Month: September 2021

  • مدرسہ طالبہ زیادتی کیس، مہتمم مفتی شاہ نواز عدالت کے احاطے سے گرفتار

    راولپنڈی( اے ایف بی ) عدالت نے طالبہ زیادتی کیس میں مدرسے کے مہتمم مفتی شاہ نواز کو عداسلت کے احاطے سے گرفتار کر لیا ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی ملک اعجازآصف کے روبرو مدرسہ طالبہ زیادتی کیس کی سماعت شروع ہوئی تو ملزم مفتی شاہ نواز کے وکیل طلعت محمود زیدی ایڈووکیٹ نے عدالت سے کہا کہ انہیں پولیس کی نئی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم پر مکمل اعتماد ہے، یہ سب سینئر پولیس افسران ہیں ، ہ میں ان سے انصاف کی توقع ہے،اگر جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی سربراہ خاتون ایس پی یہ عدالت میں بیان دیں کہ انہیں تفتیش کے لئے ملزم مفتی شاہ نواز کی ضرورت ہے اور ان کا فوری ڈی این اے ٹیسٹ کرانا ہے تو وہ کمرہ عدالت میں سرنڈر کرنے کے لئے تیار ہے ۔

    جے آئی ٹی کی سربراہ ایس پی ہیڈ کوارٹر زنیرہ احمد نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ جے آئی ٹی ابھی بنی ہے، ہم نے ابتدائی تفتیش کی ہے، ہ میں ملزم کے قبضے سے طالبہ کو دکھایا گیا اسلحہ اور اس کے کپڑے برآمد کرنے ہیں ، ڈی این اے ،پولی گرافی اور پوٹینسی ٹیسٹ کرانے ہیں ان کے لئے دونوں ملزمان کی ضرورت ہے، ان کی عبوری ضمانتیں خارج اور ہ میں شامل تفتیش کے لئے گرفتار کرنے جسمانی ریمانڈ کی اجازت دی جائے ۔

    وکیل صفائی نے کہا کہ ملزم کی حد تک ہم سرنڈر کرتے ہیں تاہم خاتون ملزمہ کی درخواست پر ہم دلائل دیں گے خاتون کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں جس پر عدالت نے خاتون ملزمہ ٹیچر عشرت حنیف کا کیس الگ کرتے ہوئے اس کی عبوری ضمانت میں 4 ستمبر تک توسیع کر دی اور فریقین کوآئندہ تاریخ پر دلائل دینے کا حکم دیا، عدالت نے تمام ٹیسٹوں کے مراحل 4 روز میں مکمل کرنے کے سخت احکامات جاری کئے، عدالت نے خاتون ایس پی کو سختی کے ساتھ حکم بھی جاری کیا کہ ملزمہ عبوری ضمانت پر ہے اس سے سورج نکلنے کے بعد اور سورج غروب ہونے سے قبل تفتیش کرنا ہو گی ۔ عبوری ضمانت خارج ہوتے ہی ملزم مفتی شاہ نواز کو گرفتار کر لیا گیا ۔