Month: September 2021

  • طالبان کی عبوری حکومت قائم ،ملا محمد حسن اخوند کو وزیراعظم مقرر

    افغانستان (اے ایف بی)طالبان نے افغانستان کی عبوری حکومت کا اعلان کردیا جس میں ملا محمد حسن اخوند کو وزیراعظم مقرر کیا گیا ہے۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک پریس کانفرنس میں عبوری حکومت کے ناموں کا اعلان کیا۔ذبیع اللہ مجاہد نے بتایا کہ ملا محمد حسن اخوند افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ہوں گے جبکہ ملا عبدالغنی برادر اورمولوی عبدالسلام حنفی نائب وزرائے اعظم ہوں گے۔

    ملا یعقوب وزیردفاع، سراج حقانی وزیرداخلہ اور قاری فصیح آرمی چیف مقررذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ طالبان کے سابق بانی امیر ملا عمر کے صاحبزادے اور ملٹری آپریشن کے سربراہ ملا محمد یعقوب مجاہد کو عبوری وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے جبکہ ان کے نائب ملا محمد فاضل اخوند ہوں گے۔کمانڈر قاری فصیح الدین افغانستان کے آرمی چیف ہوں گے۔سراج الدین حقانی وزیر داخلہ اور مولوی نور جلال نائب وزیر داخلہ، ملا ہدایت اللہ بدری وزیر خزانہ اور شیخ اللہ منیر نئی افغان حکومت میں وزیر تعلیم ہوں گے جبکہ مولوی امیر خان متقی کو ملک کا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے اور ان کے نائب شیر محمد عباس استنکزئی ہوں گے۔امیر متقی وزیر خارجہ، ملا خیر اللہ وزیراطلاعات اور ذبیح اللہ نائب وزیراطلاعات مقررخلیل الرحمان حقانی وزیر برائے مہاجرین اور خیراللہ خیرخواہ وزیر اطلاعات و ثقافت ہوں گے جبکہ ذبیح اللہ مجاہد کو نائب وزیر اطلاعات و ثقافت مقرر کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ نور محمد ثاقب وزیر حج، عبدالحکیم وزیر برائے انصاف اور نور اللہ نوری وزیر برائے امور سرحد اور قبائل ہوں گےوزیر معدنیات اور پیٹرولیم ملا محمد عیسیٰ اخوند، وزیر برائے پانی و توانائی ملا عبدالطیف منصور اور وزیر برائے سول ایوی ایشن اور ٹرانسپورٹ ملا حمید اللہ اخوندزادہ ہوں گے۔افغانستان کی عبوری کابینہ میں وزیر برائے اعلیٰ تعلیم عبدالباقی حقانی اور وزیر مواصلات نجیب اللہ حقانی کو مقرر کیا ہے طالبان ترجمان کے مطابق نئے تعینات عہدیدار کل سے اپنا کام شروع کر دیں گے۔

  • سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کیلئے ڈریس کوڈ لاگو

    اسلام آباد (اے ایف بی) وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کے لیے ڈریس کوڈ لاگو کر دیے گئے،وفاقی نظامت تعلیمات کا نوٹیفکیشن جاری۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کے لیے ڈریس کوڈ لاگو کر د یئے گئے۔ وفاقی نظامت تعلیمات نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت خواتین اساتذہ کے جینز اور ٹائٹس پہننے جبکہ مرد اساتذہ کے جینز اور ٹی شرٹ پہننے پر پابندی ہوگی۔ پردہ کرنے والی خواتین اساتذہ کو صاف ستھرا اسکارف اور حجاب پہننے کی اجازت ہوگی۔ خواتین اساتذہ سینڈل اور اسنیکر پہن سکتی ہیں جبکہ سلیپر پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    اسی طرح مرد اساتذہ کو سردیوں میں گرم چادر پہنے کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ سردیوں میں خوبصورت رنگ اور ڈیزائن کے سوئیٹر، کوٹ اور جرسی پہن سکیں گے۔ وفاقی نظامت تعلیمات نے ایریا ایجوکیشن افسران کو ڈریس کوڈ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مرد اساتذہ شلوار قمیض کے ساتھ ویسکوٹ پہنیں۔ کلاس میں اساتذہ ٹیچنگ گاؤن اور لیبارٹری میں لیب کوٹ پہنیں۔

  • پاکستانی پرچم میں میت لپیٹنے پر علی گیلانی کی اہل خانہ پر فرد جرم عائد


    سرینگر(اے ایف بی) بھارت نے حریت رہنما علی گیلانی کی میت پاکستانی پرچم میں لپیٹنے پر اہل خانہ کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت فرد جرم عائد کردی ہے۔بھارتی حکومت نے چند روز قبل کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے اہل خانہ کے خلاف ان کی میت پاکستانی پرچم میں لپیٹنے اور بھارت کے خلاف نعرے لگانے پر مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں مقدمہ درج کیا تھا تاہم گزشتہ روز اہل خانہ پر فرد جرم بھی عائد کردی گئی ہے۔علی گیلانی کے اہل خانہ پر ریاست مخالف نعرے بازی اور ان کی میت کو پاکستانی پرچم میں لپیٹنے پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی، بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ علی گیلانی کے اہل خانہ کے علاوہ دیگر افراد پر بھی فردم جرم عائد کی گئی ہے

    واضح رہے کہ یکم ستمبر کو تحریک آزادی کشمیر کے بانی رہنما سید علی گیلانی انتقال کرگئے تھے، قابض بھارتی فوج نے سید علی گیلانی کو گزشتہ 12 برس سے سرینگر میں گھر میں نظر بند کر رکھا تھا جس کی وجہ سے ان کی صحت انتہائی گر چکی تھی۔سید علی گیلانی کی تدفین کی تیاری کی جارہی تھی کہ بھارتی قابض فوج نے سری نگر میں سید علی گیلانی کے گھر پر چھاپا مارا اور خاندان کو ہراساں کرکے علی گیلانی کا جسد خاکی چھین کر لے گئے اور نماز فجر سے قبل سری نگر کی حیدرپورہ جامع مسجد کے احاطے میں سپرد خاک کردیا۔

  • صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں مزید 15 یونیورسٹیز بنانے کا فیصلہ

    لاہور (اے ایف بی) صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں مزید 15 یونیورسٹیز بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے مزید 15 نئی یونیورسٹیاں بنانے کا فیصلہ کرلیا، اس حوالے سے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سید جاوید اقبال بخاری نے صوبے میں مزید پندرہ یونیورسٹیاں بنانے کا پلان تیار کر لیا،

    یونیورسٹیاں ضلع شیخوپورہ، وہاڑی، قصور، گوجرانوالہ، بہاولنگر، حافظ آباد اور نارووال میں بنائی جائیں گی، مذکورہ نئی یونیورسٹیوں پر کل 15 ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ پہلے مرحلے پر 5 ارب روپے جاری کیے جائیں گے، نئی یونیورسٹیوں میں جدید مضامین پڑھائے جائیں گے۔

  • پنجاب میں کورونا کی بگڑتی صورتحال، 15 اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ

    لاہور (اے ایف بی) کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر پنجاب کے 15اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے ، 15 ہائی رسک اضلاع میں آج سے 12ستمبرتک پابندیاں ہوں گی۔‌تفصیلات کے مطابق کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر پنجاب کے 15اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ، صوبے کےمنتخب 15ہائی رسک اضلاع میں لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے ، 15 ہائی رسک اضلاع میں آج سے 12 ستمبرتک پابندیاں ہوں گی۔

    سیکریٹری صحت عمران سکندر کا کہنا تھا کہ ہائی رسک والے اضلاع میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، خانیوال ، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، شیخوپورہ، بہاولپور، گوجرانوالہ میں ، رحیم یارخان، گجرات، سیالکوٹ اور بھکرہائی شامل ہیں۔عمران سکندر نے کہا کہ اضلاع میں کاروباری سرگرمیاں رات 8 بجے تک جاری رہیں گی، ہفتہ اور اتوار کو محفوظ دن کے طور پر ہوگا، ان ڈورڈائننگ پرپابندی ہوگی جبکہ آؤٹ ڈور رات10بجے تک کھلے گی۔

    سیکریٹری صحت نے بتایا ہے کہ ان ڈورشادیوں کی تقریبات پرمکمل پابندی ہے اور آؤٹ ڈورشادیوں کی تقریبات رات 10بجے، 300افراد کے ساتھ ہوں گی جبکہ ہائی رسک اضلاع میں سینما ، تمام جمز اور تمام مزارات مکمل طور پر بند رہیں گے۔عمران سکندر کا کہنا تھا کہ تمام قسم کے ان ڈور آؤٹ ڈور اجتماعات پرپابندی ہوگی تاہم تمام سرکاری نجی دفاتر چلتے رہیں گے لیکن حاضری 50 فیصد ہوگی، اس دوران اضلاع کے درمیان چلنے والی ٹرانسپورٹ مکمل بند رہے گی جبکہ چلنے والی ٹرانسپورٹ کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 50 فیصد ہوگی۔سیکریٹری صحت کے مطابق پارکس، سوئمنگ پولز اور واٹراسپورٹس بند رہیں گے تاہم پبلک پارکس کوروناایس او پیز کے مطابق کھل سکیں گے۔

  • مختلف شعبوں کیلئے ویکسینیشن کی تاریخ ، این سی او سی نے نئی گائیڈ لائن جاری کردی

    اسلام آباد (اے ایف بی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے مختلف شعبوں کیلئے ویکسی نیشن کی تاریخ پر نئی گائیڈ لائن جاری کردی گئی، جس میں ائیرپورٹ پر داخلے اور تعلیمی شعبے سے تعلق رکھنےوالےافراد کو 30ستمبر تک مکمل ویکسی نیٹڈ ہونا ضروری قرار دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے مختلف شعبوں کیلئے ویکسی نیشن کی تاریخ پر نئی گائیڈ لائن جاری کردی گئی، جس میں ائیر پورٹ پر داخلے کیلئے 30 ستمبر تک مکمل ویکسی نیٹڈ ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے ، بغیرویکسین کسی کو ایئرپورٹ میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ ائیرپورٹس پردکانیں،آؤٹ لیٹ،سیکیورٹی اسٹاف اور پی آئی اےسمیت تمام ائیر لائنزاپنے اسٹاف کی ویکسینشن یقینی بنائیں اور مالکان فوڈاسٹریٹ میں ویکسی نیٹڈ افراد کو آنے کی اجازت دیں، ایس اوپیز کی خلاف وزری پر ریسٹورنٹ مالکان کو گرفتار کیا جائے۔نئی گائیڈ لائن کے مطابق 17 سال تک کی عمر کیلئے ویکسینیشن کی تاریخ 17ستمبررکھی گئی تھی، اب 17سال تک کی عمرکے افرادکی لازمی ویکسی نیشن کا آغاز یکم اکتوبر سے ہوگا۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے حکم دیا کہ تعلیمی شعبےسےتعلق رکھنےوالےافراد 30ستمبرتک مکمل ویکسین لگوالیں جبکہ ٹیکسی، بس، پبلک ٹرانسپورٹ والے افراد کو 15اکتوبر تک ویکسی نیشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نجی ٹرانسپورٹ،فوڈڈلیوری کمپنیاں عملےکی ویکسی نیشن یقینی بنائیں۔این سی او سی نے ٹرین میں سفرکرنے والوں کو 15 اکتوبرتک مکمل ویکسی نیٹڈ ہونے اور موٹروے پر سفرکرنے والوں کو بھی 15 اکتوبر تک مکمل ویکسی نیشن کرانے کا حکم دیا ہے ، مکمل ویکسی نیشن نہ ہونےپرسفرکی اجازت نہیں ہوگی۔انٹراورسٹی بسوں پر 15اکتوبرکےبعدسفرکی اجازت نہیں ہوگی جبکہ بی آرٹی،میٹرو،اورنج اور گرین لائن بس سروسز کیلئے بھی ویکسی نیشن لازمی قرار دی ہے۔

  • ٹک ٹاکر سے بد تمیزی ، گرفتار 98 افراد کا نام مقدمے سے نکالنے اور رہا کا حکم

    لاہور (اے ایف بی)مقامی عدالت نے گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر سے بد تمیزی کیس میں حراست میں لیے گئے 98 افراد کا نام مقدمے سے نکالنے اور رہا کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر سے بد تمیزی کیس پر سماعت کی، عدالت کے روبرو 98 زیر حراست افراد کو پیش کیا گیا۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان کو گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا،104 افراد کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھجوایا گیا تھا، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان کو کس بنیاد پر گرفتار کیا گیا،ملزمان کو جیل بھجوانے سے پہلے کون سے ثبوت لیے گٸے۔عدالت کو بتایا گیا کہ 98 ملزمان کی شناخت پریڈ کے دوران شناخت نہیں ہو سکی، متاثرہ خاتون نے صرف چھ افراد کو شناخت کیا تھا، حراست میں لیے گئے ان افراد کو جیل میں رکھنے کا جواز نہیں ہے،عدالت رہا کرنے کا حکم دے۔عدالت نے حراست میں لیے گئے 98 افراد کو مقدمہ سے ڈسچارج اور ریا کرنے کا حکم دے دیا۔

  • کورونا وائرس؛ پنجاب میں اسکولز بند کرنے کا فیصلہ


    لاہور(اے ایف بی) کورونا وائرس کے باعث پنجاب بھر میں اسکولز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پنجاب میں کورونا وائرس کی غیرمعمولی صورتحال کے باعث صوبے بھر میں تمام سرکاری و نجی اسکول 6 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کے مطابق تمام اسکول 6 ستمبر سے 11 ستمبر تک بند رہیں گے۔

    صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کا کہنا کہ اسکول بند کرنے کا فیصلہ کورونا وائرس کی غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے لہذا گھر پر محفوظ رہیں، اپنی اور اپنی فیملی کی حفاظت کریں۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث اسلام آباد کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 6 ستمبر سے 11 ستمبر تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی اعلان کچھ دیر بعد کیا جائے گا۔

  • مینار پاکستان پر بد سلوکی واقعہ، عائشہ اکرم نے مزید ملزمان کو شناخت کرلیا

    لاہور (اے ایف بی)مینار پاکستان پر خاتون سے دست درازی کے معاملے پر گرفتار 104 ملزمان میں سے مزید دو کی شناخت ہوگئی، متاثرہ عائشہ اکرم نے شناخت کیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے گریٹر اقبال پارک (مینار پاکستان) میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے دست درازی اور ہراسانی کے واقعے میں ملوث مزید دو ملزمان کی شناخت ہوگئی جب کہ تین ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سے مزید دو کی شناخت ہوئی، کیس میں شناخت کیے گئے ملزمان کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

    عائشہ اکرم نے پولیس بیان میں کہا کہ واقعے میں کل 12 سے 15 ملزمان شامل تھے۔پولیس کے مطابق جن ملزمان کی شناخت ہوئی ہے ان کے نام شہریار، مہران، عابد، ارسلان، ساجد اور افتخار ہیں جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے بعد عائشہ اکرم ان کی شناخت کریں گی۔پولیس نے کہا کہ کیس کے 96 ملزمان سے متعلق شواہد موجود ہیں، پانچ کو عائشہ اکرم نے شناخت کیا جب کہ تین ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا۔

  • حریت رہنما سید علی گیلانی انتقال کر گئے

    اسلام آبا(اے ایف بی))ممتاز کشمیری حریت رہنماسید علی گیلانی حیدر پورہ سری نگر میں اپنے گھر میں انتقال کر گئے ۔ تفصیلات کےمطابق سید علی گیلانی آل پارٹیزحریت کانفرس کےچیئرمین کی حیثیت سےگزشتہ کئی ماہ سےگھر پرنظربندتھے ,ان کی وفات سے کشمیری قو م اپنے ایک بڑے رہنما سے محرو م ہو گئی.

    ذرائع ابلاغ کے مطابق 92 سالہ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کا انتقال آج شام سری نگر میں ہوا، ان کی رحلت کی تصدیق خاندان کے ایک فرد نے کی ہے جبکہ حالیہ کئی برسوں سے بھارتی فوج نے انہیں گھر میں نظر بند کر رکھا تھاسید علی گیلانی کے انتقال پر سابق وزیر اعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی نے اظہار تعزیت کیا ہے اور کہا ہے کہ سید علی گیلانی ہمیشہ اپنے اصولوں پر کاربند رہے، اختلاف کے باوجود سید علی گیلانی کی ہمیشہ عزت کی۔

    سید علی گیلانی 29 ستمبر 1929 کو پیدا ہوئے، وہ جماعت اسلامی مقبوضہ جموں و کشمیر کے رکن بھی رہے ، بعد میں سید علی گیلانی نے تحریکِ حریت کے نام سے اپنی جماعت بنائی۔وہ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین بھی رہے،وہ جموں و کشمیر میں بھارتی قبضے کے سخت مخالف اور مظلوم کشمیریوں کی توانا آواز سمجھے جاتے تھے۔