Month: January 2022

  • اسلام آباد میں نیوی کلب کی تعمیر غیر قانونی قرار، تین ہفتوں میں گرانے کا حکم

    اسلام آباد(اے ایف بی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے راول جھیل کے کنارے نیوی سیلنگ کلب کی تعمیر غیر قانونی قرار دے دی۔چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے شہری کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے نیوی سیلنگ کلب کو تین ہفتوں میں گرانے کا حکم دیتے ہوئے عمل درآمد رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کردی۔ہائی کورٹ نے فیصلہ سنایا کہ نیوی کا اختیار نہیں کہ وہ کسی بھی قسم کے رئیل اسٹیٹ منصوبے میں شامل ہو ، سی ڈی اے کو اختیار نہیں تھا کہ وہ نیول فارمز کو این او سی جاری کرتی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور دیگر ذمہ داروں کے خلاف فوجداری اور مس کنڈکٹ کی کارروائی کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

    عدالت نے فیصلے میں کہا کہ پاک فوج کا اہم اسٹیٹس ہے جس کا مینڈیٹ آئین میں بتایا گیا ہے، نیوی کا اختیار نہیں کہ ریئل اسٹیٹ وینچر کرے، ریئل اسٹیٹ بزنس کے لیے ادارے کا نام استعمال نہیں کیا جا سکتا، اتھارٹی کو اختیار نہیں تھا کہ نیوی کو این او سی جاری کرتی، پاکستان نیوی نے نیشنل پارک ایریا پر تجاوز کیا، سیلنگ کلب غیر قانونی ہے، نیوی سیلنگ کلب کی بلڈنگ تین ہفتوں میں منہدم کی جائے، سابق نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے غیر قانونی عمارت کا افتتاح کر کے اپنے آئین کی خلاف ورزی کی، غیر قانونی عمارت میں ملوث افراد کے خلاف مس کنڈکٹ اور فوجداری کارروائی کا حکم دیا جاتا ہے۔

  • موسم سرما کی چھٹیوں ختم ہونے کا باقاعدہ اعلان

    لاہور(اے ایف بی)صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے موسم سرما کی چھٹیوں ختم ہونے کا باقاعدہ اعلان کردیا، کہتے ہیں آج چھ جنوری کو موسم سرما کی چھٹیاں ختم ہوگئیں، تمام سکولز 7 جنوری سے کھلیں گے۔

    ایجوکیشن اتھارٹیز کی جانب سے بھی سکولوں میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ 7 جنوری سے سکول کھلنے پر اساتذہ اور سٹوڈنٹس کو ویلکم کرتے ہیں، انہوں نے مزید کہا ہے کہ طالبعلم اور اساتذہ کورونا وائرس سے متعلق ایس او پیز پر لازمی عمل کریں، تاکہ اس وباء سے بچا جاسکے۔

  • سپریم کورٹ نے کینٹ بورڈز کو نجی اسکولز سیل کرنے سے روک دیا

    اسلام آباد(اے ایف بی) سپریم کورٹ نے کینٹ بورڈز کو نجی اسکولز سیل کرنے سے روک دیا۔سپریم کورٹ میں کنٹونمنٹ علاقوں سے نجی اسکولز کی بے داخلی کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے کینٹ بورڈز کو نجی سکولز سیل کرنے سے روکتے ہوئے ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز کو نوٹس جاری کر دیے اور جواب طلب کرلیا۔

    نجی اسکولز کے وکیل نے کہا کہ کینٹ بورڈز میں 8300 نجی اسکولز اور 37 لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں، اب اسکولوں کو سیل کیا جا رہا ہے، بچے کہاں جائیں گے، سپریم کورٹ نے نجی اسکولز کو سنے بغیر فیصلہ دیا تھا۔والدین کے وکیل نے کہا کہ اصل کیس تو رہائشی پلاٹ پر اسکول بنانے کا تھا، ایک سول کیس میں موقف سنے بفیر سخت حکم جاری کیا گیا۔عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

  • راولپنڈی میں چار افراد میں اومیکرون وائرس کی تصدیق

    راولپنڈی (اے ایف بی) راولپنڈی میں چار افراد میں اومیکرون وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ان مریضوں کو ہوم آیئسولیٹ کر دیا گیا ہے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی متاثرہ مریضوں کی طبی حالت کو تسلی بخش قرار دے دیا ہے ، جبکہ مزید 76 افراد کے بھی اومیکرون ٹیسٹ کیے گے ہیں ، جن کے ٹیسٹ اگلے چوبیس گھنٹوں میں موصول ہو جائیں گے

    اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر راولپنڈی ڈاکٹر احسان غنی نے بتایا کہ اومیکرون وائر س کے متاثرہ 4افراد میں تصدیق ہوئی ہے جن میں دو مرد و خواتین شامل ہیں ایک متاثرہ نوجوان مانسہرہ کا ڈبل روڈ راولپنڈی میں واقع ہوسٹل مین رہائش پزیز تھا دیگر تین مریض بحریہ ٹاؤن فیز 8 چکلالہ سکیم تھری اور ایئرپورٹ سوسائٹی کے رہائشی ہیں ۔

  • پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے اکاؤنٹس چھپائے، اسکروٹنی رپورٹ میں انکشاف

    اسلام آباد (اے ایف بی) پاکستان تحریک انصاف کیخلاف اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے اہم نکات سامنے آگئے۔پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ کے نکات سامنے آگئے ہیں جس کے مطابق تحریک انصاف نے 77 میں سے صرف 12 اکاؤنٹس ظاہر کیے جب کہ 53 بینک اکاؤنٹس اور 31 کروڑ روپے کی رقم چھپائی گئی۔رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے 2008 اور 2009 کے دو بینک کھاتوں کو ظاہر نہیں کیاگیا، پی ٹی آئی نے نیوزی لینڈ اور کینیڈا کے اکاؤنٹس تک رسائی نہیں دی جب کہ بغیر ظاہر شدہ فنڈز کے بارے میں اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں انکشاف ہوا۔الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے 2008 سے 2013 تک 1 ارب 33 کروڑ 22 لاکھ کے فنڈز ظاہر کیے اور الیکشن کمیشن میں 12 بینک اکاؤنٹس ظاہر کیے۔

    رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے سامنے 53 پارٹی بنک اکاؤنٹس چھپائے جب کہ اسٹیٹ بینک نے انکشاف کیا کہ ریکارڈ کے مطابق پی ٹی آئی کے 65 بنک اکاؤنٹس ہیں۔رپورٹ کے مطابق سال 2008، 2009 اور 13-2012 میں پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے سامنے 1 ارب 33 کروڑ روپے کے عطیات ظاہر کیے، پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں عطیات سے متعلق غلط معلومات فراہم کی گئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک کے بینک اسٹیٹمنٹ سے ظاہر ہے کہ پی ٹی آئی کو 1 ارب 64 کروڑ روپے کے عطیات موصول ہوئے اور پی ٹی آئی نے 31 کروڑ روپے سے زائد رقم الیکشن کمیشن میں ظاہر نہیں کی۔

  • محمد حفیظ کاانٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

    لاہور(اے ایف بی) پاکستانی کرکٹرمحمد حفیظ نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے اورٹی 20 کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے اورٹی 20 سے بھی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔محمد حفیظ نے 2018 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔18 سال کے کرکٹ کیرئیر میں محمد حفیظ نے55 ٹیسٹ ،218ون ڈے اور119ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ محمد حفیظ نے32مرتبہ مین آف دا میچ اور9 بارمین آف دا سیریز کا اعزاز حاصل کیا۔محمد حفیظ نے 32 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی قیادت کی6 ون ڈے اورٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    محمد حفیظ فرنچائز کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ محمد حفیظ پی ایس ایل میں لاہورقلندرز کی ٹیم میں شامل ہیں۔لاہورمیں پریس کانفرنس سے خطاب میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ فخرکے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ 18 سال پاکستان کے سبز رنگ کی کٹ زیب تن کرنے پر خوش قسمت اور فخر محسوس کرتے ہیں۔ محمد حفیظ نے اپنے اہلخانہ، ساتھی کرکٹرز،سپورٹ اسٹاف اورپاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔چئیرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے محمد حفیظ کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ محمدحفیظ نے بھرپورانداز سے کرکٹ کھیلی اورانٹرنیشنل کرکٹ میں طویل کیرئیربنانے کے لئے انتھک محنت کی۔ پاکستان کرکٹ میں محمد حفیظ شاندارشراکت پران کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

  • اب 100 روپے کے لوڈ پر کتنا بیلنس ملے گا؟

    اسلام آباد(اے ایف بی) وفاقی حکومت کے منی بجٹ میں ٹیلی کام سروسز پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کیے جانے سے 100 روپے کا بیلنس چارج کرنے والے صارفین کو اب 72. روپے کا بیلنس ملے گا۔ منی بجٹ کی تجویز کے مطابق اب صارفین کے 100 روپے کے بیلنس میں سے ایڈوانس ٹیکس کی مد میں 13 روپے کی کٹوتی ہوگی جو اس سے قبل 9 روپے 10 پیسے ہوتی تھی۔ سیلز ٹیکس کی مد میں صارفین 100 روپے کے بیلنس پر بدستور 14 روپے 80 پیسہ ادا کریں گے۔

    منی بجٹ کے بعد ٹیلی کام صارفین سے 100 روپے کے بیلنس پر سیلز ٹیکس اور ایڈوانس ٹیکس کی مد میں 27 روپے 20 پیسے کا ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ منی بجٹ سے قبل صارفین کو 100 روپے کے بیلنس پر 76 روپے 10 پیسہ کا بیلنس ملتا تھا۔ جنوبی ایشیا میں پاکستان کا شمار ٹیکسوں کی شرح کے لحاظ سے دوسرے سرفہرست ملک کے طور پر کیا جاتا ہے۔ حکومت نے ودہولڈنگ ٹیکس 8 فیصد تک کم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم ٹیکس خسارہ پورا کرنے کے لیے موبائل فون صارفین پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھا دیا گیا۔

  • صحت کارڈ کن افراد کو ملے گا؟ صوبائی وزیر صحت نے بتادیا

    لاہور(اے ایف بی)صحت کارڈ کے حامل مریضوں کو بہتر سہولت فراہم کرنےکے لئے جنرل ہسپتال میں ہیلتھ کارڈ کائونٹر کو فعال کردیا گیا، صوبائی وزیر صحت نے کہا پنجاب کے ہرشہری کے لئے قومی صحت کارڈ کےاجراء کاعمل شروع ہوچکا ہے، صحت کارڈ صرف فیملی سر براہ کو ملے گا۔وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نےایوان وزیراعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے کہا کہ پنجاب کے ہرشہری کے لئےقومی صحت کارڈ کےاجراء کاعمل شروع ہوچکا ہے۔ 37 لاکھ 28 ہزارگھرانوں کے سربراہان کو یہ کارڈ ملےگا،فیملی کےافراد دس لاکھ روپے تک علاج کروا سکیں گے۔

    صوبائی وزیرصحت کا کہناتھا کہ اس سال محکمہ صحت میں 25 ہزار ملازمتوں پربھرتی کے لئے اشتہار دینے جا رہے ہیں۔پندرہ ہزار ملازمتوں کا اشتہار پہلےہی دے چکےہیں،وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو اور تو کوئی خامی نہیں ملی،صحت کارڈ کےرنگ پر ہی اعتراض کر دیا،یہ کارڈ صرف تحریک انصاف کے لئےنہیں بلکہ سب کے لئے ہے، نوازشریف کو بھی صحت کارڈ ملے گا۔ڈاکٹریاسمین راشد کاکہنا تھا کہ کورونا نے پھر سے سراُٹھایا ہے، اومی کرون کی شدت گو کم ہے لیکن یہ تیزی سے پھیلاتا ہے۔ لاہور میں اس کی شرح پر تشویش ہے۔محکمہ صحت پہلے ہی ایمرجنسی ڈیکلیئر کر چکا ہے۔اومی کرون کے ابتک شہر میں 57 کنفرم جبکہ 20 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں۔

  • ملک میں مہنگائی کی شرح 22 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    اسلام آباد(اے ایف بی) پاکستان میں مہنگائی کی شرح 22 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ روز مرہ استعمال کی اشیاء مہنگی ہونے سے پاکستان میں مہنگائی کی شرح 22 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2021 کے دوران تسلسل سے مہنگائی کی شدت بڑھتی رہی، دسمبر 2021 میں مہنگائی کی شرح میں 12.3 فیصد کا اضافہ ہوا اور نومبر 2021 میں مہنگائی 11.55 فیصد رہی، جب کہ دسمبر 2020 میں افراط زر کی شرح 8 فیصد رہی تھی، اور سال 2020 کے چھ ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح 8.63 فیصد رہی۔