Month: September 2021

  • دل کے دورے سے بچنے کا انتہائی آسان طریقہ

    امریکہ (اے ایف بی) دل کے امراض انتہائی سنگین اور جان لیوا ہوتے ہیں،بہت سی احتیاطی تدابیر اپنا کر دل کے دورے سے کافی حد تک بچا جا سکتا ہے۔ امریکہ میں ہونے والی تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی مناسب مقدار میں پانی پینا دل کے دورے سے کافی حد تک بچا سکتا ہے یہ تحقیق امریکہ میں کی گئی، یومیہ بنیادوں پر پینا دل کی صحت کے لئے ضروری ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ آسان طریقوں کو اپناتے ہوئے دل کے دورے سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔امریکی ادارہ امراض قلب، پھیپھڑے اور خون کے ماہرین کی جانب سے کی گئی تحقیق بتایا گیا کہ عمر کی درمیانی حد میں خون میں سوڈیم کی مقدار کے تناسب کا خیال رکھنا اہم ہوتا ہے جبکہ جسم میں رطوبت کے تناسب سے دل کے امراض کے لاحق ہونے کا خطرہ پتہ لگایا جاسکتا ہے۔

    تحقیق کے دوران ماہرین نے پانی کے زیادہ استعمال اور بائیں وینٹریکل کی دیوار کی موٹائی بڑھنے کے مابین رابطے کے امکان کا بھی جائزہ لیا، بایاں وینٹریکل دل کا اہم پمپنگ چیمبر ہے جس کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکل صورت حال دل کے لیے خطرے کا سبب ہو سکتی ہے۔ پانی کے مناسب مقدار میں استعمال سے دل صحت مند رہتا ہے۔پانی، خون کی گردش مناسب طریقے سے جسم میں جاری رکھنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔ اگر جسم کو پانی کی کمی کا سامنا ہے اور وہ خشکی کا شکار ہو رہا ہے ایسے میں ردعمل خود کار طریقے سے ہوگا اور پانی کی طلب بڑھ جائے گی جس سے بلڈ پریشر کا خطرہ لاحق ہونے یا دل کا دورہ پڑنے کا اندیشہ ہوبڑھ جاتا ہے۔

  • عوام پر حکومت نے ایک اور بم گرا دیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ

    اسلام آباد (اے ایف بی) مہنگائی کی ماری عوام پر وفاقی حکومت نے ایک اور بم گرا دیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا جس کا نوٹیفکیشن وزارت خزانہ نے جاری کر دیا ہے تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 10 روپے اضافے کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی گئی تھی۔

    اوگرا کی طرف سے وزارت خزانہ کو بھیجی گئی سمری کے برعکس آئندہ پندرہ روز کے لیے وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت پٹرول کی نئی قیمت 123 روپے 30 پیسے ہو گئی ہے۔وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 1 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے اور نئی قیمت ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 120روپے 4 پیسےفی لٹر ہو گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 5روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔ جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 90 روپے 69 پیسے ہو گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 42 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 92 روپے 26 پیسے فی لٹر ہو گئی۔

  • پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری

    لاہور(اے ایف بی)سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے جمعرات سے کھولنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب نے لاہورسمیت پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے جمعرات سے کھولنے کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کےمطابق طلباء کو پچاس فیصد حاضری کے تحت سکول بلوانےکی اجازت ہوگی۔سکولوں میں 100 فیصد کورونا ایس اوپیز کو یقینی بنایا جائےگا۔بغیر ماسک کسی طالبعلم کو سکول داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ سکول انتظامیہ کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ قبل ازیں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران ، ملازمین اور اساتذہ تذبذب کا شکار تھے کیونکہ سکول کھلنے کا نوٹیفیکشن جاری نہیں کیا گیا تھا تاہم اب لاہور سمیت پنجاب بھر میں سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کی جانب سے سکول کھلنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے

  • حکومت کاآٹا،گھی،چینی اوردالوں پرکیش سبسڈی دینے کااعلان

    اسلام آباد(اے ایف بی ) وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے آٹا، گھی، چینی اور دالوں پر کیش سبسڈی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں دنیا بھر میں ہوئی ہے۔اسلام آباد میں دیگر وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شوکت ترین نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے دنیا بھرمیں روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتیں بڑھی ہیں، کورونا سے اشیا کے فراہمی متاثر ہوئی اوراس کے منفی اثرات مرتب ہوئے، مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں دنیا بھر میں ہوئی ہے، بین الاقوامی مارکیٹ میں چینی فی ٹن 430 ڈالر پر چلی گئی ہے

    وزیر خزانہ نے کہا کہ ماضی میں زراعت کا شعبہ نظر انداز رہا اور کسان متاثر ہوا، ہمیں زرعی پیداوار بڑھانے کی ضرورت ہے، کسان سے لے کر ریٹیلر تک قیمتوں کا تعین کررہے ہیں، احساس پروگرام کا ڈیٹا آگیا ہے، جس کے تحت ہم رواں ماہ سے ٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے، اس سے قبل گیس اور بجلی پر ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہے تھے، اب آٹا، گھی، چینی، دالوں پر کیش سبسڈی دیں گے۔ آئندہ چند دنوں میں آٹے کی قیمت میں کمی ہوگی۔شوکت ترین نے کہا کہ ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے، آئی ایم ایف میں جانے سے روپے کی قدر میں کمی ہوئی۔ معیشت جب بڑھتی ہے تو قرضوں میں اضافہ ہوتا ہے، روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے قرضوں میں اضافہ ہوا، اب قرضے 39 ہزار 900 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں، یہقرضے 2018 میں 25 ہزار 290 ارب روپے تھے، 2020 میں قرض بلحاظ جی ڈی پی 85.7 فیصد تھا اور 2021 میں یہ 81.1 فیصد ہوگیاہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام غریب عوام کا پروگرام ہے، اس کے لئے آئی ایم ایف رضامند ہو گیا ہے، کامیاب پاکستان پروگرام میں ایسا کچھ نہیں کہ آئی ایم ایف رضامند نہ ہوتا۔ کامیاب پاکستان پروگرام گزشتہ ماہ میں شروع کیا جانا تھا، آئی ایم ایف کی رضامندی نہ ہونے کے باعث پروگرام شروع نہیں ہو سکا تھا، اب اسے رواں ماہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • فیل ہونے والے طلبا کو رعایتی 33 نمبرز دے کر پاس کیا جائے گا شفقت محمود

    اسلام آباد(اے ایف بی )وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ملک میں آئندہ مکمل نصاب پڑھایا جائے گا اوراسکے مطابق امتحانات لئے جائیں گے۔بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق حکومت نے دسویں اوربارہویں کلاس کے تمام طلبا کو پاس کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ فیل ہونے والے طلبا کو رعایتی 33 نمبرز دے کر پاس کیا جائے گا۔ کورونا صورتحال کے باعث دوبارہ فوری امتحانات ممکن نہیں، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات سال میں دو بارہوں گے۔ امتحانات کو سپلیمنٹری امتحانات کا نام نہیں دیا جائے گا۔ تمام صوبے پریکٹیکل میں 50 فیصد گریس مارکس دینگے۔ 50 فیصد مارکس تھیوری کی بنیاد پر دیئے جائیں گے بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن بھی طلبہ کی پروموشن کے لئے یہی طریقہ کار استعمال کریں گے۔

    اعلامیے کے مطابق آئندہ سال میٹرک امتحانات مئی جون میں ہوں گے جب کہ سال نیا سیشن اگست سے شروع ہوگا۔ آئندہ اسمارٹ سلیبس کا اصول نہیں اپنایا جائے گا بلکہ مکمل سلیبس پڑھایا جائے گا اوراسکے مطابق امتحانات لئے جائیں گے۔ سلیبس اپریل یا مئی تک مکمل کرنا یقینی بنایا جائے گا۔وفاقی وزیرنے کہا کہ نیا تعلیمی سال 22 اگست کو شروع ہوگا۔ او لیول اور اے لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ جامعات امتحانات کے سلسلے میں اپنا ٹائم ٹیبل بنائیں گی۔ سال میں دومرتبہ مئی/جون اور دوسری بار اکتوبر/نومبر میں امتحانات لئے جائیں گے۔اعلامیہ کے مطابق ملک بھر کے ایجوکیشن سیکٹر کی ویکسینیشن 99 فیصد مکمل ہو چکی ہے، اسکولزفوری طور پرکھولنے کی این سی او سی کو سفارش کی جائے گی۔ پاکستان نے کوویڈ جیسی مہلک وبا کے باوجود مشکل فیصلے اتفاق سے کئے اورتعلیمی عمل کو فعال رکھا۔

  • بغیر اجازت نامے کے عمرہ کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ

    ریاض(اے ایف بی) سعودی عرب نے بغیر اجازت کے عمرہ کرنے کی کوشش کرنے والوں پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے جہاں معتمرین کی تعداد 70 ہزار تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے وہیں کورونا وبا کے دوران احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کے تحت ہنگامی فیصلے کیے گئے ہیں۔ان نئے فیصلوں کے تحت عمرے کے لیے اجازت نامے کی شرط کی خلاف ورزی پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں داخل ہونے کے لیے یہ اجازت نامے سعودی عرب کی کوویڈ 19 ٹریکنگ ایپس تواکلنا اور اعتمرنا سے حاصل کیے جاتے ہیں۔

    علاوہ ازیں 12 سے 18 سال ایسے مقامی بچے جنھوں نے کورونا ویکسین کے دونوں ٹیکے لگوالیے ہیں وہ بھی عمرہ ادا کرسکیں گے جب کہ گزشتہ ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ 9 اگست سے مختلف ممالک سے عمرہ کی درخواستیں بتدریج وصول کرنا شروع کریں گی۔وزارت حج و عمرہ کی کوشش کی ہے کہ عمرہ کرنے والوں کی تعداد میں 20 لاکھ یومیہ تک اضافہ کردیا جائے جس کے لیے ویکسینیشن اور دیگر حفاظتی اقدامات کا ایک مربوط نظام تشکیل دیا جا رہا ہے

  • حکومت کا دسویں اور بارہویں کلاس کے تمام طلبا کو پاس کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد(اے ایف بی ) حکومت نے دسویں اور بارہویں کلاس کے تمام طلبا کو پاس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی جس میں حکومت نے دسویں اور بارہویں کلاس کے تمام طلبا کو پاس کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کورونا صورتحال کے باعث دوبارہ فوری امتحانات ممکن نہیں اور فیل ہونے والے طلبا کو رعایتی 33 نمبرز دے کر پاس کیا جائے گا جب کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات سال میں دو بار ہوں گے، امتحانات کو سپلیمنٹری امتحانات کا نام نہیں دیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ سال میٹرک امتحانات مئی جون میں ہوں گے، اور آئندہ سال نیا سیشن اگست سے شروع ہوگا۔

  • پنجاب میں شہریوں کے مفت علاج معالجے کیلئے پلان تیار

    لاہور(اے ایف بی) شہریوں کےمفت علاج معالجے کیلئے آئندہ3سال کا پلان ترتیب ،پنجاب حکومت یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر 331 ارب روپے خرچ کرے گی ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے شہریوں کے مفت علاج معالجے کی فراہمی کیلئے آئندہ تین سال کا پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر 331 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے ، یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے لیے باقاعدہ پی سی ون بھی تشکیل دے دیا گیا ۔

    محکمہ صحت کی جانب سے تین سالہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کیلئے 331 ارب روپے کا تخمینہ لگایا ہے، آئندہ مالی سال 2022-23 کے لیے 104 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق مالی سال 2023-24 میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر 113 ارب روپے،مالی سال 2024-25 کے لیے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پر 31 ارب روپے سے زائد کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔

  • کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی اور چکلالہ کے 19وارڈ سے مسلم لیگ ن نے 12 نشتوں پر میدان مار لی

    راولپنڈی (اے ایف بی)کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی اور چکلالہ کے 19وارڈ سے مسلم لیگ ن نے 12 نشستوں پر میدان مار لیا راولپنڈی کینٹ بورڈ سے ن لیگ نے 7 ، آزاد میدوار2 جبکہ چکلالہ سے ن لیگ 5، جماعت اسلامی 2 اور تحریک انصاف ن دو اور ایک آزادامیدوار نے کامیابی حاصل کی

    کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے وارڈ نمبر 1 سے آزاد امیدوار ملک عثمان کامیاب ، وارڈنمبرتین سے مسلم لیگ ن کے ارشد محمود قریشی ، وارڈ نمبر 4 سے مسلم لیگ ن کے رشید احمد خان، وارڈنمبر5 سے آزاد امیدوار حاجی ظفر اقبال، وارڈ نمبر 6 سے ملک منصور افسر، وارڈ نمبر سات سے ملک امجد ، وارڈ نمبر 8 سے حافظ حسین احمد، وارڈ نمبر 9 سے عبدالشکور اور 2وارڈ نمبر دس سے ملک منیر کامیاب ہو ئے جبکہ وارڈ نمبر دو کا الیکشن ملتوی کردیا گیا تھا

    چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے دس وارڈ سے مسلم لیگ ن نے 5 ، جماعت اسلامی نے 2 اور تحریک انصاف نے تین نشتیں حاصل کیں ، وارڈ نمبر ایک سے مسلم لیک ن کے راجہ پرویزاختر ، وارڈ نمبر دو سے جماعت اسلامی کے امیدوار یاسر قریشی، وارڈ بمبر 3 سے جماعت اسلامی کے خالد محمود مرزا، وارڈ نمبر 4 سے چوہدری چنگیزخان ، وارڈ نمبر 5 سے آزادامیدوار چوہدری شہزاد وارڈ نمبر 6 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک نعیم ، وارڈ نمبر 7 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ عرفان امتیاز، وارڈ نمبر 8 سے وارڈ نمبر 9 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد جمیل اور وارڈ نمبر دس سے تحریک انصاف کے امیدوار اجمیر خان نے کامیابی حاصل کی

  • مانسہرہ میں قیامت صغریٰ کا منظر، 5 مکانات تباہ، 14 افراد لقمہ اجل بن گئے

    مانسہرہ(اے ایف بی) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، آسمانی بجلی گرنے سے پانچ مکانات زمین بوس ہوگئے جس کے نتیجے میں چودہ افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے علاقے تورغر میں قدرتی آفت نے نظام زندگی درہم برہم کردیا، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے گیارہ لاشیں نکال لیں جبکہ دیگر تین کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ایم پی اے محمد خان، ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔

    آسمانی بجلی نے پانچ گھروں کو صفحہ ہستی سے مٹادیا، خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد لقمہ اجل بنے، پہاڑوں پر قائم گھروں اور پتھریلے علاقوں سے اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت گیارہ لاشیں نکال لی ہیں۔حادثہ کی خبر اے آر وائی پر نشر ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے مشینری اور امدادی ٹیموں کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کردی۔دوسری جانب سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت4.3 جبکہ گہرائی143کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کاپہاڑی سلسلہ تھا۔ شہریوں میں خوف وہراس پایا جاتا ہے۔