Blog

  • کورونا وبا؛ اسکول، تفریحی مقامات اور انڈور ڈائننگ پھر بند کرنے کا فیصلہ

    کراچی(اے ایف بی)سندھ میں کورونا وبا کی شرح میں ایک مرتبہ پھر اضافے کے بعد حکومت نے تعلیمی ادارے، تفریحی مقامات اور ہوٹلوں میں انڈور ڈائننگ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا کی صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ جس میں محکمہ صحت کی جانب سے اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ گزشتہ روز 16 ہزار 262 ٹیسٹ کیے گئے اور 1201 کیسز سامنے آئے، اس طرح صوبے میں نئے کیسز کی شرح 7.4 فیصد ہوگئی ہے، 13 جولائی کو کراچی میں نئے کیسز کی شرح 17.11 فیصد تھی، ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ضلع شرقی میں 21 فیصد، جنوبی میں 15، وسطی میں 12 اور کورنگی میں کیسز کی شرح 8 فیصد ہے.

    بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سندھ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف قسم کے 356 کیسز ظاہر ہوئے ہیں، یوکے ویرینٹ کے 92، جنوبی افریقا کے 162، برازیل کے 29، بھارت کے 66، پی ون کے 3 اور وائلڈ ٹائپ کا ایک کیس ظاہر ہوا ہے، اب تک ویکسین کے 58 لاکھ 70 ہزار 991 خوراکیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے ابھی تک 44 لاکھ 65 ہزار 908 خوراکیں استعمال ہوچکی ہیں۔اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 5 فیصد سے کوویڈ کیسز بڑھے تو یہ خطرناک صورتحال ہے، کراچی میں صورتحال کافی خراب ہے۔

    اجلاس میں ہوٹلوں میں انڈور ڈائننگ جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات سے جب کہ تفریحی پارکس، واٹر پارکس، سی ویو، ہاکس بے، کینجھر جمعہ سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اٹھویں جماعت تک کے طلبا کے لیے اسکول جمعہ سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ نویں کلاس اور اس سے زائد کے لیے تعلیمی ادارے امتحانات کے بعد بند ہوجائیں گے.

  • فارن فنڈنگ کیس میں نیا موڑ، بڑا مطالبہ سامنے آگیا

    اسلام آباد(اے ایف بی) فارن فنڈنگ کیس میں نیا موڑ ، اکبرایس بابر نے الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی کو تحلیل کرنےکا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں ن لیگ اورپیپلز پارٹی کی مبینہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران کے پی سے رکن الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے فرخ حبیب سے سوال کیا کہ اب تک ن لیگ،پیپلزپارٹی کی اسکروٹنی میں کیا پیشرفت ہوئی؟جس پر وزیر مملکت نے بتایا کہ ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی،گزشتہ تین ماہ سے اسکروٹنی کمیٹی کااجلاس تک نہیں بلایاگیا۔

    رکن الیکشن کمیشن نے استفسار کیا کہ آپ درخواست میں چاہتے کیا ہے ؟،جس پر فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ اکبر ایس بابر کو ریکارڈ تک رسائی کی جو سہولت دی گئی وہ ہمیں بھی دی جائے ۔ارشادقیصر نے ڈپٹی لا ڈائریکٹر سے سوال کیا کہ کیا اسکروٹنی کمیٹی کونوٹس کیا گیا؟،جس پر لا ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ابھی تک اسکروٹنی کمیٹی کونوٹس نہیں کیاگیا۔ممبر الیکشن کمیشن الطاف ابراہیم نے کہا کہ 28 جولائی کو اسکروٹنی کمیٹی سے جواب طلب کرلیتے ہیں، فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ میرے وکیل شاہ خاوربیرون ملک ہیں،11 اگست کے بعداس کیس کی سماعت کرلیں۔

    الطاف ابراہیم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی کو واضح ہدایات جاری کرچکا ہے،سکروٹنی کمیٹی کے سربرا ہ کوبلاکرموقف بھی سن لیتے ہیں، الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر اسکروٹنی کمیٹی سے عملدرآمد رپورٹ طلب کر تے ہوئے درخواست پر مزید سماعت اٹھائیس جولائی تک ملتوی کردی۔سماعت کے بعد پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبرایس بابر نے الیکشن کمیشن سے اسکروٹنی کمیٹی کو تحلیل کرنےکامطالبہ کیا اور الزام عائد کیا کہ اسکروٹنی کمیٹی فیکٹ فائنڈنگ کی جگہ فیکٹ ہائیڈنگ کرتی رہی، ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن اس کیس پر خود سماعت کرے۔

  • کورونا ویکسینیشن نہ کرانے والے اساتذہ و ملازمین کے لئے بری خبر

    لاہور(اے ایف بی)کورونا ویکسینیشن نہ کرانے والے اساتذہ و ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔کورونا ویکسینیشن نہ کرانے والے اساتذہ و ملازمین پر یکم اگست سے سکولوں مین داخلوں پر پاپندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ و ملازمین کی 100 فیصد کورونا ویکسینیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

     اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے سی ای او پرویز اختر نے احکامات جاری کرتے ہوئے ڈی ای اوز کو کورونا ویکسینیشن کے سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔پہلے فیز میں ڈی ای اوز 13 جولائی تک کورونا سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کے پاپند ہوں گے۔پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ و ملازمین کے بھی کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ چیک ہوں گے،کورونا ویکسینیشن نہ کرانے والوں سے رعائیت نہیں ہو گی۔

     واضح رہے کہ شہر میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافہ ہو گیا ہے اور مثبت  شرح2.4 فیصد تک پہنچ گئی۔24گھنٹوں میں کورونا کے 139نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کہ مثبت کیسزکی شرح 2.4 فیصد تک پہنچ گئی۔ شہر میں24گھنٹوں میں کورونا سےکوئی موت نہیں ہوئی۔

  • کورونا میں شدت مختلف گلیوں کو سیل کرنے کے احکامات جاری

    اسلام آباد(اے ایف بی)عالمی وبا کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی بعض گلیوں کو سیل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔

    ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری بیان میں کہا کہ گزشتہ چار دنوں کے دوران شہر کورونا کی شرح ایک فیصد سے بڑھ کر 5فیصد تک پہنچ چکی ہے،

    اسلام آباد کے علاقے قرطبہ ٹاﺅن کھنہ کی گلی نمبر 13، سیکٹر جی 11/2کی گلی نمبر 19، ایف 6/3کی گلی نمبر 19، جی 7/2 کی گلی نمبر 24، سواں گارڈن بلاک ایچ کی گلی نمبر 29، کیپس اکیڈمی پی ڈبلیو ڈی اور آئی ایم اسکول بوائز ایف 8/3کو سیل کو پیر کی رات 9بجے سے سیل کر دیا جائے گا۔

  • امین گنڈا پور کی ویڈیو پر چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کا وزیراعظم عمران خان کو خط

    اسلام آ باد (اے ایف بی ) وفاقی وزیر امور کشمیر امین گنڈا پور کی رقم تقسیم کرنے کی ویڈیو کے معاملے پر آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزرا کوالیکشن کوڈ آف کنڈکٹ 2021 کی خلاف ورزی سے روکا جائے اور صوبائی وزرا کو بھی الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ پر پابندی کی ہدایت کریں ۔

    خط میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت زاد کشمیر انتخابات کاآزادکشمیر;زادانہ و منصفانہ انعقاد یقینی بنائے، کسی سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت میں ریاستی وسائل استعمال نہ کیے جائیں جب کہ وفاقی آزادکشمیرر اور صوبائی حکومتیں کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآ مد یقینی بنائیں ۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہےکہ جس امیدوار کے حلقے میں خلاف ورزی ہوئی اسے نا اہل قرار دیا جائے گا ۔

  • ملک بھر کے کنٹونمنٹس بورڈز میں 12 ستمبر کو بلدیاتی انتخابات کا اعلان

    اسلام آباد(اے ایف بی) الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس بورڈز میں 12 ستمبر کو بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے 42 کنٹونمنٹس بورڈز میں بلدیاتی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق کنٹونمنٹس بورڈز میں بلدیاتی انتخاب 12 ستمبر کو ہوگا، ریٹرننگ افسران 26 جولائی سے 29 جولائی تک کاغذات نامزدگی وصول کریں گے جب کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 31جولائی سے 3 اگست تک ہوگی اور امیدواروں کی حتمی فہرست 13 اگست کو آویزاں کی جائے گی ۔

    الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری ہونے کے بعد سرکاری افسران کے تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی لگادی ہے جب کہ وزیراعظم، گورنر، وزرائے اعلیٰ، وفاقی و صوبائی وزرا کنٹونمنٹ بورڈز کا دورہ نہیں کرسکیں گے، اس کے علاوہ متعلقہ کنٹونمنٹ بورڈز میں کسی قسم کی ترقیاتی اسکیم کا اعلان بھِی نہیں کیا جا سکے گا ۔

  • کشمیر الیکشن چوری ہوا تو شاہراہ دستور پر کیمپ لگاکر بیٹھ جائیں گے، مریم نواز

    مظفر آباد(اے ایف بی) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ کو حکومت کے حلق سے چوری شدہ سیٹیں نکلوانے کا ہنر آگیا اور اگر کشمیر کا الیکشن چوری ہوا تو شاہراہ دستور اسلام آباد پر کیمپ لگاکر بیٹھ جائیں گے۔مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے دکھوں، تکالیف اور پریشانیوں کو ایک نہ ایک دن ختم ہونا ہے، نواز شریف آپ کی آزادی اور حقوق کی جنگ لڑے گا، ایک سرکاری اہلکار نے ویڈیو میں کہا مریم نواز کو تباہ کر دیں گے، نواز شریف نے مجھے کہا کہ کشمیر جاؤ وہاں تمہیں کوئی خطرہ نہیں، کشمیر کیلئے دو منٹ کی خاموشی عمران خان نے آج بھی اختیار کی ہوئی ہے۔

    چھتر کلاس میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکمران کہتےہیں نوازشریف کی سیاست ختم ہوگئی، لیکن ان سے اتنےخوفزدہ ہیں نوازشریف سےبات شروع اورختم کرتےہیں، مسلم لیگ ن آج چٹان بن کر کھڑی ہے، جو لوگ کشمیر کے الیکشن کو چوری کرنا چاہتے ہیں، وہ سن لیں کہ مسلم لیگ ن اب وہ ن لیگ نہیں رہی، ن لیگ کو تمہارے حلق سے چوری شدہ سیٹیں نکلوانے کا ہنر آگیا ہے۔

    مریم نواز نے مزید کہا کہ ن لیگ کے رہنما و کارکنان کو ووٹ چوری روکنا آگئی ہے، ڈسکہ کی سیٹ حکومت کے حلق سے نکلوائی تھی، 2018 کے بعد حکومت کو آج تین سال بعد بھی الیکشن چوری کی ضرورت پڑ رہی ہے، اگر تم نے ن لیگ کا کشمیر میں جیتا ہوا الیکشن چوری کیا تو آخر تک تمہارا پیچھا کریں گے، شاہراہ دستور پر کیمپ لگاکر بیٹھ جائیں گے، ووٹ چوروں کو الٹے پاؤں کشمیر سے بھاگنے پر مجبور کردیں گے۔

  • آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے فوج کی تعیناتی کی منظوری

    اسلام آباد(اے ایف بی) آزادکشمیر نے 25جولائی کو عام انتخابات کے آزادانہ وشفاف انعقاد کے لئے فوج اور پولیس کی نفریمانگ لی۔محکمہ داخلہ آزادکشمیر کی درخواست پر وزارت داخلہ نے 40ہزار اہلکاروں کی انتخابات میں تعیناتی کے لئے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کردی، جس کی منظوری سرکلر سمری کے ذریعے رات گئے لے لی گئی۔فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 4ہزار اہلکار ،پاکستان رینجرز 2ہزار اہلکار،پاک فوج کے 19ہزار جوان، کے پی پولیس کے 4ہزار ،پنجاب پولیس 6ہزار ،وفاقی پولیس کے ایک ہزار اہلکار ،پنجاب کانسٹیبلری کے 4ہزار اہلکار انتخابات میں ڈیوٹی سرانجام دینگے ۔

    پاکستان آرمی اورسول آرمڈ فورسزکے ٹروپس الیکشن کمیشن آزادکشمیر کے ماتحت ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ خیبرپختونخوا، پنجاب اور وفاقی پولیس سمیت پنجاب کانسٹیبلری کے اہلکار حکومت آزادکشمیر کے ماتحت الیکشنز میں ڈیوٹیاں سرانجام دینگے ۔پاکستان رینجرز کے 1600 اہلکار انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کئے جائیں گے ۔پاک فوج کے دستے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اسٹینڈبائی پوزیشن پر رہیں گے ۔فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 4ہزار اہلکار آزادکشمیر حکومت کے ماتحت الیکشن ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

  • پاگل نہیں کہ اتنی جدوجہد کے بعد ڈیل کر لیں، مریم نواز

    اسلام آباد (اے ایف بی) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ کیوں ڈیل ہوگی اور کس سےہوگی؟ کیا ہم پاگل ہیں کہ اتنی جدوجہد کرنے کے بعد ڈیل کر لیں گے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں اگر دھاندلی ہوئی تو اس کے دور رس نتائج ہوں گے، الیکشن چوری کے بہت غلط نتائج ہوں گے، الیکشن کو چوری کرنے کی کوشش نہ کریں، الیکشن کمیشن کے عملے کو اغوا کر کے بھی آپ ہار جاتے ہیں، عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کے راستے میں نہ آئیں، اگر آزاد کشمیر میں شفاف اور غیر جانبدار انتخابات ہوئے تو (ن) لیگ اکثریت سے جیتے گی۔

    سوات میں پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں کوئی اختلاف نہیں ہے، نواز شریف نے آزاد کشمیر کے الیکشن کی ذمہ داری مجھے سونپی ہے، میں الیکشن تیاریوں میں مصروف ہوں، سوات میں پی ڈی ایم کے جلسے میں میری جانب سے نمائندگی شہباز شریف نے کی، شہباز شریف میرے اور مسلم لیگ (ن) کے صدر ہیں ، جہاں شہباز شریف ہوں وہاں ہماری ضرورت نہیں ہوتی۔مریم نواز نے کہا کہ پی ڈی ایم نے بہت بڑے مقاصد حاصل کرلئے ہیں ، پی ڈی ایم نے عوام کو باور کرایا کہ اس سے زیادہ نااہل حکومت نہیں آئی، قوم سب جان چکی ہے ان کی حقیقت سامنے آگئی ہے، پوری پی ٹی آئی آپس میں گتھم گتھا ہے، یہ حکومت جب جائے گی دوبارہ نہیں آئے گی، کیوں ڈیل ہوگی اور کس سےہوگی؟ کیا ہم پاگل ہیں کہ اتنی جدوجہد کرنے کے بعد ڈیل کر لیں گے، جب وقت آئے گا تو حساب کتاب ہوگا۔

    (ن) لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ بلوچ اتنے پاکستانی ہیں جتنے میں اور آپ ہیں ، بلوچوں کو پاکستان کے ساتھ جوڑ کر رکھنا چاہیے ، بلوچوں کے تحفظات کو دور ہونا چاییے، لیکن ناراض بلوچوں کو منانے سے قبل وزیراعظم کو ہزارہ برادری کے پاس جانا چاہیے تھا، اس وقت وزیراعظم نے کہا میں لاشوں سے بلیک میل نہیں ہوں گا۔اسرائیل سے تعلقات کی خبروں کے حوالے سے صحافی نے سوال کیا کہ بہت سارے میڈیا ادارے اسرائیل سے تعلقات کے حوالے سے خبریں چھاپ رہے ہیں لیکن کوئی تردید نہیں آئی ،کیا اسرائیل سے تعلقات قائم ہونے جا رہے ہیں؟ جس پر مریم نواز نے کہا کہ مجھے ایسا ہی لگتا ہے۔ ریاستوں کی خارجہ پالیسی ذاتی پالیسی نہیں ہوتی، خارجہ پالیسی کو اپنے سیاسی حالات کی بنیاد پر نہیں دیکھنا چاہیے، پہلے آپ کو اپنے گھر کو دیکھنا چاہیے، قوم سے جھوٹ نہیں بولنا چاہیے، قوم کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکنا چاہیے۔

  • حکومت کادیہاڑی پراساتذہ بھرتی کرنے کا فیصلہ

    راولپنڈی (اے ایف بی) پنجاب حکومت نے دیہاڑی پراساتذہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کرلیا، 15 ہزارسرکاری سکولوں کیلئےدیہاڑی پراساتذہ بھرتی کئے جائیں گے۔پرائمری سکول کیلئے720 روپےدیہاڑی پراستاد بھرتی ہوں گے، ایلیمنٹری سکولوں کیلئے 800 روپے دیہاڑی پر اساتذہ بھرتی ہوں گے، سکینڈری سکولوں کیلئےایک ہزاردیہاڑی پراساتذہ بھرتی ہوں گے جبکہ ہائیر سیکنڈری سکولوں کیلئے1200 روپے دیہاڑی پر اساتذہ بھرتی ہوں گے۔

    سکولز ٹیچرز انٹرن پروگرام کےتحت 6فیزمیں اساتذہ کودیہاڑی پر بھرتی کیا جائےگا۔ فیزون میں بھرتیوں کیلئے محکمہ سکولزایجوکیشن نے15 جولائی آخری تاریخ مقررکی ہے، فیز ون میں سرکاری سکولوں میں13 ہزار736 اساتذہ بھرتی ہوں گے۔دیہاڑی پر اساتذہ بھرتی کرنےکیلئے13 کروڑ49 لاکھ کابجٹ مختص کیا گیا ہے، امیدوارآن لائن ٹیچرزریکروٹمنٹ سسٹم کےتحت اپلائی کرسکتے ہیں

    پرائمری جماعت کیلئےتعلیمی قابلیت میٹرک مقرر کی گئی ہے، ایلیمنٹری کیلئے انٹرمیڈیٹ تعلیمی قابلیت مقرر جبکہ سیکنڈری اینڈ ہائیرسکینڈری کیلئےبی اے،بی ایس آنرزتعلیمی قابلیت مقرر کی گئی ہے۔مرد اساتذہ کیلئے عمرکی حد50 برس ،خواتین کیلئے55 برس مقرر کی گئی ہے، اساتذہ کو کلاسزپڑھانےکامعاوضہ سکول کونسل کے فنڈز سے دیا جائےگا۔اساتذہ کی مذکورہ بھرتیوں کیلئےاہل امیدواروں کےانٹرویوز20 جولائی کوہوں گے،سکول کونسل 5 اگست کوبھرتی ہونے والےاساتذہ کولیٹرز جاری کرے گا۔