Month: August 2021

  • مراد راس نے سرکاری و نجی سکولز بند کرنے کا عندیہ دیدیا

    لاہور(اے ایف بی )کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے جس کے ضمن میں طلبہ اور اساتذہ کے لئے کورونا ویکسی نیشن کو لازمی قرار دیا گیا، اس حوالے سے صوبائی وزیرتعلیم ڈاکٹر مراد راس نے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کے عملے کو ویکسی نیشن کے لیے ڈیڈ لائن دے دی۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر کے نجی وسرکاری سکولوں کے عملے کے لئے کورونا ویکسی نیشن لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے، صوبائی ویزتعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کے عملے کو ویکسی نیشن کے لیے ڈیڈ لائن دے دی۔

    مراد راس نےویڈیو بیان میں کہا کہ 22 اگست تک تمام سرکاری اور نجی سکولز کے اساتذہ اور دیگر عملے کے لیے ویکسی نیشن کرانا لازمی ہے،سکولوں میں ویکسی نیشن کرانے کے لیے نوٹی فکیشن پہلے ہی جاری کیا جاچکا ہے، ویکسی نیشن نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ سکول کو سیل کردیا جائے گا۔ اپنے پیغام میں مراد راس کا مزید کہناتھا کہ 22 اگست کے بعد کسی بھی فرد کو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر سکول میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • نورمقدم قتل کیس میں اہم پیش رفت : تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل

    اسلام آباد(اے ایف بی ) نور مقدم قتل کیس میں ملوث تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کردیا گیا ، ملزمان میں ظاہر جعفر، والدذاکرجعفر، والدہ عصمت ، ملازم امجد سمیت گھرمیں کام کرنیوالے 3ملازمین شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے نور مقدم قتل کیس میں ملوث تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کردیا ، ملزم ظاہر جعفر،والدذاکرجعفر، والدہ عصمت آدم جی ، ملازم امجد سمیت گھرمیں کام کرنیوالے 3ملازمین کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے۔

    کابینہ کی سب کمیٹی نے نور مقدم قتل کیس میں ملوث تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔گذشتہ روز عدالت نے نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23اگست تک توسیع کردی تھی۔واضح رہے کہ عید کی رات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ایف سیون سے ایک سربریدہ لاش ملی تھی، جسے سابق سفیر شوکت مقدم کی 27 سالہ بیٹی نور مقدم کے نام سے شناخت کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم ظاہر جعفر نے نور کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا بعد ازاں اس کا سر دھڑ سے الگ کردیا تھا۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ مقتولہ کی موت دماغ کو آکسیجن سپلائی بند ہونے سے ہوئی، مقتولہ کے جسم پر تشدد کے متعدد نشانات بھی پائے گئے، ملزم ظاہر جعفر کو گرفتار کیا، جس کے بعد پولیس نے تصدیق کی تھی کہ جرم کے وقت ملزم نشے میں نہیں تھا جبکہ دماغی طور پر بھی وہ بالکل صحت مند ہے

  • اداکارہ میرا کا نیا لطیفہ؛ ایتھلیٹ ارشد ندیم کوکرکٹربنادیا

    لاہور(اے ایف بی)پاکستانی اداکارہ میرا نے ایتھلیٹ ارشد ندیم کوکرکٹربنادیا۔پاکستانی اداکارہ میرا اپنی گلابی انگلش اورخود ہی تعریفوں کے پل باندھنے کے باعث مشہور تو ہیں ہی لیکن اب ان کی ایک وڈیونے انہیں تنقید کا نشانہ بنا دیا ہے۔اداکارہ نے اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلے میں شاندارپرفارمنس دینے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کوکرکٹرہی بنادیا۔ اداکارہ نے کہا کہ ارشد ندیم نے بہترین کرکٹ کھیلی، یہ ہمارے ہیروز ہیں، جو پاکستان کے لیے کھیلتے ہیں

    ارشد ندیم نے بہترین پرفارمنس سے پاکستان کا نام روشن کیا، ان کی فارمنس میں بہت محنت اورایمانداری نظر آرہی تھی جو بہترین تھی حکومت کو ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے۔ چاہے وہ اداکار ہوں یا پھراتھلیٹ۔واضح رہے کہ ٹوکیواولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم جیولین تھرو مقابلے کے آخری راؤنڈ تک پہنچے تھے اورپانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

  • 18 ماہ بعد غیر ملکیوں کے لیے عمرہ سیزن کا آغاز

    ریاض(اے ایف بی ) سعودی عرب نے 18 ماہ کے وقفہ کے بعد غیر ملکیوں سے عمرہ درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کردیا ہے۔سعودی حکومت نے کورونا پابندیوں کے باعث تقریباً 18 ماہ سے بندش کا شکار عمرہ سیزن کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کے بعد عمرہ کی خواہش رکھنے والے تمام غیر ملکی 9 اگست سے عمرہ درخواستیں جمع کراسکیں گے۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق ابتدائی طور پر 60 ہزار غیر ملکیوں کو عمرہ کی اجازت دی جائے گی تاہم ہر ماہ اس میں اضافہ کیا جائے گا اور یہ تعداد 20 لاکھ تک بڑھائی جائے گی، اس کے علاوہ درخواست گزار کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکٹ بھی جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے تمام درخواست گزار جن کا تعلق سفری پابندیوں میں شامل ممالک سے ہے، سعودی عرب میں داخلہ پر انہیں قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔

  • کورونا کی چوتھی لہر، پنجاب میں تعلیمی ادارے دوبارہ بند ہونے کا امکان

    لاہور(اے ایف بی )محکمہ صحت نے ایک بار پھرفیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں سکولز بند کرنے کی تجویز دے دی۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔محکمہ صحت کی جانب سے بڑھتے ہوئے کورونا کیسز پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور ایک بار پھر تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز دے دی گئی ہے۔محکمہ صحت نے تجویز ایپکس کمیٹی کو بھجوا دی ہے۔محکمہ صحت نے پنجاب میں تعلیمی اداروں کی بندش پر نظرِ ثانی کی درخواست کی۔

    ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر بچوں کے لیے خطرہ ہے۔حکومت تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے بند کرنے یا کھولنے سے متعلق فیصلہ صوبے خود کریں لہذا محکمہ صحت نے پنجاب حکومت کو بڑھتے ہوئے کورونا کیسز سیمتعلق آگاہ کر دیا ہے اور یہ بھی بتایا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر بچوں کیلیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔

    فیصل آباد سمیت ملتان ، میانوالی اور دیگر شہروں میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔لہذا حکومت پنجاب تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کرے کیونکہ بھارتی وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔۔قبل ازیں فیصل آباد سمیت پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران اسکولز کھولنے کے معاملے پر محکمہ تعلیم پنجاب نے بیان دیا۔ محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پنجاب بھر میں سرکاری اسکولز ہفتے کے روز کٴْھلیں رہیں گے۔ سرکاری اسکولوں میں نصف تعداد میں طالبعلم پڑھنے کے لیے آئیں گے۔ محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق پرائیویٹ اسکولز ہفتہ کو بند ہوتے ہیں۔ پرائیویٹ اسکول مالکان اپنی مرضی سے اسکول کھولنا چاہیں تو کٴْھلے رکھ سکتے ہیں

  • نجی سکولوں کی تنظیم کا 10 ہزار مختلف اقسام کے پودوں کی تقسیم کااعلان


    راولپنڈی ( اے ایف بی ) اساتذہ اور طلباء ملک کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیے پودے لگانے کی مہم میں بھرپور حصہ لیں، حکومت تنہا ملک سے درختوں کی کمی کو پورا نہیں کر سکتی، مخیر حضرات NGOS درختوں کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کریں، ماحول کو آلودگی سے بچانے کیلئے درختوں کی افزائش ناگزیر ہے، آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن درخت لگانے کی مہم میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے،

    آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر راجہ محمد الیاس کیانی،ڈویژنل صدر عرفان مظفر کیانی ،ملک حفیظ الرحمان ،افتخار چوہدری ،محمد ابراہیم ،نے نجی تعلیمی اداروں کو آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کی جانب سے 10 ہزار مختلف اقسام کے پودوں کی تقسیم کے سلسلہ میں فیوچر فاونڈیشن سکول مصریال روڈ میں تقریب منعقد ہوئی

    عہدیداروں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان اساتذہ اور طلباء مون سون شجر کاری مہم میں پودے لگانے اور ان کی نگہداشت کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں، طلباء اور طالبات کو پودے لگانے کے ترغیب دی جا رہی ہے ہر بچہ پودے کو اپنے نام سے منسوب کرے گا بچے کی عمر کے ساتھ پودا بھی تناور درخت بنے گا جس سے آلودگی کا خاتمہ اور ملک کو سر سبز و شاداب بنانے میں مدد ملے گی،اس موقع پر سکول سربراہان میں پودے تقسیم کیے گئے، سربراہان ادارہ نے اس عہد کا اظہار کیا کہ پودے لگائیں گے اور ان کی نگہداشت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے،

  • اگر ٹک ٹاک بند کرنا ہی واحد راستہ ہے تو پھر گوگل بھی بند کر دیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

    اسلام آباد(اے ایف بی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ اگر ٹک ٹاک بند کرنا ہی واحد راستہ ہے تو پھر گوگل بھی بند کر دیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ ہائی کورٹ نے پی ٹی اے کو ٹک ٹاک پر پابندی پر مطمئن کرنے کی ہدایت کی اور میکنزم بنا کر وفاقی حکومت سے مشاورت کا حکم دیا۔ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ اگر ٹک ٹاک بند کرنا ہی واحد راستہ ہے تو پھر گوگل بھی بند کر دیں، یہ 21 ویں صدی ہے اس میں لوگوں کا ذریعہ معاش سوشل میڈیا ایپس سے جڑا ہے۔وکیل پی ٹی اے نے جواب دیا کہ پشاور اور سندھ ہائی کورٹ نے پابندی لگائی تھی اور میکنزم بنانے کا کہا تھا۔

    جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ دونوں عدالتوں نے کہیں نہیں کہا کہ آپ ٹک ٹاک کو مکمل طور پر بند کریں، ایسے ویڈیوز تو یوٹیوب پر بھی اپلوڈ ہوتے ہیں، تو آپ یوٹیوب کو بھی بند کر دیں گے؟ آپ لوگوں کو گائیڈ کریں کہ غلط چیزیں نہ دیکھیں، ایپس تو ذریعہ معاش اور انٹرٹینمنٹ کا ذریعہ ہیں، آپ نے دونوں عدالتوں کے فیصلوں کو غلط استعمال کیا، میکنزم کا کہا گیا تو کیا آپ نے میکنزم بنایا؟ آپ کے پاس کیا اختیار ہے کہ آپ ٹک ٹاک مکمل بند کررہے ہیں؟ جس بنیاد پر ٹک ٹاک بند کیا، اسی بنیاد پر سوشل میڈیا کے باقی ایپس کیوں بند نہیں کئے؟وکیل پی ٹی اے نے جواب دیا کہ سوشل میڈیا کے باقی ایپس میں چیزوں کو سرچ کرنا پڑتا ہے جبکہ ٹک ٹاک پر خود ہی آجاتے ہیں۔

    عدالت نے کہا کہ اگر پی ٹی اے ٹک ٹاک کو بند کرتی ہےتو کیا پی ٹی اے پاکستان کو دیگر ممالک سے منقطع کرسکتی ہے؟ پی ٹی اے کیا چاہتی ہے؟ کیا مورل پولیسنگ (اخلاقی نگرانی) کرے گی؟ آپ صرف منفی چیزیں کیوں دیکھتے ہیں، آپ مثبت چیزیں بھی دیکھ لیں، بالغوں کو غلط چیزیں خود نہیں دیکھنی چاہیے، سوشل میڈیا ایپس کے صرف نقصانات نہیں فوائد بھی ہیں، عدالت کو مطمئن کریں کہ کبھی پی ٹی اے نے ٹک ٹاک کے فوائد اور نقصانات پر ریسرچ کی ہو، بیرون ممالک میں ٹک ٹاک کہاں کہاں پر اور کیوں بند ہے؟۔وکیل پی ٹی اے نے بتایا کہ انڈیا اور انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک میں ٹک ٹاک بند ہے، انڈیا میں ٹک ٹاک پر پابندی سیکورٹی کی وجہ سے لگائی گئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن نے کس قانون کے تحت ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی؟۔

    وکیل پی ٹی اے نے جواب دیا کہ پی ٹی اے نے ٹک ٹاک کو پیکا ایکٹ کے تحت بلاک کیا۔ عدالت نے کہا کہ ایسی کونسی ایپ ہے جس میں غلط چیزیں نہ ہو ؟ کیا پی ٹی اے پاکستان کو باہر دنیا سے منقطع کرنا چاہتی ہے؟۔وکیل پی ٹی اے نے جواب دیا کہ عدالت جو فرما رہی ہے ایسا ممکن نہیں، ٹک ٹاک ہمارے ساتھ تعاون نہیں کررہا، اسی وجہ سے ہم نے بند کیا، ہم نے ٹک ٹاک کو مستقل بند نہیں کیا، ہم نے صرف اتنا کہا کہ آئے اور ہمارے ساتھ میکنزم بنائے، وقت کے ساتھ سب کے لیے میکنزم بنائیں گے۔عدالت نے کیس کی سماعت 23 اگست تک کے لئے ملتوی کردی۔

  • کشمیرپریمیئرلیگ رکوانے کی بھارتی کوششیں ناکام

    مظفر آباد(اے ایف بی)آزاد کشمیر کےمظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں کشمیر پریمیئر لیگ کا آغاز آج ہوگا، کے پی ایل حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں، لیگ کا افتتاحی میچ آج باغ سٹالینز اور راولاکوٹ ہاکس کے درمیان ہوگا۔تفصیلات کے مطابق کے پی ایل میں 6 ٹیمیں شامل ہیں، جن میں انٹرنیشنل اور نیشنل پلئیرز کے ساتھ ساتھ کشمیری کھلاڑی بھی شاندار پرفارمنس دکھانے کے لئے بے تاب نظر آتے ہیں۔ دیومالائی قدرتی حسن سے آراستہ وادیوں کے درمیان بنائے گئے مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے اور یہاں کا دلکش موسم شائقین کرکٹ کا لطف اور بھی دوبالا کرے گا۔

    مظفر آباد میں پہلی بار آنے والے پاکستان کے مایاناز وکیٹ کیپر کامران اکمل مظفرآباد سٹیڈیم کی خوبصورتی کے گرویدہ بن گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مظفرآباد سٹیڈیم کا وینیو خوبصورت ترین وینیو ہے۔ کے پی ایل میں شامل نوجوان کشمیری کھلاڑی بھی اپنےجوہر دکھانے کیلئے بے تاب ہیں جو کے پی ایل کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے ۔17 اگست تک جاری رہنے والے اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے شائقین کرکٹ کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، کے پی ایل کے انعقاد سے آزاد ریاست میں کھیلوں کے ساتھ ساتھ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔

  • 5 اگست 2019 مقبوضہ کشمیرکی تاریخ میں سیاہ ترین دن؛ پاکستان میں یوم استحصال منایاگیا

    اسلام آباد(اے ایف بی) 5 اگست 2019 مقبوضہ کشمیرکی تاریخ میں سیاہ ترین دن پرپاکستان اور دنیا بھر میں کشمیری آج یوم استحصال منایاگیا۔آج بھارت کے مقبوضہ کشمیرپرغاصبانہ قبضے کو دو سال مکمل ہوگئے۔ دوسال کے ظلم و جبرکے باوجود ابھی تک بھارت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ کشمیری ہزاروں جانیں قربان کرنے کے بعد بھی پرعزم ہیں اورہرقیمت پربھارت سے آزادی حاصل کرنے کیلئے تیارہیں۔

    اس موقع پرمودی سرکارنے متنازع اقدام کیخلاف مزاحمت روکنے کیلئے ریاستی طاقت کا غیرانسانی استعمال کیا۔ مقبوضہ وادی میں مظاہرے روکنے کیلئے ہزاروں اضافی فوجی اہلکاروادی میں پہنچائے گئے۔ وادی کے مودی سرکار کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری نوجوان سڑکوں پر نکل آئے۔ بھارت مخالف تحریک میں نئی جان پڑ گئی۔ قابض فوج نے چند ہی روز میں ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کر کے بھارت کی دور دراز جیلوں میں منتقل کر دیا۔وادی میں بھارتی فوج کے مظالم دنیا سے چھپانے کیلئے انٹرنیٹ سروس منقطع کر دی گئی جب کہ مقامی اخبارات کی اشاعت روک دی گئی۔داخلی اور خارجی راستے سیل کر دئیے گئے۔

    صدر مملکت عارف علوی:
    اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یوم استحصال کی تقریب سے خطاب کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ 2019 کو آج کے دن بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35 اے میں تبدیلی کی، بھارت نے ڈوگرا راج کی زیادتی آج تک جاری رکھی ہے، مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کیا جارہا ہے، غیر کشمیری عوام کو لاکر کشمیر میں آباد کیا جارہا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان:
    وزیراعظم عمران خان نے یوم استحصال پر پیغام میں کہا کہ آج بھارت کی جانب سے غیرقانونی اقدام کو دوسال بیت چکے ۔ مقبوضہ کشمیر میں رہنے والوں کو انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا سامنا ہے ۔ 5 اگست مقبوضہ کشمیر کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پربھارت کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں شدید ردعمل کاسامنا کرنا پڑا ۔اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی فورمز پرمسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگرکیا گیا ۔بھارت کےمختلف شہروں میں کشمیری سڑکوں پر نکل آئے۔

    وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری:
    وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیر ہمارے جسم کا حصہ ہے، ہم کشمیر پر ہر قسم کی جنگ کیلئے تیار ہیں، کئی عشروں کے بعد کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا گیا، وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کو ایک بار پھر اجاگر کیا ہے، کوئی گھر پاکستان کا ایسا نہیں جس کا کوئی فرد کشمیر کیکئے قربان نہ ہوا ہو، کشمیر کیلئے یم نے چار جنگیں لڑیں اورہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

  • کورونا نے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو نشانے پر لے لیا، وار تیز

    اسلام آباد(اے ایف بی) ملک میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز پر کوروناوائرس کے وار تیز ہوگئے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں 40ہیلتھ ورکرز کورونا کا شکار ہوئے جبکہ 2 کی اموات ہوئیں۔تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت(این آئی ایچ) کی ہیلتھ ورکرز پر کورونا سے متعلق رپورٹ وزارت قومی صحت کو ارسال کردی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ 24گھنٹے میں ملک میں37 ڈاکٹر اور 3ہیلتھ اسٹاف میں کورونا کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد17116ہوگئی ہے۔10261ڈاکٹرز، 2423نرز اور 4432ہیلتھ اسٹاف کورونا پازیٹو ہوئے ہیں، ملک میں تاحال168ہیلتھ ورکرز کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ 453ہیلتھ ورکرز گھر جبکہ 30اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں

    بلوچستان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے تجاوز کر گئی‘ملک میں 16465ہیلتھ ورکرز کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں، کورونا سے متاثرہ اور جاں بحق بیشترہیلتھ ورکرز ک اتعلق سندھ سے ہے، سندھ میں6000ہیلتھ ورکرز پازیٹو اور 60جاں بحق ہوئے ہیں۔ پنجاب میں 3489ہیلتھ ورکرز پازیٹو جبکہ 29جاں بحق ہوئے، خیبرپختونخوا میں اب تک 4047ہیلتھ ورکرز کورونا کا شکار ہوئے اور 44 کی اموات ہوئیں’۔ اسلام آباد میں1584ہیلتھ ورکرز پازیٹو اور 14جاں بحق ہوئے۔ گلگت بلتستان 308 ہیلتھ ورکرز پازیٹو جبکہ 3 جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اسی طرح بلوچستان میں858ہیلتھ ورکرز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ 9جاں بحق ہوئے، آزادکشمیر میں830ہیلتھ ورکرز پازیٹو اور 9جاں بحق ہوئے۔