Month: December 2021

  • حضرت ابوبکر صدیقؓ کے یوم وفات پر چھٹی کی قرار داد متفقہ طور پر منظور

    لاہور(اے ایف بی) پنجاب اسمبلی میں خلیفہ اول حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے یومِ وفات پر سرکاری چھٹی کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔مولانا معاویہ اعظم طارق نےپنجاب اسمبلی میں حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے یومِ وفات پر سرکاری چھٹی سے متعلق قرارداد پیش کی،

    قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ریاستِ مدینہ کی طرز پر تشکیل دینے کا خواب تبھی شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے جب خلفائے راشدین کی خدمات، فضائل و مناقب کا ذکر عام کیا جائے اور ان کے قائم کردہ اصولوں کو تسلیم کرتے ہوئے اپنایا جائے ۔ اس لیے ضروری ہے کہ پاکستانی قوم کو خلفائے راشدین کی خدمات و فضائل سے روشناس کروانے کیلئے کم از کم ان کے ایامِ وفات پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ آئندہ ماہ جنوری 2022 میں 22 جمادی الثانی سنہ 1444ھ کے مطابق خلیفہ اول حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے یوم وفات پر عام تعطیل کا اعلان کرکے ریاست مدینہ کے عنوان پر حکومتی سربراہی میں پروگرام منعقد کیے جائیں۔

  • پنجاب میں 70 ہزار عربی معلم بھرتی کرنے کافیصلہ

    لاہور(اے ایف بی)وزیر اعلیٰٰ پنجاب نےمحکمہ سکولز ایجوکیشن میں16ہزارٹیچرز کی بھرتی کی منظوری دے دی، پنجاب میں 70 ہزار عربی اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے۔وزیر اعلیٰٰ پنجاب نےمحکمہ سکولز ایجوکیشن میں16ہزارٹیچرز کی بھرتی کی منظوری دے دی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے11ہزار درجہ چہارم کے ملازمین کی بھرتی کی منظوری دیدی ۔سیکرٹری سکولز ایجوکیشن غلام فرید کا کہنا تھا کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن70 ہزار عربی ٹیچرز کی ٹریننگ کرا رہا ہے۔ قرآن پاک سکولز میں لازمی پڑھانے کیلئےعربی ٹیچرز کی ٹریننگ اور نئی اسامیاں تخلیق کی جارہی ہیں۔

    پنجاب کابینہ نے تھرو سرکولیشن قرآن پاک سکولوں اور کالجوں میں لازمی پڑھانے کی منظوری دی دی ہے ، کلاس ون سے کلاس پانچ تک قرآن پاک سکولوں میں لازمی پڑھایا جائے گا۔ کلاس چھ سے انٹرمیڈیٹ تک قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ پڑھایا جائے گا۔ واضح رہے پنجاب کابینہ کی جانب سے یہ منظوری عدالتی حکم پر دی گئی ہے۔ فیصلے پر عمل درآمد کے لئے تعلیمی اداروں میں70 ہزار عربی ٹیچرز بھرتی کیے جائیں گے، محکمہ سکولز ایجوکیشن نے نئے عربی ٹیچرز بھرتی کرنے پر ورکنگ شروع کر دی۔

  • کراچی میں پارک کی زمین پر بنی مساجد، مزار اور قبرستان گرانے کا حکم

    کراچی(اے ایف بی) سپریم کورٹ نے کراچی میں پارک کی زمین پر بنی مساجد، مزار اور قبرستان گرانے کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں طارق روڈ پارک پر مدینہ مسجد و دیگر تجاوزات کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی شرقی نے بتایا کہ یہ پارک کی زمین پر مسجد ہے۔چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کیا کہ اب تک واگزار کیوں نہیں کرائی جگہ؟، کیا کیا ہے آپ لوگوں نے اس شہر کے ساتھ؟ شہر ایسے بنا دیا کہ مکمل تباہ کرکے دوبارہ بنایا جائے، جیسے پولینڈ، جرمنی، فرانس کو بنایا گیا، پی ای سی ایچ ایس سب سے بڑی کچی آبادی بنا دی، گلی گلی میں اونچی اونچی عمارتیں کھڑی کردیں، اگر چھ شدت کا زلزلہ آ گیا تو کیا ہوگا، کروڑوں لوگ مریں گے۔کوئی عبادت گاہ غیر قانونی زمین پر تعمیر نہیں کی جاسکتی

    سپریم کورٹ میں کڈنی ہل پارک کی بحالی کے کیس کی بھی سماعت ہوئی۔ شہری امبر علی بھائی نے بتایا کہ پارک کی زمین کے بالائی حصہ پر پھر الفتح مسجد کی تعمیر شروع ہوگئی ہے۔الفتح مسجد کے وکیل خواجہ شمس نے بتایا کہ زمین کے ایم سی سے نیلامی کے ذریعے حاصل کی گئی تھی، الفتح مسجد شہید کرکے نئی مسجد تعمیر کرائی جارہی ہے، اسسٹنٹ کمشنر اسما بتول نے فرقہ واریت کا رنگ دینے کیلئے مزار اور قبرستان آباد کرایا، راتوں رات بسم اللہ مسجد فرقہ واریت کیلئے بنوائی گئی ہے۔جسٹس قاضی محمد امین نے ریمارکس دیے کہ کوئی عبادت گاہ غیر قانونی زمین پر تعمیر نہیں کی جاسکتی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اسلام غیر قانونی زمین پر مساجد کی تعمیر کی اجازت نہیں دیتا، کے ایم سی کے پاس پارک کی زمین پر مسجد کا لائسنس دینے کا اختیار نہیں تھا۔سپریم کورٹ نے الفتح مسجد انتظامیہ کی نظر ثانی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مسجد کیلئے مختص زمین کے ایم سی کو واپس کرنے اور کے ایم سی کی جانب سے دیا گیا لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دیا۔چیف جسٹس نے اسسٹنٹ کمشنر اسما بتول کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر ایک قبر کا بتایا گیا تھا اب پورا قبرستان بن گیا، آپ کے گیٹ کے سامنے قبر بنادیں گے آپ کیا کریں گے۔

    خواجہ شمس نے بتایا کہ اسما بتول نے نسلہ ٹاور کا انہدام بھی رکوا دیا تھا۔ بعض خواتین نے عدالت سے استدعا کی کہ اسما بتول اپنے مختیار کار شوہر کے ساتھ مل کر بلیک میل کرتی ہیں۔چیف جسٹس نے اسما بتول سے کہا کہ آپ نوکری سے جائیں گی اور پھر کبھی جاب نہیں ملے گی، آپ کے سامنے پتھر پڑا ہوگا مگر آپ ہٹائیں گے نہیں نظر انداز کرکے نکل جائیں گے۔جسٹس قاضی امین نے کہا کہ کیا سارا ملک اندھا ہوچکا ہے جو نظر نہیں آرہا یہ لوگ کیا کررہے ہیں؟ یہ ہمارے ملازم ہیں ہم ان کے ملازم نہیں ہیں ان کو کام کرنا ہوگا، یہ لوگ ہم پر مسلط ہیں اور کام کرنے کو تیار نہیں۔عدالت نے کڈنی ہل پارک کی زمین مکمل واگزار کرانے اور پارک کی حدود میں قائم بسم اللہ مسجد، مزار اور قبرستان بھی ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

  • قومی سلامتی کمیٹی نے پہلی نیشنل سیکیورٹی پالیسی کی منظوری دے دی

    اسلام آباد(اے ایف بی) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں پہلی نیشنل سیکیورٹی پالیسی کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ذرائع کے مطابق مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے نیشنل سیکیورٹی پالیسی کے مسودے پر بریفنگ دی بعد ازاں پہلی نیشنل سیکیورٹی پالیسی کی منظوری دے دی گئی۔ یہ پالیسی کل کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیگی۔اجلاس میں وفاقی وزراء، عسکری قیادت، دیگر اعلیٰ حکام، وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور مشیر قومی سلامتی معید یوسف شریک ہوئے۔

    ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں افغانستان کی صورت حال اور دیگر سیکیورٹی معاملات پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کا تحفظ شہریوں کے تحفظ سے منسلک ہے، پاکستان کسی بھی داخلی اور خارجی خطرات سے نبرد آزما ہونے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے، ملک کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کی تیاری اور منظوری ایک تاریخی اقدام ہے،وزیر اعظم نے قومی سلامتی مشیر کو پالیسی پر عملدرآمد کے لیے ماہانہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی ڈویژن اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، پالیسی پر موثر عملدرآمد کے لیے تمام ادارے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔

  • خودکشی کی سزا ختم کرنے اور ذہنی بیماری قرار دینے کا بل پیش

    اسلام آباد(اے ایف بی) خودکشی کی کوشش کرنے والے شخص کی سزا ختم کرنے اور خودکشی کو ذہنی بیماری قرار دینے کا بل پیش کردیا گیا۔ایوان بالا سینیٹ میں خودکشی کی کوشش کرنے والے شخص کی سزا ختم کرنے اور خودکشی کو ذہنی بیماری قرار دینے کا بل پیش کردیا گیا۔چیرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس ہوا جس میں پیپلزپارٹی کے سینیٹر شہادت اعوان نے مجموعہ ضابطہ فوجداری 1898 میں مزید ترمیم کا بل پیش کیا۔ حکومتی و اپوزیشن اراکان نے بل کی حمایت کردی جس کے نتیجے میں بل منظور کرلیا گیا۔اپوزیشن سینیٹر شہادت اعوان نے مجموعہ تعزیرات پاکستان1860 اور مجموعہ ضابطہ فوجداری 1898 میں ترمیم کا ایک اور بل ایوان میں پیش کیا۔ بل خودکشی کو ذہنی بیماری قرار دینے سے متعلق ہے۔شہادت اعوان نے کہا کہ خودکشی کی کوشش جرم نہیں ایک بیماری ہے۔ سینیٹر غفور حیدری نے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں خود کشی سے منع کیا گیا ہے۔

    وزیر مملکت علی محمد نے کہا کہ ذہنی طور پر صحت مند شخص خودکشی نہیں کرتا۔ انتہائی اقدام کی طرف جانے والے کو ذہنی مسائل ہوں گے، دیکھنا ہوگا خودکشی کی کوشش کرنے والے شخص کے لئے سزا ختم کرنے سے کہیں اس اقدام کی زیادہ شہ تو نہیں ملے گی۔قائد ایوان شہزاد وسیم نے کہا کہ اس بل پر مزید مشاورت کرلینی چاہیے، علماء کے ساتھ ساتھ سائنسی لوگوں سے رائے لینی چاہیے، ایشو سزا ختم کرنے پر نہیں، اس کو ذہنی بیماری کے برابر نہیں کرسکتے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ دنیا کے 80 فیصد ممالک ایسے قانون کو ختم کرچکے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے رائے لینے کے لیے بل کو اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجتے ہوئے کہا کہ کونسل کی رائے کے بعد بل کمیٹی میں زیر بحث لایا جائے۔

  • پاکستان میں تمباکو نوشی کے خلاف آگاہی مہم زور و شور سے جاری

    اسلام آباد(اے ایف بی)”پاکستان پیکٹ ڈاٹ کام” ویب سائٹ پہ تمباکو نوشی سے انسانی صحت کو لاحق خطرات اور اس کے مضر اثرات کے متعلق آگاہی مواد ڈالا گیا ہے ۔ ایک بیان کے مطابق کرومیٹک ٹرسٹ کے سی ای او شارق خان کا کہنا تھا کہ یہ ویب سائٹ تمباکو نوشی کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرنے میں مدد دے رہی ہے ۔ اگرچہ عوامی مقامات میں سگریٹ نوشی پر عائد پابندی کے نفاذ کے لیے حکومت کی جانب سے وقتا فوقتا اقدامات کیے جارہے ہیں تام تاحال ان پر موثر عمل در آمد ممکن نہیں ہو سکا ہے ۔

    شارق خان کا کہنا تھا کہ جو لوگ مستقل سگریٹ نوشی کی عادت میں مبتلا ہیں ان کے لئے میراپیغام ہے کہ اس عادت کو ابھی ترک کردیں کیونکہ عموماً لوگ سگریٹ نوشی سے متعلق جاری کئے جانے والے انتباہات کو سنجیدگی سے نہیں لیتے لیکن انہیں اندازہ نہیں ہے کہ سگریٹ نوشی کے انسانی صحت پر کس قدر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سگریٹ، بیڑی، سگار، پان، نسوار اور دیگر کئی طرح سے تمباکو کے استعمال سے منہ، حلق اور پھیپھڑوں کا سرطان پھیلتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ تمباکو نوشی دنیا بھر میں ہائی بلڈ پریشر کے بعد اموات کی دوسری بڑی وجہ ہے ۔ تمباکو نوشی کے باعث مہلک بیماریوں کے پیش نظر حکومت پاکستان نے انسداد تمباکو نوشی آرڈیننس 2002 کے تحت تمباکو نوشی کی تشہیر پر پابندی عائد کر رکھی ہے ۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم تھم نہ سکے،3 کشمیری نوجوان شہید

    سرینگر(اے ایف بی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم تھم نہ سکے،قابض فوج نے ریاستی دہشتگردی کے دوران فائرنگ کرکے مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کرکے نوجوانوں کو شہید کیا۔ قابض فوج نے گزشتہ روز پلوامہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 2 نوجوانوں کو شہید کیا اسلام آباد میں مزید ایک نوجوان کو شہید کردیا گیا۔

    بھارتی فوج کی جانب سے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کرکے اب بھی سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ گزشتہ روز بھی ضلع شوپیاں میں آپریشن کے دوران 2 نوجوان شہید ہوگئے تھے جس کے بعد گزشتہ 3 روز کے دوران شہید نوجوانوں کی تعداد 6 تک پہنچ گئی۔


  • آزادکشمیر کی اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی جلد از جلد میرٹ پر کی جائیں، فاروق حیدر

    اسلام آباد (اے ایف بی)سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کی اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی جلد از جلد میرٹ کی بنیاد پر ہوجانی چاہیے، بار بار مشاورت کی وجہ سے خدشات جنم لے رہے ہیں یہ بہت نازک معاملہ ہے میں بھی بہت ساری باتوں کا آمین ہوں آزادکشمیر بارکونسل سے بحیثیت شہری مطالبہ کرتا ہوں کہ ججز کی تعیناتی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔ تقریبا ایک سال ہوگیا ہے ہائیکورٹ میں صرف چیف جسٹس ہیں کوئی دوسرا جج نہیں اس معاملے میں غیر ضروری طوالت نامناسب ہے اگر پندرویں ترمیم کرنی ہے تو ججز کے اختیارات واپس لینے کے لیے ہونی چاہیے جو پہلے ترمیم کرکہ آزادکشمیر اسمبلی نے اپنا یہ اختیار واپس اسلام آباد کو دیدیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 13 ویں ترمیم میں یہ تجویز پیش کی تھی مگر اس وقت اعلی عدلیہ کے سابق ججز نے اتفاق نہیں کیا تھا بقول ان کے اس کا حشر شریعت کورٹ کے ججز جیسا ہوسکتا تھا۔

    راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ حسن ابراہیم اس معاملے میں بولنے سے پہلے سوچ لیا کریں ورنہ جے کے پی پی کے حوالے سے بھی اس معاملے پر تمام باتیں بشمول عدالتی فیصلے سامنے لاؤں گا، ہمارے دور میں ججز کی تقرری پر بولی لگانے کی کوشش کی گئی تھی جس کو میں نے روکا تھا اگر ججز کی تعیناتی میں کوئی شفاف طریقہ نہ اپنایا گیا تو پھر تمام باتیں عوام کے سامنے پیش کرونگا، ججز کی تقرری میں بنیادی کام دونوں چیف جسٹس صاحبان کا ہے اُمید ہے صدر ریاست اس کا احترام کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ ایک شفاف عدلیہ کے لیے کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے دونوں صاحبان پر مکمل اعتماد یقین ہے کہ وہ اپنا آئینی و قانونی اختیار استعمال کر کے اس معاملے کو یکسو کرینگے اور اس حوالے سے سفارشات مختصر ہونگی

  • سکولوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے پر پابندی عائد

    چکوال(اے ایف بی) صوبہ پنجاب کے شہر چکوال میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے چکوال کے تمام سرکاری اسکولوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے پر پابندی عائد کردی۔اس حوالے ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام سرکاری اسکولوں میں کو ایجوکیشن پر پابندی کا مراسلہ جاری کردیا گیا ہے، چھٹی سے آٹھویں کلاس تک کی طالبات کے نام خارج کرنے کا مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ مراسلہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے جاری کیا ہے، اس قدام پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی نے فوری نوٹس لے لیا۔سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی نے وضاحت کی ہے کہ طالبات کے نام خارج نہیں ہوں گے، ان طالبات کا دوسرے اسکولوں میں تبادلہ کیا جائے گا، غلط مراسلہ بھیجنے پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سے جواب طلب کرلیا گیا ہے۔

  • نہم ،دہم اور انٹر کے طلبہ امتحان نہیں دے سکیں گے؛ نئی شرط لاگو

    لاہور(اے ایف بی)تعلیمی بورڈز کے امتحانات کیلئے امیدواروں پر کورونا ویکسی نیشن کرانا لازمی قرار دے دیا گیا،کورونا ویکسی نیشن نہ کرانے والے طلباء کو بورڈ امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔تفصیلات کےمطابق کورونا وائرس کی نئی لہر کے وار سے بچاؤ کے لئے طلبہ کے لئےویکسی نیشن کرانالازمی قرار دیا گیا ہے،تعلیمی بورڈز کی جانب سے فیصلہ کیاگیا کہ کورونا ویکسی نیشن نہ کرانے والے طلباء کو بورڈ امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نہم ،دہم اور انٹر کا امتحان دینےکے لئےویکسی نیشن کرانا لازمی ہوگا۔

    ویکسی نیشن کا ثبوت نہ ہونے پر طلباء کو امتحانی سنٹر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی،امتحان دینےکے لئےطلباءکے لئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ ہمراہ لانا لازمی ہوگا۔میٹرک اور انٹر کے امتحانات آئندہ سال مئی جون 2022 میں منعقد ہوں گے۔تعلیمی بورڈز نے بچوں کی ویکسی نیشن کے لئےسکولوں کو ہدایات جاری کردیں۔