Month: September 2021

  • نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی پاکستان کو بڑی پیشکش

    ویلنگٹن(اے ایف بی) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کو پیشکش کی ہے کہ جلد ازجلد میچز کھیلنے کو تیار ہیں تاہم فی الحال پاکستان نہیں آسکتے، نیوٹرل وینیوپر میچز کھیل لیں۔تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈکرکٹ بورڈمصالحت پراترآیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو خط لکھا ہے ، جس میں پیشکش کی ہے کہ پاکستان سے جلدازجلد میچز کھیلنے کو تیار ہیں ،فی الحال پاکستان نہیں آسکتے، نیوٹرل وینیو پر میچز کھیل لیں۔

    پی سی بی چیئرمین رمیزراجہ نے سخت ردعمل کے بعد نیوزی لینڈبورڈ کو خط لکھا تھا۔گذشتہ روز بھی نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈو ائٹ نے پاکستان کے اچانک ہونے والے منسوخ دورے کے حوالے سے گفتگو میں کہا تھا کہ پاکستانی قوم کرکٹ کیلئے بہت جذبہ رکھتی ہے، ہم پاکستانی قوم کو ہونے والی مایوسی کو سمجھ سکتے ہیں‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’کیوی ٹیم کےدوبارہ دورہ پاکستان سےمتعلق بات کرنا قبل از وقت ہے، منسوخ میچز کو دوبارہ ری شیڈول کرنےکی کوشش کریں گے،سیریز منسوخی سے ہونے والے مالی نقصان سے متعلق بھی بات کی جائے گی‘۔ڈیوڈوائٹ نے کہا تھا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سےقریبی مراسم ہیں، جنہیں ہم مستقبل میں بھی جاری رکھنا چاہتے ہیں، پاکستان یا انگلینڈ دورے کیلئے سیکیورٹی کا مکمل جائزہ لیتے ہیں اور پھر ٹیم کو بھیجتے ہیں‘۔

  • آج تک نہ کوٸی فوجی آفسر ہاٸی کورٹ کا جج لگااورنہ ہی قانونی طورپہ ہوسکتا ہے، ریاض فیتانہ

    اسلام آباد(اے ایف بی)تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے چیئرمین ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ قائمہ کمیٹی کی حالیہ میٹنگ میں پیش کیے جانیوالے بل کے حوالے سے بے بنیاد اور غلط پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ پراپیگنڈا کرنے والوں نے نہ بل کو غور سے پڑھا اور نہ قائمہ کمیٹی کی کاروائی کے حوالے سے باخبر ہیں ۔ ریاض فتیانہ نے کہا ملک دشمن عناصر پاک فوج کے امیج کو خراب کرنے کے لیے فیک نیوز پھیلا کہ یہ تاثر دینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں کہ بل میں فوجی افسران کی براہ راست تعیناتی کی سفارش کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ من گھڑت فیک نیوز پھیلانے والے عناصر نے دھیان سے بل کو پڑھا ہی نہیں ۔ بل میں واضح طور پہ ذکر ہے کہ جو لوگ پریکٹسنگ ایڈوکیٹ یا قانون کے شعبے میں سپیشل تجربے کی بنیاد پہ آئیں گے انہیں ہائی کورٹ میں ججز کے عہدوں پہ تعیناتی سے روکا نہیں جائے گا۔

    قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ریاض فتیانہ نے کہا کہ آج تک نہ کوٸی فوجی آفسر ہاٸی کورٹ کا جج منتخب ہوا ہے نہ ہی قانونی طور پہ ہو سکتا ہے کیونکہ ان کی پری کوالیفیکیشن اور ان کے تجربے کا موازنہ کسی صورت بھی پریکٹسنگ ایڈوکیٹ سے نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو فوجی افسران بطور جج کام کرتے ہیں وہ صرف فوج کی مخصوص جیک برانچ تک محدود ہیں جہاں وہ بطور فوجی افسر بحیثیت جج کی خدمات دیتے ہیں ۔بل میں یہ واضح طور پہ لکھا گیا ہے کہ وہ صرف وہی قانونی افسر اگلی پوسٹ کے قابل ہو گا جو پہلے سے مخصوص قانونی شعبے میں کام کر رہا ہے ۔

    ریاض فتیانہ نے کہا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون انصاف انہتائی متحرک پلیٹ فارم ہے جس میں تمام جماعتوں کے اراکین شامل ہیں اور یہ کمیٹی ملک میں فرسودہ قوانین کو ختم کرنے اور معاشرے کے بدلتے ہوئے حالات کے مطابق قانون سازی کرنے میں انتہائی معاون ہے ۔ ریاض فتیانہ نے واضح کیا کہ میں ایک طویل عرصے سے پارلیمانی سیاست میں ہوں اور میں نے دیکھا ہے کہ ہر دور میں کام کرنے والے شخص کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے اس لیے میں ایسی فیک نیوز اور پراپیگنڈے کی پرواہ نہیں کرتا کیونکہ میں جمہوریت پہ یقین رکھتا ہوں اور پاکستان میں قانون کی بالادستی کے لیے ہمیشہ کام کرتا رہوں گا۔

  • کابل ایئرپورٹ کا خودکش بمبار بھارتی کالج کا طالب علم نکلا

    نئی دہلی (اے ایف بی)کابل ایئر پورٹ کے مرکزی دروازے پر خود کو دھماکے سے اُڑا کر 13 امریکی فوجیوں سمیت 170 افراد کو ہلاک کرنے والے بمبار نے 2016 میں بھارتی شہر فریدآباد کے ایک کالج میں تعلیم حاصل کی تھی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق داعش کے ایک جریدے میں شائع ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ کابل ایئرپورٹ پر دھماکا کرنے والا ان کا خود کش بمبار بھارت میں تعلیم حاصل کرچکا ہے اور بھارتی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حراست میں بھی رہا ہے۔

    داعش کے اس دعوے پر بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس میں تصدیق کی گئی ہے کہ خودکش بمبار عبدالرحمان اللغوری نے 2016 میں ریاست ہریانہ کے شہر فرید آباد کے ایک کالج میں داخلہ لیا تھا۔بھارتی کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایک افسر نے انڈین میڈیا کو بتایا کہ عبدالرحمان کالج میں داخلہ لینے کے بعد تعلیم جاری رکھنے کے بجائے دارالحکومت دہلی کے چکر لگاتا رہا اور کئی مقامات کی تصاویر بھی بنائیں۔ مشکوک اور خفیہ سرگرمیوں کے باعث اسے حراست میں لیا گیا تھابھارتی قانون نافذ کرنے والے ادارے عبدالرحمان سے کوئی خاطر خواہ شواہد حاصل کرنے میں ناکام رہے جس کے باعث اسے افغان حکومت کے حوالے کردیا گیا جہاں دوران تفتیش ملزم نے داعش کی کئی تربیت گاہوں کے بارے میں بتایا۔

    بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے افغان فوج کی اس تفتیش کو اپنی کامیابی بنا کر پیش کیا اور دعویٰ کیا کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ساتھ مشترکہ آپریشن کے دوران افغانستان میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں 600 سے زائد جنگجو ہلاک ہوگئے تھے تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ادھر طالبان کے افغانستان کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے بعد جیل توڑ کر قیدیوں کو رہا گیا جس کے دوران عبدالرحمان بھی جیل سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا اور دوبارہ داعش سے جا ملا۔ بعد ازاں 26 اگست کو کابل ایئرپورٹ کے دروازے پر ہجوم میں خود کو دھماکے سے اُڑا لیا تھا۔

  • پاکستان کو خطرے کی تفصیل نہ بتائی گئی اور نہ بتائیں گے، چیف ایگزیکٹیو نیوزی لینڈ کرکٹ

    آکلینڈ(اے ایف بی) ​نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ کرکٹ ٹیم کولاحق خطرے کی تفصیلات نہ پاکستان کو تو بتائی گئیں اور نہ ہی بتائی جائیں گی۔نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کیوی بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کے لیے پرعزم تھی کیونکہ اس سے قبل پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ اور خطرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا تھا لیکن جمعے کے روز ہر چیز بدل گئی، اس حوالے سے دی گئی ہدایات اور ممکنہ خطرے کے پیش نظر حالات بھی بدل گئے،

    ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورے کی منسوخی کی مختصر وجوہات پاکستان کرکٹ بورڈ کو بتائی گئی ہیں تاہم تفصیلی انداز میں نہ تو انہیں بتایا گیا ہے اور نہ ہی بتایا جائے گا۔ ہمیں معلوم ہے کہ یہ پی سی بی کے لیے انتہائی مشکل وقت ہے لیکن ہمارے پاس دورہ منسوخ کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔ وہ اس کے علاوہ کیا کہہ سکتے ہیں کہ ہمیں جو ہدایات ملیں وہ ٹیم کو درپیش ممکنہ خطرے سے متعلق ایک ذمہ دار اور انتہائی محتاط ذریعے سے ملنے والی رپورٹس کا نتیجہ تھیں۔

    ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے ملنے والی ہدایات کی روشنی میں ہم نے انتہائی ذمہ دارانہ قدم اٹھایا۔ ہم نے فیصلہ کرنے سے پہلے نیوزی لینڈ کے حکومتی عہدیداروں کے ساتھ کافی بات چیت کی اور پی سی بی کو اپنے موقف سے آگاہ کرنے کے بعد ہی ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے عین اس وقت پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا تھا جب دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں شیڈول ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ شروع ہونے میں 2 گھنٹے سے بھی کم وقت رہ گیا تھا، اور نیوزی لینڈ ٹیم کئی روز سے پاکستان میں موجود تھی

  • سکول ایجوکیشن کا اساتذہ کو نیا دھچکا؛ پریشان کن خبر

    لاہور(اے ایف بی)فنڈز کی کمی کا سامنا ،انصاف آفٹر نون سکول میں پڑھانے والے اساتذہ رول گئے،سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سات ہزار سکولوں میں سے 3 ہزار پانچ آفٹرنون سکولز کو فنڈز کی ادائیگیاں روک دی۔تفصیلات کےمطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو فنڈز کی کمی کا سامنا جس کے باعث 7 ہزار انصاف آفٹر نون سکول میں پڑھانے والے اساتذہ رول گئے،سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے 3 ہزار پانچ آفٹرنون سکولز کو فنڈز کی ادائیگیاں روک دی،سکول ایجوکیشن نےسات ہزار میں سے صرف 4 ہزار سکولوں کے ایک سال سے فریز ایک کروڑ سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے۔

    مذکورہ فنڈز اساتذہ ودیگر سٹاف کو تنخواہوں کی ادائیگی کی مد میں جاری کیے گئے ہیں جبکہ 3 ہزار پانچ سکولوں کو 80 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری ہونا باقی ہیں،سکول ایجوکیشن کے مطابق باقی سکولوں کو اگلے مرحلہ میں فنڈز جاری کردیئے جائیں گے۔

    یادرہے کہ فنڈز جاری نہ ہونے والے سکولوں می لاہور کے 70سکولز بھی شامل ہیں،پنجاب ٹچرز یونین نے 3 ہزار سکولوں کے فنڈز فریز کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، انکا کہنا ہے کہ چار ہزار سکولوں کی طرح باقی 3 ہزار سکولوں کو بھی جلد فنڈز جاری کیے جائیں

  • سیکیورٹی خدشات ،نیوزی لینڈ کرکٹ نے یکطرفہ طور پر ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ کردیا

    اسلام آباد ;آکلینڈ( اے ایف بی)نیوزی لینڈ کرکٹ نے پاکستان اور بلیک کیپس کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل (ون ڈے ) اور سیریزکو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا میچ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل سیکیورٹی خدشات کے باعث ملتوی کردیا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نےآگاہ کیا ہے کہ انہیں سیکورٹی کے حوالے سے الرٹ کیا گیا ہے اس لیے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان نے مہمان ٹیم کی سیکورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کررکھے تھے;46; ہم نے نیوزی کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی اور وزیر اعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو رابطہ کرکے انہیں بتایا کہ ہماری سیکورٹی انٹیلی جنس دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سیکورٹی کا خطرہ نہیں ہے،نیوزی لینڈ ٹیم کے آفیشلز نے حکومت پاکستان کی سیکورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا ۔

    دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ نے تصدیق کی کہ بلیک کیپس نے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے جاری سیکیورٹی الرٹ کے بعد اپنا دورہ پاکستان ترک کر رہے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان میں نیوزی لینڈ کی حکومت کو موصول سیکیورٹی خدشات میں اضافے اور نیوزی لینڈ کے سیکورٹی ایڈوائزرز کے مشورے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بلیک کیپس دورے کو جاری نہیں رکھیں گے، اب ٹیم کی واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ واءٹ نے کہا کہ جو تجاویز ہ میں موصول ہوئیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس دورے کو جاری رکھنا ممکن نہیں تھا، میں سمجھتا ہوں کہ یہ پی سی بی کے لیے ایک دھچکا ہوگا جو شاندار میزبان رہے ہیں تاہم کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے اور ہ میں یقین ہے کہ یہ واحد ذمہ دار آپشن ہے ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو ہیتھ ملز نے بھی ڈیوڈ واءٹ کے بیان کی تائید کی اور کہا کہ ہم اس سارے عمل میں شامل رہے ہیں اور اس فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہیں ،کھلاڑی محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور ہر کوئی اپنے بہترین مفاد میں کام کر رہا ہے ۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم سیکورٹی خطرے کی تفصیلات پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے اور نہ ہی واپس آنے والے اسکواڈ کے تازہ ترین انتظامات پر کوئی رائے دیں گے ۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے رابطہ کیا،وزیراعظم نے یقین دلایا کہ پاکستان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی میسر ہے اور پی سی بی کے مطابق خود نیوزی لینڈ کی سیکیورٹی نے پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ چوہدری فواد نے کہا کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز دنیا کے بہترین انٹیلی جنس سسٹمز میں شامل ہیں اور ان کی رائے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کے خطرہ نہیں ہے،تاہم نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے ازحد احتیاط کی پالیسی کے پیش نظر دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 سال بعد تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کے لیے 11 ستمبر کو پاکستان آئی تھی ۔

  • پاکستان اور نیوزی لینڈ کا پہلا ون ڈے میچ منسوخ کردیا گیا

    راولپنڈی(اے ایف بی ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے میچ منسوخ کردیا گیا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی اسٹیڈیم میں دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا اور پاکستان 18 سال بعد اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ ٹیم کی میزبانی کے لیے تیار تھا تاہم مہمان ٹیم نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں میں کووڈ کیس سامنے آنے کی وجہ سے میچ منسوخ کردیا گیا۔

    میچ منسوخ ہونے کا ابھی تک پی سی بی کی طرف سے باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا تاہم ذرائع کے مطابق تین کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔تماشائیوں کو تمام پروٹوکولز کے باوجود اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی بھی ہوٹل میں موجود ہیں۔میچ منسوخ ہونے پر شائقین نے مایوسی کا اظہار کیا۔ پی سی بی حکام کے مطابق 17 سے 21 ستمبر تک جاری رہنے والی سیریز کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئےہیں۔

  • اوورسیزپاکستانیوں کیلئےخوشخبری،اب موبائل فون پرفنگرپرنٹ اورشناختی کارڈکاحصول ممکن

    واشنگٹن(اے ایف بی ) چیئرمین نادرا طارق ملک کا کہنا ہے اوورسیز پاکستانی اب شناختی کارڈ موبائل فون پر حاصل کرسکیں گے جبکہ فنگرپرنٹ بھی موبائل فون پر دیے جاسکیں گے۔تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں چیئرمین نادرا طارق ملک نے پاکستانی سفارتخانےمیں نادرا کے دفتر کا افتتاح کردیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پراوورسیزکوسہولیات مہیاکی جارہی ہیں، شناختی کارڈ اب موبائل فون پرحاصل کیےجاسکتے ہیں جبکہ فنگرپرنٹ بھی موبائل فون پردیے جاسکیں گے۔

    چیئرمین نادرا کا کہنا تھا کہ 84لاکھ اوورسیزپاکستانی ووٹ ڈالنےکےاہل ہیں، الیکشن کمیشن کی اجازت سےان کی ووٹنگ سہولت پرکام شروع کریں گے ، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے،لیٹرلکھاگیاہےانہیں حکم نہیں دیا۔طارق ملک نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کےکہنےپرانہیں پریزینٹیشن دی گئی،الیکشن کمیشن کوکوئی غلط فہمی ہوئی ہےواپس آکراسے دورکردوں گا۔

    گذشتہ ماہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے آن لائن شناختی کارڈ بنوانے، تجدید کروانے کے لیے موبائل ایپ تیار کی تھی ، اس ایپ کی تیاری کے بعد پاکستانی دنیا میں ایس ٹیکنالوجی متعارف کرانے والا پہلا ملک بن گیا تھا، جس کی بدولت شہری اسمارٹ فون کی مدد سے گھر بیٹھے ہی شناختی کارڈ بنواسکیں گے۔

  • قومی اسمبلی میں سید علی گیلانی سے متعلق قرارداد اتفاق رائے سے منظور

    اسلام آباد (اے ایف بی ) قومی اسمبلی میں حریت پسند رہنما سید علی گیلانی سے متعلق قرارداد کی منظوری اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی، قرارداد وزیر مملکت علی محمد خان نے پیش کی۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس سے چوتھے پارلیمانی سال کا آغاز ہوگیا ، اجلاس میں وزیر مملکت علی محمد خان نے حریت پسند رہنما سید علی گیلانی سےمتعلق قرارداد پیش کی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان سید علی گیلانی وفات پر تعزیت کرتا ہے، سید علی گیلانی نےساری زندگی کشمیری عوام کیلئےوقف کر رکھی تھی، ان کو ایوان سلام پیش کرتا ہے

    ۔قرارداد میں کہا کہ اسمبلی سیدعلی گیلانی کے خاندان کیخلاف بھارتی جارحیت کی مذمت کرتاہے، جس کے بعد قومی اسمبلی میں سید علی گیلانی سے متعلق قرارداد کی منظوری اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس،قومی ایشوز کےحوالے سے معاملات زیر غورآئیں گے۔

  • گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے سے متعلق آئینی ترمیم کیلئے باضابطہ بل تیار

    اسلام آباد: (اے ایف بی)وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے سے متعلق آئین میں ترمیم کے لئے باضابطہ بل تیار کرلیا۔ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے سے متعلق مجوزہ ترمیمی بل کا عنوان26ویں آئینی ترمیم بل2021 ہوگا، جس میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 51 ، 59، 106 ، 175A، 198، 218 ، 240 اور 242 میں ترامیم کی تجاویز شامل ہیں، اس میں آرٹیکل 258A اور 264A کے نام سے مزید 2 شقوں کا اضافے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔مجوزہ ترمیمی بل میں چیف کورٹ گلگت بلتستان کو ہائی کورٹ گلگت بلتستان کا نام دینے کی تجویز دی ہے، جب کہ سپریم ایپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کو ختم کیا جائے گا۔ ہائی کورٹ گلگت بلتستان کے ججز کی تعداد 5 ہی رہے گی اس میں مزید اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن کو ختم کیا جائے گا تاہم اس کے ایک رکن کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ممبر بنایا جائے گا۔ موجودہ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو ان کی مدت ختم ہونے تک الیکشن کمیشن آف پاکستان کا رکن برقرار رکھا جائے گا۔

    آئین میں مجوزہ 26 ویں ترمیم میں گلگت بلتستان اسمبلی میں نشستوں کی تعداد 33 ہی برقرار رکھنے کی تجویز دی ہے، جس میں سے 24 جنرل، 6 خواتین جبکہ 3 ٹیکنوکریٹس کی نشستیں ہوں گی۔ گلگت بلتستان کو قومی اسمبلی میں 4 نشستیں دینے کی تجویز دی ہے جس میں سے 3 جنرل نشستیں جب کہ خواتین کے لئے 1 نشست رکھنے کی تجویز دی ہے۔ گلگت بلتستان کو سینیٹ میں بھی 4 سیٹیں دینے کی تجویز پیش کی تھی جس میں 2 جنرل سیٹیں، ایک خواتین کی اور ایک ٹیکنوکریٹ کی نشست شامل ہے۔ سینیٹ میں گلگت بلتستان کی نمائندگی کے حوالے سے وزیراعلی گلگت بلتستان و وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے عدم اتفاق کرتے ہوئے دیگر صوبوں کے برابر نمائنددگی دینے کی بات کی ، جس پر اتفاق نہ ہونے پر یہ تاکید کی گئی کہ سینیٹ میں گلگت بلتستان کو 8 جنرل، 1 خواتین اور 1 ٹیکنوکریٹ کی نشست دی جائے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پر وزیراعظم سے وزیر اعلی خالد خورشید کی مشاورت کے بعد یہ اتفاق ہوا کہ گلگت بلتستان کو سینیٹ میں 8 سیٹیں دی جائیں۔

    مجوزہ ترمیم کے ذریعے آئین میں شق 258 A شامل کی جائے گی ، جس میں کہا جائے گا کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنایا جاتا ہے، اس شق میں واضح کیا جائے گا کہ پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام جمہوری طریقہ کار کے ذریعے آزادانہ و شفاف استتصواب رائے کے زریعے اپنا حق خودارادیت حاصل کرے گا۔مجوزہ آئینی ترمیم میں آرٹیکل 264A کا اضافہ کرتے ہوئے گورنمنٹ آف گلگت بلتستان آرڈر 2018 کو ختم کیا جائے گا، اس شق میں وفاق و گلگت بلتستان میں پوزیشن و ویکینسی شیئرنگ فارمولا کو فورتھ شیڈول گلگت بلتستان آرڈر2018 کو ہی برقرار رکھنے کی تجویز دی ہے۔ اس کے علاوہ جبکہ گلگت بلتستان کی اپنی پبلک سروس کمیشن کے قیام تک فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو فعال رکھنے کی بھی تجویز دی ہے۔