Blog

  • اٹلی سفارتخانہ سے ایک ہزار شنجن ویزا اسٹکر چوری

    اسلام آباد (اے ایف بی ) اٹلی سفارتخانہ سے ایک ہزار شنجن ویزا اسٹکر چوری ہوگئے۔ذرائع کے مطابق ڈپلومیٹک انکلیو میں اٹلی کے سفارتخانہ سے ایک ہزار شنجن ویزا اسٹکر چوری ہوگئے، یہ اسٹیکرز سفارتخانہ کے لاکر سے چوری ہوئے، واردات کا انکشاف جون کے دوسرے ہفتے میں ہوا جب کہ چوری ہونے والے 750 شینجن ویزا اسٹکرز سیریل نمبرز ITA041913251 تا ITA041914000 ہیں جب کہ 250 ویزا اسٹکرز کا سیریل نمبر ITA041915751 تا ITA041916000 بتایا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ نے ایف آئی اے اور وزارت داخلہ کو تحقیقات کے لیے خط لکھ دیا ہے، فارن آفس کے مراسلے کے بعد ایف آئی اے کو تحقیقات کے لیے ضروری احکامات جاری کردیے گئے ہیں جب کہ جب کہ اطالوی سفارتخانہ معاملے کی خود بھی تحقیقات کر رہا ہے۔ذرائع کے مطابق چوری ہونے والے ویزا اسٹیکرز کی ٹریکنگ کے لیے تمام انٹری و ایگزٹ پوائنٹس پر نگرانی کی جائے، جیسے ہی چوری شدہ ویزا اسٹیکرز استعمال ہوں یا تحویل میں لیے جائیں گے تو فارن آفس و ایمبیسی کو بھی آگاہ کردیا جائے گا۔

  • کشمیر میں (ن) لیگی انتخابی مہم مریم نواز چلائیں گی، نواز شریف کی شہباز شریف کو ہدایت

    لاہور(اےا یف بی) نوازشریف نے شہباز شریف کو ہدایت دی ہے کہ کشمیر الیکشن میں مریم نواز مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی انتخابی مہم چلائیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور پارٹی قائد نواز شریف میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں آزادکشمیر کے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی گئی، اور نواز شریف نے شہباز شریف کو کشمیر الیکشن پر فوکس کرنے کی ہدایت کردی۔

    پارٹی ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کشمیر الیکشن کی مہم مریم نواز کو سوپنے پر اتفاق کیا، اور پارٹی قائد نوازشریف نے ہدایت کی کہ کشمیر الیکشن میں شہباز شریف اور مریم نواز مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی انتخابی مہم چلائیں، اور دونوں الگ الگ عوامی اجتماعات سے خطاب کریں۔نوازشریف نے کہا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن اتحاد کو بھی مضبوط کیا جائے اور عوامی اجتماعات میں حکومت کی کشمیر پالیسی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کو ہدف تنقید بنائیں، اور عوام کو بتایا جائے کہ حکومت نے بجٹ سے پٹرول سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا۔

  • آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا اہم فیصلہ کالعدم قرار دیدیا

    مظفر آ باد (اے ایف بی ) آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تقرریوں اور تبادلوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا حکم دے دیا ۔ آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت سرکاری ملازمین کی تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کی تھی، بلدیاتی و ترقیاتی اداروں میں تعینات سیاسی شخصیات کو فارغ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں ۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر آزاد کشمیر حکومت نے ایسے تمام افراد کو فارغ کر دیا تھا ۔

    الیکشن کمیشن کے فیصلے کوآزاد کشمیر ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا اور کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی ۔ ابآزاد کشمیر ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تقرریوں اور تبادلوں پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی اختیارات سے تجاوز اور حکومتی اختیار میں مداخلت ہے ۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے ۔

  • تحفظ والدین آرڈیننس کے تحت پہلی سزا، نافرمان بیٹا سلاخوں کے پیچھے

    مظفرگڑھ (اے ایف بی) تحفظ والدین آرڈیننس کے تحت والدین پرتشدد ، گھر سے نکالنے والے بیٹے کو ایک ماہ کے لیے جیل بھیجتے ہوئے 50ہزارروپےجرمانہ عائد کردیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں تحفظ والدین آرڈیننس کے تحت پہلی سزا سناتے ہوئے والدین پرتشدد اور گھر سے نکالنے والے بیٹے کو ایک ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر امجدشعیب ترین نے کہا کہ نافرمان بیٹےمختیارحسین پر50ہزارروپےجرمانہ عائد کردیا ہے جبکہ بیٹے سے اس کے والدین کا گھر3روزمیں خالی کروایا جائے گا۔امجدشعیب ترین کا کہنا تھا کہ محمد اقبال اورغلام فاطمہ نےظلم کیخلاف درخواست دی تھی ، گھر سےنکالےجانےکےبعد ملزم کی والدہ گھروں میں کام کرکے گزارہ کرتی تھی جبکہ قوت سماعت سے محروم والد رات مجبوراً قبرستان میں بسر کرتا تھا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا فریقین کومفاہمت کےلیے4مواقع بھی فراہم کیےگئے، جرمانے کی عدم ادائیگی پربیٹےکومزید ایک ماہ جیل کی قیدکاٹناہوگی

  • آٹھویں جماعت کا بورڈ امتحان ختم کر دیا گیا

    لاہور(اے ایف بی)وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ بچوں کو دس سال کی عمر میں نقل سیکھائی جا رہی تھی،جس کی وجہ سے ہم نے پانچویں کے بورڈ کے ایگزائم کو ختم کیا ہے۔ آگے ہم آٹھویں کے بورڈ کے ایگزائم کو ختم کرنے جا رہے ہیں۔پنجاب اسمبلی میں صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے ایجوکیشن کی کٹ موشن پر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دس سال ن لیگ کی حکومت رہی انہیں کے کاموں کے بارے میں بتاؤں گا۔ اپنے بچوں کے بارے میں صفر اور باہر کی دنیا کے لوگوں کو اپروچ کیا گیا۔ آنکھ بند کرکے تعلیمی اداروں کو بیرون ممالک کے افراد کے سپرد کر دیا۔

    مراد راس نے بتایا کہ پیف پروگرام کو ہماری حکومت نے 19 ارب روپے دے دئیے ہیں۔ہم نے 26 لاکھ بچوں کو بے فارم کے ذریعے نشاندی دہی کی ہے، قبل ازیں پیف کے ذریعے جعلی سٹوڈنٹس کو بھرتی کیا گیا،پیف کے ذریعے جو مافیا تھا اسے تکلیف ہو رہی ہے۔مراد راس نے بتایا کہ ہم نے تعلیم گھر کھولا ایک لاکھ بیس یزار ٹیچرز رجسٹرڈ کیے, 1200 پہلے سکول اپ گریڈیشن کیے سات ہزار مزید سکول اپ گریڈیشن کرنے جا رہے ہیں۔

    ایلمنٹری سکولز میں شام کے اوقات میں کلاسز کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔سات لاکھ 34 ہزار بچے بے فارم کے ساتھ سکولز میں واپس لے آئیں ہیں۔پانچویں کے ایگزایم میں بچوں کو ٹیچرز چیٹنگ کروا رہے تھے، بچوں کو دس سال کی عمر میں نقل سیکھائی جا رہی تھی جس کی وجہ سے ہم نے پانچویں کے بورڈ کے ایگزائم کو ختم کیا ہے۔آگے ہم آٹھویں کے بورڈ کے ایگزائم کو ختم کرنے جا رہے ہیں۔

    اپوزیشن نے کے دور میں سکول ایجوکیشن میں ویڈیو کال کا نظام نہیں تھا، ایک ٹیچرز کے ٹرانسفر کیلئے ڈیرھ لاکھ تک رشوت لی جاتی تھی ۔ ای ٹرانسفر کے ذریعے ہم نے ٹیچرز کے ٹرانسفر کو آسان بنایا، زیرو پیسے سے ای ٹرانسفر ایپ تیار کی ہے۔آج ٹیچر گھر بیٹھ کر اپنے. ٹرانسفر،ر یٹائر منٹ،اے سی آر کیلئے آن لائن اپلائی کر سکتا ہے۔ جس پر سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پوسٹنگ ٹرانسفر کیلئے آپ نے اچھا سسٹم بنایا ہے۔

    مراد راس نے مزید بتایا کہ گزشتہ دس سالوں میں اپوزیشن نے کیوں کام نہیں کیا، ہم نے 2000 سکولز میں کلاس روم بنائے ہیں۔400 سو ای لائبرییز ہم نے بنائی ہیں۔پانچ سال بعد جب ہم چھوڑ کر جائیں گئے سارا سسٹم موبائل فونز پر ہوگا۔ن لیگ والے چاہتے ہیں عوام کو جاہل رہے آگے نہ بڑھیں اور انہیں ووٹ ڈالتے رہیں

  • افغان طالبان کا قندوز میں تاجکستان سے متصل تمام سرحدی گزرگاہوں پر قبضہ

    قندوز(اے ایف بی ) افغانستان میں طالبان نے تاجکستان کے ساتھ لگنے والی مرکزی سرحدی گزرگاہ پر قبضہ کرلیا۔الجزیرہ کے مطابق طالبان نے شیر خان بندر کراسنگ پر قبضہ کرنے کے لیے ایک بڑا حملہ کیا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکار پسپا ہوگئے اور اپنی چوکیاں چھوڑ کر فرار ہوگئے جس کے بعد طالبان نے بارڈر کراسنگ پر قبضہ کرلیا۔شیر خان بندر کا شمار ملک کی اہم گزرگاہوں میں ہوتا ہے اور طالبان کی یکم مئی سے شروع ہونے والی نئی کارروائیوں میں یہ ایک بڑی کامیابی ہے، جو ایسے وقت حاصل ہوئی جب امریکا بھی اپنا بوریا بستر لپیٹ کر افغانستان سے حتمی انخلا کی تیاریاں کررہا ہے۔

    صوبہ قندوز کی صوبائی کونسل کے رکن خالدین حاکمی نے بتایا کہ بدقسمتی سے ایک گھنٹے کی جنگ کے بعد طالبان شیر خان گزرگاہ، اس قصبے اور تاجکستان کے ساتھ لگنے والی تمام چوکیوں پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ایک افغان فوجی افسر نے بتایا کہ ہمارے کچھ فوجی جان بچانے کے لیے تاجکستان فرار ہوگئے ہیں۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مجاہدین نے قندوز میں تاجکستان کے ساتھ تمام سرحدی گزرگاہوں پر قبضہ کرلیا ہے۔

  • پاکستانی ماہرین کی بڑی کامیابی ، پاک ویک کورونا ویکسین کی دوسری کھیپ تیار

    اسلام آباد (اے ایف بی ) پاکستانی ماہرین نے پاک ویک کورونا ویکسین کی دوسری کھیپ کامیابی سے تیار کرلی، ویکسین کی دوسری کھیپ ڈریپ کی اجازت کے بعداستعمال ہوسکے گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تیار کردہ کورونا ویکسین پاک ویک کی دوسری کھیپ کامیابی سے تیار کرلی گئی ، پاک ویک ویکسین کی کھیپ مکمل طورپر پاکستانی ماہرین نے تیار کی۔ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاک ویک ویکسین آئندہ چند روزمیں استعمال کیلئے دستیاب ہو گی اور حکومت کوپاک ویک ویکسین کی دوسری کھیپ مرحلہ وارفراہم ہو گی۔

    ذرائع کے مطابق پاک ویک کی دوسری کھیپ ڈریپ کی اجازت کے بعداستعمال ہوسکے گی، پاک ویک کوڈریپ کی این سی ایل بی لاٹ ریلیزسرٹیفکیٹ جاری کرےگی اور نیشنل کنٹرول لیب فاربائیولوجیکل پاک ویک ویکسین کی جانچ کرے گی۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاک ویک ویکسین کی پہلی کھیپ 1لاکھ 8ہزارڈوزکی تھی اور پہلی کھیپ چینی ٹیم کی زیر نگرانی تیارکی گئی تھی۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کوویکسین کیلئےخام مال چینی کمپنی نےفراہم کیاہے، پاک ویک کی تیاری کیلئے 9لاکھ ڈوزکاخام مال موجودہے، ملک میں آئندہ ماہ سےبڑےپیمانے پر پاک ویک کی تیاری کاآغازہو گا۔قومی ادارہ صحت پاک ویک کی یومیہ ایک لاکھ ڈوزتیارکرےگا اور قومی ادارہ صحت میں تیارکردہ پاک ویک سنگل ڈوزکوروناویکسین ہے۔

  • گورنرپنجاب کی اوورسیزپاکستانیوں کیلئے اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کی تجویز


    لاہور :(اے ایف بی )گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور نے اوورسیزپاکستانیوں کیلئےاسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کی تجویز دے دی اور کہا ہم چاہتےہیں آئندہ عام انتخابات کی شفافیات پرکوئی بھی انگلی نہ اٹھاسکے۔تفصیلات کے مطابق گورنرپنجاب چوہدری محمدسرورسےپارٹی رکن ندیم افضل چن سمیت پارٹی وفودکی ملاقاتیں ہوئیں ، ملاقاتوں میں گورنرپنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کی تجویز دے دی۔

    چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان کو پہلی مرتبہ عمران خان جیسا مخلص اور ایماندار لیڈر ملاہے، وزیر اعظم ہمیشہ ملک و قوم کےمفادمیں سخت فیصلے کرتے ہیں، سیاسی مخالفین جتنی مر ضی اے پی سیزبلا لیں الیکشن وقت پرہی ہوں گے۔گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سمیت کوئی طاقت وزیر اعظم کودباوؤمیں نہیں لاسکتی، انتخابی اصلاحات پراپوزیشن کومیں نہ مانوں کی ضدچھوڑدینی چاہیے،ہم چاہتےہیں آئندہ عام انتخابات کی شفافیات پرکوئی بھی انگلی نہ اٹھا سکے ۔آج سیاسی مخالفین کےسواہر کوئی ملکی معاشی ترقی کااعتراف کررہا ہے لیکن اپوزیشن کااوورسیزپاکستانیوں کوووٹ کاحق دینےکی مخالف کرنا جمہوریت کی نفی ہے۔

  • سرکاری سکولوں میں تعینات اساتذہ کیلئے بڑی خوشخبری

    لاہور(اے ایف بی) سرکاری سکولوں میں تعینات اساتذہ کی رولز میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ایم اے ایجوکیشن کی ڈگری رکھنے والے اساتذہ پر بی ایڈ یا ایم ایڈ ڈگری کرنے کی شرط ختم کر دی گئی، کوالیفیکیشن ایکوالینس کمیٹی نے شرط ختم کرنے کی سفارش کی تھی۔ اس حوالے سے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے محکمہ سکولز کو مراسلہ جاری کر دیا۔محکمہ سکولز ایجوکیشن بی ایڈ یا ایم ایڈ کی شرط ختم کرنے کیلئے سروس رولز میں ترامیم کی سمری ارسال کرے گا۔

    واضح رہے کہ قبل ازیں پارٹ ٹائم سرکاری سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کو اعزازی تنخواہ دینے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔تحریک انصاف کے ” آفٹر نون سکول” پروگرام میں اساتذہ کو 18 سے 20 ہزار روپے تک کا اعزازیہ دینے کی منظوری دے دی گئی تھی۔

    اس پروگرام کے تحت پڑھانے والے اساتذہ کو الگ سے اعزازی تنخواہ دینے کی منظوری دی گئی ۔مڈل سکول کے ہیڈ کو 18اور ٹیچر کو 15 ہزار روپے اعزازی تنخواہ ملے گی ۔ہائی سکول کے ہیڈ کو 20 ہزار اور ٹیچر کو 18 ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا ۔نان ٹیچنگ سٹاف کو ماہانہ 7 ہزار روپے کا اعزازیہ دینے کی منظوری دی گئی ۔پارٹ ٹائم سکول پروگرام میں اساتذہ کے لیے مجموعی طور پر 12 ارب روپے کا فنڈ منظور کیا گیا تھا

  • کورونا ویکسین کی قلت؛ پنجاب اور سندھ میں ویکسینیشن سینٹر ایک روز کے لیے بند

    لاہور / اسلام آباد / کراچی / اسلام آباد(اے ایف بی ) کورونا ویکسین کی قلت کے باعث پنجاب اور سندھ میں ویکسینیشن سینٹر ایک روز کے لیے بند کردیئے گئے ہیں۔ ملک میں کورونا ویکسی نیشن کے باعث لاہور سمیت پنجاب بھر میں قائم خصوصی ویکسی نیشن سینٹرز اور اسپتالوں میں کورونا ویکسین کا ذخیرہ ختم ہوگیا ہے، جس کے باعث ایک روز کے لیے ویکسی نیشن کا عمل روک دیا گیا ہے۔ لاہور کے ایکسپو سینٹر میں بیرون ملک جانے والے شہریوں کو ویکسین کے لیے ایک ہفتے بعد آنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

    سندھ حکومت کی ٹاسک فورس نے بھی گزشتہ روز اجلاس میں ہی صوبے بھر کے ویکسی نیشن سینٹر ایک روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ روسی ویکسین ’اسپوتنک وی‘ جون کے آخری ہفتے میں آجائے گی، اس کے علاوہ 21 جون کو سائینو ویک کی 15 لاکھ خوراکیں، 23 جون کو کینسائینو کی 7 لاکھ اور پاک ویک کی 4 لاکھ خوراکیں صوبے کو مل جائیں گی۔ اسلام آباد میں بھی ویکسین لگوانے کے لیے آنے والے شہریوں کو واپس بھیجا جانے لگا ہے۔

    دوسری جانب این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ دو دنوں سے ملک کے بڑے ویکسینیشن سینٹرز میں ویکسین کی قلت کی خبریں آ رہی ہیں۔ 15 لاکھ ویکسین کی کھیپ آج پہنچ رہی ہے جبکہ اگلے 10 روز میں ملک میں مزید 50 لاکھ کورونا ویکسین کی خوراکیں پہنچ جائیں گی۔اسد عمر نے کہا کہ 12 سے 18 جون کے دوران ملک بھر میں 23 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگائی گئی، اس طرح یومیہ تین لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی گئی۔ اگلے ہفتے پاکستان میں کورونا ویکسینیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہوگا۔