Month: April 2021

  • میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کیلئے ڈیٹ شیٹ تیار

    راولپنڈی(اےایف بی)پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کیلئے ڈیٹ شیٹ تیار کرلی، دہم جماعت کے امتحانات 25 مئی، انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو 3 جولائی اور پارٹ ون کے امتحانات 27 جولائی سے شروع ہونگے۔ذرائع کے مطابق پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کی جانب سے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کیلئے ڈیٹ شیٹ تیار کرلی گئی، دہم جماعت کے امتحانات کا آغاز 25 مئی سے ہوگا، پہلا پرچہ عربی کا لیا جائے گا، دہم جماعت کے امتحانات 9 جون تک جاری رہیں گے، دہم جماعت کا آخری پرچہ مطالعہ پاکستان کا ہوگا، نہم جماعت کے امتحانات 10 جون سے شروع ہونگے، پہلا پیپر عربی کا ہوگا، نہم جماعت کے امتحانات 25 جون تک جاری رہیں گے،نہم جماعت کا آخری پیپر اُردو لازمی کا ہوگا۔

     ڈیٹ شیٹ کے  مطابق انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 3 جولائی سے شروع ہونگے، پہلے روز شماریات، سائیکالوجی اور ہوم اکنامکس کے امتحانات ہونگے، امتحانات 17 جولائی تک جاری رہیں گے، انٹر پارٹ ون کے امتحانات 27 جولائی سے شروع ہونگے، انٹر پارٹ ون کے امتحانات 10 اگست کو ختم ہونگے، رواں سال بھی کورونا کے باعث دونوں جماعتوں کے عملی امتحانات منعقد نہیں کیے جائیں گے۔دوسری جانب پیک نے بھی لاہور سمیت پنجاب کے تیرہ اضلاع کے سکولوں میں بچوں کے امتحانات کا شیڈول جاری  کردیا، شیڈول کے مطابق پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات 7 جون سے لئے جائیں گے، پرائمری اور مڈل کے امتحانات 25 جون تک جاری رہیں گے، نتائج کا اعلان 30 جون کو کیا جائے گا۔

  • شوکت خانم ہرجانہ کیس؛ حنیف عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری


     راولپنڈی(اےایف بی) عدالت نے شوکت خانم کینسر ہسپتال ہرجانہ کیس میں مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے حنیف عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔سول عدالت میں شوکت خانم کینسر ہسپتال ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی۔ سول جج مصباح اختر نے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے حنیف عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

    شوکت خانم کینسر اسپتال کی انتظامیہ نے مسلم لیگی رہنما کے خلاف ہرجانہ کیس کیا تھا جس پر ایڈیشنل سیشن جج نے مسلم لیگی رہنما کے خلاف 50 لاکھ روپے ہرجانہ کی ڈگری جاری کی تھی۔مسلم لیگی رہنما طلبی کے باوجود عدالت پیش نہیں ہوئے جس پر سول جج نے مسلم لیگی رہنما کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنیکا حکم دیا۔

  • سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کااساتذہ کی ڈیوٹیوں سےاہم فیصلہ

    لاہور(اے ایف بی)سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اساتذہ کی ڈیوٹیوں سے متعلق اہم حکم دیتے ہوئے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اساتذہ کی غیر تدریسی ڈیوٹیاں ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے اساتذہ صرف بچوں کو پڑھانے کیلئے بھرتی کیے گئے ہیں لہذا اساتذہ سے صرف درس و تدریس کا کام ہی لیا جائے ۔

    کمپیوٹر ٹیچرز کی غیر ضروری ڈیوٹیاں گندم کٹائی،پولیو اور ڈیٹا انٹری پر لگائی جارہی تھیں۔ صدرپیکٹ پنجاب کاشف شہزاد کا کہنا ہے کہ اساتذہ کو غیرتدریسی کاموں میں الجھانے سے رزلٹ خراب آتے ہیں جس پر انکے خلاف انکوائری شروع کردی جاتی ہیں۔

  • صحافیوں کیلئے وزیر اعظم ہاؤسنگ پراجیکٹ سے گھر اور صحت کارڈ دینے کا اعلان


    اسلام آباد( اے ایف بی)وفاقی وزیرفواد چوہدری نےکا کہنا ہے کہ پرنٹ اورٹی وی میڈیا سے وابستہ صحافیوں کیلئے وزیر اعظم ہاؤسنگ پراجیکٹ سے ذاتی گھر اور صحت کارڈ کی سہولت دیں گے، تنخواہوں کی ادائیگی لازمی کرنے کیلئے قانون سازی اور انشورنس لارہے ہیں، پریس کلب کو سہولتیں دینا بھی میری پالیسی ہوگی۔ ڈیجیٹل میڈیا کومکمل سپورٹ دیں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپروفاقی وزیربرائے اطلات و نشریات فواد چوہدری  نے کہا کہ نوجوان ڈرامہ اور فلم سازوں کو کامیاب جوان پروگرام سے 5 کروڑ روپے تک قرضے دینے کا اعلان کیا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ فلم اورڈرامہ کا احیا پہلی ترجیح ہے، سرسید احمد خان اور ٹیپو سلطان کی زندگیوں پر عالمی سطح کی پروڈکشن پر کام شروع کیا جارہا ہے، نوجوان ڈرامہ اور فلم سازوں کو کامیاب جوان پروگرام سے پانچ کروڑ روپے تک قرضے کی سہولت دیں گے۔وزارت اطلاعات میں اصلاحات کا جو سلسلہ 2018 میں شروع کیا تھا اسے وہیں سے دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے،  #PTVNews کو HD کرنے کا منصوبہ جو 2019 سے التواء میں تھا یکم جون تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائین دی ہے انشاللہ یکم جون سے #PTVNews مکمل HD پر چلاجائیگا، اسی سال #PTVSports بھی HD کریں گے.

  • طلبا کو تھپڑ مارنے پر اساتذہ کیخلاف مقدمہ درج ہوگا، نیا قانون تیار


      لاہور( اے ایف بی)سکولوں میں بچوں پر تشدد نہیں چلے گا، تشدد کرنیوالے ٹیچر کیخلاف کارروائی ہوگی، برطرف بھی کیا جاسکے گا، پنجاب حکومت کا سکولوں میں بچوں پر تشدد بارے قانون سازی کا فیصلہ، ٹیچرز سکولوں میں بچوں کو نفسیاتی سزا بھی نہیں دے سکیں گے۔ پنجاب حکومت نے بچوں پر سکولوں میں تشدد روکنے کے حوالے سے قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا
     
    ، اس حوالے سے محکمہ قانون نے مسودہ قانون تیار کر لیا ہے، سکول میں بچے کو تھپڑ مارنے پر پی پی سی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوگا، ٹیچر سکولوں میں طلبا کو نفسیاتی سزا بھی نہیں دے سکیں گے، کسی بھی قسم کی سزا پر ٹیچر کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی، بچوں کو سزا دینے پر ٹیچر کو برطرف بھی کیا جا سکے گا، مسودہ قانون جلد منظوری کیلئے کابینہ کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔

  • قومی اسمبلی اجلاس؛ فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کی قرارداد پیش


     اسلام آباد(اے ایف بی) قومی اسمبلی اجلاس میں فرانس میں سرکاری سرپرستی میں توہین رسالت کیخلاف فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کی قرارداد پیش کردی گئی اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس ہوا جس میں توہین رسالت معاملے پر فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کی قرار داد پیش کی گئی۔رکن اسمبلی امجد علی خان نے بطور پرائیوٹ ممبر قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ فرانسیسی میگزین کی جانب سے پہلی بار 2015 میں گستاخانہ خاکے شائع کئے گئے، ایک بار پھر عالمی سطح پر مذہبی ہم آہنگی اور امن کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی، یہ ایوان متنازع فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کی جانب سے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی مذمت کرتا ہے، خاکے شائع کرنے پر پوری دنیا کے مسلمانوں نے شدید غم وغصے کے اظہار کیا۔

    قرارداد میں فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کیلئے پارلیمنٹ سے رائے مانگتے ہوئے کہا گیا کہ فرانسیسی سفیر کو کیوں نہ ملک بدر کیاجائے اور اس معاملے پر بحث کی جائے۔قرارداد میں مذہبی معاملات پر احتجاج کیلئے ملک کے مختلف مقامات پر جگہ فراہم کرنے کی بھی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ سڑکوں کی بندش کے بجائے احتجاج کیلئے مخصوص مقامات کا تعین کیاجائے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ تمام مسلم ممالک سےاس معاملے پرسیرحاصل بات کی جائے اور تمام یورپین ممالک بالعموم اورفرانس کوبالخصوص معاملہ کی سنگینی سے آگاہ کیاجائے۔

    وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے معاملے پر پارلیمنٹ کی کمیٹی بنانے کی تحریک بھی پیش کی۔ ایوان نے خصوصی کمیٹی بنانے کی تحریک منظور کرلی۔ علی محمد خان نے کہا کہ یہ قرارداد پرائیویٹ ممبر کی طرف سے آئی ہے اور حکومت اس پر کوئی دعویدار نہیں۔پیپلزپارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ مسلم لیگ ن کے 34 اور جے یو آئی ف کے 7 ارکان اور جماعت اسلامی کے ایک رکن اجلاس میں شریک ہوئے۔

    دوران اجلاس شاہد خاقان عباسی اوراسپیکر قومی اسمبلی میں تلخ کلامی ہوئی۔ شاہد خاقان عباسی اسپیکر روسٹرم کے سامنےپہنچ گئے۔ شاہد خاقان عباسی نے اسپیکرسے کہا کہ آپ کوشرم نہیں آتی، میں آپ کو جوتاماروں گا۔ اسپیکر نے کہا کہ میں بھی وہ کام کروں گا،آپ اپنی حد میں رہیں۔ایوان میں پیر نور الحق قادری کی تقریر کے دوران بھی اپوزیشن نے احتجاج کیا اور مسلم لیگ ن کے ارکان نے شدید نعرہ بازی کی۔اسپیکر نے کہا کہ قرارداد پیش ہوئی ہے منظور نہیں ہوئی، قرارداد پر تمام جماعتیں مشاورت کرلیں اور متفقہ قرارداد لائیں۔ قومی اسمبلی اجلاس جمعہ 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا

  • کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی جیل سے رہا


     لاہور(اے ایف بی)کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد حسین رضوی کو رہا کردیا گیا ہے۔حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد حسین رضوی کو رہا کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی رہائی حکومت اور ٹی ایل پی کی مجلس شوریٰ کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے۔حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان طے پائے گئے معاہدے کے تحت ملک بھر سے گرفتار کئے گئے کارکنوں کو رہا کیا جائے گا، ان کے خلاف درج مقدمات واپس لئے جائیں گے اور جن رہنماؤں کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے ان کے نام اس فہرست سے نکالے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ 12 اپریل کو ٹی ایل پی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ حکومت نے 20 اپریل تک معاہدے پر عمل نہ کیا تو اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا، جس کے چند ہی گھنٹوں بعد سعد رضوی کو گرفتار کرکے کوٹ لکھپت جیل میں قید کردیا گیا تھا۔سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں دھرنے اور مظاہرے شروع ہوگئے تھے، جس پر حکومت نے مظاہرین پر طاقت کا استعمال کیا تھا۔ اس کے علاوہ ٹی ایل پی کو دہشتگرد قرار دیتے ہوئے اسے کالعدم بھی قرار دیا گیا تھا۔

  • تعلیم پر 50 ارب روپے خرچ کرنے کا ڈارفٹ بجٹ تیار

    لاہور (اے ایف بی ) حکومت کا لاہور شہر میں 100 پرائمری سکول بنانے کا منصوبہ، نئے مالی سال کے بجٹ میں بھی شامل کرلیا گیا۔ پنجاب حکومت نئے بجٹ میں تعلیم کے پرانے منصوبوں کو ہی ترجیحات دے گی ۔ پنجاب کے تعلیموں اداروں کے لیے پہلا ڈارفٹ بجٹ تیار کرلیا گیا ۔نئے مالی سال میں حکومت تعلیم پر 50 ارب روپے کا بجٹ ترقیاتی کاموں پر خرچ کرے گی ۔نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں جاری ہیں، موجودہ حکومت چوتھا بجٹ پیش جون میں پیش کرے گی۔ترقیاتی بجٹ کے حوالے سے مختلف صوبائی ادارے اپنے منصوبوں پر پہلے ڈارفٹ بھجوا چکے ہیں۔

    تعلیمی اداروں کے حوالے سے چار صوبائی محکموں نے 50 ارب روپے تک مجموعی ترقیاتی بجٹ مختص کرنے کی تجویز دی ہے جس میں نئے منصوبوں پر ترجیح کم بلکہ پرانے منصوبے پہلے مکمل ہوں گے۔سکول ,کالجز اور یونیورسٹیوں کے لیے 17 ارب روپے کے فنڈ نئے پروگرام کے لیے مختص کرنے کی تجویز ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ترقیاتی بجٹ میں موجودہ مالی سال کی نسبت 15 ارب روپے کے اضافے کا ڈارفٹ تیار کیا گیا ہے جس میں محکمہ سکول ایجوکیشن کے لیے 32 ارب اور ہائر ایجوکیشن کے لیے دس ارب 45 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔

    اسپیشل ایجوکیشن کے لیے ایک ارب اور لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے لیے 3 ارب 95 کروڑ روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے لیے 23 ارب روپے کا بلاک ایلوکیشن فنڈ بھی ہو گاجس میں نئے مالی سال سرکاری سکولوں کی اپ گریڈیشن، نئے کلاس رومز اور سکولوں کی چار دیواری شامل ہوں گے۔ لاہور میں نئے 100 پرائمری سکولوں کی تعمیر کا پرانا منصوبہ پھر سے شامل کرلیا گیا ہے جبکہ کالجز میں مسنگ فیسلٹیز اور خصوصی بچوں کے سکولوں پر توجہ دی جائے گی۔

  • رمضان بازاروں سے چینی کے خریداروں کی قطاریں ختم کرنے کا حکم

    لاہور (اے ایف بی )لاہور ہائیکورٹ نے رمضان بازاروں میں چینی کے خریداروں کی لمبی قطاروں پر اظہار برہمی کیا ہے۔عدالت نے رمضان بازاروں سے کل تک چینی کے خریداروں کی لائنیں ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کل تک رپورٹ طلب کرلی۔ کین کمشنر، ڈی جی انڈسٹری سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے۔جسٹس شاہد جمیل خان نے ریمارکس دیے کہ حکومت نے جوکہا وہی قیمت مقرر کروا دی لیکن اب چینی کی دکانوں پر لوگوں کی لائنیں کیوں لگوائی جارہی ہیں، عام خریدار کو 85 روپے قیمت سے چینی کیوں نہیں مل رہی، آپ نے لوگوں کو بھکاری بنا دیا۔سرکاری وکیل نے کہا کہ جی بالکل لوگوں کو85 روپے میں چینی مل رہی ہے، عام دکانوں میں 85 جبکہ رمضان بازاروں میں 65 روپے سبسڈی پرچینی مل رہی ہے، رمضان بازاروں میں 15 روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔

    عدالت نے کہا کہ اگر بات مختلف ہوئی تو لاء افسر صاحب آپ کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کروں گا، 15 روپے کے پیچھے آپ نے عوام کو بھکاری بنا دیا ہے، رمضان بازاروں میں چینی کی خریداری کے لیے لمبی لمبی لائن نہیں لگنی چاہیے، یہاں عدالت میں حلف نامہ جمع کروائیں کہ لائنیں نہیں لگیں گی۔سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ یوٹیلٹی اور دیگر اسٹورز پر لائنیں نہیں لگتیں، رمضان بازاروں میں اسٹالزکے لگنے کی وجہ سے لائنیں لگتی ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، اگر انسانی وقار متاثر کرنا ہے تو کسی کے گھر کے باہر سے چینی لینے دیں۔

  • کوئی بھی ملک ’بیلٹ اینڈ روڈ‘ منصوبے میں شامل ہوسکتا ہے، چینی صدر

    بیجنگ(اے ایف بی) چینی صدر شی جن پھنگ نے آج صوبہ ہائی نان کے قصبے ہو آؤ میں منعقدہ ’’بو آؤ ایشیائی فورم 2021 سالانہ اجلاس‘‘ کی افتتاحی تقریب سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین، ایشیا کے ساتھ مل کر آگے بڑھ رہا ہے اور دنیا کے ساتھ مل کر ترقی کررہا ہے۔ان کی تقریر کا عنوان تھا ’’ایک ہی کشتی پر سوار ہوکر مشکلات کو دور کریں اور ہم نصیب مستقبل کےلیے کوشش کریں۔‘‘شی جن پھنگ نے کہا کہ 20 برسوں میں ایشیائی ممالک میں علاقائی اقتصادی یکجہتی اور اقتصادی و سماجی ترقی کو فروغ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ایشیا، عالمی معیشت میں سب سے لچک دار اور اضافے کی ممکنہ صلاحیت کا حامل علاقہ بن چکا ہے۔چین اصلاحات اور کھلے پن کو فروغ دے رہا ہے اور علاقائی تعاون کو مثبت طور پر آگے بڑھا رہا ہے؛ ایشیا کے ساتھ مل کر آگے بڑھ رہا ہے اور اور دنیا کے ساتھ مل کر ترقی کررہا ہے۔

    شی جن پھنگ نے کہا کہ عالمی معاملات کو مشترکہ مشاورت کے ذریعے حل کرنا چاہیے، عالمی مستقبل کو مختلف ممالک کو مل کر سنبھالنا چاہیے، کسی ایک یا چند ممالک کے ضوابط کو دوسرے ممالک پر جبری طور پر مسلط کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور بعض ملکوں کی یک طرفہ پسندی کو دنیا کی قیادت نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے زور دیا کہ مختلف ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کےلیے مساویانہ سلوک، باہمی احترام اور اعتماد پیشگی شرائط ہیں۔ دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنا عوامی خواہش کے منافی ہے۔امن، ترقی، مساوات، انصاف، جمہوریت اور آزادی جیسی بنی نوع انسان کی مشترکہ اقدار کو بروئے کار لایا جانا چاہیے اور مختلف تہذیب و تمدن کے درمیان تبادلوں و باہمی استفادے کو فروغ دینا چاہیے۔

    چینی صدر نے اعادہ کیا کہ ’دی بیلٹ اینڈ روڈ‘ ایسا روشن راستہ ہے جس پر سب لوگ ساتھ مل کر گامزن ہیں۔ جو بھی ملک اس میں دلچسپی رکھتا ہے، اس میں شامل ہوسکتا ہے۔ صدر شی نے کہا کہ 2030 تک ’دی بیلٹ اینڈ روڈ‘ کی مشترکہ تعمیر سے دنیا کے 76 لاکھ افراد انتہائی غربت سے، جبکہ مزید 3 کروڑ 20 لاکھ افراد درمیانی غربت سے نکل سکیں گے۔’’ہم شراکت داروں کے ساتھ مل کر دی بیلٹ اینڈ روڈ کو غربت کے خاتمے اور ترقی کا راستہ بنائیں گے اور بنی نوع انسان کی مشترکہ خوشحالی کے لیے اپنی خدمات سر انجام دیں گے،‘‘ چینی صدر نے کہا۔