Blog

  • ٹی ایل پی احتجاج؛ متعدد شہروں میں دھرنے ختم، چند مقامات پر جھڑپیں

    کراچی، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی(اے ایف بی) تحریک لیبک پاکستان کی جانب سے جاری احتجاج بیشتر مقامات سے ختم ہوگیا ہے، جب کہ چند ایک مقامات پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ تحریک لیبک پاکستان کے سربراہ علامہ سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد سے اب تک ملک بھر کے بیشتر مقامات پر احتجاج اور دھرنے تیسرے روز میں داخل ہوگئے ہیں، تاہم پولیس حکام کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں سے احتجاج ختم کروا کرٹریفک بحال کرادی گئی ہے۔

    راولپنڈی کے مختلف مقامات پر بھی ٹی ایل پی کے مظاہرین کا احتجاج اور دھرنے جاری ہیں، اور کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے مابین جھڑپوں سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، لیاقت باغ چوک پر پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی گئی جب کہ مظاہرین بھی پولیس پر پتھراؤ کررہے ہیں، مری روڈ پر جھڑپوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، اور ایس ایچ او وارث خان یاسر محمود عباسی شدید زخمی ہوگئےجنہیں احتجاج میں شامل افراد نے طبی امداد کے اسپتال منتقل کیا۔

    راولپنڈی میٹرو بس ٹریک میدان جنگ بن گیا ہے، اور رینجرز اور مظاہرین میں شدید جھڑپیں جاری ہیں، فورسز کی جانب سے شدید شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال ہورہا ہے، رینجرز نے میٹرو ٹریک پر مظاہرین کو دونوں جانب سے گھیر کر لاٹھی چارج کیا، جس میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے، رینجرز نے میٹرو ٹریک کا قبضہ حاصل کرکے متعدد افراد کو گرفتار لیا، جس کے بعد مری روڈ پر مظاہرین نے متعدد املاک کو آگ لگا دی، لیاقت باغ چوک کا کنٹرول 2 روز سے مظاہرین کے پاس تھا، جسے رینجرز نے خالی کرالیا اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے بعد متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

  • ٹی ایل پی کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری، اہم شاہراہیں بند

    کراچی، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی(اے ایف بی) ملک کے مختلف شہروں میں تحریک لبیک پاکستان کا احتجآج دوسرے روز بھی جاری ہرہا۔احتجاج کے باعث متعدد اہم شاہراہیں بند ہیں اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ رش میں متعدد گاڑیاں اور ایمبولینسیں بھی پھنسی ہیں۔ کئی مقامات پر مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے باعث متعدد پولیس اہلکار اور ٹی ایل پی کارکنان بھی زخمی ہوئے۔ پولیس نے 100 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا ہے۔

    وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں رینجرز تعینات کردی ہے۔ مشتعل افراد نے پولیس گاڑیوں کو آگ لگائی ہے اور عام شہریوں کی گاڑیوں اور موٹرسائیکلز کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔فیروزوالا میں مظاہرین کی طرف سے رینجرز اور پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے ایک پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا۔ ہے جس کی شناخت محمد افضل کے نام سے ہوئی ۔تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان اپنے مرکزی رہنما علامہ سعدرضوی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔تحریک لبیک پاکستان نے فرانس کے سفیر کی ملک بدری اور فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کے معاملے پر 20 اپریل کو ناموس رسالتﷺ مارچ کا اعلان کیا تھا۔

    دوسری طرف حکومت تحریک لبیک کے ساتھ کیے گئے معاہدے کو قرارداد کی شکل میں اسمبلی میں پیش کرنے کی تیاری کررہی ہے۔چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری سمیت دیگر وزرا سے ملاقات میں ہدایت کی تھی کہ فرانس کے سفیرکوملک بدر کرنے اور مصنوعات کے بائیکاٹ بارے تحریک لبیک سے طے پانے والے معاہدے کو قرارداد کی شکل میں اسمبلی کے سامنے رکھے۔

  • سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں روزہ کتنے گھنٹے کا ہوگا؟

    ریاض (اے ایف بی)سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں امسال روزے کا دورانیہ 13 سے 16 گھنٹے کا ہوگا جبکہ دنیا بھر میں سب سے طویل دورانیہ 23 گھنٹے 5 منٹ فن لینڈ میں ہوگا۔عرب میڈیا کے مطابق امسال رمضان المبارک کے ایام میں مغربی ممالک میں الجزائر اور تیونس میں ماہ رمضان کے ابتدائی دنوں میں روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے 39 منٹ جبکہ آخری ایام میں 15 گھنٹے 50 منٹ پر محیط پر ہوگا۔

    غیراسلامی ممالک میں فن لینڈ میں روزہ 23 گھنٹے 5 منٹ جبکہ روس میں 20 گھنٹے 45 منٹ کا ہوگا، ارجنٹین میں سب سے کم دورانیہ ہوگا جہاں دن 12 گھنٹے 23 منٹ پر محیط ہوگا۔سعودی عرب کے دارالحکومت میں ماہ رمضان کے ابتدائی دنوں میں روزہ 14 گھنٹے جبکہ آخری دنوں میں 14 گھنٹے 42 منٹ، مکہ میں 13 گھنٹے 51 منٹ اورآخری ایام 14 گھنٹے 7 منٹ پرمحیط ہونگے۔

    امارات میں 14 گھنٹے 17 منٹ سے لے کر 15 گھنٹے 19 منٹ جبکہ عمان میں روزہ 14 گھنٹے ایک منٹ اور آخری عشرے میں 14 گھنٹے 41 منٹ کا ہوگا۔قطر میں رمضان کے آغاز میں دن 14 گھنٹے 6 منٹ اور آخری دنوں میں 14 گھنٹے 50 منٹ جبکہ بحرین میں روزہ 14 گھنٹے 9 منٹ اور آخری ایام 14 گھنٹے 54 منٹ کے ہونگے۔

  • مرکزی امیر تحریک لبیک سعد حسین رضوی لاہور سے گرفتار

    لاہور (اے ایف بی )  مرکزی امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ محمد سعد حسین رضوی کو  لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔تحریک لبیک کے رہنماء عنایت الحق نے گرفتاری کی تصدیق کر دی۔حافظ محمد سعد حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد تحریک لبیک کےکارکناں مختلف شاہراہوں پر احتجاج جاری ہے، مظاہرین نے شہر کی شاہراہوں کو بند کردیا ہے۔سڑکیں بند ہونے سےگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں

     تحریک لبیک کے رہنماء عنایت الحق  کا کہنا ہے کہ حافظ محمد سعد حسین رضوی کو ایلیٹ فور س کے دستوں نے گرفتار کیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق سربراہ تحریک لبیک پاکستان  سیاسی و تاجر رہنما رانا اختر کا جنازہ پڑھانے لاہور میں موجود تھے۔حافظ سعد حسین رضوی کو وحدت روڈ پر جاتے ہوئے سکیم موڑ چوک سے گرفتار کیا گیا۔   ۔ واضح رہے کہ تحریک لبیک نے 20 اپریل کو حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کررکھا تھا۔ تحریک لبیک کے امیر حافظ سعد رضوی کا موقف تھا کہ حکومت 20 اپریل سے پہلے فرانس کے سفیر کو ملک سے نکالے۔

  • این سی او سی اجلاس؛ کورونا سے متاثرہ علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ موخر

    اسلام آباد / لاہور(اے ایف بی ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ موخر کردیا۔اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ این سی او سی نے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو مزید سخت کرنے اور پہلے سے جاری اقدامات کو مزید دو سے تین روز مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا۔ مانیٹرنگ کے نتائج کی روشنی میں دوبارہ اجلاس بلا کر فیصلے کیے جائیں گے۔

    اجلاس میں پندرہ فیصد سےزائد مثبت کیسز والے شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز منظور نہ ہوسکی۔ این سی او سی نے صوبوں کو کورونا ایس او پیز پر مزید سختی سے عمل درآمد کی سفارش کرتے ہوئے پولیس کے زریعے ایس او پیز کے نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت فیصل سلطان نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں انتہائی نگہداشت میں مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، 4200 سے زیادہ مریض تشویشناک حالت میں ہیں، کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے ہیلتھ سسٹم پر دباؤ ہے، تیسری لہرسے نمٹنے کیلئے ایس اوپیز پر عمل درآمد کی ضرورت ہے، عوام ہرصورت ماسک کا استعمال کرتے رہیں۔

    فیصل سلطان نے کہا کہ وبا کے پھیلاؤ سے طرز زندگی تبدیل ہوچکا ہے، ویکسین لگوانے والوں کو احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا نہیں چاہئے، ساٹھ سال سے اوپرکی عمرکے افراد کو فوری ویکسین کروانی چاہئے۔فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے شہروں میں ایس او پیز پر عمل نہیں کیا جارہا، ملک بھر میں بیماری کا پھیلاؤ شدید ترین ہے، پنجاب، کے پی اور آزاد کشمیر کے شہروں میں زیادہ کیسز ہیں۔

  • تحریک لبیک پاکستان کا 20 اپریل کو ناموس رسالت مارچ کااعلان

    لاہور (اے ایف بی ) تحریک لبیک پاکستان نے 20 اپریل کو ناموس رسالت مارچ کا اعلان کردیا۔ تحریک لبیک پاکستان نے فرانس کے سفیر کی ملک بدری اور فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کے معاملے پر ناموس رسالت مارچ کا اعلان کر دیا۔ تحریک لبیک پاکستان نے مارچ کا فیصلہ مرکزی شوری کے اجلاس میں کیا، 21 رکنی مرکزی مجلس شوریٰ نے اتفاق رائے سے ناموس رسالتﷺمارچ کا اعلان کیا، ناموس رسالت مارچ کا آغاز 20 اپریل کی رات مولانا خادم حسین رضوی کی آخری آرام گاہ پر فاتحہ خوانی سے ہوگا۔

    ٹی ایل پی کے سربراہ سعد حسین رضوی نے کہا کہ حکومت نے علامہ خادم حسین رضوی کے ساتھ 16 نومبر 2020 کو معاہدہ کیا تھا جس کے مطابق 3 ماہ میں گستاخ فرانسیسی سفیر ملک بدر اور فرانس کامکمل بائیکاٹ کرنا تھا لیکن تکمیل معاہدے کے لئے 20 اپریل تک کی مزید مہلت لی گئی۔ معاہدے کی ڈیڈ لائن کا اعلان وزیراعظم پاکستان نے خود میڈیا پر کیا، اب اگر 20 اپریل تک فرانس کا سفیر نہ نکلا تو ناموسِ رسالت مارچ ہو گا، 20 اپریل رات 12 بج کر 1 منٹ پر علامہ خادم حسین رضوی کے مزار سے مارچ کا آغاز ہو گا، اہلیان پاکستان تمام وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ناموس رسالت مارچ کا حصہ بنیں۔

    دوسری طرف حکومت تحریک لبیک کے ساتھ کیے گئے معاہدے کو قرارداد کی شکل میں اسمبلی میں پیش کرنے کی تیاری کررہی ہے۔چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری سمیت دیگر وزرا سے ملاقات میں ہدایت کی تھی کہ فرانس کے سفیرکوملک بدر کرنے اور مصنوعات کے بائیکاٹ بارے تحریک لبیک سے طے پانے والے معاہدے کو قرارداد کی شکل میں اسمبلی کے سامنے رکھے۔

  • بند ر پر کامیاب تجربہ،معذور افراد کے لئے بڑی خوشخبری

    امریکہ (اے ایف بی) ارب پتی امریکی کاروباری شخصیت ایلون مسک کی کمپنی نیورا لنک نے بندر کے دماغ میں الیکٹرونک چپ لگا کر اسے ویڈیو گیم کھیلنا سکھا دیا۔ غیرملکی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے بندر پر کامیاب تجربے کے بعد جلد انسانوں پر بھی تجربات کرنے کا اعلان کیا۔ ایلن مسک کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ کامیاب تجربات کے بعد ایسی پروڈکٹ جلد لائی جائے گی جس سے فالج زدہ افراد کیلئے سمارٹ فون کا استعمال کرنا ممکن ہو گا۔ٹیسلا اور سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کا کہنا ہے کہ وہ انسانوں کو سپر ہیروز جیسی طاقت دینے پر یقین رکھتے ہیں جس کیلئے تجربات کا سلسلہ جاری ہے۔ وہ کافی عرصے سے ایسی ہی ایک انوکھی ڈیوائس پر کام کر رہے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ اس میں کافی حد تک کامیابی حاصل ہوچکی ہے۔ اسی سلسلے میں کمپنی نے حال ہی میں بندر پر تجربہ کیا ہے، جس میں وہ ذہن کو استعمال کرتے ہوئے ویڈیو گیم کھیل رہا ہے۔

    کمپنی کی جانب سے یہ ویڈیو یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی ہے جس میں نیورا لنک پیجر نامی بندر ویڈیو گیم کھیتے ہوئے دکھایا گیا۔ ویڈیو میں بتایا گیا کہ بندر کی جانب سے گیم پیڈلز کو ذہن سے کنٹرول کیا جارہا ہے، یعنی بس وہ ہاتھ اوپر یا نیچے کرکے حرکت کا خیال ذہن میں لاتا اور یہ بندر مائنڈ پونگ میں واقعی بہترین ہے۔نیورالنک کی ڈیوائس کو پیجر کے دماغ کی دونوں جانب نصب کرکے عصبی سرگرمیوں کو دیکھا گیا، پھر بندر نے گیم کو چند منٹ تک جوائے اسٹک کے ذریعے کھیلا تاکہ سافٹ ویئر ہاتھوں کی حرکات سے منسلک بعدازاں ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ایک بندر حقیقی معنوں میں ایک دماغی چپ کے ذریعے ویڈیو گیم کھیل رہا ہے، کمپنی کے مطابق ہمارا پہلا مقصد معذوری کے شکار افراد کو ان کی ڈیجیٹل آزادی واپس فراہم کرنا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کا مقصد دماغی اور ریڑھ کی ہڈی کی انجری یا پیدائشی نقائض کے شکار افراد کو فون یا کمپیوٹر اپنے ذہن سے کنٹرول کرنے میں مدد دینا ہے۔سگنلز کو سمجھ سکے۔

  • سری لنکن کرکٹ؛ بورڈ میں کرپشن کی داستان منظر عام پر آگئی

    کولمبو (اے ایف بی ) سری لنکن کرکٹ بورڈ میں کرپشن کی داستان منظر عام پر آگئی۔سری لنکا کی پارلیمانی اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے کرکٹ بورڈ میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، حکام آڈٹ رپورٹ میں ظاہر کردہ مالی بے ضابطگیوں کا جواب نہیں دے سکے۔کمیٹی کے چیئرمین چیراتھا ہیراتھ نے چیف ایگزیکٹیو ایشلے ڈی سلوا سے سخت پوچھ گچھ کی،انھوں نے کہا کہ ایس ایل سی میں ہونے والی کرپشن نے ملکی کرکٹ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔کمیٹی کے سامنے پیش کردہ دستاویزات میں انکشاف ہوا کہ بھارتی نشریاتی ادارے کو 5.5 ملین ڈالر کی رقم ہانگ کانگ کے ایک بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی، مگر اس سے قبل بورڈ کے ہی ایک آفیشل کی ای میل پر مذکورہ ادارے نے 1 لاکھ 87 ہزار ڈالر کی رقم میکسیکو کے ایک اکاؤنٹ میں بھیجی تھی۔

    ڈی سلوا نے بتایا کہ اس معاملے پر تب کے چیف فنانشل آفیسر کو فارغ کردیا گیا تھا،کمیٹی چیئرمین پروفیسر چیراتھا نے کہاکہ صرف ایک شخص کو اس معاملے کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا،اس میں پورا گینگ ملوث ہے،اسی طرح سابق ہیڈ کوچ چیراتھ ہتھورا سنگھے کو قبل از وقت فارغ کرنے پر بقیہ مدت کے 100 ملین روپے بچانے کیلیے قانونی جنگ چھیڑی گئی جس پر 30 ملین روپے خرچ ہوئے، پھر بھی 100ملین روپے کے ساتھ ہرجانہ بھی ادا کرنا پڑا۔اسی طرح بغیر کسی کام کے لوگوں کو ماہانہ لاکھوں روپے کے معاوضے ادا کیے گئے،اسی طرح کاغذی اور بوگس منصوبوں پر بھی کروڑوں روپے لٹائے گئے،پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے مالی بے ضابطگیوں کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کردی ہے۔

  • پاکستان میں موجود ٹیسٹ پلیئرزکی مشقوں کا آغاز

    لاہور (اے ایف بی )پاکستان میں موجود ٹیسٹ پلیئرز نے مشقوں کا آغاز کردیا جب کہ دوسرے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر قذافی اسٹیڈیم لاہورکا رخ کرتے ہوئے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں صلاحیتیں نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا۔زمبابوے سے ٹیسٹ سیریز کیلیے منتخب کھلاڑیوں میں عابد علی، اظہر علی، فواد عالم، عمران بٹ، نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا،سعود شکیل، شاہنواز دھانی، تابش خان اور زاہد محمود شامل ہیں، ٹریننگ میں معاونت کی غرض سے 6 اضافی کھلاڑیوں نسیم شاہ، روحیل نذیر، تاج ولی، عرفان اللہ شاہ، وقاص مقصود اور ثمین گل کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

    کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کرکٹرز جنوبی افریقہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز مکمل ہونے کے بعد براہ راست ہرارے پہنچیں گے، پاکستان میں موجود ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرکٹرز کے پہلے کورونا ٹیسٹ گھروں میں ہوئے تھے۔لاہور میں دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹ بھی گذشتہ روز منفی آگئی، پی سی بی کے زیر اہتمام بائیو سکیور ببل کا حصہ بننے والے ان کھلاڑیوں نے قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز کردیا، کرکٹرز نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں صلاحیتوں کو نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا، موسم گرم ہونے کے باوجود کھلاڑی بھرپور مشقوں میں مصروف رہے۔

    تربیتی کیمپ 20اپریل تک نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز کی زیرنگرانی جاری رہے گا، ثقلین مشتاق(ہیڈ آف پلیئرز ڈیولپمنٹ)، محمد یوسف(بیٹنگ کوچ)، مشتاق احمد(اسپن بولنگ کوچ)، عتیق الزمان(فیلڈنگ کوچ) اور عمر رشید (فاسٹ بولنگ کوچ) کھلاڑیوں کی رہنمائی کررہے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے مابین 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریزکا آغاز 29 اپریل سے ہرارے میں ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 7 مئی سے شروع ہونا ہے۔

  • رواں برس زکوٰة کا نصاب 80 ہزار 933 روپے مقرر

    اسلام آباد(اے ایف بی ) تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن نے زکوٰة کا نصاب 80 ہزار 933 روپے مقرر کردیا ہے۔تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق رواں سال زکوۃ کا نصاب 80,933 روپے ہوگا۔ یکم رمضان المبارک کو بینک اکاؤنٹس سے زکوٰة کی کٹوتی ہوگی۔

    مقررہ نصاب کے تحت ملک بھر کے تمام سرکاری اور غیر سرکاری بینکوں کے کھاتیداروں کے سیونگ اکاؤنٹس میں 80 ہزار 933 روپے یا اس سے زائد رقم موجود ہوگی تو ان کے اکاؤنٹس سے زکوۃ کی رقم منہا کرلی جائے گی، زکوة نفع نقصان کی شراکت داری کی بنیادوں پر کھولے جانے والے اکاﺅنٹس اور بچت کھاتوں سے منہا ہوگی۔

    واضح رہے کہ ہر سال رمضان المبارک کی آمد سے چند روز قبل سرکاری سطح پر زکوٰة کا نصاب مقرر کیا جاتا ہے جس کے تحت ملک بھر کے تمام ملکی اور غیر ملکی بینک یکم رمضان المبارک کو عوام کے لئے خدمات معطل کرکے سیونگ اکاؤنٹس سے زکوٰۃ منہا کرتے ہیں، پھر یہ رقم مرکزی بیت المال میں جمع کرائی جاتی ہے، تاہم مخصوص کھاتے اس کٹوتی سے مستثنیٰ ہوتے ہیں۔