Blog

  • گمشدہ یا چوری ہونے والا موبائل ،پی ٹی اے نے صارفین کی بڑی مشکل آسان کر دی

    اسلام آباد(اے ایف بی ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے گمشدہ یا چھینے جانے والے فون کو بلاک کروانے کا طریقہ کار متعارف کروایا گیا ہے۔ موبائل فون گم جانے کی صورت میں صارف کو سب سے زیادہ جس چیز کی فکر ہوتی ہے وہ موبائل میں موجود ڈیٹا ہوتا ہے، اگر بروقت فون کو بلاک یا رپورٹ نا کروایا جائے تو کوئی بھی اس کا غلط استعمال کر کے آپ کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔اسی ضمن میں پی ٹی اے نے آن لائن طریقہ صارفین کو بتایا ہے جس کے تحت گھر بیٹھے اپنی شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔

    دی نیو لاسٹ اینڈ اسٹولن ڈیوائس سسٹم کے تحت آپ شکایت کر سکتے ہیں، پی ٹی اے کی شکایت کی ویب سائٹ پر جائیں اور دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔ آپ کو اپنی کچھ بنیادی تفصیلات بتانا ہوں گی جیسا کہ نام، پتہ، ای میل اور شناختی کارڈ نمبر وغیرہ۔ گمشدہ فون کی تفصیلات بھی بتانا ہوں گی۔ درخواست دائر کروانے کے بعد آپ کو ریفرنس نمبر دیا جائے گا جس کے بعد 24 گھنٹے کے اندر اندر فون بلاک کر دیا جائے گا۔دوسری جانب اگر آپ کا فون مل جاتا ہے تو اسی ویب سائٹ پر جاکر آپ ان بلاک کے آپشن کا انتخاب کر کے فون ان بلاک کر سکتے ہیں

  • این سی او سی کا کل سے ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا اعلان

    اسلام آباد)اے ایف بی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پبلک ٹرانسپورٹ کو کل سے بحال کرنے کا اعلان کردیا۔وفاقی وزیر اسد عمر، لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان کی زیرصدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی شرکت کی جبکہ صوبائی چیف سیکریٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔فورم نے عید تعطیلات کے دوران ایس او پیز کے نفاذ کا جائزہ لیا اطمینان کا اظہار کیا۔ فورم نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں خصوصاً ملک بھر میں عوام کی طرف سے تعاون کو سراہا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام بین الصوبائی ، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو پہلے دی گئی تاریخ 17 مئی کے بجائے 16 مئی 2021 ء سے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ ریلوے 70 فیصد کے ساتھ اپنے آپریشن کو برقرار رکھے گا جب کہ 17 مئی سے تمام دفاتر، بازار اور دکانیں کھل جائیں گی جنہیں رات 8 بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی جبکہ دفاتر میں پچاس فیصد عملے کے ساتھ عمومی اوقات کار دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔

  • رنگ روڈ اسکینڈل، وزیراعلیٰ پنجاب کا ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا حکم

    راولپنڈی (اے ایف بی)راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ پنجاب حکومت کو موصول ہو گئی ہے جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ذمہ داران کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیا ہے راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل سامنے آنے پر کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کی گئی جس کے سربراہ کمشنر گلزار شاہ کے دستخط کے ساتھ رپورٹ حکومت کو بھیج دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے رپورٹ کو پبلک کرنے کی منظوری دی اور سفارشات پر من و عن عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔رپورٹ میں سابق کمشنر راولپنڈی محمد محمود اور لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر وسیم علی تابش کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے اور دونوں کا کیس نیب بھجوانے کی سفارشات پیش کی گئی ہیں، دونوں افسران پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی لینڈ ایکوزیشن پر 2 ارب 30 کروڑ ارب روپے تقسیم کیے، اتنی بڑی رقم کی ادائیگی اٹک لوپ کے رینٹ سینڈیکیٹ کو فائدہ پہنچانے کے لیے کی گئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وسیم علی تابش نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ضلع اٹک میں 2 ارب سے زائد کی رقم خرچ کی، سفارشات میں کہا گیا ہے کہ رینٹل سینڈیکیٹ میں ملوث تمام لوگوں کے خلاف تحقیقات کی جائیں جس میں تحقیقات کرنے سے استفادہ اٹھانے والے بے نامی حصہ دار بھی سامنے آسکتے ہیں۔رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ کمشنر محمد محمود کے بھائی کا ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کے ساتھ تعلق کا انکشاف ہوا ہے، سابق کمشنر نے اپنے بھائی کو فائدہ پہنچانے کے لیے یا اس کے ذریعے بے نامی طریقے سے خود کو فائدہ پہنچانے کے لیے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

    رپورٹ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ پر بھی بے ضابطگیوں کے الزامات لگائے گئے ہیں، اس کے علاوہ ممبر پی اینڈ ڈی فرخ نوید کو عہدے سے ہٹانے اور ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ایف بی آر اور ایف آئی اے کو 12 مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز اور پراپرٹیز کے حوالے سے چھان بین، ہاؤسنگ سوسائٹیز میں موجودہ یا ریٹائرڈ افسران کے بے نامی حصہ دار ہونے کے حوالے سے تحقیقات کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔رپورٹ میں ڈپٹی کمشنر اٹک، ڈی سی راولپنڈی، اے ڈی سی آر راولپنڈی، اے سی راولپنڈی صدر اور فتح جنگ اور چیف آفیسر فتح جنگ تحصیل کونسل کو ان کی مجرمانہ غفلت اور خاموشی پر عہدوں سے فوری ہٹانے کا کہا گیا ہے۔ایف آئی اے کا سائبر ونگ غیر منظور شدہ سوسائٹیز کی آن لائن اور دیگر تشہیر اور نووا سٹی کی جانب سے منظور شدہ ایریا سے زائد سیلز کے حوالے سے تحقیقات کرے۔

  • غزہ: اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 119 ہوگئی

    غزہ(اے ایف بی) پر امن رہنے کے تمام عالمی مطالبات کو نظر انداز کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے غزہ کی محصور پٹی کے مختلف علا قوں پر فضائی حملوں اور گولہ بارود برسانے کا سلسلہ جاری ہے۔برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز اور حماس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جمعہ کو پانچویں روز میں داخل ہوگیا ہے لیکن اس کے تھمنے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے۔

    فلسطینی طبی حکام کے مطابق اب تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 119 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں 31 بچے اور 19 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 830 تک پہنچ چکی ہے۔کئی روز سے جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے رات گئے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ حماس کے راکٹس کے جواب میں اسرائیلی حملے جاری ہیں اور کوئی زمینی کارروائی نہیں ہورہی بلکہ فوجی اسرائیلی علاقے میں سے ہی گولہ بارود برسا رہے ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیل کے مختلف علاقوں میں بھی عربوں اور یہودیوں کے درمیان بھی تصادم کا سلسلہ دیکھنے میں آیا جبکہ لبنان کی جانب سے میزائل بھی فائر ہوئے۔جمعہ کی رات غزہ میں آگ کا انتہائی بڑا گولا دیکھا گیا جس نے آسمان کو نارنجی رنگ میں بدل دیا جبکہ اسرائیل کی جانب اڑتے راکٹس بھی دیکھے گئے

  • فلسطین میں اسرائیلی دہشت گردی جاری،عید کے روز مزید 28 فلسطینی شہید

    غزہ / مقبوضہ بیت المقدس(اے اہف بی) غزہ سمیت مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی دہشت گردی جاری ہے اور عید کے روز مزید 28 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 84 ہوگئی۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ میں 6 منزلہ عمارت سمیت رہائشی عمارتوں پر بھی میزائل حملے کیے۔ جمعرات کی صبح جب فلسطینی شہری نماز عید کی ادائیگی کے لیے گھروں سے روانہ ہوئے تو آسمان پر صہیونی جنگی طیاروں کی گھن گرج سنائی دی اور سفاک دہشت گردوں نے نہتے لوگوں کو اپنے میزائلز کے نشانے پر رکھ لیا۔

    غزہ میں فلسطینی حکام کے مطابق اب تک 84 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں 17 بچے شامل ہیں جبکہ 480 افراد زخمی ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے اور شہدا کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ گھر اور عمارتیں تباہ ہونے سے ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔غزہ میں فلسطینی ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ شب حملوں میں زہریلی گیس بھی استعمال کیے جانے کا شبہ ہے، شہدا کے جسد خاکی سے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں جن کا معائنہ جاری ہے۔ اس کے باوجود آہوں اور سسکیوں میں سیکڑوں فلسطینیوں نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں نماز عید ادا کی۔

    ادھر حماس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر راکٹ حملے کیے جس کے نتیجے میں 6 یہودی ہلاک ہوگئے۔ اسرائیل کے اندر بھی مسلمانوں اور یہودیوں کے درمیان شدید کشیدگی ہے اور جگہ جگہ جھڑپیں ہوئیں جس کے بعد قابض فورسز نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 374 فلسطینی مسلمانوں کو گرفتار کرلیا جبکہ جھڑپوں میں درجنوں پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے

  • کورونا ویکسینیشن، 30 سال سے زائد عمر والوں کی رجسٹریشن شروع کرنے کااعلان

    اسلام آباد(اے ایف بی) حکومت نے 30 سال اور اس سے زائد عمر افراد کی ویکسینشین کیلئے 16 مئی سے رجسٹریشن کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی فراہمی میں بہتری آرہی ہے، اس لئے ہم ویکسینیشن کے اہل افراد کی کیٹگریز کو بڑھاتے جارہے ہیں، 30 سال اور اس سے زائد عمر افراد کی ویکسینیشن کے لئے 16 مئی سے رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر میں 40 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو رجسٹریشن کے بعد کورونا کی ویکسین لگائی جارہی تھی۔این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک میں 18 لاکھ 59 ہزار سے زائد افراد کو کورونا ویکسین کی ایک خوراک دی جاچکی ہے جب کہ 9 لاکھ 52 ہزار افراد کی مکمل ویکسینیشن ہوچکی ہے۔

  • سعودی عرب میں روزگار کے مواقع، پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری

    اسلام آباد (اے ایف بی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے کہاہے کہ عید کے بعد سعودی کےاعلیٰ حکام کا وفد پاکستان آئے گا اور سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانیوں کے روزگار کے مواقع نکلیں گے۔کچھ عناصر سعودی عرب سےتعلقات خراب کرناچاہتےتھے، ان عناصرکی تمام ترکوشش ناکام ہوگئی، سعودی عرب سےایک معاہدےکےتحت طریقہ کارطےکرلیاہے، معاہدےپروزیراعظم عمران خان اورسعودی ولی عہدنےدستخط کیےہیں، معاہدےمیں خارجہ،معاشی،ثقافت کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب سےبات چیت کے3دورہوئے، اس دوران سعودی عرب سےکھل کربات ہوئی ، ایک دوسرےکےنقظہ نظرکوسنااوراپنانقطہ نظرپیش کیا، عید کے بعد سعودی کےاعلیٰ حکام کاوفدپاکستان آئےگا، جس میں سعودی عرب میں ہوئی گفتگو کو آگے بڑھائے جائےگا، اس کےبعدسعودی عرب کےوزیرخارجہ پاکستان تشریف لائیں گے‌ اور کوشش ہوگی سعودی وزیر خارجہ 2گھنٹے نہیں کم ازکم 2دن کے لیے آئیں۔سعودی عرب سےمعاشی تعلقات کوایک سمت دینی ہے، سعودی ولی عہدنےاپنےملک کی ترقی کےلیےپلان2030بنایاہے، پلان2030کےتحت سعودی عرب کوترقی کےلیےافرادقوت درکارہوگی، سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانیوں کےروزگارکےمواقع نکلیں گے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 27ویں شب کوروضہ رسول ﷺپرحاضری کی اجازت ملی، پاکستان کومشکلات سےنکالنے کے لیے دعا کرنے کا موقع ملا، 27ویں روزےکوخانہ کعبہ میں داخلےکی اجازت ملی، تاریخ دیکھ لیں 27ویں روزےکوکتنی بارخانہ کعبہ کادروازہ کھلا، پاکستان کےلیےجودعاکرسکتےہیں وہ دعا کرنےکی کوشش کی۔فلسطین میں اسرائیلی بربریت پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فلسطین کےواقعےپرہمیں بےپناہ تشویش ہے، وزیراعظم نےسیکریٹری جنرل اوآئی سی بات کی اور آگاہ کیا ہمیں مسئلے پر یکجا مؤقف کی ضرورت ہے۔مغرب میں ایک شدت پسندطبقہ ہمارےجذبات مجروح کرتاہے ، 28ویں شب کو ترک وزیرخارجہ کامکہ سے فون آیا، ترک وزیرخارجہ نے کہا میری سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوگی، جس میں تجویز دوں گااوآئی سی کاہنگامی اجلاس بلایا جائے۔

  • رنگ روڈ انکوائری: ڈی سی اٹک اور پنڈی سمیت دیگر افسران عہدوں سے فارغ

    راولپنڈی (اے ایف بی)راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمدانوارالحق اورڈپٹی کمشنر اٹک سمیت دیگر افسران کوعہدے سے ہٹادیا گیا۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل انکوائری مکمل کرنے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ رنگ روڈ کے اصل نقشے کو تبدیل کر دیا گیا اور اس میں مزید نئے راستے شامل کردیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان نئے راستوں کا انتخاب ان چند اہم شخصیات کو فائدہ پہنچانے کے لیے کیا گیا، جن کی زمینیں اس راستے پر آتی تھیں جب کہ نئے راستے شامل کرنے پرلاگت میں مزید 25 ارب روپے اضافہ ہو رہا تھا۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے معاملہ علم میں آنے پر رنگ روڈ کے منصوبے کو رکوادیا تھا اور بعد ازاں وزیراعظم کی ہدایت پر انکوائری عمل میں لائی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ رنگ روڈ کا معاملہ سامنے آنے پر کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود کو پہلے ہی تبدیل کردیا گیا تھا جب کہ وزیر اعظم نے تبدیل کیے گئے کمشنر سے بھی خود معلومات لی تھیں۔

    تاہم اب ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اٹک سمیت اے سی صدر راولپنڈی غلام عباس اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ عظیم شوکت اعوان کو بھی تبدیل کردیا گیاہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اے ڈی سی ریوینیو راولپنڈی شعیب علی کو عہدے سے ہٹا کر اےڈی سی جنرل راولپنڈی قاسم اعجاز کو اے ڈی سی ریوینیوکا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنرچکوال کو ڈی سی راولپنڈی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینیو اٹک شہریار عارف خان کو ڈپٹی کمشنراٹک کا اضافی چارج دیاگیا ہے۔

  • اسدعمر نے کورونا ویکسینیشن کے لئے عمرکی ترتیب کی وجہ بتا دی

    اسلام آباد(اے ایف بی) این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی محدود دستیابی کی وجہ سے ویکسینیشن کے لئے زیادہ سے کم عمر والوں کی طرف آ رہے ہیں۔اپنی ٹوئٹ میں سد عمر نے کہا کہ ہم لوگوں کی ویکسینیشن کے لئے زیادہ عمر والوں سے کم عمر والوں کی طرف آ رہے ہیں،اس کی وجہ عالمی سطح پر کورونا ویکسین کی محدود دستیابی اور ملک میں ویکسینیشن کی صلاحیت ہے،مسلسل کوششوں سے ویکسین کی سپلائی اور ویکسینیشن کی صلاحیت مرحلہ وار بڑھائی جا رہی ہے ،ویکسینیشن کے لئے ہماری توجہ کا مرکز معاشرے کا کمزور اور خطرے سے دوچار طبقہ ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ کورونا سے اموات کا خطرہ عمر کے ساتھ ساتھ بڑھتا جاتا ہے، پاکستان میں 40 سال سے کم عمر افراد کی کورونا سے موت کی شرح ایک فیصد سے کم ہے، اسی طرح 41 سے 50 سال کی عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 1.8 فیصد ، 51 سے 60 سال کی عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 3.8 فیصد اور 61 سے 70 سال کی عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 7.2 فیصد ہے۔

    وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ 61 سے 70 سال کی عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 7.2فیصد ، 71 سے 80 سال کی عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 11.1فیصد ہے،80 سال سے زائدعمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 15 فیصد سے زائد ہوجاتی ہے۔ ملک میں 40 سال سے کم عمر کی آبادی 77 فیصد ہے جس کی کورونا سے شرح اموات 9 فیصد ہے، 60 سال سے زائد عمر کی آبادی صرف 7 فیصد ہے جس میں کورونا سے شرح اموات 53 فیصد ہے۔

  • عید پر لاک ڈاؤن سے متعلق نیا نوٹی فکیشن

    لاہور (اے ایف بی) پنجاب حکومت نے عید پر لاک ڈاؤن کے دوران نیا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران تمام مارکیٹس، کاروبار،دفاتر اور دکانیں بند رہیں گی اور چاند رات بازاروں ،مہندی، چوڑیوں اور کپڑوں کے اسٹالز پر پابندی ہوگی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے عید پر لاک ڈاؤن سےمتعلق نیا نوٹی فکیشن جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ شہروں میں ٹرانسپورٹ کی اجازت آج شام 6 بجے تک ہے، آج شام 6 بجے سے15 مئی تک بین الصوبائی اور بین اضلاعی ٹرانسپورٹ بند ہو گی تاہم رکشہ ، ٹیکسیز ،نجی گاڑیوں کو50فیصد گنجائش کیساتھ سفر کی اجازت ہوگی۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران تمام مارکیٹس، کاروبار،دفاتر اور دکانیں بند رہیں گی اور چاند رات بازاروں ،مہندی، چوڑیوں اور کپڑوں کے اسٹالز سمیت انڈور،آؤٹ ڈور ریسٹورنٹس پر مکمل پابندی عائد ہوگی، ریسٹورنٹس پر صرف ٹیک آویز کی اجازت ہو گی۔سیکریٹری ہیلتھ کئیر پنجاب نے کہا تمام میڈیکل اسٹور، فارمیسیز،میڈیکل فیسیلیٹیز 24گھنٹےکھلےرہیں گے ، پیٹرول پمپ،تندور ، دودھ دہی کی دکانیں 24 گھنٹے کھلے رکھنےکی اجازت ہوگی تاہم گروسری اسٹورز ،کریانہ ،بیکری،آٹا چکیاں ، مٹھائی ،پھل ،سبزی ،گوشت کی دکانیں صبح 9 سے شام 6 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق ڈرائی کلینرز، منی ایکسچینج کمپنیز، کورئیر سروسز شام 6 بجےتک کھولنے ، غلہ منڈی،سبزی پھل،مویشی منڈیوں ، آٹوورکشاپ،تیل ڈپو،یوٹیلیٹی سروسز،کال سینٹرز میں شام 6بجےتک کام کی اجازت ہوگی۔سیکریٹری ہیلتھ کئیر نے کہا کہ تمام پارک اور سیرو تفریح والےمقامات اور سرگرمیوں پرپابندی ہوگی ، 8فیصدسےزائدشرح والےشہروں میں پابندیاں مزید سخت ہوں گی ، ان شہروں میں تفریخی مقامات،پارکس،شاپنگ مالز،ریسٹورنٹس، پکنک پوائنٹس بند ہوں گے جبکہ اسپورٹس،ثقافتی تہواراور اجتماعات پر مکمل پابندی عائدہوگی۔نوٹی فکیشن کے مطابق ٹرین سروس 70فیصدمسافروں کے ساتھ جاری رہےگی، ضلعی انتظامیہ اور پولیس ملکر ایس او پیز کا اطلاق یقینی بنائیں گے، شہری ما سک کی پوری طرح پابندی کریں گے۔