Month: January 2022

  • اسمارٹ لاک ڈاؤن یا صرف تعلیمی ادارے بند، حتمی فیصلہ 17 جنوری کو ہوگا

    لاہور(ا اے ایف بی) این سی او سی اجلاس، اجلاس میں بیماری کے ٹرینڈز کا جائزہ سمیت کورونا کی بڑھتی صورتحال اور اضافے کی صورت میں مجوزہ بندشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبوں خصوصا سندھ کے ساتھ بڑھتی وباء کے کنٹرول کے لیے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ موجودہ این پی آئیز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ این سی او سی کی جانب سے تعلیمی اداروں، عوامی اجتماعات اور شادی ہالز میں این پی آئیز کے حوالے سے 17 جنوری کو خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ خصوصی اجلاس میں صوبائی وزرائے تعلیم و صحت شرکت کریں گے۔

    این سی او سی کی جانب سے دوران پرواز کھانے کی تقسیم پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن کو دوران پرواز ماسک کا استعمال اور دیگر این پی آئیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت جبکہ 17 جنوری سے پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی سنیکس اور کھانا تقسیم کرنے پر پابندی ہوگی۔ این سی او سی کی جانب سے تمام صوبوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے سخت اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی ہے

  • خوشخبری، رواں سال مسجد نبویﷺ میں افطار کی رونقیں ہوں گی بحال

    سعودی عرب (اے ایف بی) مسجد نبوی کی انتظامیہ نے اس سال ماہ رمضان میں افطار کیلئے دستر خوان لگانے کے امور کا جائزہ لیا ہے۔رمضان میں ان امور کی متعلقہ کمیٹی نے کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کے حوالے سے چند نکات پیش کیے ہیں۔ سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق مسجد نبوی کی انتظامیہ نے اس سال رمضان میں دسترخوان لگانے کی سفارشات متعلقہ کمیٹی سے طلب کی تھیں جس کے بعد اس سال دسترخوان لگانے کے ضوابط جاری کردئیے ہیں۔مسجد نبوی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جو افراد مسجد میں دسترخوان لگانے کے خواہش مند ہیں وہ متعلقہ کیٹرنگ سے معاہدہ کرکے افظاری کا سامان مہیا کرنے کے پابند ہوں گے.۔

    کمیٹی نے اپنی سفارشات میں مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھتے ہوئے مسجد کی ہر صف میں صرف 5 نمازی ہی بیٹھیں گے۔اس کے علاوہ کہا کہ سماجی فاصلہ ختم ہونے کی صورت میں ہر صف میں 12 نمازی ہوں گے جبکہ تعداد اس سے تجاوز نہیں کرے۔ صرف روزے دار صف میں ایک جانب قبلہ رُخ کرکے بیٹھیں گے اور ان کے سامنے کسی کو بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی اثناء میں دسترخوان لگانے کے لیے لائسنس حاصل کرنے کا عمل آئندہ ماہ سے شروع کیا جائے گا۔

  • میڈیا کارڈ پہن کر پوش علاقوں کے گھروں میں ڈکیتی کرنے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار

    کراچی(اے ایف بی) اے وی سی سی نے گلستان جوہر سے صحافی کارڈ پہن کر پوش علاقوں کے گھروں میں ڈکیتی کرنے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی اے وی سی سی معروف عثمان کے مطابق ٹیم نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پوش علاقوں کے گھروں میں ڈکیتی کرنے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار کرلیا، ملزم جاوید سے گاڑی اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

    معروف عثمان نے بتایا کہ ملزمان کا گروہ گھروں میں گھس کر اسلحے کے زور پر ڈکیتیاں کرتا تھا، ملزمان ڈکیتی کے لئے گھر کا دروازہ اسٹیل کے اسکیل سے کھول لیا کرتے تھے، اور دورانِ ڈکیتی ہیلمٹ اور ماسک کا استعمال کرتے تھے، جب کہ ملزم جاوید نجی ٹی وی چینل کا کارڈ پہن کر وارداتیں کرتا تھا۔ایس ایس پی اے وی سی سی کے مطابق ملزمان کا ایک ساتھی موٹر سائیکل پر ریکی کرتا تھا، موٹر سائیکل سوار ملزم بیگ میں پستول بھی ساتھ رکھتا تھا، ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں 15 سے زائد مقدمات درج ہیں، ملزمان وارداتوں میں اب تک لاکھوں روپے نقد، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ چکے ہیں۔

  • حریم شاہ کا منی لانڈرنگ کا اعتراف، ویڈیو نے تہلکہ مچادیا، ایف آئی اے کی تحقیقات شروع

    اسلام آباد (اے ایف بی )حکومت کی جانب سے ملکی وغیر ملکی کرنسی بیرون ملک لے جانے پر پابندی کے دعوئے بےمعنی ثابت ہوئے، حریم شاہ لاکھوں پائونڈزلے لیکر لندن پہنچ گئی ہیں۔سوشل میڈیا پر ٹک ٹاکر حریم شاہ نے اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے پاس کافی نقدی موجود ہے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب حریم شاہ کو پیسے کی دھوم مچاتے ہوئے دیکھا گیا ہے.اپنے ہاتھ میں پیسے بٹورتے ہوئے حریم نے انکشاف کیا کہ اس نے حال ہی میں یو کے کے لیے فلائٹ لی ہے اور اگرچہ ٹک ٹاکر بحفاظت لندن پہنچ گئی لیکن اسے ابھی معلوم ہوا کہ اتنی رقم برطانیہ کی پروازوں میں لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

    حریم نے کہا آپ “اگر آپ پاکستان سے برطانیہ جا رہے ہیں تو ہوشیار رہیں، میرے خیال میں آپ تقریباً 2000 پاؤنڈ لے جا سکتے ہیں اور اگر آپ حد سے تجاوز کریں گے تو آپ کے لیے پریشانی پیدا ہوسکتی ہے۔ ٹک ٹاکر حریم شاہ کا لندن پہنچنے پر کہنا تھا کہ میں تو اتنی بڑی رقم لے کر آرام سے لندن پہنچ گئی کسی نے روکا نہیں ۔حریم شاہ نے کہا کہ پاکستانی کرنسی کی کوئی اہمیت نہیں چاہے لاکھوں میں بھی ہو ۔وزیر اعظم نے محض دعوے کئے تھے کہ پاکستانی پاسپورٹ کی عزت کرواؤں گا ،کرنسی کی عزت ہو گی ۔ عمران خان نے صرف باتیں کیں اور کچھ نہیں کیا۔

    حریم شاہ مکر گئیں، حریم کا کہنا ہے کہ وائرل ہونے والی ویڈیو میں نے ایسی ہی بنائی۔متنازع ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سے رقم نہیں لے کر گئی، میری وجہ سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو معذرت چاہتی ہوں۔ ڈر کےمارے حریم شاہ نے ویڈیو ہی ڈیلیٹ کردی۔قبل ازیں وائرل ہونے والی ویڈیو میں ہاتھ میں بھاری رقم پکڑے حریم شاہ نے کہا تھا کہ مجھے تو کسی نے کچھ نہیں کہا اور کہہ بھی نہیں سکتے۔ قانون صرف غریبوں کیلئے ہے۔

    بعد ازاں ایف آئی اے نے حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کر دی تھیں۔ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو معاملے کی تحقیقات کیلئے خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ ویڈیو میں حریم شاہ بھاری رقم منتقلی کا انکشاف کر رہی ہیں ، ان کے خلاف فارن ایکس چینج قوانین کے تحت کارروائی کی جارہی ہے ۔

  • سعودی عرب نے عمرے کیلیے ویزوں کے حصول کو مزید آسان بنا دیا

    ریاض(اے ایف بی) سعودی عرب نے معتمرین کے لیے ویزہ کے حصول کو مزید آسان کرتے ہوئے ڈیجیٹل سہولت فراہم کردی۔وزارت حج و عمرہ نے عمرہ کا ویزہ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’ای عمرہ گیٹ‘‘ متعارف کرایا تھا جس پر جاکر معتمرین محض چند ضروری معلومات فراہم کرکے فوری طور پر عمرہ ویزہ حاصل کرسکتے ہیں۔

    وزارت حج و عمرہ نے ای عمرہ گیٹ پر اندراج کے طریقہ کار کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس سہولت سے ان ممالک کے شہری فائدہ اُٹھاسکتے ہیں جہاں سے سعودی عرب آنے پر پابندی عائد نہیں ہے۔ ایسے ممالک کے معتمرین مندرجہ زیل طریقہ کار پر عمل کرکے عمرہ ویزہ حاصل کرسکتے ہیں۔
    1- ای عمرہ گیٹ وزٹ کریں-
    2- معتمرین وزارت حج و عمرہ کے لائسنس یافتہ ٹریولنگ ایجنسی کا انتخاب کریں-
    3- اپنی سہولت اور آسانی کے مطابق مناسب پیکیج چنیں جس میں رہائش اور بنیادی سہولیات بھی شامل ہیں۔
    4- منتخب کردہ پیکیج کی رقم ادا کریں۔

    عمرہ ویزہ حصول کے خواہش مند افراد ’ای عمرہ گیٹ‘ پر اندراج کے بعد اپنے منتخب کردہ ٹریولنگ ایجنسی کے دفتر جائیں اور اپنا پاسپورٹ پیش کرکے عمرہ فارم پُر کریں اور اپنے وطن سے روانگی اور ادائیگی عمرے کے بعد واپسی کی تاریخ کی تصدیق کریں- آمد و رفت کے ٹکٹ، میڈیکل انشورنس اسکیم اور سعودی عرب کی منظور کردہ کورونا ویکسین کی مصدقہ سند پیش کریں تو ویزہ جاری کردیا جائے گا اس کے ساتھ ہی ایپ کے ذریعے عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت کی تاریخ اور وقت پیشگی حاصل کرلیں تاکہ بعد میں زحمت نہ ہو-

  • مری کو ضلع بنانے کا فیصلہ، نیانام کیا ہوگا؟ تجویز سامنے آگئی

    راولپنڈی (اے ایف بی)مری کا نیا نام ضلع کوہسار رکھنے کی تجویز، اس سیاحتی علاقے کے لئے کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی بھی قائم کرنے کی باضابطہ تجویز پیش کی گئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور ضلع کے قیام اور کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے لئے ہدایات جاری کردیں۔ ضلع کوہسار سیاحتی لحاظ سے پاکستان کا پہلا سیاحتی ضلع ہوگا۔ ضلع کوہسار کی حد بندی کے لئے بور ڈ آف ریونیو سے سفارشات طلب جبکہ کون کون سے علاقے نئے ضلع میں ہوں گے اس حوالے سے چیف سیکرٹری اور ایس ایم بی آر سے سفارشات طلب کی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تجویز کردہ ضلع کوہسار کے علاقے کی حدود خیبر پختونخواہ تک ہوگی، پنڈی کے کچھ علاقے بھی اس ضلع میں شامل ہوسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ارکان اسمبلی سے مشاورت کی ہدایت کردی

    ۔ کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کی جائے گی، اتھارٹی مری کے سیاحتی مقام پر تعمیر و ترقی کی ذمہ دار ہوگی۔ذرائع کے مطابق کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی بھی ذمہ دار ہوگی جبکہ سیاحتی ضلع کو مشینری خریدنے کے لئے خصوصی فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔یاد رہے گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی صدارت مری میں اعلی سطح اجلاس ہوا تھا۔ اجلاس میں مری کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کیا گیا جبکہ اجلاس میں ایم این اے صداقت علی عباسی، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے شرکت کی۔

  • حکومت کا بلدیاتی الیکشن ای وی ایم کے زریعے کرانے کا اعلان

    اسلام آباد (اے ایف بی)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ای وی ایم مشین کے ذریعے ہوں گے جبکہ پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے کیلئے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی گئی ہے کہ انتظامی امور کو آرگنائز کریں۔الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم مشین کے ذریعے کرانے پر آمادگی ظاہر کردی ہے الیکشن کمیشن کو اگلے ہفتے مطلوبہ ای وی مشینیں مہیا کر دی جائیں گی اور اس پر اپنے عملے کو ٹریننگ دے گا۔ ای وی ایم کے ذریعے الیکشن غیر متنازع اور شفاف ہوں گے۔ خیبرپختونخوا میں الیکٹرانک مشین نہ ہونے کی وجہ سے دو لاکھ 34 ہزار ووٹ مسترد ہوئے۔ جتنے ووٹوں سے کوئی امیدوار جیتا، اس سے زیادہ تو مسترد ہوئے اور نتائج بھی لیٹ ہوئے۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےوفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا ہے کہ شبلی فراز نے پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس میں بھی ای وی ایم کے استعمال کے لیے ماحول اور انتظامی امور کو آرگنائز کریں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہونے والے الیکشن ہر لحاظ سے شفاف اور درست ہوں گے۔اپوزیشن مخالفت برائے مخالفت کر رہی ہے اگر اس کے پاس کوئی ٹھوس بات ہے تو وہ سامنے لائے۔

  • سانحہ مری کی ابتدائی رپورٹ تیار، اہم انکشافات

    لاہور(اے ایف بی)حکومت پنجاب کو سانحہ مری کے حوالے سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردی گئی جس میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پنجاب حکومت کو سانحہ مری کے حوالے سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردی گئی جس کے مطابق مری اور گرد و نواح میں موجود سڑکو‍ں کی گزشتہ دو برس سے جامع مرمت نہیں کی گئی تھی اور گڑھوں میں پڑنے والی برف سخت ہونے کے باعث ٹریفک کی روان میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مری میں موجود ایک نجی کیفے کے باہر پھسلن ہونے کے باوجود کوئی حکومتی مشینری موجود نہیں تھی، اور اسی پھسلن والے مقام پر مری سے نکلنے والوں کا مرکزی خارجی راستہ تھا، سیاحوں کے مری سے خارجی راستے پر برف ہٹانے کے لیے ہائی وے کی مشینری موجود نہیں تھی۔رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ مری کے مختلف علاقوں میں بجلی نہ ہونے کے باعث سیاحوں نے ہوٹلز چھوڑ کر گاڑیوں میں رہنے کو ترجیح دی۔

    رات گئے ڈی سی راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی کی مداخلت پر مری میں گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی لگائی گئی اور مری کی شاہراہوں پر ٹریفک بند ہونے کے باعث برف ہٹانے والی مشینری کے ڈرائیورز بھی بروقت موقع پر نہ پہنچ سکے تاہم متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی ٹریفک کی روانی یقینی بنانے موقع پر موجود تھے۔رپورٹ کے مطابق مری میں ایسا کوئی پارکنگ پلازا موجود نہیں جہاں گاڑیاں پارک کی جاسکتیں، صبح 8 بجے برف کا طوفان تھمنے کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی۔وزیر اعلی پنجاب نے مزید تحقیقات کے لیے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے

  • پاکستان میں روزانہ 1200بچے سگریٹ پینا شروع کر رہے ہیں شارق خان

    اسلام آباد(اے ایف بی) کرومیٹک ٹرسٹ کے سی ای او شارق خان نے کہاہے کہ حکومت نے منی بجٹ میں ضرورت کی متعدد اشیاء پہ ٹیکس لگایا لیکن معاشرتی دباؤ کے باوجود تمباکو کی صعنت کو نظرانداز کر دیا حکومت نے منی بجٹ میں ضروریات زندگی کی متعدد اشیاء پہ ٹیکس لگا کہ غریب آدمی پہ بوجھ ڈالا ہے لیکن پاکستان میں تمباکو نوشی کے خلاف عوامی دباؤ کے باوجود اس صنعت کو یکسر نظرانداز کیا ہے ۔ پاکستان میں روزانہ 1200بچے سگریٹ پینا شروع کر رہے ہیں جس سے نہ صرف نوجوان نسل تباہی کی جانب بڑھ رہی ہے بلکہ اس سے صحت کے شعبے کو سالانہ 615ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ کرومیٹک ٹرسٹ طویل عرصے سے عوامی سطح پہ آگاہی مہم چلا رہی ہے تاکہ حکومت کو احساس دلایا جائے کہ تمباکو نوشی سے کس قدر خوفناک مسائل جنم لے رہے ہیں لیکن ہماری کوششیں اس لیے کارگر ثابت نہیں ہورہیں کیونکہ اس صنعت سے وابستہ انتہائی بااثر مافیہ طاقت کے ایوانوں میں موجود ہے جو سگریٹ کے خلاف قانون سازی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ شارق خان نے کہا کہ تمباکو کی صنعت سے وابستہ کمپنیاں ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے جو اعداد و شمار حکومت کو بتا رہی ہیں یہ حقائق اس سے بالکل منافی ہیں اور ایف بی آر اور متعلقہ وزارت کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔

    شارق خان نے کہا کہ ہم حکومتی مجبوریوں سے آگاہ ہیں کیونکہ حکومت نے آئی ایم ایف سے قرض کی حصول کی خاطرشرائط کو پورا کرنے کے لیے بچوں کے درآمدی دودھ تک پہ ٹیکس لگا یا ہے لیکن اگر پاکستان کو حقیقی معنوں میں قرضوں کے بوجھ سے چھٹکارہ دلا کہ اپنے پاؤں پہ کھڑا کرنا ہے تو اسے اپنی آمدن میں اضافہ کرنے کے لیے تمباکو کی صعنت پہ ٹیکس بڑھانا ہوگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک میں سگریٹ کو پرتعیش اشیاء میں شمار کیا جاتا ہے اس لیے ان ممالک میں سگریٹ کی قیمت انتہائی زیادہ ہے لیکن پاکستان میں ایک باقاعدہ منصوبے کے تحت نہ صرف اس کی قیمت کو کم رکھا گیا ہے بلکہ اسے بچوں کی پہنچ تک ممکن بھی بنایا گیا ہے

  • مری میں برفباری میں پھنسے 21 سیاح جاں بحق، فوج طلب

    اسلام آباد:(اے ایف بی)مری میں برفباری میں پھنسے 21 سیاح شدید سردی سے ٹھٹھر کر جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ وزیرداخلہ شیخ رشید نے فوج اور سول آرمڈ فورسز کو طلب کرلیا ہے۔ملک کے پُرفضا مقام مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں سیاح پھنس کر رہ گئے جس کے بعد اسلام آباد سے مری جانے والے راستے بند کردیے گئے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق مری سے ٹریفک میں پھنسی 23 ہزار سے زائد گاڑیاں نکالی جا چکی ہیں لیکن اب بھی سینکڑوں گاڑیاں ٹریفک میں پھنسی ہیں۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے تصدیق کی ہے کہ گاڑیوں میں موجود 16 سے 19 سیاح شدید سردی سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ جاں بحق افراد میں پورے پورے خاندان شامل ہیں۔

    پنجاب حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کردی ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری ریسٹ ہاؤسز اور دفاتر سیاحوں کیلئے کھولنے کی ہدایت کردی ہے۔مری میں فضائی آپریشن کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ موسم بہتر ہوتے ہی ہیلی کاپٹر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے گا۔سوشل میڈیا پر ویڈیوز بھی زیر گردش ہیں جن میں مری میں برف میں پھنسے متعدد سیاحوں کی ہلاکت کا بتایا جارہا ہے۔ گلڈنہ روڈ پر 4 گاڑیوں سے 16 لاشیں ملی ہیں۔ ایک گاڑی میں موجود میاں بیوی اپنے بچوں سمیت ہلاک ہوگئے۔

    گاڑی میں اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی نوید اور ان کے اہل خانہ موجود تھے۔ اے ایس آئی تھانہ کوہسار میں تعینات تھے۔ ان کے گاڑی میں ان کے خاندان کے 7 سے 8 افراد سوار تھے۔ تمام افراد برف باری اور سردی میں جان کی بازی ہار گئے۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاحوں کے بڑی تعداد میں آنے سے راستے بند ہوگئے ہیں، گزشتہ بارہ گھنٹوں سے ہم راستے کھولنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم نے فیصلہ کیاہے کہ فوج، سول آرمڈ فورسز ، رینجرز اور ایف سی کی مدد طلب کررہے ہیں تاکہ لوگوں کو نکالاجاسکے۔