Month: April 2021

  • نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور آسٹریلوی کرکٹر نے بھی روزہ رکھ لیا


    نیوزی لینڈ(اے ایف بی) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن اور آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے بھی روزہ رکھ لیا۔انڈین پریمئر لیگ(آئی پی ایل) میں شامل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن اور آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے ساتھی افغان کرکٹرز کے ہمراہ روز رکھ لیا۔افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے ایک ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی زینت بنائی ہے۔

     افغان کرکٹرز راشد خان، محمد نبی و دیگر ماہِ صیام میں روزے رکھ رہے ہیں ایسے میں کیوی کپتان اور آسٹریلوی کھلاڑی نے بھی ان کے ساتھ روزہ رکھا.افطار کے وقت بنائی گئی ویڈیو میں ڈیوڈ وارنر کہتے ہیں کہ ان کا دن اچھا تھا لیکن انہیں شدید پیاس لگی اور ان کا حلق بھی بالکل خشک ہوگیا ہے۔راشد خان کین ولیمسن سے روزے کی کیفیت کے بارے میں پوچھتے ہیں جس پر وہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ انہیں بہت اچھا لگا۔

  • نیب کا سابق وزیراعظم نوازشریف کی جائیدادیں فروخت کرنےکا فیصلہ

    اسلام آباد(اے ایف بی) سابق وزیراعظم کی مشکلات میں مزید اضافہ، نیب نے نواز شریف کی جائیدادوں سے متعلق بڑا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی جائیدادیں فروخت کرنےکا فیصلہ کیا ہے، جائیدادیں فروخت کرنے کے لئے نیب پراسیکیوٹر احتساب عدالت میں درخواست جمع کرائیں گے، نیب نےسیکشن88سی آرپی سی کےتحت عدالت سےاجازت مانگی ہے۔

    ذرائع کے مطابق فروخت کرنےوالی جائیدادوں میں اتفاق فاؤنڈری،حدیبیہ پیپر مل، بخش ٹیکسٹائل مل اور حدیبیہ انجینئرنگ کےشیئرز بھی شامل ہیں اس کے علاوہ لاہوراپر مال کی جائیدادا ور زرعی اراضی بھی فروخت کی جائےگی، نوازشریف کی جائیداد کی مالیت اربوں روپےبنتی ہےنیب ذرائع کے مطابق ایک سو دس ایکڑ پر مشتمل فش فارم اورلاہور میں بیس ایکڑ اراضی بھی فروخت ہوگی، مری کا بنگلہ،شانگلہ گلی کاگھر،شیخوپورہ کی دو قیمتی جائیدادیں بھی فروخت کی جائیں گی، اس کے علاوہ نوازشریف کےنام پر رجسٹر پانچ قیمتی گاڑیاں بھی نیلام کی جائیں گی۔

    اس کے علاوہ تین فارن اکاؤنٹ اورپانچ پاکستانی اکاؤنٹ کی رقم قومی خزانےمیں منتقل کی جائےگی۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے

  • 9 ویں تا 12 ویں کلاسزمیں تدریسی عمل کا آغاز؛ حاضری نہ ہونے کے برابر



     اسلام آباد(اے ایف بی) ملک بھرمیں 9 ویں تا 12 ویں کلاسزمیں تدریسی عمل کا آغازہوگیا ہے تاہم حاضری نہ ہونے کے برابر ہے۔ اسلام آباد ، راولپنڈٰی اورپنجاب بھر  کے تعلیمی اداروں میں بھی بچے اسکول پہنچے تاہم حاضری انتہائی کم دیکھنے کوملی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اتوار18 اپریل کو ہونے والے ہنگامی اجلاس میں ملک بھرمیں سخت کورونا ایس او پیز کے ساتھ 9 ویں تا 12 تک کلاسزکھولنے کا فیصلہ کیا گیا،

    حکام نے 50 فیصد حاضری کے تحت بچوں کو مکمل ایس او پیز کے ساتھ سکول آنے کی ہدایت کر رکھی یے، نویں سے بارہویں کے بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے بچوں کو اسکولوں میں بلایا گیا ہے۔گزشتہ روز میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک اسکولز کو عید تک بند رکھنے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کرونا کی زیادہ شرح والی یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز کا سلسلہ جاری رہے گا۔

  • نویں سے 12 ویں تک کلاسز کی تدریس اور امتحانات کے حوالے سے اہم فیصلہ

    اسلام آباد(اے ایف بی) وزارت تعلیم نے نویں سے 12 ویں جماعت کے بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے تدریسی عمل شروع کرنے اور امتحانات کے حوالے سے فیصلہ کر لیا۔ وزیر تعلیم شفقت محمود نے تمام صوبوں کے صحت اور تعلیم کے وزرا کے خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نویں سے 12 ویں جماعت تک متاثر اضلاع میں تدریس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    شفقت محمود نے بتایا کہ اجلاس میں نویں سے بارہویں جماعت تک بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے تدریسی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے، نویں سے 12 ویں جماعت کے امتحانات بورڈ کی نئی تاریخوں کے مطابق ہوں گے، اور امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے پہلے شروع نہیں ہوں گے۔انھوں نے کہا جامعات میں داخلے امتحانات کے نئے شیڈول کو مد نظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے، اے، اے ایس اور او لیول اور آئی جی سی ایس ای امتحانات اعلان کردہ تاریخوں کے تحت ہوں گے، اور ان امتحانات میں تاخیر یا منسوخی نہیں ہوگی۔

    شفقت محمود نے بتایا کہ اکتوبر میں امتحانات دینے کے خواہش مند طلبہ اسی فیس میں امتحانات دے سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں جامعات آن لائن تدریس ہی جاری رکھیں گی، کیسز کی شرح 8 فی صد سے کم ہونے پر جامعات حسب معمول تدریس جاری رکھیں گی۔وزیر تعلیم کا کہنا تھا کیمبرج نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایس او پیز کی سختی سے پابندی کی جائے گی، کیمبرج کے مطابق امتحان نہ دینے والے آئندہ اکتوبر نومبر سائیکل میں ہی امتحان دے سکیں گے۔

  • طلبا کے لئے خوشخبری; گھر بیٹھے اسکالر شپ کے لیے اپلائی کر سکیں گے

    لاہور(اے ایف بی) پنجاب میں نادار اور ذہین طلبہ کے لیے رحمت اللعالمین اسکالر شپ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی آئی ٹی بی کی ویب پورٹل پر طلبہ گھر بیٹھے اسکالر شپ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔ انٹر میڈیٹ رحمت اللعالمین اسکالر شپ میٹرک کے نتائج کی بنیاد پر دی جائے گی، جب کہ انڈرگریجویٹ رحمت اللعالمین اسکالر شپ انٹر میڈیٹ کے نتائج کی بنیاد پر فراہم کی جائے گی۔30 سرکاری یونی ورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ کو انڈر گریجویٹ اسکالر شپس دی جائیں گے

    وزیر اعلیٰ نے وضاحت کی کہ طلبہ کو 14 ہزار انٹر میڈیٹ اسکالر شپس اور 891 انڈر گریجویٹ اسکالر شپس ملیں گی، 50 فی صد رحمت اللعالمین اسکالر شپ ضرورت مند بچوں کو دی جائیں گی، جب کہ 50 فی صد میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کو ملیں گی۔ رحمت اللعالمین ﷺ اسکالر شپ درجہ چہارم تک سرکاری ملازمین کے بچوں کو بھی دی جائے گی، ہر طالب علم کو سالانہ 25 ہزار روپے انٹر میڈیٹ اسکالر شپ کی مد میں ادا کیےجائیں گے، جب کہ مجموعی طور پر انٹرمیڈیٹ اسکالر شپ کی مد میں ہر سال 700 ملین روپے ادا کیے جائیں گے۔30 سرکاری یونی ورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ کو انڈر گریجویٹ اسکالر شپس دی جائیں گی، حکومت پنجاب ہر یونی ورسٹی کے ٹاپر کے پورے اکیڈمک سیشن کی فیس ادا کرے گی، انڈر گریجویٹ اسکالر شپ میں مکمل اکیڈمک سیشن کی فل ٹیوشن فیس بھی شامل ہوگی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا ہر سال 6 کروڑ 70 لاکھ روپے جب کہ مجموعی طور پر 26 کروڑ 80 لاکھ روپے اسکالر شپس کی مد میں ادا کیے جائیں گے۔انھوں نے واضح کیا کہ رحمت اللعالمین ﷺ اسکالر شپ کسی خاص مذہب یا طبقے کے لیے نہیں، ہر ہونہار اور ضرورت مند طالب علم اس سے مستفید ہو سکے گا، اس کا مقصد طلبہ کو معاشی سپورٹ فراہم کرنا ہے، تاکہ مراعات یافتہ اور محروم طبقات کے درمیان معاشی تفاوت کم ہو۔

  • راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

    راولپنڈی (اے ایف بی) راولپنڈی میں کورونا کیسز بڑھ جانے کے بعد تین تحصیلوں سمیت ضلع بھر کے 10علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔یہ سماٹ لاک ڈائون 27 اپریل تک نافذرہے گا۔ اس سلسلہ میں پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ہے۔

    راولپنڈی کے جن علاقوں میں سماٹ لاک ڈاون کا نفاذکیا گیا ہے ان میں کشمیر ہاؤس بلمقابل اسٹریٹ گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول مندرہ ، سول لائن کے قریب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس جوڈیشل اپارٹمنٹ ، تبارک لین محلہ مورگاہ ، محلہ گلشن سعید چکری روڈ ، کمال آباد اسٹریٹ نمبر 2 ت ٹینچ بھاٹہ ، لین نمبر 5 پشاور روڈ ، ہاشمی کالونی لالہ رح واہ کینٹ ،محلہ خاردین وارڈ نمبر 9 ، ڈھوک کنیال ، چیہری بانجیال شامل ہیں ،

    نوٹیفیکیش کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مذہبی، سماجی اور سیاسی اجتماعات پرمکمل پابندی عائد کی گئی ہے جب کہ طبی مراکز24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔اس کے علاوہ جنرل اسٹور، کریانہ، آٹا چکی، پھل کی دوکانیں اور پیٹرول پمپس اب 9 سے شام 7 تک کھلے گے جب کہ چکن گوشت بیکریز صبح 7 سے شام 7تک کھلیں گی۔

  • مصر میں سحر و افطار کے اعلان کیلیے ’’توپ‘‘ کے استعمال کی منفرد روایت بحال

    قاہرہ(اے ایف بی ) مصر میں روزہ داروں کو سحر اور افطار کے وقت سے آگاہ رکھنے کے لیے توپ کا استعمال صلاح الدین ایوبی کے دور سے کیا جاتا رہا ہے تاہم 30 سال سے یہ روایت توپ کی خرابی کے باعث دم توڑ گئی تھی جو اب دوبارہ بحال کردی گئی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر میں صلاح الدین ایوبی قلعے میں ایک توپ نصب ہے جس کے ذریعے 1467 سے سحری اور افطاری کے اوقات میں گولہ داغا جاتا تھا جس کی آواز سن کر روزہ دار سحر و افطار کیا کرتے تھے تاہم 30 سال یہ توپ خراب پڑی تھی جس کی مرمت کردی گئی ہے۔

    مصر کی یہ تاریخی توپ سحر و افطار کے پرانے طریقوں کو زندہ رکھنے کی ایک علامت ہے۔ اسے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دوبارہ تیار کیا گیا ہے۔گولہ داغے جانے کے وقت توپ سے سحری اور افطاری کے وقت دور تک دیکھی جانے والی شعائیں نکلتی ہیں۔اس توپ کے حوالے سے دوسری روایت یہ بھی ہے کہ یہ توپ خدیوی اسماعیل کے سپاہیوں نے رکھی تھی اور وہ اسے مشقوں کے لیے استعمال کرتے تھے تاہم اس توپ کی تاریخی حیثیت کوئی بھی ہو اہم بات یہ ہے کہ ایک منفرد روایت نے دوبارہ جنم لیا ہے۔

  • فواد چوہدری کا رانا ثنااللہ کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان

    راولپنڈی(اے ایف بی )وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان کردیا۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہ رانا ثنااللہ نے گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر اور دیگر افسران کو دھمکیاں دیں، ان کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا جس کے لیے ہدایت کردی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کسی شخص کو سرکاری افسر اور اس کے اہلخانہ کو دھمکانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، انہوں نے سیاست کرنا ہے تو آئین کی حدود میں رہ کر کرنا ہوگی، انہیں کبھی بانی ایم کیو ایم بننے کا شوق آتا ہے، اب نہ اداروں کے بارے میں توہین آمیز گفتگو ہوگی، نہ ہی افسران کو دھمکیاں دی جائیں گی، اگر اداروں کو بلیک میل کریں گے تو کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

  • مرادراس نے 19 اپریل سے سکولوں کو کھولنے کا اعلان کردیا

    لاہور(اے ایف بی) صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے انیس اپریل سے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں نہم ،دہم اور انٹرمیڈیٹ کی کلاسسز لاہور سمیت تیرہ اضلاع میں سخت ایس او پیز کے تحت لگانے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنا ایک ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ انیس اپریل سے نہم دہم اور انٹرمیڈیٹ کلاسسز کے آغاز کردیا جائے گا۔

    سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں نہم دہم اور انٹرمیڈیٹ کی دو روز کلاسسز ہونگی،  پیر اور جمرات کوکلاسسزلگانے کی اجازت ہوگی۔لاہور سمیت تیرہ اضلاع میں کلاسسز لگائی جاسکیں گی۔ تعلیمی ادارے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ دیگر تیرہ اضلاع میں فیصل آباد، ملتان، روالپنڈی،گجرانوالہ، گجرات، رحیم یار خان، ٹوبہ ٹیک سنگھ،شیخوپورہ اور ڈی جی خان شامل ہیں

  • بچوں کی پٹائی سے ان کا دماغ متاثر ہوسکتا ہے، تحقیق

    لندن (اےایف بی )ہارورڈ: کئی تحقیقات کے بعد اب ہارورڈ یونیورسٹی کے سائنس داں بھی کہہ رہے کہ بچوں کو بات بات پر مارنے سے گریز کریں کیونکہ یہ رویہ ان میں ڈپریشن، بے چینی، رویے میں تبدیلی اور یہاں تک کہ کسی لت کی وجہ بھی بن سکتا ہے۔اس طرح کہا جاسکتا ہے کہ بچوں کو مارنا ان کے دماغ پر عین اسی طرح اثرڈالتا ہے جس طرح شدید نوعیت کا تشدد یا زیادتی اثرانداز ہوتی ہے۔

    ہارورڈ یونیورسٹی میں سماجی علوم کی ماہر ڈاکٹر کیٹی مک لافلن اور جان لوئب نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ تھپڑ مارنا اور جسمانی تشدد سے بچوں کی دماغی نشوونما کو عین اسی طرح نقصان ہوتا ہے جس طرح شدید تشدد میں ہوتا ہے۔ اس سے بچوں کی دماغی صحت متاثر ہوسکتی ہے، علاوہ ازیں دماغ کے وہ حصے بھی متاثر ہوتے ہیں جو فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    اگرچہ یہ مطالعہ مختصر ہے لیکن اس میں 147 ایسے بچوں کا انتخاب کیا گیا جو اسکول یا گھر میں مار کے شکار ہورہے تھے۔ ایسے بچوں کے ایک دماغی گوشے پری فرنٹل کارٹیکس (پی ایف سی) کی سرگرمی متاثر ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے ماہرین نے والدین اور اساتذہ سے گزارش کی ہے کہ وہ بالخصوص بچوں کے سر پر مارنے سے گریز کریں۔بچوں پر تشدد سے ان کی نشوونما متاثر ہوتی ہے اور جوانی تک اس کے اثرات برقرار رہتے ہیں۔ ماہرین نے کہا ہے کہ بچوں کی پٹائی ڈپریشن، اداسی اور بے چینی کی وجہ بنتی ہے۔