Blog

  • نویں سے 12 ویں تک کلاسز کی تدریس اور امتحانات کے حوالے سے اہم فیصلہ

    اسلام آباد(اے ایف بی) وزارت تعلیم نے نویں سے 12 ویں جماعت کے بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے تدریسی عمل شروع کرنے اور امتحانات کے حوالے سے فیصلہ کر لیا۔ وزیر تعلیم شفقت محمود نے تمام صوبوں کے صحت اور تعلیم کے وزرا کے خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نویں سے 12 ویں جماعت تک متاثر اضلاع میں تدریس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    شفقت محمود نے بتایا کہ اجلاس میں نویں سے بارہویں جماعت تک بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے تدریسی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے، نویں سے 12 ویں جماعت کے امتحانات بورڈ کی نئی تاریخوں کے مطابق ہوں گے، اور امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے پہلے شروع نہیں ہوں گے۔انھوں نے کہا جامعات میں داخلے امتحانات کے نئے شیڈول کو مد نظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے، اے، اے ایس اور او لیول اور آئی جی سی ایس ای امتحانات اعلان کردہ تاریخوں کے تحت ہوں گے، اور ان امتحانات میں تاخیر یا منسوخی نہیں ہوگی۔

    شفقت محمود نے بتایا کہ اکتوبر میں امتحانات دینے کے خواہش مند طلبہ اسی فیس میں امتحانات دے سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں جامعات آن لائن تدریس ہی جاری رکھیں گی، کیسز کی شرح 8 فی صد سے کم ہونے پر جامعات حسب معمول تدریس جاری رکھیں گی۔وزیر تعلیم کا کہنا تھا کیمبرج نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایس او پیز کی سختی سے پابندی کی جائے گی، کیمبرج کے مطابق امتحان نہ دینے والے آئندہ اکتوبر نومبر سائیکل میں ہی امتحان دے سکیں گے۔

  • طلبا کے لئے خوشخبری; گھر بیٹھے اسکالر شپ کے لیے اپلائی کر سکیں گے

    لاہور(اے ایف بی) پنجاب میں نادار اور ذہین طلبہ کے لیے رحمت اللعالمین اسکالر شپ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی آئی ٹی بی کی ویب پورٹل پر طلبہ گھر بیٹھے اسکالر شپ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔ انٹر میڈیٹ رحمت اللعالمین اسکالر شپ میٹرک کے نتائج کی بنیاد پر دی جائے گی، جب کہ انڈرگریجویٹ رحمت اللعالمین اسکالر شپ انٹر میڈیٹ کے نتائج کی بنیاد پر فراہم کی جائے گی۔30 سرکاری یونی ورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ کو انڈر گریجویٹ اسکالر شپس دی جائیں گے

    وزیر اعلیٰ نے وضاحت کی کہ طلبہ کو 14 ہزار انٹر میڈیٹ اسکالر شپس اور 891 انڈر گریجویٹ اسکالر شپس ملیں گی، 50 فی صد رحمت اللعالمین اسکالر شپ ضرورت مند بچوں کو دی جائیں گی، جب کہ 50 فی صد میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کو ملیں گی۔ رحمت اللعالمین ﷺ اسکالر شپ درجہ چہارم تک سرکاری ملازمین کے بچوں کو بھی دی جائے گی، ہر طالب علم کو سالانہ 25 ہزار روپے انٹر میڈیٹ اسکالر شپ کی مد میں ادا کیےجائیں گے، جب کہ مجموعی طور پر انٹرمیڈیٹ اسکالر شپ کی مد میں ہر سال 700 ملین روپے ادا کیے جائیں گے۔30 سرکاری یونی ورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ کو انڈر گریجویٹ اسکالر شپس دی جائیں گی، حکومت پنجاب ہر یونی ورسٹی کے ٹاپر کے پورے اکیڈمک سیشن کی فیس ادا کرے گی، انڈر گریجویٹ اسکالر شپ میں مکمل اکیڈمک سیشن کی فل ٹیوشن فیس بھی شامل ہوگی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا ہر سال 6 کروڑ 70 لاکھ روپے جب کہ مجموعی طور پر 26 کروڑ 80 لاکھ روپے اسکالر شپس کی مد میں ادا کیے جائیں گے۔انھوں نے واضح کیا کہ رحمت اللعالمین ﷺ اسکالر شپ کسی خاص مذہب یا طبقے کے لیے نہیں، ہر ہونہار اور ضرورت مند طالب علم اس سے مستفید ہو سکے گا، اس کا مقصد طلبہ کو معاشی سپورٹ فراہم کرنا ہے، تاکہ مراعات یافتہ اور محروم طبقات کے درمیان معاشی تفاوت کم ہو۔

  • راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

    راولپنڈی (اے ایف بی) راولپنڈی میں کورونا کیسز بڑھ جانے کے بعد تین تحصیلوں سمیت ضلع بھر کے 10علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔یہ سماٹ لاک ڈائون 27 اپریل تک نافذرہے گا۔ اس سلسلہ میں پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ہے۔

    راولپنڈی کے جن علاقوں میں سماٹ لاک ڈاون کا نفاذکیا گیا ہے ان میں کشمیر ہاؤس بلمقابل اسٹریٹ گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول مندرہ ، سول لائن کے قریب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس جوڈیشل اپارٹمنٹ ، تبارک لین محلہ مورگاہ ، محلہ گلشن سعید چکری روڈ ، کمال آباد اسٹریٹ نمبر 2 ت ٹینچ بھاٹہ ، لین نمبر 5 پشاور روڈ ، ہاشمی کالونی لالہ رح واہ کینٹ ،محلہ خاردین وارڈ نمبر 9 ، ڈھوک کنیال ، چیہری بانجیال شامل ہیں ،

    نوٹیفیکیش کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مذہبی، سماجی اور سیاسی اجتماعات پرمکمل پابندی عائد کی گئی ہے جب کہ طبی مراکز24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔اس کے علاوہ جنرل اسٹور، کریانہ، آٹا چکی، پھل کی دوکانیں اور پیٹرول پمپس اب 9 سے شام 7 تک کھلے گے جب کہ چکن گوشت بیکریز صبح 7 سے شام 7تک کھلیں گی۔

  • مصر میں سحر و افطار کے اعلان کیلیے ’’توپ‘‘ کے استعمال کی منفرد روایت بحال

    قاہرہ(اے ایف بی ) مصر میں روزہ داروں کو سحر اور افطار کے وقت سے آگاہ رکھنے کے لیے توپ کا استعمال صلاح الدین ایوبی کے دور سے کیا جاتا رہا ہے تاہم 30 سال سے یہ روایت توپ کی خرابی کے باعث دم توڑ گئی تھی جو اب دوبارہ بحال کردی گئی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر میں صلاح الدین ایوبی قلعے میں ایک توپ نصب ہے جس کے ذریعے 1467 سے سحری اور افطاری کے اوقات میں گولہ داغا جاتا تھا جس کی آواز سن کر روزہ دار سحر و افطار کیا کرتے تھے تاہم 30 سال یہ توپ خراب پڑی تھی جس کی مرمت کردی گئی ہے۔

    مصر کی یہ تاریخی توپ سحر و افطار کے پرانے طریقوں کو زندہ رکھنے کی ایک علامت ہے۔ اسے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دوبارہ تیار کیا گیا ہے۔گولہ داغے جانے کے وقت توپ سے سحری اور افطاری کے وقت دور تک دیکھی جانے والی شعائیں نکلتی ہیں۔اس توپ کے حوالے سے دوسری روایت یہ بھی ہے کہ یہ توپ خدیوی اسماعیل کے سپاہیوں نے رکھی تھی اور وہ اسے مشقوں کے لیے استعمال کرتے تھے تاہم اس توپ کی تاریخی حیثیت کوئی بھی ہو اہم بات یہ ہے کہ ایک منفرد روایت نے دوبارہ جنم لیا ہے۔

  • فواد چوہدری کا رانا ثنااللہ کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان

    راولپنڈی(اے ایف بی )وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان کردیا۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہ رانا ثنااللہ نے گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر اور دیگر افسران کو دھمکیاں دیں، ان کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا جس کے لیے ہدایت کردی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کسی شخص کو سرکاری افسر اور اس کے اہلخانہ کو دھمکانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، انہوں نے سیاست کرنا ہے تو آئین کی حدود میں رہ کر کرنا ہوگی، انہیں کبھی بانی ایم کیو ایم بننے کا شوق آتا ہے، اب نہ اداروں کے بارے میں توہین آمیز گفتگو ہوگی، نہ ہی افسران کو دھمکیاں دی جائیں گی، اگر اداروں کو بلیک میل کریں گے تو کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

  • مرادراس نے 19 اپریل سے سکولوں کو کھولنے کا اعلان کردیا

    لاہور(اے ایف بی) صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے انیس اپریل سے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں نہم ،دہم اور انٹرمیڈیٹ کی کلاسسز لاہور سمیت تیرہ اضلاع میں سخت ایس او پیز کے تحت لگانے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنا ایک ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ انیس اپریل سے نہم دہم اور انٹرمیڈیٹ کلاسسز کے آغاز کردیا جائے گا۔

    سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں نہم دہم اور انٹرمیڈیٹ کی دو روز کلاسسز ہونگی،  پیر اور جمرات کوکلاسسزلگانے کی اجازت ہوگی۔لاہور سمیت تیرہ اضلاع میں کلاسسز لگائی جاسکیں گی۔ تعلیمی ادارے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ دیگر تیرہ اضلاع میں فیصل آباد، ملتان، روالپنڈی،گجرانوالہ، گجرات، رحیم یار خان، ٹوبہ ٹیک سنگھ،شیخوپورہ اور ڈی جی خان شامل ہیں

  • بچوں کی پٹائی سے ان کا دماغ متاثر ہوسکتا ہے، تحقیق

    لندن (اےایف بی )ہارورڈ: کئی تحقیقات کے بعد اب ہارورڈ یونیورسٹی کے سائنس داں بھی کہہ رہے کہ بچوں کو بات بات پر مارنے سے گریز کریں کیونکہ یہ رویہ ان میں ڈپریشن، بے چینی، رویے میں تبدیلی اور یہاں تک کہ کسی لت کی وجہ بھی بن سکتا ہے۔اس طرح کہا جاسکتا ہے کہ بچوں کو مارنا ان کے دماغ پر عین اسی طرح اثرڈالتا ہے جس طرح شدید نوعیت کا تشدد یا زیادتی اثرانداز ہوتی ہے۔

    ہارورڈ یونیورسٹی میں سماجی علوم کی ماہر ڈاکٹر کیٹی مک لافلن اور جان لوئب نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ تھپڑ مارنا اور جسمانی تشدد سے بچوں کی دماغی نشوونما کو عین اسی طرح نقصان ہوتا ہے جس طرح شدید تشدد میں ہوتا ہے۔ اس سے بچوں کی دماغی صحت متاثر ہوسکتی ہے، علاوہ ازیں دماغ کے وہ حصے بھی متاثر ہوتے ہیں جو فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    اگرچہ یہ مطالعہ مختصر ہے لیکن اس میں 147 ایسے بچوں کا انتخاب کیا گیا جو اسکول یا گھر میں مار کے شکار ہورہے تھے۔ ایسے بچوں کے ایک دماغی گوشے پری فرنٹل کارٹیکس (پی ایف سی) کی سرگرمی متاثر ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے ماہرین نے والدین اور اساتذہ سے گزارش کی ہے کہ وہ بالخصوص بچوں کے سر پر مارنے سے گریز کریں۔بچوں پر تشدد سے ان کی نشوونما متاثر ہوتی ہے اور جوانی تک اس کے اثرات برقرار رہتے ہیں۔ ماہرین نے کہا ہے کہ بچوں کی پٹائی ڈپریشن، اداسی اور بے چینی کی وجہ بنتی ہے۔

  • ب فارم کا اندراج،طلبا کو،ایک اور موقع مل گیا

    لاہور(اے ایف بی)سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے طلبا کے ب فارم کے اندراج کے لئےڈیڈ لائن میں 30 اپریل تک توسیع کر دی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے تمام سرکاروں سکولوں کے طلبا کے لئےب فارم کی شرط لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے لیے پندرہ اپریل آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ اعداد وشمار کے مطابق اب تک 90 فیصد سے زائد طلبا کی جانب سے ب فارم جمع کروائے جا چکے ہیں۔ تاہم سو فیصد ٹارگٹ کے حصول کے لئےمحکمہ سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ڈیڈلائن میں 30 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے سکول انفارمیشن سسٹم کو اپ ڈیٹ کردیا ہے، ورژن اپ ڈیٹ ہونے سے مستقبل میں اب سرکاری سکول میں کوئی بھی بچہ (ب) فارم کے اندراج کے بغیر داخل نہیں ہوگا، محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام اتھارٹیز کو (ب) فارم کی شرط کا پابند کردیا ہے۔

    (ب) فارم کے بغیر داخلے کی صورت میں طلبا کی ذمہ داری متعلقہ سربراہ پر عائد ہوگی، ، نیا ورژن فائیو پوائنٹ تھری ٹو کے نام سے اپ لوڈ کیا گیا ہے، اساتذہ نیا ورژن گوگل پلے سٹور سے ڈاون لوڈ کرسکیں گے۔ نئے ورژن میں اساتذہ کو اپنے پروفائل تک مکمل رسائی حاصل ہوگی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز اساتذہ کے پروفائلز کو ایڈیٹ کرسکیں گی، اس سے قبل ایجوکیشن اتھارٹی کو پروفائل میں غلطیاں درست کرنے کا اختیار حاصل نہیں تھا

  • حکومت کا تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ

     اسلام آباد ( اے ایف بی ) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کااعلان کردیا اورکہا کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تحریک لبیک پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، تحریک لبیک پر پابندی کا فیصلہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے، تی ایل ہی ہرپابندی کی سمری کابینہ کو بجھوارہے ہیں فیصلہ اینٹی ٹریررازم ایکٹ 1997بی 11کے تحت کیا گیاہے بند کرنے اور قانون توڑنے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

    اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب انعام غنی، چیف کمشنرو آئی جی اسلام آباد، کمشنر راولپنڈی، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے  شرکت کی۔اجلاس میں تحریک لبیک کی جانب سے ہونے والے  ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ کو علاقے کلیئر کرانے پر مبارکباد اور اس دوران شہید ہونے والے پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    اجلاس میں وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ موٹرویز، جی ٹی روڑ اور باقی بڑی سڑکیں ٹریفک کے لیے کلیئر ہیں،  لیاقت باغ، ترنول، بارہ کہو، روات کے راستے بحال کردیئے، رینجرز اور پولیس نے انتظامیہ کے ساتھ ملکر اچھا کام کیا ہے، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، ریاست کی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

  • اثاثہ جات کیس؛ شہبازشریف کی ضمانت منظور

    لاہور(اے ایف بی) ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی ضمانت منظور کرلی۔ لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی منی لانڈرنگ ریفرنس میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، سماعت ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے کی، گزشتہ روز شہباز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے دلائل مکمل کرلیے تھے، جب کہ آج نیب پراسیکیوٹر فیصل بخاری نے دلائل دیئے۔

    نیب وکیل کا کہنا تھا کہ وراثت میں رمضان شوگر مل شہباز شریف خاندان اور چوہدری شوگر مل نواز شریف خاندان کے حصے میں آئی، شہباز شریف خاندان کے 1990 سے قبل ایک کروڑ 65 لاکھ کے اثاثے تھے، 2018 میں یہ اثاثے 7 ارب 32 کروڑ پر پہنچ گئے۔نیب کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ شہباز شریف کے 9 بے نامی دار بھی ہیں، جن کے نام پر بھی اثاثے بنائے گئے، شہباز شریف کہتے ہیں ان کو 124 ملین کا منافع آیا، لیکن وہ یہ نہیں بتاتے کہ ان کا کاروبار کون سا تھا۔

    عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ کی رپورٹ کے مطابق ٹرائل مکمل ہونے میں کم از کم ایک سال لگے گا، ابھی تو ٹرائل کورٹ کے جج بھی اپوائنٹ نہیں ہوئے۔ عدالت نے شہبازشریف کو 50،50 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کرلی۔