد کردی اور الیکشن کمیشن کو سماعت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ اسی سال سپریم کورٹ نے ن لیگ کے حنیف عباسی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو کیس کا فیصلہ جلد کرنے کا حکم بھی دیا۔الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے بینک اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کی جسے تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا تاہم عدالت نے پی ٹی آئی کی یہ درخواست بھی مسترد کر دی۔ جولائی 2018 میں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی جانب سے تفصیلات فراہم نہ کرنے پر ا سٹیٹ بینک سے 2009 سے لے کر 2013 تک پارٹی کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کر لیں۔اسٹیٹ بنک نے الیکشن کمیشن کو تحریک انصاف کے 23 بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کیں۔ اس سے پہلے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کو 8 بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات خود بھی فراہم کر دی تھیں۔

  • پاکستان پیکٹ ڈاکٹ کام” کے نام سے تمباکو نوشی سے متعلق ویب سائٹ کا اجرا

    راولپنڈی ( اے ایف بی)کرمیٹک ویلفیئر ٹرسٹ نے “پاکستان پیکٹ ڈاکٹ کام” کے نام سے تمباکو نوشی سے متعلق ویب سائٹ کا اجرا کر دیا دیا ہے پاکستان کو تمباکو نوشی سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کرومیٹک ٹرسٹ نے ایک ایسی ویب سائٹ کا اجرا کیا ہے جس میں تمباکو نوشی کے استعمال کے خلاف چلائی جانیوالی آگاہی مہم سے متعلق تمام معلومات دستیاب ہوں گی ۔ اس ویب سائٹ پہ آگاہی مہم کی کارکردگی ، تحقیقی مقالے، اعداد و شمار اور مستقبل کے لیے اپنائی جانیوالی حکمت عملی سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار کرومیٹک ٹرسٹ کے سی ای او شارق خان نے ایک تقریب میں اس ویب سائٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔ کانفرنس میں ملک بھر سے صحافیوں اور سوشل اور انفلوانسرز نے شرکت کی ۔

    شارق خان نے کہاکہ پاکستان پیکٹ ڈاکٹ کام ویب سائٹ پہ دستیاب معلومات تک رسائی اور اس سے استفادہ ہونے کے طریقے کار کو انتہائی آسان بنایا گیا ہے اور یہ ویب سائٹ تمباکو نوشی کے خلاف مہم کا ایسا حصہ ہے جو بالخصوص صحافیوں کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوگا۔ اس ویب سائٹ پہ موجود مصدقہ اطلاعات اور تمباکو نوشی پہ پابندی کے راستے میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس ویب سائٹ سے بین الاقوامی سطح پہ عالمی برادری پاکستان کے بارے میں یہ تاثر قائم کرے گی کہ پاکستان اپنی آنیوالی نسلوں کو تمباکو نوشی کی لعنت سے بچانے کے لیے کس قدر سنجیدہ ہے ۔ شارق خان نے کہا کرومیٹک ٹرسٹ کی جانب سے تمباکو نوشی کے خلاف اٹھائے جانیوالے اقدامات میں سے ایسی ویب سائٹ کا اجرا ایک سنجیدہ قدم ہے جس سے کرومیٹک ٹرسٹ کی مستقبل کی سوچ کا احاطہ ہوتا ہے ۔

    پاکستان میں سی ٹی ایف کے کی نمائندہ صوفیہ منصوری نے صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تمباکو نوشی کا بڑھتا ہوا رجحان پاکستان میں انہتائی مہلک صورتحال اختیار کرچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹس کے مطابق پاکستان میں ہر روز 1200 بچے سگریٹ پینا شروع کرتے ہیں جو ہماری نئی نسل کی تباہی کی نشانی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سگریٹ کی قیمت میں اضافے اور دکانوں پہ کھلے سگریٹ کی فروخت پہ پابندی جیسے اقدامات سے بچوں کا مستقبل محفوظ بنیا جا سکتا ہے ۔وزارت صحت میں پاکستان ٹوبیکو کنٹرول سیل کے سابق انچارج ڈاکٹر ضیا اسلام نے کہا کہ تمباکو کی کمپنیوں کے مالکان انتہائی بااثر افراد ہیں اور وہ اپنے مقاصد کے لیے نہ صرف براہ راست سرمایہ لگاتے ہیں بلکہ حکومت میں بیٹھے افراد کے ساتھ ایسے تعلقات ہیں جنہیں وہ اپنے ناجائز کاروباری مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرتے ہیں ۔ ہمیں عوام میں آگاہی مہم کو تیز کرکے حکومت کو مجبور کرنا ہوگا کہ وہ تمباکو نوشی کے خلاف سخت قانون سازی کرے۔ کا

  • کینٹ بورڈ کا496پرائیویٹ کا لجز/سکولو ں کے تما م مالکان کوحتمی نو ٹسز جاری

    راولپنڈی (اے ایف بی )راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں واقع 496پرائیویٹ کا لجز / سکولو ں کے تما م مالکان کوحتمی نو ٹسز جاری کردیئے گئے ہیں جن میں تمام سکولوں /کالجوں 31دسمبر2021 سے قبل سکو ل خالی کرنے یا رہائشی علاقوں سے باہر منتقل کر نے کے احکامات جاری کر تے ہوئے وارننگ دی گئی ہے کہ جو پرائیو یٹ سکول/کالج نئے سال کے آغاز یکم جنوری 2022 تک ان احکامات کی خلاف ورزی کرے گا اُسے سیل کر دیا جائیگا

    اس سلسلہ میں راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے مختلف مقامات پر آگاہی بنیرز بھی لگادئیے ہیں جن میں سکولوں /کا لجوں /تعلیمی اداروں کے طلباء طالبا ت کے والدین /سر پرستو ں اور سکو ل پر نسپلز ومالکان کوباورکرایا گیا ہے کہ معز ز سپر یم کورٹ آ ف پاکستان کے حکم کی روشنی میں بذریعہ نوٹسز متعد د بار مطلع کیاگیاہے کہ 31دسمبر 2021ء سے قبل اپنا لائحہ عمل تیارکر لیں تاکہ طلباء طالبات کا تعلیمی ضیاع نہ ہو،یہ بھی باور کر ایا جاتاہے

    اس ضمن میں مزیدکوئی نوٹس یا اطلاع نامہ جاری نہیں کیاجائیگا اورعدالتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنا یا جائیگااس سلسلہ میں آگاہی مہم،بینر ز،پوسٹر اوراخبار اشتہاربھی مشتہر کئے گئے ہیں مزید برآں راولپنڈی کنٹونمنٹ کی حدود میں واقع رہائشی علاقوں میں غیرقانونی دفاتر /بوتیک /بیوٹی پارلر وغیر ہ کوکمر شل استعما ل کر نے پر نوٹسز جاری کئے جائیں گے اس سلسلہ میں سر وے مکمل کر لیاگیاہے۔

  • پاکستانیوں کو نوکریاں دینے کیلئےحکومت اور سعودی عرب کے درمیان دو معاہدے

    اسلام آباد ( اے ایف بی)سعودی عرب نے پاکستانی ورکرز کی بھرتی اور ہنر کی تصدیق کے پروگرام سے متعلق حکومت کے ساتھ دو معاہدوں پر دستخط کردیے۔معاہدوں پر دستخط کی تقریب وفاقی وزیر برائے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور قومی ورثہ شفقت محمود کے دورہ سعودی عرب کے دوران ہوئی۔ یہ معاہدہ تنازعات کو حل کرنے اور کسی بھی خلاف ورزی پر ریکروٹمنٹ دفاتر، کمپنیوں یا ایجنسیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے میں بھی مدد دے گا۔

    ہنر کی تصدیق کے معاہدے سے مملکت کو ہنرمند اور تصدیق شدہ پاکستانی افرادی قوت کی برآمد میں اضافہ ہوگا۔ یہ معاہدہ ہنر مند افرادی قوت کے لیے سرٹی فکیشن پاکستان میں تکنیکی افرادی قوت کے لیے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تربیت اور سرٹی فکیشن حاصل کرنے کے مواقع پیدا کرے گا۔ورکرز کی بھرتی سے متعلق معاہدہ مختلف پیشوں میں پاکستان سے افرادی قوت کی برآمد کے عمل کو مزید ہموار کرنے میں مدد دے گا۔ یہ معاہدہ سعودی عرب میں ملازمت کرنے والے پاکستانی کارکنوں کو ان کے جائز حقوق کا تحفظ اور جامع قانونی تحفظ فراہم کرے گا۔

  • خوشخبری: پاکستان سے سعودی عرب کیلئے پروازیں، مسافروں کیلئے بڑا اعلان

    لاہور (اے ایف بی)سیرن ائیرلائن نے مسافروں کی سہولت کے لیے لاہور سے جدہ ہفتے میں دو پروازیں چلانے کا اعلان کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سیرن ایئر نامی فضائی کمپنی کا کہنا ہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے سعودی شہر جدہ کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلائیں گے۔سیرن ائیر لائن نے بتایا کہ پانچ دسمبر سے لاہور سے جدہ کی پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

    ایئرلائن نے لاہور سے جدہ جانے والے مسافروں کا مزید سہلوت کا بھی اعلان کردیا۔ لاہور سے جدہ کی اکانومی کلاس کی ٹکٹ پر 50 کلو تک وزن لے جانے کی سہلوت دی گئی ہے۔لاہور سے جدہ سیرین پلس ٹکٹ پر 80 کلو تک وزن ہے جانے کی سہلوت دی گئی ہے۔خیال رہے کہ حالیہ دنوں سعودی حکومت نے سفری پابندی کا خاتمہ کیا ہے جس کے بعد پاکستان سے سعودی عرب کے لیے براہ راست پروازویں آپریٹ ہورہی ہیں۔

  • پاکستان کو سعودی عرب سے 3 ارب ڈالرموصول ہو گئے ،شوکت ترین

    اسلام آباد( اے ایف بی) مشیرخزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر موصول ہوگئے۔وزیراعظم کے مشیر خزانہ شوکت ترین نے ٹوئٹ میں کہا کہ سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کے طورپردئیے ہیں جو اسٹیٹ بینک کو موصول ہوگئے ہیں۔مشیر خزانہ شوکت ترین نے ڈپازٹ کی رقم موصول ہونے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اورسعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔

    بینک حکام کے مطابق سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر موصول ہونے کے بعد ذرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا ہے اس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات ہونگے۔چند روز قبل سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان تین ارب ڈالر قرض ڈپازٹ معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔ معاہدے کے تحت سعودی فنڈ کو اسٹیٹ بینک کے پاس 3 ارب ڈالر رکھوانے تھے جو اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائرکا حصہ ہوں گے۔

  • 44 ہزار سے زائد طلبا سکول چھوڑ گئے؟نیا انکشاف

    راولپنڈی (اے ایف بی)پنجاب حکومت کی فنڈنگ سے چلنے والے پرائیویٹ پارٹنر سکولوں میں زیر تعلیم طلباء کے ڈراپ آؤٹ شرح میں اضافہ، نومبر کے مہینے میں 44 ہزار سے زائد طلباء سکول چھوڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے سکولوں میں بڑی تعداد میں طلبہ کے ڈراپ آؤٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ صرف ماہ نومبر میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سکولوں سے 44 ہزار بچوں نے سکولوں کو چھوڑ دیا ہے۔

    پیف کے پارٹنر سکولوں میں زیر تعلیم طلباء میں سے چند ماہ میں ایک لاکھ سے زائد بچے سکول چھوڑ گئے ہیں۔ طلباء کے سکول چھوڑنے پر پیف نے پارٹنرز سکولوں کو وارننگ جاری کردی۔ پیف حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے طلبہ کا ڈراپ آؤٹ جاری ہے جو قابل تشویش ہے۔ ان بچوں کی تصدیق اور مانیٹرنگ پر پیف کے فنڈز خرچ ہوئے ہیں۔پیف حکام کا کہنا ہے کہ سکول چھوڑ جانے والے بچوں کے والدین سے رابط کیا جائے اور سکول لانے پر آمادہ کیا جائے گا۔ پیف کے ساڑھے سات ہزار سکولوں میں 25 لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں۔ پیف انتظامیہ کی جانب سے کچھ عرصہ قبل بڑی تعداد میں داخلوں کا دعوی کیا گیا تھا۔