Blog

  • این سی او سی نے عید الا ضحیٰ کیلئے ایس او پیز جاری کر دیئے

    اسلام آباد(اے ایف بی )پاکستان میں لگائی جانے والی ویکسین کی تعداد ایک کروڑ سڑسٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ،این سی او سی کی جانب سے عید الا ضحیٰ کیلئے مفصل ہدایات جاری کر دی گئیں۔این سی او سی کے مطابق جون کے مہینے میں آٹھ لاکھ تیس ہزار سے زائد ویکسین لگائی گئیں، این سی او سی کی جانب سے عید الا ضحیٰ کیلئے ہدایات کی روشنی میں مویشی منڈیاں شہر سے باہر لگائی جائیں گی اور کورونا ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا۔تمام سٹاف اور تاجر وں کا ویکسین لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کو داخلے پر ہینڈ سینیٹائزر، ماسک اور ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کی سہولیات میسر کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔اندرون شہر جانوروں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد ہوگی۔

    دوسری جانب گلگت بلتستان میں کورونا کو مجموعی صورت حال اور ویکسینیشن کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے ڈی جی این سی او سی کی قیادت میں وفد نے دورہ کیا۔وفد نے گلگت، شگر اور ھنزہ کے ویکسین سنٹرز کا معائنہ کیا۔ گلگت کے سیاحتی مقامات کی ویکسین کیلئے رجسٹرڈ آبادیوں کو 100 فیصد ویکسین لگوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان میں کورونا کی روک تھام اور ویکسین کے عمل میں بہتری لانے کیلیئے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

  • پنجاب حکومت کو قبرستانوں میں مفت تدفین کا حکم

    لاہور(اے ایف بی ) ​چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے بڑا پنجاب حکومت کو قبرستانوں میں مفت تدفین کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے ایک کیس کی سماعت کے لیے 8 صفحات پر مشتمل تحریری عبوری فیصلہ جاری کیا ہے، چیف جسٹس نے احادیث اور بین الاقوامی قوانین کو بھی فیصلے کا حصہ بنایا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں ایل ڈی اے کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں قبرستانوں کی جگہ مختص کرنا لازمی قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ عدالت عالیہ نے آئندہ سماعت پر سب رجسٹرار پراپرٹیز کو اصلی دستاویزات پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے، کیس کی مزید سماعت 27 جولائی کو ہوگی۔

    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ شہری ساری زندگی حکومت کو مختلف اشیاء خریدنے پر ٹیکس ادا کرتا ہے، مرتے وقت بھی اس سے قبر اور دیگر اشیاء کے نام پر پیسے لیے جاتے ہیں، حکومت کو بحیثیت مسلمان روایات اور اسلامی قوانین کی روشنی میں قبرستانوں کے حوالے سے اقدامات کرنے چاہیے، یہ حکومت کی ذمہ داری ہے وہ متعلقہ شہری کی تدفین کا خرچہ اٹھائے، انتظامیہ قبرستان تک تدفین کے لیے مفت ٹرانسپورٹ فراہم کرے، اس کے علاوہ انتظامیہ قبرستانوں کی دیکھ بھال اور درخت لگانے کے حوالے سے بھی اقدامات کرے۔عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے میں مزید کہا ہے کہ پنجاب کے 4 شہروں میں فوری طور پر ماڈل قبرستان قائم کیے جائیں، شہر خاموشاں اتھارٹی کو مکمل اختیارات کے ساتھ فعال کیا جائے، شہر خاموشاں اتھارٹی میں پڑھ لکھے افراد کو میرٹ پر بھرتی کیا جائے۔

  • پنجاب حکومت کا25 ہزار سے ملازمین نھرتی کرنے کا فیصلہ


    لاہور(اے ایف بی )پنجاب حکومت کا سڑکوں کی دیکھ بھال اور مرمت کے لیے 25 ہزار سے زائد بیلدار اور انسپکٹر بھرتی کرنے کا فیصلہ  کرلیا،لاہور کی شاہراہوں پر مانیٹرنگ کے لیے 400 سے زائد بیلدار اور انسپکٹر بھرتی ہوں گے ۔ پنجاب حکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں سڑکوں کی نگرانی اور دیکھ بھال کے لیے مانیٹرنگ فورس بنانے جارہی ہے جس سے ہر سڑک کی الگ سے دیکھ بھال ہو گی،کمیونکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ انسپکٹر اور بیلدار بھرتی کرے گا جس کے لیے پنجاب حکومت نے منظوری دے دی ہے ،بیلدار تین کلومیٹر تک کی سڑک پر تعینات ہوگا جہاں وہ سڑک کی دیکھ بھال کرے گا اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے والی سڑک پر متعلقہ انسپکٹر کو آگاہ کرے گا جس پر محکمہ فوری ایکشن لیتے ہوئے سڑک کی تعمیر کا کام مکمل کرے گا۔  

    حکام کے مطابق سڑکوں کی دیکھ بھال پر سالانہ اربوں روپے کا بجٹ خرچ ہوتا ہے جن کے تحفظ کے لیے فورس بھرتی ہو گی ۔واضح رہے کہ پنجاب میں پٹواریوں کی بھرتیوں کا عمل بھی تیز کردیاگیا ہے،ساڑھے8ہزار میں سے 4500 آسامیاں خالی،ریکارڈ کیپنگ،انتقالات، پراپرٹی ٹیکس سمیت دیگر معاملات متاثر ہورہے ہیں،جس کے پیش نظر حکومت نے ریونیو بڑھانے اور دیگر مسائل کے حل کے لیے تمام خالی آسامیوں کو پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • انٹرمیڈیٹ اختیاری مضامین کا امتحانی شیڈول جاری ،انتظامات مکمل


    راولپنڈی (اے ایف بی)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے امتحان انٹرمیڈیٹ سالانہ2021ء 10-جولائی -2021بروز ہفتہ حکومت کی پالیسی کے مطابق صرف اختیاری مضامین کا شروع ہو رہا ہے جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں تعلیمی بورڈ راولپنڈی میں ٹوٹل73578اُمیدواران شامل امتحان ہونگے 255امتحانی مراکز تشکیل دئیے گئے ہیں جن میں طلباء کے98طالبات کے107جبکہ 20مشترکہ امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں تمام اُمیدواران کی رول نمبر سلپس جاری کردی گئیں ہیں،

    ترجمان ارسلان چیمہ کے مطابق ریگولر اُمیدواران کی رول نمبر سلپس اُن کے ادارہ جات کے پورٹل پر اَپ لوڈ کر دی گئیں ہیں جبکہ پرائیویٹ اُمیدواران کی رول نمبر سلپس اُن کے داخلہ فارم پر دئیے گئے پتہ جات پر ارسال کی جارہی ہیں ریگولر اُمیدواران اپنے ادارہ جات سے اپنی رول نمبر سلپس وصول کریں وہ پرائیویٹ اُمیدوار جس کو اپنی رول نمبر سلپس وصول نہ ہو وہ بورڈ کی ویب سائٹ سے اپنا ب فارم نمبر انٹر کر کے اپنی رول نمبر سلپ بھی ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں ۔ اس سلسلہ میں کسی بھی دشواری کی صورت میں کنٹرولر امتحانات کے ٹیلی فون – پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

  • بغیر ٹیسٹ انٹرویو بھرتیاں کرکے پاکستان ریلوے کا بیڑا غرق کر دیا گیا ہے، سپریم کورٹ

    اسلام آباد(اے ایف بی) سپریم کورٹ نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ بغیر ٹیسٹ انٹرویو بھرتیاں کرکے پاکستان ریلوے کا بیڑا غرق کر دیا گیا ہے۔چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے ریلوے کے 15 ٹیکنیکل افسران کی مستقلی سے متعلق کیس پر سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے ریلوے کے 17 گریڈ کے 15 ٹیکنیکل کنٹریکٹ افسران کو ایف پی ایس سی ٹیسٹ کوالیفائی کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چھ ماہ کا وقت دیا ہے جاکر ٹیسٹ کوالیفائی کریں۔

    دوران سماعت ملازمین کے وکیل نے عذر پیش کیا کہ ان کے موکل گیارہ سال سے نوکری کر رہے ہیں، ٹیسٹ کوالیفائی کرنا مشکل ہوجاتا ہے، میں کئی سال سے سپریم کورٹ کا وکیل ہوں لیکن اگر آج ایل ایل بی کا امتحان دینا ہوا تو پاس کرنا مشکل ہوگا۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ 17 گریڈ میں ہیں اور بنیادی ٹیسٹ دینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ پہلے بھی بغیر ٹیسٹ انٹرویو بھرتیاں کر کے پاکستان ریلوے کا بیڑا غرق کر دیا گیا ہے، ریلوے میں جس طرح پہلے نوکریوں کی بندر بانٹ کی گئی اس کے حالات آپ کے سامنے ہیں، سپریم کورٹ کے کئی فیصلے موجود ہیں جس میں 16 گریڈ سے اوپر کی پوسٹ پر ایف پی ایس سی ٹیسٹ پاس کرنا لازمی ہے ، آپ میں قابلیت ہے تو جا کر ایف پی ایس سی کوالیفائی کریں، سرکاری اداروں میں اب کوئی بغیر ٹیسٹ انٹرویو مستقل نہیں ہوسکتا۔

  • حریم شاہ کے برائیڈل فوٹو شوٹ سے متعلق نئی کہانی سامنے آگئی

    کراچی (اے ایف بی) معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ کے کچھ روز قبل ہونے والے فوٹو شوٹ کے حوالے سے میک اپ آرٹسٹ کشف نے بھی وائرل تصاویر پر وضاحت دے دی ۔ اس سے قبل حریم شاہ نے جیو ویب کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا تھا کہ یہ تصاویر ان کے ایک تشہیری شوٹ کی ہیں لیکن انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ شادی ایک ہفتہ قبل ہوئی جس کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین اس فوٹو شوٹ کو شادی کی تصاویر سمجھ بیٹھے ۔

    میک اپ آرٹسٹ کشف نے بھی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ تشہیری فوٹو شوٹ میرے سیلون کی جانب سے تھا جس میں کپڑے، جیولری، میک اپ، جگہ اور فوٹو شوٹ سب اسپانسر کیا گیا تھا ۔ دوران انٹرویو کشف کا کہنا تھا کہ حریم شاہ نے عروسی جوڑے میں ملبوس کچھ اور تصاویر بھی شیئر کی تھیں وہ بھی ایک فوٹو شوٹ تھا جو کافی پرانا ہے، اس میں ان کے ہمراہ ان کی دوست صندل خٹک بھی موجود تھیں ، ہمارا شوٹ 18 جون کو کراچی میں ہوا ہے جس میں ٹک ٹاک اسٹار کو بارات اور ولیمے کا لک دیا گیا تھا ۔

  • اسلام آباد میں ملک کا سب سے بڑا سٹیڈیم بنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد (اے ایف بی ) اسلام آباد میں ملک کا سب سے بڑا کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اسلام آباد میں ملک کا سب سے بڑا کرکٹ سٹیڈیم تعمیر ہوگا، سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے میں پی سی بی کے زیر اہتمام ہائی پرفارمنس سینٹر بھی بنایا جائے گا، سٹیڈیم میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میچز کی میزبانی بھی کی جائے گی۔

    کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین عامر علی احمد میں سٹیڈیم کی تعمیر کے حوالے سے معاملات طے پا گئے ہیں، سی ڈی اے کے ڈائریکٹر لینڈ، پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نے اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں ممکنہ طور پر دستیاب اراضی کا سروے مکمل کرلیا جس کی رپورٹ آئندہ ماہ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی، سٹیڈیم کی منظوری ملنے کے بعد منصوبہ پبلک، پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کیا جائے گا۔

    پی سی بی نیشنل ہائی پرفارمنس کے ڈائریکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ سٹیٹ آف دی آرٹ سٹیڈیم کی تعمیر سے ملک میں کرکٹ کو فروغ حاصل ہوگا، یہ جنوبی ایشیاء کا جدید ترین سہولیات سے آراستہ سٹیڈیم ہوگا۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ منصوبے کے حوالے سے تیزی سے کام جاری ہے، اس کا سنگ بنیاد وزیراعظم رکھیں گے، چیئرمین پی سی بی کی ہدایت پر بورڈ عہدیدار سی ڈی اے حکام سے رابطے میں ہیں، رواں برس فیصل آباد اور پشاور میں بھی ہائی پرفارمنس سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔

  • تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا باقاعدہ نوٹی فیکیشن جاری

    لاہور(اے ایف بی ) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے چھٹیوں کا باقاعدہ نوٹی فیکیشن جاری کردیا۔سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق چھٹیوں کاسلسلہ یکم جولائی سے یکم اگست تک جاری رہے گا.یاد رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزیرتعلیم ڈاکٹر مراد راس نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اسکولوں میں گرمی کی چھٹیوں کا اعلان کیا تھا

    ، انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر کے تمام اسکولزگرمی کی چھٹیوں کے سلسلے میں یکم جولائی سے یکم اگست تک بند ہونگے۔وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ تمام بچے چھٹیوں کے دوران کورونا ایس او پیز کا خیال رکھیں۔سرونگ سکولز ایسوسی ایشن پاکستان کا گرمیوں کی چھٹیاں دینے کے فیصلے کی شدید مذمت ، نظر ثانی کی اپیل کر دی ۔سرونگ سکولز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر میاں رضاء کا کہنا ہے کہ بچوں کا تعلیمی نقصان پہلے ہی ناقابل تلافی تھا اور گرمیوں کی چھٹیاں دے دی گئی ہیں جس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

  • آزاد کشمیر حکومت نے مالی سال 2021-22ء کا بجٹ اسمبلی میں پیش کردیا

    مظفرآباد (اے ایف بی ) پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنی مدت کے آخری آئندہ مالی سال 2021-22کے لیے) تخمینہ میزانیہ( 1کھرب41ارب 40کروڑ روپے کے حجم کا عوام دوست تاریخی ٹیکس فری بجٹ اور 1کھرب 32ارب50کروڑ کا نظر ثانی میزانیہ2020-21 منگل کے روز آزادجموں وکشمیرقانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر کی زیر اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کر دیا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 1کھرب 13ارب 40کروڑ روپے غیر ترقیاتی اخراجات جبکہ 28ارب روپے ترقیاتی اخراجات کے لیے مختص کرنے کی تجویزہے۔ ترقیاتی بجٹ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں % 14 اضافہ کیا گیا ہے۔ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10%اضافہ تجویز کیا گیاجبکہ بجٹ میں 25%عدم تفاوت الاؤنس(Disparity Reduction Allowance) تجویز کیا گیا ہے۔

    اس طرح ترقیاتی بجٹ میں صحت عامہ کے لیے 1ارب75کروڑ،تعلیم کیلئے 3ارب 20کروڑ،مواصلات کے لیے 10ارب، فزیکل پلاننگ وہاؤسنگ کیلئے 4ارب 80کروڑ مختص کرنے کی تجویز ہے۔ وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی خان نے مالی سال 2021-22کا بجٹ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے بتا یا کہ آئندہ مالی سال میں اخراجات کا کل تخمینہ 1کھرب 13ارب 40کروڑ لگایا گیا ہے جس میں جنرل ایڈمنسٹریشن کے لیے5ارب 30کروڑ 65لاکھ50ہزار،بورڈ آف ریونیو 1ارب 9کروڑ 20لاکھ، سٹیمپس 3کروڑ 45لاکھ،لینڈ ریکارڈ اینڈ سٹیلمنٹ 3کروڑ 70لاکھ،ریلیف و بحالیات 1ارب 7کروڑ 40لاکھ روپے، پنشن 23ارب، تعلقات عامہ 18کروڑ 74لاکھ، عدلیہ 2ارب 9کروڑ 20لاکھ،(ہوم)داخلہ 7ارب 27کروڑ 80لاکھ،جیل خانہ جات 22کروڑ 86لاکھ، شہری دفاع26کروڑ، آرمڈ سروسز بورڈ 9کروڑ 5لاکھ، کمیونیکیشن اینڈ ورکس 4ارب 17کروڑ 50لاکھ، تعلیم 33ارب 47کروڑ، صحت عامہ 11ارب 51کروڑ، سپورٹس یوتھ کلچر اینڈ ٹرانسپورٹ 11کروڑ 44لاکھ، مذہبی امور19کروڑ 75لاکھ، سماجی بہبود و ترقی نسواں 59کروڑ 8لاکھ، زراعت 86کروڑ 68لاکھ، امور حیوانات 79کروڑ 56لاکھ، خوراک 28کروڑ 57لاکھ، ریاستی تجارت 2ارب 80کروڑ 59لاکھ 50ہزار، جنگلات 1ارب 30کروڑ 80لاکھ، کوآپریٹو 3کروڑ 40لاکھ،برقیات 8ارب 99کروڑ 86لاکھ، لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی 66کروڑ 53لاکھ، انڈسٹریز، لیبرمعدنی وسائل 40کروڑ 72لاکھ، پرنٹنگ پریس 8کروڑ 16لاکھ، ابریشم 11کروڑ 5لاکھ، سیاحت، جنگلی حیات، فشریز 20کروڑ 45لاکھ، متفرق 4ارب 20کروڑ 80لاکھ، Capital Expenditure 1ارب89کروڑ شامل ہیں۔ آئندہ مالی سال 2021-22کیلئے آمدن کا تخمینہ اس طرح سے لگایا گیا ہے ٹیکس ریونیو 31ارب 50کروڑ، لا اینڈ آرڈر 10کروڑ، لینڈ ریکارڈ اینڈ سیٹلمنٹ 10کروڑ، سٹمپس35کروڑ،اے جے کے ٹرانسپورٹ اٹھارٹی 5کروڑ80لاکھ، برقیات 18ارب 50کروڑ، متفرق72کروڑ 20لاکھ، انڈسٹریز 4کروڑ، داخلہ (پولیس) 16کروڑ، جیل خانہ جات 8لاکھ، مواصلات 46کروڑ، تعلیم 19کروڑ، صحت عامہ 15کروڑ، مذہبی امور 5کروڑ 20لاکھ، سوشل ویلفیئر 2لاکھ، خوراک 41کروڑ، زراعت 1کروڑ، جنگلی حیات فشریز 4کروڑ، امور حیوانات 3کروڑ 50لاکھ، جنگلات 60کروڑ،لیبر 40لاکھ، ابریشم 40لاکھ، سرکاری پرنٹنگ پریس 6کروڑ، آرمڈ سروسز بورڈ 3کروڑ 40لاکھ، گرانٹس 59ارب 50کروڑ، واٹر یوز ج چارجز70کروڑ، منرلز 1کروڑ 80لاکھ، سیاحت 2کروڑ، لون اینڈ ایڈوانسر 60کروڑ، ایڈجسٹمنٹ آف اوور ڈرافٹ 1ارب، 1کروڑ 80لاکھ۔ترقیاتی بجٹ جن شعبوں کے لئے مختص کرنے کی تجویز ہے

    ۔ زراعت، لائیو سٹاک 50کروڑ، شہری دفاع 10کروڑ، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز 27کروڑ، تعلیم 3ارب 20کروڑ، ماحولیات 7کروڑ، بیرونی امداد سے چلنے والے منصوبے 72کروڑ، فارسٹری واٹر شیڈ44کروڑ 50لاکھ، فشریز وائلڈلائف 5کروڑ 50لاکھ، صحت عامہ 1ارب 75کروڑ، انڈسٹریز منرلز 60کروڑ، ٹرانسپورٹ 2کروڑ، انفارمیشن اینڈ میڈیا ڈویلپمنٹ 4کروڑ، انفارمیشن ٹیکنالوجی 33کروڑ، لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی 1ارب 70کروڑ، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ 4ارب 80کروڑ، برقیات 2ارب، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ 35کروڑ، لینڈ ریونیو بحالیات 20کروڑ، سماجی بہبود و ترقی نسواں 20کروڑ، سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر 25کروڑ، سیاحت 40کروڑ، کمیونیکیشن اینڈ ورکس 10ارب روپے کرنے کی تجویز ہے۔

  • لاہور دھماکے میں بھارتی اور افغان خفیہ ایجنسیوں کے ملوث ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد(اے ایف بی ) لاہور دھماکے میں افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس سے دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا۔ذرائع کے مطابق لاہور دھماکے میں بھارت اور افغانستان کی خفیہ ایجنسیوں را اور این ڈی ایس کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ملکی خفیہ ایجنسیوں نے ایک بار پھر مذموم عزائم کا سراغ لگا لیا جس سے بھارت کے مذموم عزائم کھل کر سامنے آگئے۔

    ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ را اور این ڈی ایس کے ذریعے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں کر کے ملک میں قائم امن اور آشتی کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پاکستا ن ایک عرصے سے اس حوالے سے پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیز نے اس حوالے سے بار ہا ثبوت دُنیا کے سامنے رکھے ہیں جب کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، این ڈی ایس اور را کے گٹھ جوڑ کو پہلے ہی ڈوزئیر کی شکل میں دُنیا کے سامنے بے نقاب کر چکے ہیں۔عالمی قوتوں کے سامنے سوالات اُٹھاتا رہا ہے۔

    بلوچستان، قبائلی اضلاع اور لائن آف کنٹرول پر مسلسل ناکامی کے بعد را اوراین ڈی ایس کی بے چینی میں مزید اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں امن اور ترقی دُشمن کی آنکھوں میں کھٹکنے لگی ہے اور اسی لیے سلیپر ز سیل کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیوں کی ناکام کوشش کی گئی۔دشمن بھول گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ پاک سرزمین کی انٹیلی جنس ایجنسیز اس حوالے سے مکمل چوکنا اور دُشمن انٹیلی جنس ایجنسیز کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے دن رات مصروف عمل ہیں۔ دشمن کے منصوبے کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔اس تمام صورت حال میں یہ سوال بھی اُٹھتا ہے کہ ٹھوس شواہد کے باوجود کیا بین الاقوامی ادارے اب ہندوستان کو کٹہرے میں لائیں گے یا اب بھی پاکستان کو ہی مورد الزام ٹھہرایا جاتا رہے گا؟