Month: November 2021

  • ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول سے خارج

    لاہور(اے ایف بی)تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکال دیا گیا۔صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ حافظ محمد سعد ولد خادم حسین کا نام انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی فورتھ شیڈول کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا کہ ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی (ڈی آئی سی) کی سفارش پر ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں رکھا گیا تھا۔علاوہ ازیں صوبائی محکمہ داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے مزید 487افراد کےنام بھی فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکال دیے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی ٹی ایل پی کے 90 افراد کے نام فورتھ شیڈول سے نکالے گئے تھے جس کے بعد مجموعی تعداد ہوگئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فورتھ شیڈول کی فہرست کو اپ ڈیٹ کردیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ اضلاع کی پولیس رپورٹس پر ایکشن لیتے ہوئے فورتھ شیڈول کی فہرست سے نام خارج کئے گئے۔خیال رہے کہ 7 نومبر کو وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان اور کابینہ سے منظوری کے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی ذیلی شق ون کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو فرسٹ شیڈول سے بطور کالعدم جماعت نکال دیا تھا

  • سانحہ آرمی پبلک اسکول از خود نوٹس، سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو طلب کرلیا

    اسلام آباد( اے ایف بی ) سپریم کورٹ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران وزیراعظم کو طلب کر لیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وزیراعظم کو بلائیں ان سے خود بات کریں گے، ایسے نہیں چلے گا، بچوں کو اسکولوں میں مرنے کے لئے نہیں چھوڑ سکتے، چوکیدار اور سپاہیوں کے خلاف کارروائی کر دی گئی ۔ بدھ کو چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے فاضل بینچ نے سانحہ رمی پبلک اسکول از خود نوٹس کیس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت عدالت نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا وزیراعظم نے عدالتی حکم پڑھا ہے جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزیراعظم کو عدالتی حکم نہیں بھیجا تھا، وزیراعظم کو عدالتی حکم سے آگاہ کروں گا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وزیراعظم کو بلائیں ان سے خود بات کریں گے، ایسے نہیں چلے گا ۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بچوں کو اسکولوں میں مرنے کے لئے نہیں چھوڑ سکتے، چوکیدار اور سپاہیوں کے خلاف کارروائی کر دی گئی، اصل میں تو کارروائی اوپر سے شروع ہونی چاہیے تھی، اوپر والے تنخواہیں اور مراعات لے کر چلتے بنے ۔ جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ سابق آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف انکوائری رپورٹ میں کوئی فائنڈنگ نہیں ۔ جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ اداروں کو معلوم ہونا چاہیے تھا کہ قبائلی علاقوں میں آریشن کا رد عمل آئے گا، سب سے نازک اورآسان ہدف اسکول کے بچے تھے، یہ ممکن نہیں کہ دہشت گردوں کو اندر سے مدد نہ ملی ہو ۔ دوران سماعت عدالت میں ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا بھی تذکرہ ہوا ۔ جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیئے کہ کیا اصل ملزمان تک پہنچنا اور پکڑنا ریاست کا کام نہیں اطلاعات ہیں کہ ریاست کسی گروہ سے مذاکرات کررہی ہے ۔

  • احساس راشن رعایت رجسٹریشن پورٹل کا اجراء

    اسلام آباد(اے ایف بی)احساس راشن رعایت پورٹل گھرانوں اور کریانہ مالکان کی رجسٹریشن کیلیئے آج کھول دیا گیا ہے۔پورٹل کا پتہ درج ذیل ہے(ehsaasrashan.pass.gov.pk)ڈاکٹر ثانیہ نے احساس راشن پورٹل کے اجراء کے موقع پر ستارہ مارکیٹ اسلام آباد میں ایک کریانہ دکاندار کی احساس رجسٹریشن پورٹل پر درخواست خود درج کروائی۔نیشنل بینک ٹیم کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ کم آمدنی والے گھرانے اپنی درخواستیں پورٹل پر آن لائن جمع کرواسکتے ہیں۔فی گھرانہ ایک ہی درخواست جمع ہوگی اورہر گھرانہ اندراج کیلئے گھر کے ایک فرد کو چنے گا۔پورٹل کی درخواست گزار گھرانے یقینی بنائیں کہ موبائل سم گھرانے کے اسی فرد کے نام پر رجسٹر ہو۔اہل ٹھہرائے جانے کی صورت میں صرف رجسٹرڈ فرد راشن رعایت حاصل کر سکے گا۔

    تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے مزید بتایا کہ رجسٹریشن کے چار ہفتوں کے اندر گھرانوں کو انکی اہلیت کے پیغامات 8171سے بھجوا دئیے جائیں گے۔دو کروڑ اہل گھرانے آٹا، خوردنی تیل، دالوں پر ماہانہ ایک ہزار کی رعایت حاصل کرسکیں گے۔کریانہ دکاندار بھی راشن رعایت پروگرام میں شریک ہونے کیلئے خود کو رجسٹر کرواسکتے ہیں۔کریانہ دکانداروں کی رجسٹریشن کیلئے بینک اکاؤنٹ نمبر فراہم کرنا ضروری ہے۔جن کریانہ دکانداروں کے بینک اکاؤنٹ نہیں ہیں، وہ نیشنل بینک کی قریبی شاخ میں اپنا اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے۔کریانہ مالکان کے بارے میں ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ پروگرام کے تحت حکومت کی جانب سے کریانہ مالکان کیلئے خصوصی پیکج شامل کیا گیا ہے اور انکو سیل پر پرکشش کمیشن بھی دیا جائے گا۔ہر سہ ماہی میں کریانہ مالکان کو کارکردگی کی بنیاد پرخصوصی انعامات گاڑیاں، موٹر سائیکل، موبائل فون اور دیگر انعامات بھی قرعہ اندازی کے ذریعے دئیے جائیں گے۔

  • حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان مکمل سیز فائر معاہدے پر آمادہ

    اسلام آباد(اے ایف بی)حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی ) میں مکمل سیز فائر معاہدے پر آمادہ ہو گئے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ جو مذاکرات کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہو رہے ہیں وہ پاکستان کے آئین اور قانون کے تحت ہوں گے، مذاکرات میں ریاست کی حاکمیت، ملکی سلامتی، متعلقہ علاقوں کے امن، معاشرتی اور اقتصادی استحکام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا، مذاکرات میں متاثرہ علاقوں کے افراد کو قطعی طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ان افراد کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے،مذاکرات کی پیشرفت کو سامنے رکھتے ہوئے سیز فائر میں توسیع ہوتی جائے گی، مذاکرات میں افغانستان کی عبوری حکومت نے سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے ۔

    پیر کو پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے بعد کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواحسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے یکم اکتوبر 2021ء کو اپنے انٹرویو میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کا تذکرہ کیا تھا، ان مذاکرات کی شروعات ہو چکی ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک معاہدے کے تحت حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان مکمل سیز فائر پر آمادہ ہو چکے ہیں ،جو مذاکرات کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہو رہے ہیں وہ پاکستان کے آئین اور قانون کے تحت ہوں گے، کوئی بھی حکومت پاکستان کے آئین د اور قانون سے باہر مذاکرات کر ہی نہیں سکتی ۔

    چوہدری فواد حسین نے مزید کہا کہ ان مذاکرات میں ریاست کی حاکمیت، ملکی سلامتی، متعلقہ علاقوں کے امن، معاشرتی اور اقتصادی استحکام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا، مذاکرات میں ان علاقوں کے متاثرہ افراد کو قطعی طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ان علاقوں کے افراد کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے،مذاکرات کی پیشرفت کو سامنے رکھتے ہوئے سیز فائر میں توسیع ہوتی جائے گی ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ مذاکرات میں افغانستان کی اتھارٹیز (عبوری حکومت) نے سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے، یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان کے یہ علاقے ایک طویل عرصے کے بعد مکمل امن 

  • تحریک لبیک پاکستان سے پابندی ختم، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد (اے ایف بی)وزیراعظم عمران خان کے بعد وفاقی کابینہ نے بھی تحریک لبیک پاکستان پر عائد پابندی ہٹانے کے لیے بھیجی گئی وزارت داخلہ کی سمری کی منظوری دے دی، جس کے بعد نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ‘کابینہ نے 6 نومبر 2021 کو داخلہ ڈویژن سے جمع کرائی گئی سمری کا جائزہ لیا جو رولز آف بزنس کے رول 17 ون بی اور 19 ون کے تحت تحریک لبیک پاکستان سے پابندی ہٹانے کے لیے بھیجی گئی تھی, کابینہ نے سمری کے پیراگراف نمبر 8 پر دی گئی تجویز کی منظوری دیدی ہے ۔

    رولز آف بزنس 1973 کے مطابق وزیراعظم سے منظوری کا مطلب ہوگا کہ سمری وفاقی کابینہ کو بھیج دی جائے گی، پھر وزرا کی تجاویز واپس وزیراعظم کو بھیج دی جائیں گی تاکہ اس معاملے پر مزید فیصلے کیے جائیں، اگر کسی وزیر کا مؤقف مخصوص وقت تک نہیں آئے تو اس کا مطلب یہ لیا جاتا ہے کہ انہوں نے سمری میں دی گئی تجاویز کی منظوری دیدی ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ کالعدم لکھنے کی سفارش ابتدائی طور پر منظور کرکے کالعدم ختم کرانے سے متعلق وفاقی کابینہ کی منظوری لینے کی ہدایت کی تھی۔

  • گریٹر اقبال پارک ہراسگی کیس : عائشہ اکرم کے مزید تہلکہ خیز انکشافات


    لاہور (اے ایف بی) گریٹر اقبال پارک ہراسگی کیس میں متاثرہ خاتون عائشہ اکرم کا کہنا ہے کہ ریمبو نے خان بابا کے ساتھ مل کر بلیک میل کیا، خان بابا واہ کینٹ ٹیکسلا کا رہائشی اورانایہ کے نام سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنا رکھا ہے۔تفصیلات کے مطابق گریٹر اقبال پارک ہراسگی کیس میں متاثرہ خاتون عائشہ نے بیان ریکارڈ کرا دیا، متاثرہ خاتون نے ایف آئی اے کو بیان میں کہا ہے کہ ریمبو نے منگیتر کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو پر بلیک میل کیا، ریمبو نے خان بابا کے ساتھ مل کر بلیک میل کیا۔عائشہ کا کہنا تھا کہ خان بابا واہ کینٹ ٹیکسلاکا رہائشی اورانایہ کے نام سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنارکھاہے، ملزم ریمبو 10 لاکھ روپے بلیک میل کرکے لے چکا ہے

    ،ایف آئی اے ذرائع نے کہا ہے کہ عائشہ ایف آئی اے کو بلیک میلنگ سے متعلق ثبوت نہ دےسکی جبکہ 10 لاکھ سے متعلق بھی کوئی ثبوت تاحال نہیں دیا گیا۔یاد رہے عائشہ نے ایک ماہ قبل ریمبو کیخلاف درخواست دی تھی ، متاثرہ خاتون عائشہ اکرم نے ساتھی ریمبو کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ گریٹر اقبال پارک جانے کا پلان ریمبو نے ہی بنایا تھا۔متاثرہ خاتون نے بتایا کہ ریمبو نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ میری نازیبا ویڈیوز بنا رکھی ہیں، ویڈیوز کی وجہ سے ریمبو مجھے بلیک میل کرتا رہا۔عائشہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ریمبو بلیک میل کرکے 10لاکھ روپے لے چکا ہے، میں اپنی تنخواہ میں سے آدھے پیسے ریمبو کو دیتی تھی، ریمبو ساتھی بادشاہ کے ساتھ مل کر ٹک ٹاک گینگ چلاتا ہے۔

  • امریکی اخبار نے انتہا پسند جماعت بی جے پی کا بھانڈا پھوڑدیا۔

    امریکہ(اے ایف بی)مودی حکومت کے مسلمانوں کے ساتھ سلوک نے بھارت کی ساکھ کو تباہ کر دیا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا پول کھول دیا۔انتہا پسند مودی نے’سیکولر بھارت‘ کو ’ہندو ریاست‘ میں تبدیل کردیا ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا پول کھول دیا۔ نیویارک ٹائمز میں شائع رپورٹ کے مطابق مودی حکومت کے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک نے بھارت کی ساکھ کو تباہ کر دیا ہے۔ بھارتی حکومت ملک کو ہندو ریاست میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    مسلمانوں کو دیوار سے لگانے سے جنوبی ایشیا میں بھارت کا روایتی کردار کمزور ہو گیا ہے۔ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نہ صرف ہندوؤں کو ترجیح دینے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے بلکہ اپنے اندر موجود انتہاپسند عناصر کو لگام ڈالنے سے بھی انکاری ہے۔ ان عوامل کے سبب مسلمانوں کو نقصان اور تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    امریکی اخبار کے مطابق مودی حکومت کے انتہا پسندانہ طرزِ عمل کی بدولت چین کے لیے اپنی حیثیت منوانے کے نئےمواقع پیدا ہوئے ہیں۔بیجنگ نے نئی دہلی کے پڑوسی ممالک سے قریبی تعلقات بنانا شروع کر دیئے ہیں۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق مسلمانوں کیخلاف تشدد پر بھارتی وزیراعظم کے ہونٹ سِل جاتے ہیں اور وہ اس بارے میں کوئی بیان تک نہیں دیتے۔اس حوالے سے بھارت کے سابق وزیر خارجہ یَشوَنت سِنہا کا کہنا ہے کہ مودی کی خاموشی سے یہ تاثر ملتا ہے کہ یا تو حالات بھارت کے کنٹرول سے باہر ہوچکے ہیں، یا پھر ریاست خود پُرتشدد واقعات کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

  • کالعدم ٹی ایل پی کا معاملہ: وفاقی وزرا نے بڑا مطالبہ کردیا

    اسلام آباد (اے ایف بی) کالعدم ٹی ایل پی سےپابندی ہٹانےکا معاملہ ایک بار پھر کھٹائی میں پڑگیا ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے تاحال سمری کی منظوری نہ دی جاسکی، اہم وفاقی وزرا نےمعاملے پر کھلی بحث کرانےکامطالبہ کردیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض وزرا کی رائے ہے کہ معاملےپر وفاقی کابینہ اجلاس میں بحث ہونی چاہیے، یہی وجہ ہے کہ بعض وفاقی وزرا نے سمری پردستخط نہیں کیے، سمری کی منظوری کےلیے14وزرا کے دستخط درکار ہیں۔

    جس پر وزارتِ داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ وزارت قانون کو پابندی ختم کرنے اور نام سے کالعدم ہٹانے سے متعلق خط وفاقی کابینہ اجلاس میں رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کے بعد وفاقی کابینہ سے بھی منظوری لی جائے گی، خط آئندہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں رکھا جائےگا یا سرکولیشن کے ذریعے کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ کالعدم لکھنے کی سفارش ابتدائی طور پر منظور کرکے کالعدم ختم کرانے سے متعلق وفاقی کابینہ کی منظوری لینے کی ہدایت کی تھی۔ وزارت قانون نےحکومت پنجاب کی سفارشات کی منظوری دے دی اور پابندی اٹھانے کی حمایت بھی کی ہے۔

  • راولپنڈی اسلام آباد میں 11 روز بعد معمولات زندگی بحال

    اسلام آباد:(اے ایف بی)حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان نئے معاہدے کے بعد جڑواں شہروں میں 11 روز بعد معمولات زندگی بحال ہوگئے۔حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان کامیاب مزاکرات کے بعد دیگر شہروں کی طرح اسلام آباد اور راولپنڈی میں معمولات زندگی مکمل بحال ہوچکے ہیں، فیض آباد انٹرچینج کو 10 روز بعد ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

    مری روڈ پر قائم تمام تعلیمی ادارے، بینک اور کاروباری مراکز آج معمول کے مطابق کھلے ہیں، مظاہرین کو روکنے کے لیے مری روڈ پر لگائی گی تمام رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں، مری روڈ کو مریڑ چوک سے فیض آباد انٹرچینج تک کھول دیا گیا، مری روڈ کی تمام رابطہ سڑکوں پر بھی ٹریفک رواں دواں ہے، میٹرو بس سروس اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی بحال ہے۔میٹرو بس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رحمان آباد اسٹیشن پولیس کی موجودگی کے باعث بند ہے، باقی تمام اسٹیشنز مسافروں کے لیے کھلے ہیں۔

    دوسری جانب جی ٹی روڈ جہلم سے وزیرآباد تک بند ہے، نیشنل ہائی ویز پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ پر کل تک ٹریفک بحال ہوجائے گی